Tag: کیلاش قبیلے

  • کیلاشی عوام بھی پاکستانی شہری ہیں، انھیں کلمہ پڑھنے پر مجبورنہیں کیا جاسکتا،چیف جسٹس

    کیلاشی عوام بھی پاکستانی شہری ہیں، انھیں کلمہ پڑھنے پر مجبورنہیں کیا جاسکتا،چیف جسٹس

    اسلام آباد : کیلاش قبیلے کی زمین پر قبضے سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کیلاشی عوام بھی پاکستانی شہری ہیں، ان کے بھی حقوق ہیں، انھیں کلمہ پڑھنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کیلاش قبیلے کی زمین پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت میں عدالت نے کیلاش کے ایم این اے اور ایم پی اے سمیت تمام منتخب عوامی نمائندوں کو نوٹس جاری کردیئے۔

    سماعت میں کے پی کے وکیل نے بتایا زمینوں پر قبضے کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کیلاش کے عوام کے حالات اچھے نہیں، ان کی داد رسی کی جائے۔

    چیف جسٹس نے کہا کیلاش خوبصورت وادی ہے، ان کی زمینوں پر قبضے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے مزید ریمارکس میں کہا کیلاشی عوام بھی پاکستانی شہری ہیں، ان کے بھی حقوق ہیں، انھیں کلمہ پڑھنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

    بعد ازاں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

    یاد رہے چند روز قبل چیف جسٹس ثاقب نثار نے کیلاش قبیلے کی زمینوں پر قبضہ کرکے تجاوزات تعمیر کرنے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، آئی جی خیبر پختون خوا اور ڈپٹی کمشنر چترال کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ کیلاش قبیلے نے اس سلسلے میں پشاور ہائیکورٹ میں پہلے ہی رخواست دائر کر رکھی ہے۔

  • کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چھومس اختتام پذیر ہوگیا

    کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چھومس اختتام پذیر ہوگیا

    چترال: کیلاش قبیلے کا سالانہ مذہبی تہوار چھومس اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

    کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار سات دسمبر سے شروع ہوتا ہے، اس دوران کیلاش قبیلے کی خواتین نئے کپڑے بنانے کی تیاری کرتی ہیں اور روایتی کھانے پکاتی ہیں۔

    چھومس کے تہوار کے دوران کیلاش قبیلے کے مرد و خواتین رقص کرتے ہوئے گیت پیش کرتے ہیں، جسے ان کی عبادت کاحصہ سمجھا جاتا ہے، جس کے بعد نوجوان جوڑے دوسرے گاؤں فرار ہوکر شادی کا اعلان کرتے ہیں۔

    جشن کی آخری رات کیلاش کے لوگ اپنے عقیدے کے مطابق مشعل بردار ریلی نکالتے ہیں، ریلی میں خواتین اپنے مخصوص راستوں سے گزرتی ہیں، اس تہوار کو دیکھنے کیلئے ملکی اور غیر ملکی سیاح بھی آئے تھے، جو کیلاش ثقافت کے رنگوں سے خوب محظوظ ہوئے۔

  • کیلاش قبیلے کا چھومس تہوار تمام تررنگینیوں کے ساتھ جاری

    کیلاش قبیلے کا چھومس تہوار تمام تررنگینیوں کے ساتھ جاری

    چترال: نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے کیلاش قبیلے کا چھومس تہوار اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ جاری ہے، تہوار میں ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد میں شریک ہے۔

    چترال میں کیلاش قبیلے کے لوگ جھوم رہے ، گا رہے اور خوشیاں منارہے ہیں، یہ جشن نئے سال کی آمد پر ہے، جو ہر سال سات دسمبر سے تیس دسمبر تک منایا جاتا ہے، اس تہوار کو چھومس کہا جاتا ہے۔

    اس تہوار میں خاص پکوان بنائے جاتے ہیں اور زرق برق کپڑے زیب تن کئے جاتے ہیں، خواتین بھی خوب سجتی سنورتی ہیں، اپنے مخصوص انداز میں رقص کرتی اور گیت گاتی ہیں۔

    کیلاش کے لوگ نئے سال کے لئے نئی امید جگاتے اور بیش گوئیاں کرتے ہیں ۔

    کیلاش مرد پہاڑوں کے اوپرمشعل لے کر مخصوص راستوں سے گزرتے ہیں اور سیٹیاں بجاکر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں، ناچنے گانے اور خوشیاں منانے کے بعد جوڑے اپنی شادی کا اعلان کرتے ہیں۔