Tag: کیس

  • مریم نواز ای سی ایل، سرکاری وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی اپیل کردی

    مریم نواز ای سی ایل، سرکاری وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی اپیل کردی

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس باقرنجفی کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت سرکاری وکیل نے مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست مسترد کرنے کی اپیل کی۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے نام ای سی ایل سے نکوالنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی بعد ازاں عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کی، جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی کابینہ مریم نواز کی درخواست پر کل تک فیصلہ دے گی، درخواست قبل ازوقت ہے ،مسترد کی جائے۔ عدالت نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

    خیال رہے کہ 9 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی تھی، جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی تھی۔

    مریم نواز کے وکیل نے دلائل دیئے تھے کہ ان کی موکلہ کا موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، جو قانون کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے آپ نے حکومت سے نظر ثانی کی درخواست کیوں نہیں کی۔

    مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کے حوالے سے تجاویز مرتب

    جس پر مریم نواز کے وکیل نے جواب دیا تھا کہ حکومتی وزرا میڈیا پر بیانات دے رہے ہیں کہ مریم کو باہر جانے نہیں دیا جائے گا، ایسے میں توقع نہیں کہ نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا، اسی لیے عدالت آئے۔

    یاد رہے مریم نواز نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کیا تھا اور ساتھ ہی اپنا پاسپورٹ واپس لینے کی استدعا کی تھی ، مریم نواز نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ والد کی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں، والدہ کی وفات کے بعد نواز شریف کی دیکھ بھال میں ہی کرتی رہی ہوں، وہ بیماری میں مجھ پر ہی انحصار کرتے ہیں، نواز شریف کی بیماری کی حالت ناقابل بیان ہے۔

  • منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    ریاض: سعودی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث 17 ملزمان کو مجموعی طور پر 72 برس قید کی سزا سنادی، برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ نے سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں منی لانڈرنگ میں سرگرم 17 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    یہ گروہ ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ صوبوں میں اپنی مذموم سرگرمیوں میں مصروف تھا، گروپ کے ایک رکن کے پکڑے جانے پر پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    گروہ کے سرغنہ دو غیر ملکی تھے، دونوں غیر ملکی غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرتے اور انہیں سعودی عرب کے اندر محفوظ مقام پر منتقل کرکے ترسیل زر کررہے تھے۔

    عہدیدار کے مطابق تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا کہ گروہ مربوط اور منظم انداز میں کام کررہا تھا اور بعض سرکاری اہلکار ان کی مدد کر رہے تھے۔

    گرفتاری کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف 120 سے زائد شواہد جمع کر کے فرد جرم کے ساتھ متعلقہ عدالت کے حوالے کیا۔

    عدالت نے تمام شواہد کو دیکھتے ہوئے ملزمان کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی جو 10 لاکھ ریال سے زیادہ تھی جبکہ ضبط شدہ مال میں 2 گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

  • پولیو کے خاتمے سے متعلق بڑی پیش رفت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے نیشنل اسٹرٹیجک ایڈوائزری گروپ قائم کردیا گیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اس گروپ کے سربراہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹرٹیجک ایڈوائزری گروپ پولیو کےخاتمے کو قومی ترجیح کے طور پر اتفاق سے آگے بڑھائے گا، شہناز وزیر علی اور سینیٹر عائشہ رضا فاروق ایڈوائزری گروپ میں شامل ہوں گی۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہر سہ ماہی ہوگا، اجلاس میں پولیو کے خاتمے پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، گروپ پروگرام کے امور پر مطلوبہ رہنمائی اور معاونت دے گا، گروپ کا پہلا اجلاس 16دسمبر2019 کو شروع ہونے والی مہم سے پہلے ہوگا۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ایڈوائزری گروپ پولیو وائرس کےخاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دی ہے، انسدادپولیو قومی پروگرام ہے، سیاست سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔

    ملک بھر میں 4 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے باعث ملک کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، نظریں پاکستان پرجمی ہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا ہے، بچے مستقبل ہیں ان کو اپاہج ہونے سے بچانا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 82 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

  • عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جوعدالتوں میں میرٹ پر کیس لڑ رہے ہیں، بابراعوان

    عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جوعدالتوں میں میرٹ پر کیس لڑ رہے ہیں، بابراعوان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ 3 افواہوں کو فیک نیوز کی طرح پھیلایا جا رہا تھا، حکومت فیک نیوز کے حوالے سے قانون سازی کا ارادہ رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف سیاسی کیس بنائے گئے، عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جوعدالتوں میں میرٹ پ کیس لڑ رہے ہیں۔

    بابر اعوان نے کہا کہ آزادی مارچ میں کیا کیا نہیں کہا گیا لیکن حکومت نے مقدمہ درج نہیں کیا، کسی کو اکسانا دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتا؟ انہوں نے کہا کہ 3 افواہوں کو فیک نیوز کی طرح پھیلایا جا رہا تھا، حکومت فیک نیوز کے حوالے سے قانون سازی کا ارادہ رکھتی ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ کارکے کیس میں ہم نے ایک ارب20 کروڑ ڈالرکا جرمانہ دینا تھا، موجودہ حکومت نے جرمانے کو معاف کرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرڈنینس کا حامی نہیں ہوں، پارلیمنٹ سے قانون سازی کرنی چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اکنامک ریفارمز کے ثمرات بہت جلد غریب عوام تک پہنچیں گے، معیشت کی درستگی کے لیے بروقت اقدامات کو پذیرائی مل رہی ہے، وقت ثابت کرے گا کٹھن فیصلے قوم کے مفاد میں تھے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت غریب عوام تک ریلیف پہنچے گا۔

  • بلدیہ فیکٹری کا مقدمہ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا

    بلدیہ فیکٹری کا مقدمہ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا

    کراچی: بلدیہ ٹاؤن کراچی کی فیکٹری میں ڈھائی سو افراد کو زندہ جلانےکا مقدمہ حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ فیکٹری کیس سے متعلق ہونے آج ہونے والی سماعت میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اٹھائیس اکتوبر کو مقدمے کے آخری گواہ کو طلب کرلیا۔

    آج سماعت کے دوران جیل حکام نے مرکزی ملزم رحمان بھولا اور زبیرچریا کو عدالت میں پیش کیا، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب اور ایس ایس پی ساجدسدوزئی بھی پیش ہوئے۔

    ایس ایس پی ساجد سد وزئی کے بیان پر وکلائے صفائی نے جرح مکمل کرلی، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق مقدمہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، اب تک تین سو ننانوے گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سماعت میں تفتیشی افسر انسپکٹر جہانزیب نے بلدیہ فیکٹری مقدمے سے متعلق فرانزک رپورٹس عدالت میں پیش کی تھیں۔

    خیال رہے کہ 19 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں فیکٹری مالک ارشد بھائیلہ نے اے ٹی سی میں بذریعہ اسکائپ بیان ریکارڈ کراتے ہوئے سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔

    سانحہ بلدیہ فیکٹری کو7سال ہوگئے، لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر

    ارشد بھائیلہ کا کہنا تھا کہ فیکٹری ملازم منصور نے ایم کیو ایم سے معاملات طے کرائے تھے، 2012 میں حماد صدیقی نے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا، ملزم رحمان بھولا نے دھمکی دی 25 کروڑ دو یا پارٹنر شپ کرو۔

    واضح رہے گیارہ ستمبر2012 کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آتشزدگی کا خوفناک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت دو سو ساٹھ مزدور زندہ جل گئے تھے، بعد میں انکشاف ہوا تھا کہ ایک سیاسی جماعت نے بھتہ نہ ملنے پر فیکٹری کو آگ لگائی تھی۔

  • اسقاط حمل کیس: مراکش کے بادشاہ نے خاتون صحافی کو معاف کردیا

    اسقاط حمل کیس: مراکش کے بادشاہ نے خاتون صحافی کو معاف کردیا

    رباط: مراکش کے بادشاہ محمد ہشتم نے اسقاط حمل کیس میں گرفتار خاتون صحافی ’ہرج ریسومی‘ کی سزا معاف کرتے ہوئے رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مراکش میں خاتون صحافی کو اپنے منگیتر سے جنسی تعلق رکھنے اور اسقاط حمل کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی جسے بادشاہ نے معاف کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزرات انصاف کا کہنا ہے کہ ہرج کو گذشتہ ماہ ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس فیصلے کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں نے مراکش حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔

    خاتون صحافی نے عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مجھ سے انتقام لیا جارہا ہے، ہرج ریسومی رباط حکومت کے غلط پالیسیوں پر آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

    بادشاہ نے انسانی ہمدری کے تحت سزا معاف کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ قانونی اور مذہبی طور پر خاندانی رشتہ استوار کرکے اپنی نئی زندگی کا آغاز کریں۔

    دوسری جانب خاتون صحافی کے منگیتر کا کہنا تھا کہ وہ دونوں رشتہ ازدواج میں بندھ چکے تھے لیکن قانونی طور پر کوئی دستاوزات نہیں بنوائی تھیں۔

    مراکش میں اسقاط حمل غیرقانونی ہے، ایک اعداد وشمار کے مطابق پابندی کے باوجود گذشتہ سال روزانہ کی بنیاد پر 600 سے 800 اسقاط حمل کرایا گیا، جن میں سے 41 کیس ریکارڈ ہوئے۔

    خیال ہے کہ ہرج ریسومی مراکش میں ’الیوم‘ نامی اخبار میں بحیثیت صحافی اپنے پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دیتی ہیں۔

  • منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد تھانے لے جانے تک کی فوٹیج عدالت میں طلب

    منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد تھانے لے جانے تک کی فوٹیج عدالت میں طلب

    لاہور: سابق صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے گرفتاری کی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سیف سٹی حکام کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، اسپیشل جج سینٹرل خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔

    رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، عدالت نے انہیں آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم دیا۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ہڑتال کوئی وجہ نہیں کہ ملزم کو پیش نہ کیا جائے، اتنی پولیس کی موجودگی میں ملزم کو پیش کیاجا سکتا تھا۔

    وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ موٹر وے کی سی سی فوٹیج کی درخواست دی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے اے این ایف دفتر تک کی فوٹیج منگوائی جائے۔ خدشہ ہے کہ اہم ثبوت ضائع نہ ہو جائیں۔ مقدمے میں جو مدعی ہے وہ تفتیشی افسر بھی ہے۔

    سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالت کو دیکھنا ہے فوٹیج دینے کی درخواست اہم ہے یا نہیں، فوٹیج میں صرف گاڑیاں گزرنے کے علاوہ کیا نظر آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر کیس کو سیاسی بنایا جا رہا ہے۔ جب کیس شروع ہوگا تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے، ملزموں کی فوٹیج فراہمی کی درخواست بے بنیاد ہے اسے مسترد کیا جائے۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ ایک شخص کے خلاف موت اور عمر قید کی دفعات کا مقدمہ درج ہے، درخواست پر یہ کہنا کہ اہم نوعیت کی نہیں ہے، سمجھ سے باہر ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ فوٹیج محفوظ کرلی جائے۔

    عدالت نے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے ٹھوکر نیاز بیگ سے تھانے لے جانے کی سیف سٹی کی بننے والی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست منظورکرلی۔ عدالت نے سیف سٹی حکام کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔ رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

    خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ کو یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

    اے این ایف ذرائع نے بتایا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی کے ذریعہ منشیات اسمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی گئی، گرفتاری کے وقت رانا ثنا کے ساتھ گاڑی میں ان کی اہلیہ اور قریبی عزیز بھی تھا۔

    اے این ایف ذرائع کے مطابق ایک گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کی جانب سے منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کے منشیات فروشوں سے تعلقات اور منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم کالعدم تنظیموں کو فراہم کرنے کے ثبوت ہیں، رانا ثنا اللہ کے منشیات فروشوں سے رابطوں سے متعلق 8 ماہ سے تفتیش کی جارہی تھی۔

    گرفتار افراد نے انکشاف کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں میں منشیات اسمگل کی جاتی ہے، فیصل آباد ایئرپورٹ بھی منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

  • حساس بیان پر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں بھی تفتیش کا سامنا

    حساس بیان پر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں بھی تفتیش کا سامنا

    کوالالمپور: بھارت کے معروف مبلغ ذاکر نائیک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے حساس بیان پر انہیں ملائیشیا بھی تفتیش کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ اقدام متعدد وزراءکی جانب سے ذاکر نائیک کو بے دخل کرنے کے مطالبے کے بعد اٹھایا گیا جب انہوں نے ایک متنازع بیان میں کہا کہ ملائیشیا میں ہندوﺅں کو بھارت کی مسلمان اقلیت کے مقابلے 100 گنا زیادہ حقوق حاصل ہیں۔

    خیال رہے کہ ذاکر نائیک گزشتہ 3 سالوں سے ملائیشیا میں رہائش پذیر ہیں جبکہ بھارت میں انہیں نفرت انگیز تقریر اور منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔

    حال ہی میں انہیں ملائیشیا کی نسلی اور مذہبی اقلیتوں کو مالے نسل (جو زیادہ تر مسلمانوں پر مشتمل ہے) کی اکثریت کے خلاف مبینہ طور پر اکسانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس سلسلے میں وزیر داخلہ محی الدین یٰسین نے بتایا کہ پولیس ذاکر نائیک اور متعدد دیگر افراد سے نسل پرستانہ بیان دینے اور ایسی جعلی خبریں پھیلانے کے حوالے سے تفتیش کرے گی جس سے عوامی جذبات متاثر ہوئے۔

    بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں غیر مسلم شہریوں سمیت ہر ایک کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جو کوئی بھی عوامی ہم آہنگی کے لیے خطرہ بنے گا قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے سے پہلے نہیں سوچیں گے۔

    دوسری جانب جب ڈاکٹر ذاکر نائیک کے نمائندے سے اس حوالے سے جاننا چاہا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے وزیر داخلہ کا بیان پڑھنا چاہیں گے۔

    خیال رہے کہ ملائیشیا میں نسل اور مذہب ایک حساس معاملہ ہے جہاں تقریباً 3 کروڑ 20 لاکھ یعنی 60 فیصد مالے قوم سے تعلق رکھنے والے مسلمان ہیں جبکہ بقیہ آبادی چینیوں، بھارتیوں پر مشتمل ہے جن کی اکثریت ہندو ہے۔

  • وزیراعظم کی جانب سے ریکوڈک معاملے کی تحقیقات کی ہدایات کا خیرمقدم کرتے ہیں، سردار یار محمد

    وزیراعظم کی جانب سے ریکوڈک معاملے کی تحقیقات کی ہدایات کا خیرمقدم کرتے ہیں، سردار یار محمد

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے ریکوڈک کیس میں جرمانہ عائد ہونے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی ہدایات کا خیرمقدم کیا۔

    سردار یار محمد نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات کرنے والے کمیشن میں نہ صرف بلوچستان سے منتخب نمائندے لئے جائیں بلکہ کمیشن کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے ایک ٹائم فریم دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کے کیس انیس سو ترانوے سے لیکر تنازعہ پیدا ہونے تک ماضی کی وفاقی اور صوبائی حکومت میں موجود چند عناصر نے مس ہینڈل کیا جس کے نتائج آج پاکستان اور بلوچستان کی عوام کو بھگتنے پڑیں گے۔

    سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی سیاستدان ہو ماضی کا حکمران ہو یا سرکاری افسران جس پر غفلت ثابت ہو انہیں قرار واقعی سزا دی جائے کیونکہ اس پروجیکٹ میں غفلت کے نتائج بلوچستان اور پاکستان کیلئے تباہ کن ہیں۔

    ریکوڈک کیس: پاکستان کو 5.8 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے احتساب کا جو وعدہ کرپشن کے معاملے پر عوام سے کیا ہے اسے جس انداز سے کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں، انہیں امید ہے کہ ریکوڈک جیسے قومی منصوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خلاف بھی اسہی تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ آنے والے دنوں میں کوئی حکمران قومی منصوبوں کو اس انداز میں تباہ نہ کر سکے جس انداز سے ریکوڈک منصوبے کو تباہی کے دھانے پر پہنچایا گیا ہے۔

  • اسحٰق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی

    اسحٰق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس میں کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس نے بیان قلمبند کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

    سماعت کے دوران شریک ملزمان نعیم محمود، منصور رضا رضوی اور سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔

    عدالت نے مزید سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر نادر عباس پر وکیل صفائی جرح کریں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحٰق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحٰق ڈار کی جائیداد قرقکی جاچکی ہے۔

    اسحٰق ڈار کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس کے مطابق اسحٰق ڈار کی موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع 6 ایکڑ اراضی فروخت کی جاچکی ہے، اراضی کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی گئی۔

    اسحٰق ڈار کا گلبرگ 3 لاہور میں گھر بھی صوبائی حکومت کی تحویل میں دیا جاچکا ہے جبکہ اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس میں موجود رقم بھی صوبائی حکومت کی تحویل میں دے دی گئی تھی۔