Tag: کیس کی تصدیق

  • پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

    پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

    اسلام آباد : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، لکی مروت میں 5 ماہ کے بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ویکسینیشن کے ذریعے کی جانے والی مسلسل کوششوں کے باوجود پولیو وائرس کیسز کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے اور ملک میں ایک اور کیس سامنے آگیا۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اس کیس کی تصدیق کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

    اس حوالے سے این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی خیبر پختونخوا میں اس موذی مرض کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔

    چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی قیادت میں جنوبی اضلاع کے لیے انسداد پولیو کا خصوصی منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ہائی رسک اضلاع میں رسائی کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔

    ترجمان این ای او سی کے مطابق آئندہ ماہ ملک بھر میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا،
    انسداد پولیو مہم میں جنوبی خیبرپختونخوا پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پولیو ایک سنگین اور ممکنہ طور پر مہلک متعدی بیماری ہے۔ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے اور دوسرے شخص کو متاثر کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں : "کینسر کا علاج ہے لیکن پولیو کا نہیں”

    یہ خطرناک وائرس متاثرہ شخص کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی پر اثر انداز ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں فالج بھی ہو سکتا ہے۔

  • پاکستان میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق

    پاکستان میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق

    ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ سامنے آ گیا، نیشنل ریفرنس لیب کی خیبر پختونخوا سے پولیو کیس کی تصدیق ہوگئی۔

     ذرائع کے مطابق کے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 69 تک پہنچ گئی ہے، پولیو سے متاثرہ 13 ماہ کی بچی کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے، متاثرہ بچی میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی میں 25 نومبر کو پولیو کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، بچی کے نمونے گزشتہ سال دسمبر میں پولیو لیبارٹری کو موصول ہوئے تھے، 2024 میں ضلع ٹانک سے رپورٹ ہونے والا یہ پانچواں کیس ہے، 2024کے دوران صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 21 ہوگئی۔

    گزشتہ روز گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیو کیخلاف جنگ میں افغانستان پاکستان سے آگے نکل گیا، جہاں کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

    عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا میں صرف افغانستان اور پاکستان میں پولیو کیسز سامنے آرہے ہیں، گزشتہ سال افغانستان میں صرف 25 اور پاکستان میں 68 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    پاکستان میں کیسز کے تشویشناک حد تک اضافے پر وزیراعظم شہبازشریف نے نوٹس لیا ہے، اور پولیو کے خاتمے کیلئے نئی ٹیم تشکیل دی ہے، تاکہ پولیو وائرس کی روک تھام کی جاسکے۔

    https://urdu.arynews.tv/polio-virus-confirmation-sewage-lines-of-three-provinces/