Tag: کیماڑی گیس

  • سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    سویابین لانے والا بحری جہاز کراچی پورٹ سے ہٹایا جائے گا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے اطراف سویابین ذرات سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے سویابین سے لدے بحری جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے ہٹایا جا رہا ہے، اس جہاز کو وفاقی وزیر علی زیدی نے پورٹ قاسم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ سویابین سے لدے ہرکولیس جہاز کو کراچی پورٹ کی برتھ نمبر 10 سے ہٹا کر آؤٹر انکرج پر کھڑا کیا جا رہا ہے، پہلے 11 بجے تک جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم اب سمندر کی لو ٹائیڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاز کو منتقل کیا جائے گا۔ قبل ازیں، کیماڑی واقعے کی تشویش ناک صورت حال کے تناظر میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں اجلاس بلایا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر علی زیدی اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کی، اجلاس میں ماحولیات کے ماہرین ، سائنس دانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمایندوں نے بحران کے حل کے لیے مختلف آپشنز پیش کیے۔

    اجلاس میں حفاظتی اقدامات کے تحت سویابین لانے والے بحری جہاز ہرکولیس کو پورٹ قاسم منتقل کرنے اور باقی کارگو آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کرے گی، یہ کمیٹی ماہرین اور تکنیکی افراد کی خدمات بھی لے سکے گی۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کے پی ٹی ذرایع کا کہنا ہے کہ سویا بین لانے والے جہاز کو حفاظتی اقدمات کے تحت بندرہ گاہ سے ہٹایا جا رہا ہے، اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ہر کولیس نامی جہاز کو کے پی ٹی سے ہٹانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی ہیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔

  • اہم اداروں نے کیماڑی میں پراسرار گیس کا سراغ لگا لیا، اموات کی تعداد 7 ہو گئی

    اہم اداروں نے کیماڑی میں پراسرار گیس کا سراغ لگا لیا، اموات کی تعداد 7 ہو گئی

    کراچی: اہم اداروں نے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار گیس کے اخراج کا سراغ لگا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی سے پر اسرار زہریلی گیس کے اخراج کا پتا چل گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اہم اداروں نے یہ سراغ لگا لیا ہے کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز مال بردار جہاز ہی گیس کے اخراج کی وجہ ہے۔ زہریلی گیس اخراج کا مقدمہ بھی جیکسن پولیس نے درج کر لیا، مقدمے میں قتل بالسبب، زہر خورانی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا۔

    کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ایک جہاز کے پی ٹی پر کچھ منتقل کر رہا ہے جس سے گیس کا اخراج ہو رہا ہے، اس کنٹینر سے آف لوڈنگ بند کروا دی گئی ہے، تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ کنٹینر کا دروازہ بند کرتے ہیں تو گیس اخراج کم ہو جاتا ہے، سپارکو نے نمونے بھی اکھٹے کر لیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کنٹینر میں موجود اشیا چیک کروانے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے گیس سے متعلق بریفنگ ملنے کے بعد کہا کہ ایئر کوالٹی چیک کروا کے پرسرار گیس کے وسائل چیک کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک آرمی بھی ایئر کوالٹی چیک کرنے میں بھرپور مدد کر رہی ہے۔

    پراسرار گیس دیگر علاقوں تک پھیلنا شروع، وزیراعظم کو گہری تشویش

    وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے جائیں، سورس تلاش کریں پھر ضروری ہو تو ریلوے کالونی خالی کروا لیں، ہمیں عوام کی ہر طرح سے مدد کرنی ہے، جو اموات ہوئی ہیں ان کا مجھے شدید دکھ ہوا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس کے متاثرہ دو مزید افراد گزشتہ رات دم توڑ گئے ہیں، جس کے بعد زہریلی گیس سے اموات کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقے میں رینجرز کی بھاری نفری موجود ہے، رینجرز اہل کار متاثرہ علاقے سے لوگوں کو اسپتال پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں، علاقے میں آنے جانے والے افراد میں ماسک بھی تقسیم کیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی ٹی اسپتال میں 70 سے زائد مریض زیر علاج، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے زیر علاج 10 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ کیماڑی کے نجی اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث مریضوں کو دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا، جناح اسپتال میں زہریلی گیس سے متاثرہ 27 افراد زیر علاج تھے جن میں سے 23 کو طبی امداد کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا، انچارج شعبہ حادثات کا کہنا ہے کہ 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    کیماڑی میں زہریلی گیس سے میڈیا کے نمایندے بھی متاثر ہوئے، گزشتہ رات علاقے میں موجود 2 نجی نیوز چینلز کے رپورٹرزکی طبیعت بگڑ گئی، دونوں صحافیوں کو کے پی ٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ گھنٹوں میں صورت حال واضح ہو جائے گی، معلوم ہو جائے گا کہ ہوا میں کون سی چیز شامل ہے، فی الوقت آبادی کا انخلا نہیں کیا جا رہا، صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، صورت حال دیکھتے ہوئے عوام کو ریلوے کالونی سے نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ ہوگا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ نے کیماڑی کے نجی اسپتال اور جناح اسپتال میں متاثرین کی عیادت کی۔ جب کہ کیماڑی کی صورت حال کے پیش نظر سندھ کابینہ کا آج کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، اجلاس اب بدھ کو 3 بجے نیو سندھ سیکرٹریٹ میں ہوگا۔