Tag: کیلیفورنیا

  • فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

    فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

    لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے بڑی تباہی مچ گئی ہے، درخت گرنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ طاقت ور طوفان سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور بجلی کی بندش کا باعث بنا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے، شہر لاس اینجلس میں موسلادھار 8 انچ بارش ہوئی، اور بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان ایک ’’ماحولیاتی دریا‘‘ کے اثر کی وجہ سے آیا ہے، جس میں ہوتا یہ ہے کہ پانی ہوا میں بخارات بن جاتا ہے، جسے ہوا لے کر چلنے لگتی ہے اور آسمان میں اس سے بہتی ہوئی لمبی دھاریں بن جاتی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے زمین پر دریا بہتے ہیں۔ سست رفتاری سے چلنے والا یہ طوفان دو ہفتوں میں کیلیفورنیا سے ٹکرانے والا دوسرا ماحولیاتی دریا ہے۔

    موسلادھار بارش کی وجہ سے ریاست میں 4 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، 6 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے، سڑکیں تالاب بن گئیں، گاڑیاں کیچڑ میں دھنس گئیں، اور متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جس پر گورنر کیلیفورنیا نے 8 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    ریاست میں فائر حکام کے مطابق 130 سے زائد مقامات پر سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی، جہاں ریسکیو آپریشن کیے گئے، موسمیات نے شدید بارش کا سلسلہ آج تک جاری رہنے اور سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا کے ساحلی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے، کینیڈین صوبے نوواسکاشیا کے مختلف علاقوں میں 3 فٹ سے زائد برفباری ہوئی، جب کہ جنوب مشرقی کیپ بریٹن اور اطراف میں 39 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، گھروں کے دروازوں تک برف جمع ہو گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت برف ہٹاتے رہے۔

  • سمندری طوفان ہیلری امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان ہیلری امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا

    کیلیفورنیا: سمندری طوفان ہیلری امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا، طوفان نے ریاست میں تباہی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق طوفان ہیلری کے سبب کیلفورنیا میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاراہیں اور پُل بند ہو گئے ہیں، تیز آندھی کے نتیجے میں درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، پُل اور سڑکیں بھی متاثر ہو گئی ہیں۔

    طوفان کی وجہ سے ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد امریکی شہری شدید متاثر ہوئے ہیں، 400 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں، لاس اینجلس، لاس ویگاس اور شمال مغربی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، لاس اینجلس میں 25 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں، میکسیکو میں 3 افراد ہلاک ہو گئے، پام اسپرنگز کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، اور شہر کا ایمرجنسی سسٹم بیٹھ گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ 84 سالوں میں جنوبی کیلیفورنیا سے ٹکرانے والا پہلا ٹرافیکل طوفان ہے جو اب شمال کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے نصف درجن ریاستوں میں سیلاب کے خطرات ہیں۔

    ہیلری طوفان امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں تباہی پھیلانے والی تازہ ترین ماحولیاتی تباہی ہے، ادھر ہوائی کا جزیرہ ماوی اب بھی آگ کی لپیٹ میں ہے جس سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • کام سے واپسی پر باپ کو بیٹی کی لاش بستر کے نیچے بری حالت میں ملی

    کام سے واپسی پر باپ کو بیٹی کی لاش بستر کے نیچے بری حالت میں ملی

    کیلیفورنیا: امریکی شہر پاسادینا میں ایک گیارہ سالہ لڑکی کو درندے نما انسان نے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا اور اس کی لاش بستر کے نیچے چھوڑ کر چلا گیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز کیلیفورنیا کے شہر پاسادینا میں کارمیلو گونزالز نامی ایک شخص جب کام سے گھر واپس آیا تو اس نے اپنی 11 سالہ بیٹی ماریا کو اپنے بستر کے نیچے مردہ پایا۔

    بیٹی کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر کام پر جانے والے باپ کو واپسی پر دل دہلا دینے والا منظر دیکھنا پڑا، پولیس کے مطابق کارمیلو گونزالز نے 3 بجے کے بعد 911 پر کال کی اور کہا کہ اس کی بیٹی ماریا سانس نہیں لے رہی ہے، تاہم جب طبی عملے نے پہنچ کر معائنہ کیا تو وہ مر چکی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق بچی کی موت کی وجہ گلا دبانے سے دم گھٹنا تھا، مزید تحقیقات سے پتا چلا کہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی گئی تھی۔ کارمیلو نے پولیس کو بتایا کہ وہ ماریا کو پیچھے چھوڑ کر کام پر چلا گیا تھا، ان کی عادت تھی کہ فون پر بات کرتے تھے، جب فون پر بات ہوئی تو ماریہ نے بتایا کہ کوئی دروازے پر دستک دے رہا ہے، یہی آخری بات تھی جو دونوں کے درمیان ہوئی تھی۔

    کارمیلو کے مطابق انھوں نے اپارٹمنٹ میں رہنے والے اپنے خاندان کے دیگر افراد سے کہا تھا کہ وہ جا کر ماریا کو دیکھیں، لیکن وہ اسے تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

    پولیس حکام کے مطابق انھیں والد پر فی الوقت کوئی شبہ نہیں ہے کیوں کہ اس کے بارے میں معلومات حاصل کر لی گئی ہیں، دونوں باپ بیٹی تین ماہ سے اپارٹمنٹ میں رہ رہے تھے، جب کہ بچی کی ماں گوئٹے مالا میں رہتی ہے۔ قتل کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس نے اپارٹمنٹ کے کچھ لوگوں سے ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کر لیے ہیں اور دیگر پہلوؤں سے بھی تفتیش جاری ہے۔

  • ویڈیو: کیلیفورنیا میں چور لفٹر کے ذریعے اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے گئے

    ویڈیو: کیلیفورنیا میں چور لفٹر کے ذریعے اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے گئے

    سیکرامنٹو: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سیکرامنٹو میں چوری کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے، چور لفٹر کے ذریعے اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سیکرامنٹو میں چور اے ٹی ایم اکھاڑنے کے لیے لفٹر لے آئے، مزدوروں کے لباس میں ملبوس چوروں نے لفٹر سے اے ٹی ایم اکھاڑ کر گاڑی میں ڈال لیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو صبح چھ بجے پیش آیا، چوروں نے اے ٹی ایم سے رقم نکالی اور کچھ دور جا کر ایک مصروف شاہراہ پر مشین گاڑی سے گرا دی، جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا، اور وہ فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث افراد فرار ہو گئے ہیں جن کی شناخت نہیں ہو سکی، چوروں نے تعمیراتی سامان کا استعمال کیا تاکہ لوگ اس پر شبہ نہ کر سکیں، کرائم سین میں استعمال ہونے والی فورک لفٹ بھی ایک صنعتی احاطے سے چوری ہوئی تھی۔

  • تین سالہ بھائی نے ایک سالہ بہن کو سر میں گولی مار دی

    تین سالہ بھائی نے ایک سالہ بہن کو سر میں گولی مار دی

    کیلیفورنیا: امریکی شہر فالبروک میں ایک 3 سالہ لڑکے نے اپنی 1 سالہ بہن کو گولی مار دی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے شہر فالبروک میں غلطی سے تین سالہ بھائی نے ایک سالہ معصوم بہن کو سر میں گولی مار دی، جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہو گئی۔

    مقامی پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پیر کو صبح سویرے ریچے روڈ کے قریب اسٹیجکوچ لین پر واقع ایک گھر میں پیش آیا، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعے کے وقت والدین کہاں تھے، تاہم واقعے کے بعد پولیس کو کال والدین میں سے کسی نے کی تھی۔

    سانڈیاگو کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق تین سالہ بچے کے ہاتھ ہینڈ گن لگ گئی تھی جو غیر محفوظ تھی، کھیلنے کے دوران گولی چل گئی جو بچی کے سر میں لگی، جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم دوران علاج ایک گھنٹے کے بعد وہ ہلاک ہو گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے سلسلے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، تاہم بچے کی موت کی وجہ اور طریقہ کار کا تعین کرنے کے لیے اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

  • امریکا میں اسمگلنگ کی 2 کشتیاں سمندر برد، 8 افراد ہلاک

    امریکا میں اسمگلنگ کی 2 کشتیاں سمندر برد، 8 افراد ہلاک

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسمگلنگ کی 2 کشتیاں سمندر میں تباہ ہو گئیں، جس کے باعث 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ کیلیفورنیا کی سان ڈیاگو کاؤنٹی میں ’بَلیکز بیچ‘ کے ساحل کے قریب اسمگلنگ میں ملوث دو کشتیاں الٹنے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سان ڈیاگو فائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مطابق موٹر کے ذریعے چلنے والی ماہی گیری کی چھوٹی کشتیوں پانگا میں سے ایک پر سوار ایک شخص نے نائن الیون پر کال کر کے مدد طلب کی تھی۔

    فائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 911 پر کال کرنے والی ایک ہسپانوی خاتون تھیں، جنھوں نے اطلاع دی کہ دو کشتیاں ٹوری پائنز سٹی بیچ تک رسائی کرتے ہوئے الٹ گئی ہیں۔

    حکام کے مطابق جب ریسکیو ادارے ساحل پر پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ ایک کشتی جس پر 8 افراد سوار تھے، تباہی کے بعد ساحل پر آ گئی تھی، جب کہ ایک اور پانگا کشتی جس پر 15 افراد سوار تھے، سرف میں الٹ گئی تھی۔

  • بدبخت بیٹے نے ماں کو کالج کی عمارت سے نیچے پھینک دیا

    بدبخت بیٹے نے ماں کو کالج کی عمارت سے نیچے پھینک دیا

    کیلیفورنیا: امریکا میں ایک بدبخت بیٹے نے ماں کو کالج کی عمارت سے نیچے پھینک کر مار دیا، بعد ازاں خود بھی چھلانگ لگا دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم نے اپنی ماں کو کیمپس کی عمارت سے پھینک کر خود بھی اپنی موت کی طرف چھلانگ لگا دی۔

    عمارت سے گرنے کے نتیجے میں دونوں ماں بیٹا ہلاک ہو گئے، پولیس کے تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ یہ قتل اور خود کشی تھی۔

    اروائن پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو پیش آیا، جب پولیس یونیورسٹی کیمپس پہنچی تو انھیں سوشل سائنس پلازہ بی میں زمین پر 77 سالہ تھاؤ تھائی گوین اور اس کے بیٹے 36 سالہ اینڈریو گوین ڈوان کی لاشیں ملیں۔

    پولیس نے بیان میں کہا کہ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ڈوان نے ماں گوین کو اٹھایا اور انھیں ایک کثیر المنزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا، اس کے بعد ڈوان نے بھی وہیں سے چھلانگ لگا کر موت کو گلے لگا لیا۔

    معلوم ہوا کہ ڈوان کو ذہنی مسائل کا سامنا تھا اور اروائن پولیس کو 2019 میں بھی اس سے رابطہ کرنا پڑا تھا، اورنج کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے مطابق ڈوان نے 2020 میں ایک ذہنی اسپتال میں اپنے روم میٹ کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے جرم کا بھی اعتراف کیا تھا۔

    ڈوان کو 156 دن کی جیل کی سزا بھی ہوئی تھی اور تین سال اسے پروبیشن پر بھی گزارنے پڑے تھے، جس کا عرصہ جولائی میں ختم ہوا تھا۔

    یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق ڈوان نے 2017 سے 2019 تک حیاتیاتی علوم کی تعلیم حاصل کی، لیکن گریجویشن نہیں کیا، جب کہ اس کی والدہ کا اسکول سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

  • سدھو موسے والا کا قاتل گولڈی برار کیلیفورنیا سے گرفتار

    سدھو موسے والا کا قاتل گولڈی برار کیلیفورنیا سے گرفتار

    ممبئی: پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹرمائنڈ گولڈی برار گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم گولڈی برار کو کیلیفورنیا سے 20 نومبر کو گرفتار کیا گیا، لیکن اب تک کلیفورنیا پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ تصویق نہیں کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی خفیہ ایجنسی گولڈی برار سے متعلق امریکی ایجنسی سے رابطہ کررہی ہے، گولڈی کینیڈا سے کیلیفورنیا چلا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

  • بندر نے پولیس کی دوڑیں‌ لگوا دیں

    بندر نے پولیس کی دوڑیں‌ لگوا دیں

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے چڑیا گھر سے ایمرجنسی سروس 911 پر کال موصول ہونے کے بعد پولیس اہل کاروں کی دوڑیں لگ گئی۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہفتے کی رات کیلیفورنیا میں ایمرجنسی سروس 911 پر کال موصول ہوئی، تاہم یہ کال تھوڑی ہی دیر بعد کٹ گئی۔

    ایمرجنسی سروس کو فوری طور پر یہ معلوم نہ ہو سکا کہ کال کس نے اور کہاں سے کی، پولیس نے کال ٹریس کرنے کی کوشش کی تو پتا چلا کہ یہ سین لوئس اوبیسپو کاؤنٹی میں ایک چڑیا گھر سے کی گئی ہے۔

    اہل کاروں کو فوراً مذکورہ چڑیا گھر بھیجا گیا تاکہ کسی ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں مدد فراہم کی جا سکے، لیکن چڑیا گھر پہنچ کر پولیس کو پتا چلا کہ وہاں تو کوئی ایمرجنسی نہیں، نہ ہی کسی نے کال ملائی، چناں چہ پولیس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے انکوائری کا فیصلہ کیا۔

    روٹ نامی کپوچن بندر

    پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ میں بتایا گیا کہ انکوائری کے بعد انھیں احساس ہوا کہ کال چڑیا گھر میں موجود کپوچن نسل کے روٹ نامی بندر نے ملائی ہوگی، چڑیا گھر کا سیل فون گالف گاڑی میں رکھا ہوا تھا، روٹ بندر نے اسے اٹھا کر ایمرجنسی نمبر ملایا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ کپوچن نسل کے بندر متجسس ہوتے پیں اور جو چیز اٹھاتے ہیں اس کو دبا کر اور الٹ پلٹ کر کھوجنے کی کوشش کرتے ہیں، روٹ نے بھی موبائل کے ساتھ ایسا ہی کیا ہوگا اور اتفاق سے 911 کا نمبر ڈائل ہو گیا۔

  • شور شرابے کی شکایت پر شادی والے گھر پہ چھاپہ، پولیس خود بھی ڈانس میں مصروف ہوگئی

    شور شرابے کی شکایت پر شادی والے گھر پہ چھاپہ، پولیس خود بھی ڈانس میں مصروف ہوگئی

    امریکا میں پڑوسیوں کی جانب سے شور شرابے کی شکایت پر پولیس ایک شادی والے گھر میں پہنچی اور خود بھی میوزک پر رقص کرنے میں مصروف ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا میں رہنے والے ایک پنجابی خاندان نے گزشتہ ماہ شادی سے پہلے ایک تقریب کا اہتمام کیا، تقریب کے دوران شور شرابہ کرنے پر پڑوسیوں نے پولیس کو شکایت کردی۔

    اطلاع ملنے پر 2 پولیس اہلکار تقریب والے گھر پہنچ گئے، یقیناً پولیس والوں کو دیکھ کر گھر والے قدرے گھبرا گئے ہوں گے لیکن انہوں نے جو کیا اس نے سب کو حیران کر دیا۔

    شور کی شکایت کے بعد پارٹی میں پہنچنے والے دو پولیس اہلکاروں نے خود بھی پنجابی گانوں پر ڈانس شروع کردیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kanda Productions (@kandaproductions)

    پولیس اہلکاروں کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، لوگوں کا کہنا تھا کہ پنجابی گانوں کی دھن پر کوئی بھی خود کو تھرکنے سے نہیں روک سکتا۔

    بعد ازاں مقامی پولیس نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ پولیس اہلکاروں نے رقص کرنے کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ میوزک کی آواز کم رکھی جائے تاکہ پڑوسیوں کی شکات کا ازالہ ہوسکے۔