Tag: کیماڑی واقعہ

  • کیماڑی واقعے کا مقدمہ فیکٹری مالکان کے خلاف درج

    کراچی: کیماڑی آلودگی واقعے کا مقدمہ فیکٹری مالکان کے خلاف درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی علی محمد گوٹھ میں مبینہ ماحولیاتی آلودگی سے شہریوں کی موت کے واقعے کا مقدمہ موچکو تھانے میں فیکٹری مالکان کے خلاف درج کر لیا گیا۔

    مقدمہ علی محمد گوٹھ کے رہائشی خادم حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں 4 فیکٹری مالکان سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق فیکٹریوں سے مضر صحت دھواں، تعفن اور خاک اڑنے سے ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوئی، جو انسانی صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔

    کراچی: کیماڑی میں پُراسرار بخار سے 16 بچوں سمیت 19 افراد انتقال کر گئے

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث ان کی بیوی، بیٹا اور متعدد دیگر افراد بیمار ہو کر دم توڑ گئے۔

  • کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں سویابین کے ذرات کے باعث اموات کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے کیماڑی واقعے پر صوبائی و وفاقی حکومتوں سمیت سندھ انوائرنمنٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں کہا گیا تھا کہ زہریلی گیس سے اموات واقع ہوئیں لیکن کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا۔

    درخواست گزار نے کیماڑی واقعے پر عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور تعین کیا جائے کہ واقعے کا ذمہ دار کون ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    عدالت نے درخواست پر کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا جواب آنے دیں۔ بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین سے 11 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ کیماڑی واقعے پر آئینی درخواستیں مختلف شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہیں، جن میں صوبائی حکومت، کے پی ٹی، آئی جی و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تاہم، ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا کہ نمونوں میں سویابین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو کہ انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

  • سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

    سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

    کراچی: سویا بین سے لدے جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے بن قاسم منتقل کرنے خلاف کراچی ہاربر اینڈ ڈاک لیبر یونین نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پورٹ پر کام کرنے والے مزدور کے پی ٹی سے سویابین کے جہاز کی منتقلی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظاہرین نے بندرگاہ تک جانے والا راستہ بند کر کے بندرگاہ کی جانب مارچ شروع کر دیا۔

    خیال رہے کہ سویا بین کو بن قاسم پر ڈسچارج کروانے کے لیے ہرکولیس جہاز روانہ کر دیا گیا ہے، جس کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونیز نے احتجاج شروع کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی میں سویا بین کے جہاز صرف بن قاسم پر جانے سے کراچی پورٹ کی لیبر بے روزگار ہو جائے گی۔

    سویابین لانے والے جہاز کو کراچی پورٹ سے نکال دیا گیا

    لیبر یونین کا کہنا ہے کہ کیماڑی سانحے کی حتمی رپورٹ آنے سے قبل جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کے پی ٹی لیبر کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے، وزار ت پورٹ اینڈ شپنگ کیماڑی سانحے کے اصل حقائق جانے بغیر اپنا بزنس پوٹ قاسم منتقل کیوں کر رہی ہے؟ آج کا احتجاج کراچی پورٹ کے مزدوروں کے معاشی قتل اور پورٹ پر بے بنیاد الزامات کے خلاف ہے۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ سویا بین میں اگر خرابی ہے تو اسے پورٹ قاسم کیوں منتقل کیا جا رہا ہے، پورٹ قاسم کے اطراف بھی انسانی بستیاں آباد ہیں، پورٹ قاسم پر اگر سویا بین ڈسچارج کیا جائے گا تو ادھر کی آبادی کیا متاثر نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ ڈاک لیبر بورڈ کی ہڑتال کے فیصلے سے پورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • سویابین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا؟

    سویابین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا؟

    کراچی: سویا بین لانے والے ہرکولیس جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا، انویسٹی گیشن ٹیم نے پتا لگا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم نے اس بات کا پتا لگا لیا کہ امریکا سے سویا بین لانے والے بحری جہاز کو کس نے کلیئر کیا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے پلانٹ پروٹیکشن محکمے نے درآمدی سویا بین کو آف لوڈ کرنے کی اجازت دی تھی، اس محکمے کی جانب سے سویا بین صرف تیل بنانے کے استعمال کے لیے اجازت دی گئی، پلانٹ پروٹیکشن محکمہ اس خدمت کی فیس بھی وصول کرتا ہے۔

    سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    رپورٹس کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی 8 کمپنوں نے سویا بین درآمد کیا تھا، یہ کمپنیاں گھی اور تیل بناتی ہیں، ان کمپنیوں کے آرڈر پر ہرکولیس جہاز میں 14500 میٹرک ٹن سویا بین لایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا سے سویابین لے کر آنے والا ہرکولیس بحری جہاز تاحال بندرگاہ پر لنگر انداز ہے، تاہم جہاز کو بندرگاہ سے نکالنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، برتھ نمبر 10 پر لنگر انداز جہاز سے سویا بین پمپ کرنے والی مشینیں اتاری جا چکی ہیں، جہاز کو گزشتہ رات روانہ کیا جانا تھا لیکن سمندر میں لو ٹائیڈ کی وجہ سے نہیں نکالا جا سکا، جہاز کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز کرنے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی تھیں۔

  • شہر قائد میں پیٹرول کی قلت کی افواہیں دم توڑ گئیں

    شہر قائد میں پیٹرول کی قلت کی افواہیں دم توڑ گئیں

    کراچی: شہر قائد میں پیٹرول کی قلت کی افواہیں دم توڑ گئیں، پمپس پر پیٹرول کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی میں نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سپلائی بند ہونے سے پیٹرول کی قلت کی افواہیں پھیل گئی تھیں، مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپ بند ہونا بھی شروع ہو گئے تھے جس کی وجہ سے پی ایس او کے پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس وقت شہر کے پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں، اور پیٹرول کی قلت کی افواہیں دم توڑ چکی ہیں، افواہوں کے ساتھ شہر میں ایرانی پیٹرول کی کھلےعام فروخت بھی شروع ہو گئی تھی جہاں فی لیٹر پیٹرول 180 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔

    مصنوعی بحران، پیٹرول پمپس بند ہونا شروع، ٹرانسپورٹ سروس بھی متاثر

    گزشتہ روز مضر صحت گیس کے واقعے کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ایس او نے آئل ٹرمینل بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان پی ایس او کا کہنا تھا کہ کیماڑی ٹرمینل بند رکھنے کا فیصلہ عملے اور کنٹریکڑز کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے، اور پی ایس او کی اعلیٰ انتظامیہ صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کے 23 میں سے 22 آئل ٹرمینل مکمل طور پر فعال ہیں، اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات تسلی بخش مقدار میں دستیاب ہے، جب کہ کیماڑی ٹرمینل عارضی بند ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر نہیں ہوگی۔

  • سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے اطراف سویابین ذرات سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے سویابین سے لدے بحری جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے ہٹایا جا رہا ہے، اس جہاز کو وفاقی وزیر علی زیدی نے پورٹ قاسم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ سویابین سے لدے ہرکولیس جہاز کو کراچی پورٹ کی برتھ نمبر 10 سے ہٹا کر آؤٹر انکرج پر کھڑا کیا جا رہا ہے، پہلے 11 بجے تک جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم اب سمندر کی لو ٹائیڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاز کو منتقل کیا جائے گا۔ قبل ازیں، کیماڑی واقعے کی تشویش ناک صورت حال کے تناظر میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں اجلاس بلایا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر علی زیدی اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کی، اجلاس میں ماحولیات کے ماہرین ، سائنس دانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمایندوں نے بحران کے حل کے لیے مختلف آپشنز پیش کیے۔

    اجلاس میں حفاظتی اقدامات کے تحت سویابین لانے والے بحری جہاز ہرکولیس کو پورٹ قاسم منتقل کرنے اور باقی کارگو آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کرے گی، یہ کمیٹی ماہرین اور تکنیکی افراد کی خدمات بھی لے سکے گی۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کے پی ٹی ذرایع کا کہنا ہے کہ سویا بین لانے والے جہاز کو حفاظتی اقدمات کے تحت بندرہ گاہ سے ہٹایا جا رہا ہے، اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ہر کولیس نامی جہاز کو کے پی ٹی سے ہٹانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی ہیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔

  • سندھ حکومت کیماڑی واقعے کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کر‌ے گی، وزیراعلیٰ سندھ

    سندھ حکومت کیماڑی واقعے کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کر‌ے گی، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کیماڑی واقعے کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کر‌ے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گیس کے اخراج سے اموات پر افسوس ہے ، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں خود بھی کیماڑی جا چکا ہوں، 24گھنٹے میں دوبارہ اموات کا بڑھناخطرے کی گھنٹی تھی، کیماڑی واقعے کی تمام ادارے مل کر تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کیماڑی واقعے کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

    پی ایس ایل سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات ہوں گے، پہلی بار پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہو رہا ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کراچی میں مزیدکرکٹ اسٹیڈیم بنائیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس کو ہدایت کی ہیں کہ عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات کرے، پیپلزپارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔