Tag: کیلیفورنیا

  • کرونا وائرس امریکا کب پہنچا؟ نیا انکشاف

    کرونا وائرس امریکا کب پہنچا؟ نیا انکشاف

    کیلی فورنیا: امریکا کے مقامی صحت حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس بتائے ہوئے وقت سے بھی پہلے امریکا پہنچ چکا تھا، تاہم اسے محض فلو سمجھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانتا کلارا کاؤنٹی کے ہیلتھ آفیشلز نے بتایا ہے کہ کو وِڈ نائنٹین بتائے ہوئے وقت سے کئی ہفتے قبل جنوری ہی میں کیلی فورنیا میں گردش کر رہا تھا، اور اس سے ہونے والی اموات کے بارے میں یہ غلط فہمی تھی کہ ان کی وجہ فلو ہے۔

    امریکی کاؤنٹی کی افسر سارا کوڈی نے میڈیا کو بتایا کہ 6 فروری کو ایک 57 سالہ خاتون کی کرونا وائرس سے موت ہو گئی تھی، اس سے قبل امریکا میں کرونا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی تھی، امریکا میں جو پہلی موت بتائی گئی ہے وہ 29 فروری کو واشنگٹن میں ہوئی تھی، مریض کو وِڈ نائنٹین کی وجہ سے سانس کی نالی کی بیماری میں مبتلا تھا۔

    ان خبروں کے بعد کیلی فورنیا کے صحت حکام نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو سمجھنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ روز کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے تمام 58 کاؤنٹیز کے میڈیکل ایگزامنرز کو ہدایت جاری کی تھی کہ دسمبر 2019 میں ہونے والی اموات سے متعلق بھی تحقیق کی جائے تاکہ معلوم ہو کہ کہیں کرونا وائرس سے اموات اس سے بھی قبل تو واقع نہیں ہوئیں۔

    سانتا کلارا کاؤنٹی کی پبلک ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سارا کوڈی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے

    کیلی فورنیا کی خاتون کی موت اور دیگر دو کیسز، ایک 69 سالہ شخص جو 17 فروری کو اور 70 سالہ ایک اور شخص جو 16 مارچ کو مرا تھا، کے بارے میں CDC نے اب ٹشو سیمپلز کے ٹیسٹ سے تصدیق کر دی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے ہوئی تھیں۔ سارا کوڈی کا کہنا تھا کہ کاؤنٹی میں اس انکشاف سے قبل پہلے مقامی کیس کی نشان دہی 28 فروری کو کی گئی تھی، تاہم جن تین مریضوں کی موت ہوئی تھی ان میں سے کسی نے سفر نہیں کیا تھا۔

    سارا کوڈی نے کہا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم جو سمجھ رہے تھے، اس سے بھی پہلے کرونا وائرس ہماری کمیونٹی میں بہت تیزی سے پھیل چکا تھا، اس وقت چوں کہ فلو کا سیزن چل رہا تھا اس لیے ان کیسز کو بھی انفلوئنزا سمجھا گیا۔ مذکورہ تین کیسز کی نشان دہی اس لیے ہوئی کیوں کہ میڈیکل ایگزامنرز ان کی موت کی وجہ سے مطمئن نہیں ہو سکے تھے، اس وقت کرونا وائرس کا ٹیسٹ دستیاب نہیں تھا اس لیے انھوں نے ان کی میتوں سے ٹشوز محفوظ کر کے سی ڈی سی بھجوائے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 47,681 ہو گئی ہے، جب کہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 49 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ کیلی فورنیا میں وائرس اب تک 1,437 جانیں لے چکا ہے۔

  • گھنٹی کیوں بجائی؟ امریکی نے تین معصوموں کو بے دردی سے کچل دیا

    گھنٹی کیوں بجائی؟ امریکی نے تین معصوموں کو بے دردی سے کچل دیا

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شقی القلب امریکی نے تین لڑکوں کو کار سے اس لیے بے دردی سے کچل دیا کیوں کہ وہ اس کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگ گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق معصوم سی شرارت 3 بچوں کی جان لے گئی، ریاست کیلی فورنیا کے رہایشی تین دوستوں کو گھر کی بیل بجا کر بھاگنا ایک بھیانک انجام سے دوچار کر گیا، پڑوسی نے طیش میں آ کر تینوں کو گاڑی سے کچل ڈالا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 لڑکے کیلی فورنیا کے علاقے ریور سائڈ میں ڈنگ ڈانگ پرینک کر رہے تھے، وہ پڑوسی کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگے تو غصیلے پڑوسی نے تعاقب میں گاڑی دوڑا دی اور چند فرلانگ کے فاصلے پر انھیں کچل ڈالا۔

    مقامی پولیس نے ملزم 42 سالہ انوراگ چندرا کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے، جہاں اس پر عمداً قتل کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ بچوں کے والدین نے غم زدہ لہجے میں میڈیا کو بتایا کہ نٹ کھٹ بچوں کو ہنسنے ہنسانے کا شوق تھا جو ان کی جان لے گیا۔

    مقامی حکام کے مطابق لڑکوں نے انوراگ چندرا کے گھر کی گھنٹی بجائی اور پھر بھاگ کر اپنی گاڑی میں چلے گئے، تاہم گھر کے مالک نے اپنی کار نکال کر ان کا پیچھا کیا اور پوری رفتار کے ساتھ گاڑی ان کی گاڑی سے ٹکرا دی، جس سے تین لڑکے ہلاک جب کہ تین زخمی ہو گئے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں ڈنگ ڈانگ ڈچ کی شرارت میں لوگ کسی کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگ جاتے ہیں، یہ شرارت ہمارے ہاں بھی بہت مقبول ہے اور عموماً بچپن میں اکثر لوگوں نے یہ شرارت کی ہے۔

  • شادی والے دن دلہے کا قتل

    شادی والے دن دلہے کا قتل

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مفت شراب پینے کے لیے شادی کی تقریب میں آنے والے دو ملزمان نے دلہے کی جان لے لی۔

    تفصیلات امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شادی کی تقریب کے دوران 2 ملزمان مفت کی شراب پینے کے لیے آئے تو وہاں موجود مہمانوں نے انہیں جانے کو کہا جس پر دونوں ملزمان بیس بال بیٹ لے کر دوبارہ آئے اور دلہے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 30 سالہ جو میلگوزا شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 30 سالہ جو میلگوزا اسپتال منتقلی کے دوران جان کی بازی ہار گیا، حملے کے دوران اس کے سر پر لگنے والی چوٹ جان لیوا ثابت ہوئی۔

    دلہے کی بین اینڈی ولاسکوز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی ہمارے خاندان کی حفاظت کر رہا تھا، وہ آئے اور انہوں نے میرے بھائی کو قتل کر دیا، میرے بھائی نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

    پولیس نے قتل کے الزام میں 28 سالہ رونی اور 19 سالہ جوسیو ڈینیئل کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔ ملزمان نے جرم ماننے سے انکار کر دیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکی نوجوان اپنی محبوبہ کی فرمائش پوری کرنے کے لیے سمندر کی گہرائی میں اترتے ہوئے جان کی باز ہار گیا تھا۔

  • اسکول فائرنگ کا ایک اور واقعہ، دو امریکی طلبہ ہلاک

    اسکول فائرنگ کا ایک اور واقعہ، دو امریکی طلبہ ہلاک

    کیلی فورنیا: امریکا میں اسکول فائرنگ کا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں 2 طالب علم ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اسکول میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دو طلبہ ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، فائرنگ کرنے والے حملہ آور نے بھی خود کشی کی کوشش کی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے طالب علم کی حالت تشویش ناک ہے، اس نے دو طلبہ کو مارنے کے بعد اپنے سر میں بھی گولی مار دی تھی، واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں، یہ واقعہ کیلی فورنیا کے علاقے سینٹا کلیریٹا کے اسکول میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں میں 16 سال کی طالبہ اور 14 سال کا طالب علم شامل ہیں۔

    گزشتہ روز بھی امریکی ریاست جنوبی کیلی فورنیا کے ہائی اسکول میں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 6 افراد زخمی ہو گئے تھے، پولیس نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کیلی فورنیا، ہائی اسکول میں فائرنگ، خاتون ہلاک، 6 افراد زخمی، حملہ آور گرفتار

    اس واقعے میں کئی حملہ آوروں نے متعدد طلبہ کو یرغمال بنا لیا تھا، پولیس نے اسکول کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں سے مذاکرات بھی کیے، پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور ایشیائی نژاد تھے۔

    ساگس ہائی اسکول میں فائرنگ کے اس واقعے نے امریکی اسکولوں میں اسی طرح کے دیگر واقعات کی یاد دلا دی ہے، پارک لینڈ فلوریڈا کے ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم نے 14 فروری 2018 کو فائرنگ کر کے 17 طلبہ کو جان سے مار دیا تھا۔

  • کیلیفورنیا: ساحل پرکشتی میں آگ لگنے سے 8 افراد ہلاک

    کیلیفورنیا: ساحل پرکشتی میں آگ لگنے سے 8 افراد ہلاک

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل پر ایک کشتی میں آگ لگنے سے آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے کیلیفورنیا کے ساحل پر کشتی پر آگ اس وقت لگی جب وہ سنٹاکروز جزیرے سے چند میٹر کے فاصلے پر لنگر انداز ہوئی تھی، آگ لگنے کے وقت کشتی میں 39 افراد سوار تھے۔

    امریکی حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث کشتی تباہ ہوچکی ہے، حادثے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دیگر مسافروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے

    کوسٹ گارڈ کی سیکٹر کمانڈر کیپٹن مونیکا روچسٹر کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ سروسز کو ساڑھے تین بجے مقامی وقت کے مطابق ہنگامی مے ڈے کال سنائی دی جس میں کہا گیا تھا کہ کشتی کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    کیپٹن مونیکا روچسٹر کے مطابق کشتی میں حفاظتی ضوابط کی مکمل تعمیل کی گئی تھی اور اس سے قبل اس کے متعلق کسی خلاف ورزی کی شکایت نہیں تھی۔

    کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلومیٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال میں گرکر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کھلا دروازہ دیکھ کر 200 بھیڑوں نے گھر پر دھاوا بول دیا

    کھلا دروازہ دیکھ کر 200 بھیڑوں نے گھر پر دھاوا بول دیا

    بن بلائے مہمان ہمیشہ ہی الجھن کا باعث بن جاتے ہیں، اور اگر یہ مہمان ایک 2 نہیں 200 ہوں تو میزبان کی حالت کا تصور کیا جاسکتا ہے۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک شخص کو بھی ایسے ہی 200 بن بلائے مہمانوں کو بھگتنا پڑ گیا، مزید ستم یہ کہ یہ مہمان انسان نہیں بلکہ 200 بھیڑیں تھیں۔

    کیلیفورنیا کے اس مضافاتی علاقے میں بھیڑیں عام انسانوں کے درمیان چلتی پھرتی نظر آتی ہیں۔ سال میں ایک بار انہیں 2 سے 3 دن کے لیے کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ یہ علاقے میں گھوم پھر کر خودرو اور غیر ضروری طور پر اگ آنے والی جھاڑیوں کو صاف کردیں۔

    ایسے ہی موقع پر اسکاٹ روسو نامی شخص نے جب اپنے گھر کے آگے سے بھیڑیں گزرتی دیکھیں تو اپنی بیٹی کو ان کا نظارہ دکھانے کے لیے گھر کا بیرونی دروازہ کھول دیا، تاہم یہ حرکت اسے خاصی مہنگی پڑی۔

    کھلا دروازہ دیکھ کر پہلے ایک بھیڑ نے اندر جھانکا اور اگلے ہی لمحے وہ گھر کی حدود میں گھس آئی۔ اس کے پیچھے چند مزید بھیڑیں اندر داخل ہوئیں اور اس سے پہلے کہ اسکاٹ وہاں تک پہنچ کر دروازہ بند کرتا درجنوں بھیڑیں ایک ساتھ اندر گھس آئیں۔

    معاملہ یہیں پر ختم نہں ہوا، بھیڑوں کو یہاں آتا دیکھ کر پیچھے موجود دیگر بھیڑیں بھی اندر آںے لگیں اور لمحوں میں گھر کا پچھلا حصہ تاحد نگاہ بھیڑوں سے بھر گیا۔

    یہ صورتحال گھر والوں کے لیے پریشان کن ہونے کے ساتھ ساتھ مضحکہ خیز بھی تھی۔ اسکاٹ نے بھیڑوں کے قریب پہنچ کر شور مچایا تاکہ وہ ڈر کر یہاں سے بھاگ جائیں مگر بھیڑوں کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔

    اس موقع پر جوڑے نے اپنے بچوں کو گھر کے اندر کر کے دروازہ بند کردیا تاکہ بھیڑیں انہیں کوئی نقصان نہ پہنچائیں۔

    اسکاٹ نے اپنی بیٹی کا کھلونا تمبورا اٹھا کر اسے بجانا شروع کردیا اور اس ترکیب نے کچھ کام کیا۔ بھیڑیں شور سے گھبرا کر باہر جانے لگیں۔

    اس موقع پر اسکاٹ کو لگا کہ بھیڑیں اس کے گھر کی لکڑی کی باڑھ کو توڑتی ہوئی باہر نکلیں گی لیکن خوش قسمتی سے وہ چھوٹے سے دروازے سے ہی ایک ایک کر کے باہر نکلیں اور بالآخر اسکاٹ کو ان مہمانوں سے نجات ملی۔

    گھر کے بیرونی حصے میں لگے کیمرے نے یہ سارا واقعہ فلمبند کرلیا اور جب اسکاٹ نے اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو لوگ اس عجیب و غریب حملے سے بے حد لطف اندوز ہوئے۔

  • کیلیفورنیا: ’باؤلنگ گیم‘ کی عمارت میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک،4 زخمی

    کیلیفورنیا: ’باؤلنگ گیم‘ کی عمارت میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک،4 زخمی

    واشنگٹن : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع تفریحی عمارت میں نامعلوم شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے تین افراد ہلاک چار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ٹورینس میں باؤلنگ گیم کی جگہ پر نامعلوم مسلح ملزم نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے باعث تین افراد ہلاک متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افسوس ناک حادثہ ’گیبل ہاؤس باؤل‘ میں آیا جہاں شہری باؤلنگ گیم کھیلتے تھے۔

    ٹورینس پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ فیس بک پر پیغام دیا کہ ’گیبل ہاوس باؤل‘ میں فائرنگ کی زد میں آنے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے گیبل ہاؤس باؤل میں فائرنگ والے علاقے سے لوگوں کو دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرکے امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے تاحال فائرنگ کرنے کی وجہ اور ملزم سے متعلق کوئی اطلاع فراہم نہیں کی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش مکمل ہونے پر حادثے کی وجوہات کی وجوہات سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ٹورینس شہر لاس اینجلیس سے محض 32 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ، 2 افراد زخمی، حملہ آور ہلاک

     یاد رہے کہ گزشتہ برس 21 نومبر کو امریکی ریاست الاباما کے شاپنگ مال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے  تھے جبکہ پولیس اہلکار نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 18 سالہ حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حملہ آور الاباما کے علاقے ہوور میں واقع ریوچیس گیلیرا شاپنگ مال میں داخل ہوا تھا اور اُس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق شاپنگ سینٹر میں بلیک فرائیڈے کی وجہ سے خریداروں کا کافی زیادہ رش تھا اسی وجہ سے فائرنگ کے بعد بھگدڑ بھی مچی جس کے نتیجے میں متعدد لوگ زخمی ہوئے تھے جبکہ حملہ آور کی گولیاں لگنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا تھا۔

  • بزرگ سکھ پر تشدد، کیفلیورنیا پولیس چیف کے بیٹے پر فرد جرم عائد

    بزرگ سکھ پر تشدد، کیفلیورنیا پولیس چیف کے بیٹے پر فرد جرم عائد

    واشنگٹن : کیلیفورنیا کی عدالت نے پولیس چیف کے نوجوان بیٹے پر بزرگ سکھ صاحب سنگھ کو لوٹنے اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفیورنیا کی عدالت نے بدھ کے روز ریاستی پولیس کے سربراہ کے 18 سالہ بیٹے پر بزرگ سکھ کو رہائشی علاقے میں لوٹنے اور تشدد کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ سکھ کی شناخت 71 سالہ صاحب سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جسے پیر کے روز کیلیفورنیا کے شہر مینٹیکا میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ صاحب سنگھ پر حملے کا واقعہ گلی میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگیا تھا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بزرگ شخص سڑک پر جارہا تھا کہ اچانک دو نوجوانوں نے صاحب سنگھ کو لوٹنے کی نیت سے روکا اور کچھ لمحے بعد بزرگ شہری پر لاٹیں برسانہ شروع کردیں۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کے حملے میں زخمی ہونے والے صاحب سنگھ کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، جنہیں اسپتال انتظامیہ نے علاج کے بعد خارج کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے 71 سالہ بزرگ پر حملے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سایٹ فیس بُک پر جاری کردی تھی جس کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

     

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں ایک شخص کا کیلیفورنیا پولیس کے سربراہ کا 18 سالہ بیٹا تھا، جس پر ریاست کی اعلیٰ عدالت سے بزرگ شخص پر تشدد کرنے اور لوٹنے کا باقائدہ مقدمہ قائم کردیا ہے۔

  • کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

    کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلومیٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال میں گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع اسٹرپ نامی شاپنگ مال کی کار پارکنگ میں اچانک چھوٹا طیارہ انجن میں فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ طیارہ دو انجن والا کیسنا 414 تھا جو جان وائن ایئر پورٹ کے رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلو میٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال کی پارکنگ میں کھڑی لال رنگ کی گاڑی پر گر کر تباہ ہوگیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے کے پرواز کرنے کے بعد ہی پائلٹ نے کنٹرول روم کے عملے کو جہاز میں فنی خرابی سے آگاہ کردیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی طیاہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    کیلی فورنیا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز گذشتہ روز 12 بج کر 28 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا تھا اور خوش قسمتی سے طیارے کی زد میں آنے والی کار کا مالک چند لمحے قبل ہی گاڑی سے اتر کر  مال میں گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فیڈرل ایوی ایشن اور نیشنل ٹرانسپورٹ سروس کی جانب سے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تاہم حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔


    میکسیکو میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد زخمی


    خیال رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی ریاست میکسیکو کے شہر ڈورانگو میں ایرو میکسیکو نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ اے ایم 2431 رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 10 کلو میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں97 مسافروں سمیت 101 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 85 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • کیلیفورنیا میں گانجے کی فروخت کو قانونی قرار ،ٹرمپ انتظامیہ کی شدید مخالفت

    کیلیفورنیا میں گانجے کی فروخت کو قانونی قرار ،ٹرمپ انتظامیہ کی شدید مخالفت

    کیلیفورنیا : ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے منشیات کی فروخت کو قانونی قرار دئے جانے کی شدید مخالفت کے باوجود ریاست کیلیفورنیا میں گانجے کی فروخت کو قانونی قرار دیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق نئے سال کی آمد پر ریاست کیلیفورنیا میں گانجے کی فروخت کو قانونی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ وفاقی پروسیکیوٹرز کو گانجے سے متعلق مقدمات میں سختی برتنے کی ہدایات جاری کر رہی ہے۔

    اب امریکہ بھر سے گانجے کا مزا لینے کے لیے لوگ کیلیفورنیا کا رخ کر رہے ہیں، کیلوفورنیا میں اب گانجے کے مختلف سٹورز کھلے عام فروخت جاری رکھ سکیں گے۔

    کیلفورنیا کے گورنر کہتے ہیں کہ یہ فیصلہ عوام نے کیا ہے اور اس پر ہر صورت عمل در آمد کیا جائے گا۔

    امریکہ میں طبی بنیادوں پر گانجا حاصل کیا سکتا ہے جبکہ 29 امریکی ریاستوں میں کسی نہ کسی صورت میں اس کا استعمال اور فروخت قانونی بھی ہے۔

    دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے اب تک گانجے کی فروخت کو وفاقی سطح پر منظور نہیں کیا۔

    اعداد و شمار کے مطابق کیلوفورنیا کی گانجے کی انڈسٹری سات ارب ڈالرز سے زائد کا کاروبار کر رہی ہے، گانجے کی فروخت کے اشتہارات اب ٹی وی اور سوشل میڈیا پر بھی جاری ہوسکیں گے۔

    واضح رہے کہ کولوراڈو اور واشنگٹن کی ریاستوں نے 21 نومبر 2012 کو 21 برس سے زیادہ عمر کے افراد کے گانجا رکھنے اور اسے استعمال کرنے کو قانونی قرار دے دیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔