Tag: کیف

  • عین جنگ کی حالت میں 4 لاکھ سپاہی یوکرینی فوج کو چھوڑ کر گئے، پارلیمنٹ میں انکشاف

    عین جنگ کی حالت میں 4 لاکھ سپاہی یوکرینی فوج کو چھوڑ کر گئے، پارلیمنٹ میں انکشاف

    کیف: یوکرین کی پارلیمنٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ غیر انسانی سلوک سے شاکی لاکھوں سپاہی بغیر اجازت فوج کو چھوڑ کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرینی رکن پارلیمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ 4 لاکھ سپاہی یوکرینی فوج کو بغیر اجازت چھوڑ چکے ہیں، کئی رضاکار فوج میں غیر انسانی سلوک کی وجہ سے واپس نہیں آئیں گے۔

    رکن پارلیمنٹ آنا سکوروخود نے کہا کہ 3 سال سے لڑنے والوں کو جانوروں کی طرح برتاؤ برداشت نہیں ہے، فوجیوں کو گھر جانے کی اجازت نہ دینا، اور انھیں بیوی بچوں سے دور رکھنا ظلم ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ 2025 میں 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد ڈیسرشن کیسز درج ہوئے ہیں۔


    ٹرمپ نے امریکی ایلچی وٹکوف کے دورہ روس کی تصدیق کر دی


    میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین میں جبری بھرتی مہم کے خلاف کئی شہروں میں عوامی مظاہرے بھی ہوئے ہیں، جب کہ 18 سے 60 سال کے مردوں پر بیرون ملک سفر پر پابندی بھی عائد ہے۔

    یوکرینی میڈیا کا کہنا ہے کہ آنا سکوروخود نے اس سلسلے میں 3 اگست کو یوکرین کے یوٹیوب چینل پولیٹیکا آن لائن کو ایک انٹرویو میں بھی اس بارے میں بات کی، اور بتایا کہ اب تک چار لاکھ فوجی رضاکارانہ طور پر یونٹس چھوڑ چکے ہیں، وہ اپنے ہتھیار اور پوسٹس اسی طرح خالی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، اور یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

    یوکرینی فوج کے ایک قیدی فوجی نے 26 جولائی کو بتایا کہ کپیانسک کے قریب کمانڈ کو چھوڑ کر جانے والے سپاہیوں کی تعداد بڑھتی جا رہی تھی، ایسے میں حکام نے بارڈر گارڈ سروس کے اہلکاروں کو یوکرین کی مسلح افواج کی اگلی پوزیشنوں پر بھیجنا شروع کر دیا، جب سے اسکواڈ کمانڈر کی تبدیلی عمل میں آئی ہے تب سے یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ جب کہ پچھلے کمانڈر کو اسی لیے تبدیل کیا گیا تھا کہ سپاہیوں کا چھوڑ کر جانا بہت بڑھ گیا تھا۔

  • کیف میں دن دہاڑے یوکرینی انٹیلیجنس افسر کے قتل کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    کیف میں دن دہاڑے یوکرینی انٹیلیجنس افسر کے قتل کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    یوکرین کے دارالحکومت کیف میں یوکرینی انٹیلیجنس افسر کے دن دہاڑے قتل کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دن دہاڑے ایک سینئر انٹیلیجنس افسر کو گولیاں مار کر قتل کرکے حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا۔

    کیف پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر ایک شخص کی لاش ملی جس پر گولیوں کے نشانات تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز نے سی سی ٹی وی ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں ایک شخص کو صبح 09:00 بجے کے قریب (مقامی وقت) ہولوسیوفسکی ضلع میں ایک عمارت سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرتی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نے اچانک آ کر افسر پر کئی گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک شخص سامان اٹھائے گاڑی کی طرف جارہا ہے کہ اچانک اس کے پاس ایک نقاب پوش شخص آیا اور فائرنگ کردی، گولی لگنے سے شخص زمین پر گر گیا جبکہ حملہ آور بھاگ نکلا۔

    پولیس کا کہنا ہے حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے اس کی تلاش جاری ہے۔

  • روس کا کیف پر بڑا میزائل و ڈرون حملہ

    روس کا کیف پر بڑا میزائل و ڈرون حملہ

    روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی کیف میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد یوکرین کی فوج کی جانب سے کیف اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مزید فضائی حملوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    روس کے متعدد فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ روس کے پاس فضا میں اسٹریٹجک بمبار طیارے (TU-9511) موجود ہیں، روس مزید بڑے فضائی حملے کرسکتا ہے۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شمال مغربی شہر لوٹسک میں بھی روسی افواج کی جانب سے حملے کئے گئے ہیں۔

    ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پولینڈ کی مسلح افواج نے پیغام جاری کیا ہے کہ اگر روس یوکرین کی مغربی سرحد جو پولینڈ سے ملحقہ ہے، کے قریبی علاقوں پر حملہ کرے گا تو اس کا رد عمل دیا جائے گا۔

    فلسطینی وزارت خارجہ اور اسرائیلی اپوزیشن کی مسجد اقصیٰ سے متعلق بن گویر کے بیان کی شدید مذمت

    واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے گزشتہ ہفتے یوکرین کے یوم آزادی کے موقع پر روسی حملے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

  • کیف: روسی میزائل حملے سے طبی کلینک تباہ، 2 افراد ہلاک

    کیف: روسی میزائل حملے سے طبی کلینک تباہ، 2 افراد ہلاک

    مشرقی یوکرین کے شہر دنیپرو میں طبی کلینک پر روسی میزائل حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ تیس سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

    مشرقی یوکرین کے شہر دنیپرو میں طبی کلینک پر روسی میزائل حملے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں 3 سے 6 سال کی عمر کے 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    https://twitter.com/ZelenskyyUa/status/1662024887731474432?s=20

     یوکرینی صدر زیلنسکی نے حملے کو ظلم قراردیا ہے ساتھ ہی انہوں نے کلینک پر حملے کی ویڈیو بھی جاری ہے ہے۔

    دوسری جانب یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے رات بھر روس سے داغے گئے 17 میزائلوں اور 31 ڈرونزمار گرائے ہیں۔

  • یوکرین میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، وزیر داخلہ سمیت 17 افراد ہلاک

    یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قصبے برووری میں اسکول اور رہائشی عمارت کے نزدیک گر کر تباہ ہو گیا۔

     خبرایجنسی کے مطابق کیف کے قریب  قصبے برووری میں بچوں کے اسکول کے نزدیک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نیتجے میں وزیر داخلہ، نائب وزیر داخلہ اور سیکرٹری سمیت وزارت داخلہ کی اعلیٰ قیادت ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    برووری کے گورنر اولیکسی نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک نرسری کے قریب پیش آیا ہے، اس سانحہ کے وقت نرسری اسکول میں بچے اور عملہ موجود تھا۔

    یوکرین کے صدارتی دفتر کے نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ جنگ زدہ علاقوں کے فضائی دورے پر تھے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔

    رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ کئی مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی وجہ کیا ہے اس کے علاوہ روس کی طرف سے بھی فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

  • یوکرینی دارالحکومت کیف پر روس کے میزائل حملے

    یوکرینی دارالحکومت کیف پر روس کے میزائل حملے

    کیف کے میئر نے کہا ہے کہ روس نے یوکرینی دارالحکومت کیف پر تین میزائل فائر کئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق میئر کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین پر میزائل برساتے ہوئے ملک بھر کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد روسی شہری محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    میئر کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے بعد سے روس نے سب سے زیادہ میزائل آج جمعے کی صبح برسائے جس میں مشرقی علاقے خارکیف کے علاوہ بحیرہ اسود کے قریبی علاقے اوڈیسا اور مغربی یوکرین کو نشانہ بنایا ہے۔

    کیف کے مئیر کا کہنا تھا کہ میزائل حملے کے بعد دارالحکومت کیف، خارکیف اور سمی کے علاقے میں اکثر مقامات بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں۔

    دوسری جانب ریلوے آپریٹرز کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے سے ریلوے لائنز کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

  • روسی یادوں سے نجات کے لیے کیف میں 95 سڑکوں کے نام تبدیل

    روسی یادوں سے نجات کے لیے کیف میں 95 سڑکوں کے نام تبدیل

    کیف: روسی یادوں سے نجات کے لیے کیف میں 95 سڑکوں کے نام تبدیل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین نے دارالحکومت میں پچانوے سڑکوں کے نام تبدیل کر دیے، یہ اقدام روسی ماضی کی یادوں سے مکمل نجات کے لیے اٹھایا گیا۔

    یوکرین کے دارالحکومت میں روسی اور سوویت مقامات کے ناموں کو تبدیل کرنے کی مہم جاری ہے، کیف کے میئر نے اس اقدام کا اعلان یوکرین کی آزادی کے 31 سال مکمل ہونے کے ایک دن بعد کیا۔

    رواں برس فروری میں روس کے حملے کے بعد سے یوکرین نے "derussification” کے عمل کو تیز کر دیا ہے، یہ مہم ماسکو کی سیکڑوں سالہ حکمرانی کے ورثے کو ختم کرنے کی مہم ہے۔

    چیپلن میں فوجی ٹرین کو نشانہ بنایا، 200 یوکرینی فوجی ہلاک، روسی دعویٰ

    میئر وٹالی کلِشکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ سڑکوں کے نئے ناموں سے یوکرین کے اہم تاریخی واقعات کے ساتھ ساتھ ان مشہور شخصیات اور ہیروز کی یاد منعکس ہونی چاہیے، جنھوں نے یوکرین کی شان قائم کی اور ہماری ریاست کی آزادی کے لیے جدوجہد کی۔

    میئر کا کہنا تھا کہ یہ عمل ابھی ختم نہیں ہوا اور مہم کو آگے بڑھایا جائے گا۔

  • یوکرین کا دارالحکومت کیف دھماکوں سے گونج اٹھا

    یوکرین کا دارالحکومت کیف دھماکوں سے گونج اٹھا

    کیف: یوکرین کا دارالحکومت کیف ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیف میں 26 جون کو صبح سویرے 4 دھماکے سنے گئے، اور وسطی کیف میں 2 مقامات پر دھواں کچھ دیر کے لیے اٹھتا دیکھا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق کیف کو ایک بار پھر روس افواج نے بمباری کا نشانہ بنایا، دوران بمباری رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

    فضائی حملے کا الرٹ دارالحکومت میں مقامی وقت کے مطابق صبح 5:47 بجے بجنا شروع ہوا، کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے دارالحکومت کے مرکزی ضلع شیوچینکیوسکی میں ہونے والے دھماکوں کی تصدیق کی اور کہا کہ لوگوں کو دو اونچی عمارتوں سے ریسکیو کر کے نکالا گیا۔

    یوکرینی میڈیا نے یوکرینی ایئرفورس کمانڈ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز بھی روسی افواج نے مغربی یوکرین میں اہداف کو سمندر سے کلیبر میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا تھا۔ جب کہ شمالی یوکرین میں اہداف کے خلاف Kh-22 اور زمینی اسکندر اور Tochka-U میزائل استعمال کیے گئے۔ اسی طرح جنوبی یوکرین میں اہداف کے خلاف اونکس میزائل اور بیسشن کمپلیکس استعمال کیے گئے۔

  • 21 ویں صدی میں کوئی جنگ قابل قبول نہیں، یو این سیکریٹری جنرل کیف پہنچ گئے

    21 ویں صدی میں کوئی جنگ قابل قبول نہیں، یو این سیکریٹری جنرل کیف پہنچ گئے

    کیف: یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کیف پہنچ گئے ہیں، انھوں نے یوکرین کے مرکزی شہر کیف کے علاقے بورودینکا اور باکا (Bucha) کا دورہ کیا۔

    انتونیو گوتریس نے بورودینکا کے دورے کے موقع پر جنگ کو برائی اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 21 ویں صدی میں کوئی جنگ قابل قبول نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب واقع یہ قصبہ روسی قبضے کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔

    انھوں نے کہا میں ان گھروں میں سے ایک میں اپنے خاندان کا تصور کرتا ہوں جو اب تباہ اور سیاہ ہو چکے ہیں، میں اپنی پوتیوں کو گھبراہٹ میں بھاگتے ہوئے دیکھتا ہوں، 21 ویں صدی میں جنگ ایک مضحکہ خیز چیز ہے، جنگ بری چیز ہے، جنگ قابل قبول نہیں ہے۔

    گوتریس نے بعد ازاں، باکا قصبے کے دورے کے دوران روس پر بھی زور دیا کہ وہ یوکرین پر حملے کے دوران کیے گئے ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے ساتھ تعاون کرے۔

    انھوں نے کہا میں آئی سی سی کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور میں روسی فیڈریشن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ تعاون کرے، لیکن جب ہم جنگی جرائم کی بات کرتے ہیں تو ہم یہ نہیں بھول سکتے کہ بدترین جرم خود جنگ ہے۔

    واضح رہے کہ باکا کیف کے باہر ایک قصبہ ہے جہاں روسی فوجیوں کے انخلا کے بعد سینکڑوں مردہ شہری ملے تھے۔

  • کیف میں کرفیو نافذ

    کیف میں کرفیو نافذ

    کیف: یوکرین نے اپنے دارالحکومت میں کرفیو نافذ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بڑھتی شیلنگ کے سبب 36 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

    میئر کیف وٹالی کلچکوف نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے مسلسل بمباری کی وجہ سے کیف میں آج شام 8 بجے سے جمعرات کی صبح 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ خصوصی اجازت کے بغیر شہر میں نقل و حرکت کرنا ممنوع ہوگا، تاہم بموں سے محفوظ پناہ گاہوں تک جانے کی اجازت ہوگی۔

    میئر کیف کے مطابق روسی افواج نے باہر سے دارالحکومت میں کئی اپارٹمنٹ بلاکس کو نشانہ بنایا ہے، اور تازہ ترین حملوں میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے، گولہ باری سے ایک 15 منزلہ اپارٹمنٹ کی عمارت میں زبردست آگ بھی بھڑک اٹھی ہے، جس میں لوگ پھنس گئے۔

    یوکرینی حکام کے مطابق ایک دھماکے سے لگنے والے جھٹکوں سے شہر کے ایک میٹرو اسٹیشن کے داخلی راستے کو بھی نقصان پہنچا، اس میٹرو اسٹیشن کو بموں سے پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، سٹی حکام نے کہا ہے کہ ٹرینیں اب اسٹیشن پر نہیں رکیں گی۔

    میئر کیف وٹالی کلچکوف نے کہا کہ دارالحکومت یوکرین کا دل ہے اور اس کا دفاع کیا جائے گا، خیال رہے کہ روسی افواج نے کیف کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔