Tag: کیس بند کرنے کی سفارش

  • ایف آئی اے نے اصغر خان عمل در آمد کیس بند کرنے کی سفارش کردی

    ایف آئی اے نے اصغر خان عمل در آمد کیس بند کرنے کی سفارش کردی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں  اصغر خان عمل در آمد کیس سے متعلق سماعت ہوئی، ایف آئی اے نے کیس بند کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اصغرخان عمل درآمد کیس کی سماعت کے موقع پر ایف آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ ناکافی شواہد کے سبب کیس بند کردیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ کا مرکزی ملزم یونس حبیب اور درخواست گزار بھی اب دنیا میں نہیں رہے، پیسہ لینے والے سیاستدانوں میں سے نو کا انتقال ہو چکا ہے.

    پیسہ کی سیاستدانوں کی براہ راست وصولی کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے، شواہد کی عدم موجودگی کے باعث کیس ٹرائل کورٹ میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

    رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے مجموعی طور پر16افراد کےبیانا ت ریکارڈ کئے، بینکوں کی جانب سے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں،۔

    ایف آئی اے نے اصغر خان کیس پر ہونے والے190ٹاک شوز کا بھی جائزہ لیا ہے، بریگیڈیئرحامد کے بیان میں رقم دینے کی تفصیلات نہیں ملتیں، تمام تر کوششوں کے باوجود تحقیقات کسی منطقی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں، لہٰذا ان حقائق کی روشنی میں کیس بند کر دیا جائے۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 31 دسمبر کو اصغر خان کیس کی سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور متعلقہ فریقوں کو نوٹسز جاری کیے تھے، کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کرنی ہے۔

    مزید پڑھیں: اصغر خان کیس ،  سپریم کورٹ نے ایف آئی اے سے ضمنی رپورٹ طلب کرلی

    اصغر خان کیس سیاسی رہنماؤں میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کے معاملے سے متعلق ہے ، کہا جاتا ہے کہ نوے کی دہائی میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے سیاست دانوں کو خطیررقم رشوت میں دی گئی تھی۔

  • نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    نیب کی چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف پلاٹس خریدنے سے متعلق کیس بند کرنے کی سفارش کردی، نیب کے مطابق دونوں رہنماؤں کیخلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت سے سفارش کی ہے کہ چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف کیس بند کردیا جائے۔

    نیب نے ریفرنس دائر کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کیخلاف ایل ڈی اے کے پلاٹس خریدنے کی انکوئری بند کردی جائے، ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران کےخلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس کا کیس چل رہا تھا۔

    مزید پڑھیں: ناجائز اثاثہ جات کیس، چوہدری برادران نے نیب کو دستاویزات جمع کروا دیں

    دونوں رہنماؤں پر28پلاٹس کی غیر قانونی فروخت کا الزام تھا، نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹس چوہدری برادران کے ملازم نے خریدے تھے، چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے۔

    نیب نے اس سے قبل 6 نومبر کو چوہدری برادران کو ناجائز اثاثہ جات کیس میں طلب کیا تھا اور انہیں 50 صفحات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا تھا جس میں چوہدری برادران اور ان کے اہلخانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو آج نیب کو جمع کروا دی گئیں۔

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنہیں سنہ 2015 میں درج کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور ناجائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔