اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا،اب شہری آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ ادارے میں شفافیت اور سہولت کو فروغ دینے کے لیے تمام سروسز کی ادائیگی کیو آر کوڈ کے ذریعے ممکن بنائی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس اور دیگر سروسز کی فیسیں اب شہری آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے ادا کر سکیں گے۔
چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد کو سیف سٹی سے سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے سی ڈی اے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں بینکوں کے اشتراک سے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز بھی متعارف کروائی جائیں گی، جن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے سروسز حاصل کر سکیں گے۔
چیئرمین نے سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ون ونڈو فسیلیٹیشن سینٹر کو مزید فعال بنانے اور وہاں بھی کیش لیس نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔
سی ڈی اے ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مالی شفافیت میں مدد دے گا بلکہ شہریوں کے لیے سہولت کا باعث بھی بنے گا۔