Tag: کیرالہ

  • کیرالہ : ہاتھی بدک کر بے قابو، 3 افراد ہلاک، ویڈیو

    کیرالہ : ہاتھی بدک کر بے قابو، 3 افراد ہلاک، ویڈیو

    بھارتی ریاست کیرالہ کے مندر میں لائے گئے ہاتھی بدک کر بھاگ اٹھے۔ بھگڈر مچنے سے دو خواتین سمیت تین افراد ہلاک بیس زخمی ہوگئے۔

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں تروپتی سوامی مندر میں ہندوؤں کے 10 روزہ تہوار کے دوران بدھ کی شام عقیدت مندوں کے مندر میں داخل ہونے پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک اور 20 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند تہوار میں شرکت کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ ہاتھی تہوار کے موقع پر مندر میں لائے گئے تھے، پٹاخے پھوٹنے اور آتش بازی پر ہاتھی بدک کر بے قابو ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق ہاتھیوں کی ٹکر سے عمارت کی دیوار کا ایک حصہ گرگیا، کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔

    عینی شاہدین اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاتھیوں کے بدکنے سے مرنے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں مذہبی تہواروں اور رسومات کے موقع پر ہاتھیوں کے بدکنے کے واقعات عام ہیں گزشتہ ماہ جنوری میں بھی بپھرے ہاتھی نے ہجوم میں کھڑے شخص کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    مزید پڑھیں : ہاتھی نے ایک شخص کو اٹھا کر پٹخ دیا، ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں کل رات فیسٹیول کے دوران ہاتھی بپھر گیا جس نے ایک شخص کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔ ہاتھی کے حملے کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پوتھیانگڈی میلے میں سینکڑوں لوگ شریک تھے، میلے میں پانچ ہاتھیوں کو بھی سنہری پلیٹوں سے مزین کیا گیا جب ہجوم میں موجود لوگوں نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو ایک ہاتھی بپھر گیا تھا۔

  • لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، کیرالہ میں ہلاکتیں 250 سے تجاوز کر گئیں

    لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، کیرالہ میں ہلاکتیں 250 سے تجاوز کر گئیں

    بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کر گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی پھیلا دی، مختلف حادثات میں ڈھائی سو افراد سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کیرالہ کے 2 گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، صوبہ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا جب کہ 225 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے سبب ضلع وایناڈ میں متعدد گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے جس وجہ سے سیکڑوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

    سب سے زیادہ تباہی ضلع ویاناڈ میں ہوئی، جہاں کئی گاؤں ملیا میٹ ہوگئے، متعدد گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے جس وجہ سے سیکڑوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

    حکام کا کہنا ہے نیلم بور میں آبی ریلا متعدد لوگوں کوبہا لے گیا،  کئی مکانات، دکانیں اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، پُل بہہ جانے کہ وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ریاستی حکام نے بتایا کہ تین ہزار سے زیادہ لوگوں کو راحتی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ حکومت انہیں خوراک، پانی اور طبی امداد فراہم کررہی ہے۔

    دریں اثنا بھارتی فوج نے متاثرہ علاقوں کو قریبی علاقوں سے ملانے کے لیے ایک متبادل پل کی تعمیر شروع کردی ہے۔

  • رجنی کانت اننت امبانی کے بعد ایک اور ارب پتی تاجر کی بیٹی کی شادی میں پہنچ گئے

    رجنی کانت اننت امبانی کے بعد ایک اور ارب پتی تاجر کی بیٹی کی شادی میں پہنچ گئے

    جنوبی بھارت کے میگا اسٹار رجنی کانت اننت امبانی کی شادی کے بعد ایک اور ارب پتی بھارتی تاجر کے ہاں شادی میں پہنچ گئے۔

    ممبئی میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات کے بعد تامل فلموں کے سپر اسٹار رجنی کانت کیرالہ پہنچ گئے، اداکار اور ان کی اہلیہ نے کیرالہ میں لولو گروپ کے ڈائریکٹر ایم اے سلیم کی بیٹی کی شادی کی شاندار تقریب میں شرکت کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ایم اے سلیم کی بیٹی نورین کی شادی منجلم کوزی عبداللہ نامی شخص سے ہوئی ہے، شادی کی یہ تقریب تریسور کے حیات ریجنسی کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، شادی کی شاندار تقریب کو تازہ پھولوں سے سجایا گیا تھا۔

    لولو گروپ کے ارب پتی چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر یوسف علی، جو کہ سلیم کے کزن ہیں وہ بھی اس شادی میں شریک تھے، یوسف علی کو پنڈال میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

    ارب پتی تاجر یوسف رجنی کانت کو اپنی بھانجی کی شادی میں خوش آمدید کہتے نظر آئے جس کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے، ملیالم اداکار جوجو جارج کو بھی سپر اسٹار سے ملتے دیکھا گیا۔

    وائرل ہونے والے تصاویر میں رجنی کانت بھارتی ارب پتی تاجر کی بیٹ کی شادی میں اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ تامل اسٹار رجنی کانت نے اننت امبانی کی شادی میں شرکت کے ساتھ ساتھ دولہے کے سامنے بھنگڑا بھی ڈالا تھا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئی تھیں۔

    خیال رہے کہ یوسف لولو گروپ کی سی ای او ہیں، جس کے خلیج اور بھارت میں 256 ہائپر مارکیٹس اور مال ہیں۔ فوربس کے مطابق، ان کی ذاتی مالیت 8.9 بلین ڈالرز سے زیادہ ہے۔

  • چلتی بس میں مسافر موت کے منہ سے کیسے بچا؟ ویڈیو نے دل دہلا دیے

    چلتی بس میں مسافر موت کے منہ سے کیسے بچا؟ ویڈیو نے دل دہلا دیے

    ٹوٹی پھوٹی سڑک پر چلنے والی بس کے مسافر اپنا توازن برقرار رکھنے کیلئے بس میں لگے ڈنڈوں کا سہارا لیتے ہیں لیکن ذرا سی بے احتیاطی انہیں بہت بڑے حادثے سے دوچار کرسکتی ہے۔

    کچھ ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک مسافر بس میں پیش آیا جس میں مسافر اپنی جان گنوانے سے بال بال محفوظ رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بس کنڈیکٹر کی حاضر دماغی نے مسافر کو موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک مسافر جس نے ٹکٹ خریدنے کے لیے اپنے ہاتھ سے جیسے ہی ڈنڈا چھوڑا اوراپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا۔

    اس دوران وہ بس کو جھٹکا لگنے کے باعث چلتی بس کے دروازے کی جانب گرگیا، ابھی وہ بس سے باہر گرنے ہی والا تھا کہ خوش قسمتی سے پاس کھڑے بس کنڈکٹر نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اس کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑ لیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے بس کنڈیکٹر کے اس بروقت اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

  • بھارت میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 22 افراد ہلاک

    بھارت میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 22 افراد ہلاک

    کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ضلع ملاپورم کے ساحلی قصبے تنور کے قریب سیاحوں سے بھری ایک ڈبل ڈیکر کشتی الٹنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ضلعی پولیس کے جونیئر سپرنٹنڈنٹ عبدالنذر نے روئٹرز کو بتایا کہ کشتی میں تقریباً 40 مسافر سوار تھے، جو گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے اتوار کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً 7 بجے الٹ گئی۔

    ریسکیو ذرائع نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ 22 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جب کہ ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔

    تھووال تھیرم ساحل کے قریب سیاحوں کی کشتی الٹنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، حکام نے اموات بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، جب کہ الٹنے والی کشتی کو کیچڑ بھرے پانی سے باہر نکال لیا گیا ہے۔

  • بھارت میں سونے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا قدم

    بھارت میں سونے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا قدم

    کیرلا: بھارت میں سونے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا قدم اٹھایا گیا ہے، ریاست کیرلا کے تمام شہروں میں اب سونا یکساں قیمت پر فروخت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمتیں عام طور سے مختلف شہروں میں مختلف ہوتی ہیں، لیکن بھارتی ریاست کیرلا اب ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں تمام شہروں میں ’یونیفارم گولڈ پرائس‘ نافذ کی گئی ہے۔

    یونیفارم گولڈ پرائس کے نفاذ کے بعد اب ریاست کیرلا میں صارف کسی بھی شہر اور کسی بھی دکان میں چلا جائے، سونے کی قیمت یکساں ہوگی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیفارم گولڈ پرائس نافذ ہونے کے بعد ریاست کیرلا میں سونے کی قیمتیں بینک شرح کے مطابق ہی طے ہوں گی، اور یہ اصول صرف 916 کی شفافیت والے 22 قراط سونے پر ہی نافذ ہوگا، یعنی اس سے کم قراط والے سونے کی قیمت اب بھی کیرلا کے الگ الگ شہروں میں الگ الگ ہی ہوگی۔

    یہ فیصلہ کیرلا کے اہم جوئیلرز نے گزشتہ ہفتے کیا، واضح رہے کہ سونے کی خرید و فروخت کے معاملے میں کیرلا پورے ملک میں سرفہرست ہے۔

  • ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    پولیس اسٹیشن میں یوں تو مختلف افراد اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی شکایات درج کروانے آتے ہیں لیکن بھارت میں ایک بھاری بھرکم ہاتھی اپنے بچے کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیرالہ میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی اور اس کا بچہ پولیس اسٹیشن کے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس اسٹیشن کا عقبی دروازہ جو لوہے کی جالیوں کا ہے، ہاتھی کے لیے تختہ مشق بنا ہوا ہے اور وہ اسے دھکے دے رہا ہے۔

    اس موقع پر پولیس اہلکار پریشان بھی دکھائی دیتے ہیں کہ کہیں ہاتھی دروازہ توڑنے میں کامیاب نہ ہوجائے، ہاتھی دروازہ تو نہ توڑ سکا تاہم اس کی زور آزمائی کی وجہ سے دروازے کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔

  • کرونا وائرس: گمراہ کن معلومات پھیلانے پر ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ

    کرونا وائرس: گمراہ کن معلومات پھیلانے پر ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں کرونا وائرس کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلانے پر ایک ڈاکٹر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروا دی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر شینو شمیالن مقامی نجی اسپتال میں کام کرتی ہیں اور ان کے خلاف ڈسٹرکٹ میڈیکل افسر نے شکایت درج کروائی ہے۔

    افسر نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ڈاکٹر شینو نے ایک غیر ملکی مریض کے بارے میں گمراہ کن اطلاع دی کہ اس میں کرونا وائرس کی علامات موجود ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شینو نے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ لکھی تھی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے کرونا وائرس کے ایک مشتبہ مریض کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا جس کے بعد انہیں نوکری سے برخواست کردیا گیا۔

    اپنی پوسٹ میں ڈاکٹر شینو کا کہنا تھا کہ مذکورہ مریض ماسک پہنے یا دیگر احتیاطی اقدامات کیے بغیر وہاں آیا تھا اور بعد ازاں وہ قطر کے لیے پرواز کر گیا۔

    ان کے مطابق انہوں نے اسپتال انتظامیہ، محکمہ صحت کے حکام اور پولیس کو اس بارے میں اطلاع دی، تاہم اسپتال انتظامیہ نے اس خوف میں، کہ اس اطلاع کا دیگر مریضوں پر برا اثر ہوگا، ڈاکٹر کو ہی نوکری سے نکال دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر پر خوف و ہراس پھیلانے کے جرم میں انڈین پینل کوڈ کی شق نمبر 505 عائد کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب ڈاکٹر شینو کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بات پر تاحال قائم ہیں اور وہ سمجھتی ہیں کہ مذکورہ شخص کے قطر جانے سے پہلے اس کے نمونے لیے جانے چاہئیں۔

    خیال رہے کہ بھارت میں اب تک 62 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے زیادہ تر ریاست کیرالہ میں ہیں۔

    حال ہی میں 3 افراد کا ایک خاندان جو اٹلی سے لوٹا تھا، ایئرپورٹ پر اسکریننگ سے بچ کر نکل گیا اور ان 3 افراد نے اپنے رشتہ داروں اور قریبی افراد سمیت مزید 7 افراد کو اس وائرس میں مبتلا کردیا۔

    حکام کی جانب سے ان کے سفر کی معلومات حاصل ہونے پر ان سے رابطہ کیا گیا اور تینوں میاں بیوی اور بیٹے کو زبردستی قرنطنیہ میں رکھا گیا، ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد ان کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی چیک کیا گیا جس کے بعد مزید 7 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

  • بھارتی ریاست کیرالہ بھی کرونا وائرس کی زد میں؟

    بھارتی ریاست کیرالہ بھی کرونا وائرس کی زد میں؟

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کے تیسرے مریض کی تصدیق ہوگئی، پچھلے 2 مریضوں کی طرح یہ مریض بھی کرونا سے متاثرہ شہر ووہان سے کیرالہ واپس آیا تھا۔

    بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور تینوں اس وقت ریاست کیرالہ میں ہیں۔ متاثرہ طالبعلم ووہان میں زیر تعلیم تھا اور بھارتی حکومت کے خصوصی طیارے میں کیرالہ واپس آیا تھا۔

    ریاستی وزیر صحت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلم کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹرز اس کی سخت نگرانی کر رہے ہیں، ان کے مطابق اس کے علاوہ کرونا کا شکار بقیہ دونوں مریض بھی روبصحت ہیں۔

    وزیر صحت کے مطابق اس وقت چین سے آنے والے 1 ہزار 925 افراد کو ان کے گھروں پر جبکہ مزید 25 افراد کو مختلف اسپتالوں میں قرنطینیہ میں رکھا گیا ہے۔

    کیرالہ کے 14 ضلعوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں جبکہ گھروں پر قرنطینیہ میں رکھے گئے افراد کی نگرانی مقامی ہیلتھ سینٹرز کر رہے ہیں۔ ان تمام افراد کو 14 کے بجائے 28 دنوں تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔

    وزیر صحت کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ تھا کہ کیرالہ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ ہوسکتا ہے کیونکہ ووہان میں کیرالہ سے گئے طلبا کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے، ان کے مطابق ووہان سے واپس آنے والے طلبا جو اس وقت کیرالہ میں زیر نگرانی ہیں، میں سے کئی کرونا وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس کرونا وائرس کی دوائیں موجود نہیں تاہم وہ عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ گائیڈ لائنز کی پاسداری کر رہے ہیں اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    دوسری جانب بھارتی محکمہ صحت کے مطابق ووہان سے صرف انہی بھارتی شہریوں کو نکالا جائے گا جن میں فلو کی علامات موجود نہیں تاکہ وہ وطن واپس آکر اس خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنیں۔

    ادھر چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، سب سے زیادہ ہلاکتیں ووہان شہر میں ہورہی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد 361 تک جا پہنچی ہے۔

    چین میں کرونا وائرس سے اب تک 17 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا تھا کہ نئی 57 ہلاکتیں اتوار کو صوبے ہوبائی میں ہوئی ہیں جسے گزشتہ ایک ہفتے سے باقی ملک سے کاٹ کر مکمل طور پر سیل کیا جا چکا ہے۔

  • بھارت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

    بھارت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، متاثرہ طالبعلم کرونا سے متاثرہ شہر ووہان سے کیرالہ واپس آیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے طالبعلم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ طالبعلم ووہان میں زیر تعلیم تھا اور بھارتی حکومت کے خصوصی طیارے میں کیرالہ واپس آیا تھا۔

    طالبعلم کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے اور ڈاکٹرز اس کی سخت نگرانی کر رہے ہیں۔

    بھارتی محکمہ صحت کے مطابق اب تک 400 افراد چین سے کیرالہ پہنچے ہیں اور انہیں سخت نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔ 5 افراد مختلف اسپتالوں کے آئسولیشن وارڈ میں موجود ہیں جبکہ بقیہ افراد کو ان کے گھروں پر قرنطینیہ میں رکھا گیا ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق واپس آنے والوں میں طلبہ اور کاروباری افراد دونوں شامل ہیں اور انہیں ایئرپورٹ سے براہ راست نگرانی کے لیے لایا گیا۔

    دوسری جانب کیرالہ کے 14 ضلعوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں جبکہ گھروں پر قرنطینیہ میں رکھے گئے افراد کی نگرانی مقامی ہیلتھ سینٹرز کر رہے ہیں۔

    ان تمام افراد کو 14 کے بجائے 28 دنوں تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔

    بھارتی حکومت نے چین میں پھنسے افراد کو 2 خصوصی طیاروں کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں دارالحکومت نئی دہلی میں 28 دن تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔

    بھارتی محکمہ صحت کے مطابق ووہان سے صرف انہی بھارتی شہریوں کو نکالا جائے گا جن میں فلو کی علامات موجود نہیں تاکہ وہ وطن واپس آکر اس خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنیں۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، سب سے زیادہ ہلاکتیں ووہان شہر میں ہورہی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد 170 تک جا پہنچی۔

    اب تک 7 ہزار 700 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    چین کے علاوہ دیگر 15 ملکوں میں بھی کرونا وائرس کے 68 مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جاپان، فرانس اور اردن کے شہریوں نے چین سے واپسی شروع کر دی ہے۔