Tag: کیماڑی

  • ایم کیو ایم نے ڈی ایم سی کیماڑی کے خلاف آئینی درخواست عدالت میں جمع کرا دی

    ایم کیو ایم نے ڈی ایم سی کیماڑی کے خلاف آئینی درخواست عدالت میں جمع کرا دی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے اقدام کے خلاف ایم کیو ایم نے نئی آئینی درخواست تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی کی تشکیل کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل کو بھی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

    ایم کیو ایم کے ضلع غربی سے تعلق رکھنے والے 4 اراکین اسمبلی نے ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل کے خلاف آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دی، یہ درخواست وکیل سلمان مجاہد بلوچ نے جمع کرائی ہے۔

    ایم کیو ایم نے درخواست میں چیف سیکریٹری سندھ، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکشن افسر فائیو لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا ہے۔

    حکومت سندھ نے نئے ضلع کیماڑی میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن قائم کردی

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے اور اس کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے، ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل ایس ایل جی اے 2013 شق 8 کی ذیلی شق 3 اور 4 سے متصادم ہے۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل کے حوالے سے معاملہ عدالت میں پہلے ہی زیر سماعت ہے اس کے باوجود سندھ حکومت نے ڈی ایم سی کیماڑی اور اثاثہ جات کی تقسیم کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، پیپلز پارٹی کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ دونوں نوٹیفیکیشن کو فی الفور معطل کیا جائے۔

  • سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کیماڑی کو باضابطہ طور پر ضلع کا درجہ دے دیا، جس کے بعد کراچی میں اضلاع کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    کیماڑی کا نیا ضلع، ضلع غربی کو تقسیم کر کے بنایا گیا ہے، اس نئے ضلع میں 4 سب ڈویژنز شامل کیے گئے ہیں، جن میں سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ماڑی پور شامل ہیں، سب ڈویژن ہاربر کا نام تبدیل کر کے کیماڑی رکھا گیا ہے۔

    ضلع غربی اب منگھو پیر، اورنگی اور مومن آباد کے سب ڈویژنز پر مشتمل ہوگا، جن میں تیسر، سرجانی اور منگھوپیر کے علاقے آئیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

    یاد رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی، آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ کا سب سے بڑا ضلع تھا۔

    24 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سندھ ہائی کورٹ میں ضلع کیماڑی کی تشکیل چیلنج کر دی تھی، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل پیپلز پارٹی نے عصبیت کی بنیاد پر کی ہے۔

    واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کا نوٹیفکیشن ایک ایسے دن جاری کیا گیا ہے جب کراچی میں وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

  • کیماڑی میں زہریلی گیس: ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری

    کیماڑی میں زہریلی گیس: ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے کے واقعے پر، ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کا واقعے کے 2 ہفتے گزرنے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔

    زہریلی گیس پھیلنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی ٹیم بھی بنادی گئی ہے۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

    ایس پی کیماڑی عمران خان، ایس پی انویسٹی گیشن مختیار خاصخیلی، ایس ایچ او جیکسن اور انسپکٹر جیکسن پولیس بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ تشکیل دی گئی ٹیم ہر جمعے کو کی جانے والی تفتیش پر بریفنگ بھی دے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

    سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تھا تاہم ریسرچ آف شعبہ کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا تھا کہ نمونوں میں سویا بین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

    بعد ازاں علم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویا بین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

    علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے بھی صوبائی و وفاقی حکومتوں، سندھ انوائرمینٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

  • کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں سویابین کے ذرات کے باعث اموات کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے کیماڑی واقعے پر صوبائی و وفاقی حکومتوں سمیت سندھ انوائرنمنٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں کہا گیا تھا کہ زہریلی گیس سے اموات واقع ہوئیں لیکن کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا۔

    درخواست گزار نے کیماڑی واقعے پر عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور تعین کیا جائے کہ واقعے کا ذمہ دار کون ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    عدالت نے درخواست پر کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا جواب آنے دیں۔ بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین سے 11 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ کیماڑی واقعے پر آئینی درخواستیں مختلف شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہیں، جن میں صوبائی حکومت، کے پی ٹی، آئی جی و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تاہم، ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا کہ نمونوں میں سویابین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو کہ انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

  • کیماڑی سانحے پر سیاست بند کی جائے، صدر کراچی چیمبر

    کیماڑی سانحے پر سیاست بند کی جائے، صدر کراچی چیمبر

    کراچی: صدر کراچی چیمبر آغا شہاب نے کہا ہے کہ کیماڑی سانحے پر سیاست بند کی جائے، کراچی و پاکستان کی معیشت، کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔

    میڈیا کو جاری بیان میں صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ وفاقی، صوبائی و مقامی حکومتیں کیماڑی کے المناک سانحے پر سیاست کررہی ہیں جسے بندکیا جائے، سیاست کی وجہ سے کراچی اور پاکستان بھر کی معاشی و کارباری سرگرمیاں درحقیقت متاثر ہورہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں زہریلی گیس، سندھ حکومت کو 50 ہزار ماسک مل گئے

    انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کے خلل کی وجہ سے کراچی شہر کی معاشی سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثرات پڑیں گے، کیماڑی سانحے میں معصوم افراد کی لاشوں پر سیاست کرنے کے بجائے جامع تحقیقات کا آغاز کیا جائے اور ذمے دار کو سخت سزا دی جائے۔

    صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ دعوے کئے جارہے ہیں کہ سانحے کی وجہ مخصو ص شپمنٹ سے سویابین سے نکلنے والی ڈسٹ ہوسکتی ہے جس کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، ہرسال تقریباً25کے قریب سویابین شپمنٹس کی آمد کے پی ٹی پر ہوتی ہے اور کبھی بھی کوئی واقعہ نہیں سنا گیا، مشکوک مال کو پورٹ قاسم بھیج دینا مسئلے کا حل نہیں پورے معاملے کی تفصیلی سائنسی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔

  • کراچی میں زہریلی گیس، سندھ حکومت کو 50 ہزار ماسک مل گئے

    کراچی میں زہریلی گیس، سندھ حکومت کو 50 ہزار ماسک مل گئے

    کراچی:‌وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایک این جی او نے 50 ہزار ماسک دیئے ہیں۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کےپی ٹی سےسویابین لانے والے امریکی جہاز کو ہٹا دیا ہے اور واقعے پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے قانونی طور پر جو بھی کارروائی بنتی ہے کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آج اجلاس میں سیکریٹری داخلہ نے قیام امن پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا فور ویلر گاڑیوں کے چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے قائم ہوا، آئی جی کو فوری طور پر چھٹی پر جانا چاہیے، آئی جی پر وفاق کی جانب سے سرد مہری کامظاہرہ افسوسناک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی شاندار تقریب ہو گی، پی ایس ایل کیلئےفول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے اور تمام انتظامات مکمل کر لیےگئے ہیں۔

    محراب پور میں قتل ہونے والے صحافی عزیز میمن کے واقعے پر افسوس کا اظہارتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عزیز میمن کےبھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ایس ایس پی تنویر تنیو تحقیقات کریں گے۔

  • پیٹرول کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھ گئیں

    پیٹرول کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھ گئیں

    کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نےٹرمینل بند کر دیئے جس کی وجہ سے شہر میں پیٹرول کی قلت ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہونے والی اموات کے بعد متصل علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، جیکسن مارکیٹ سمیت دیگر چھوٹے بڑے تجاری و کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    زہریلی گیس کے اثرات کیماڑی کے آئل ٹرمینلز پر بھی مرتب ہوئے ہیں، عملے کی حفاظت کی خاطر پی ایس او سمیت دیگر آئل کمپنیوں نے ٹرمینلز بند کردیے ہیں جس سے شہر میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا کراچی کی ہوا خطرناک حد تک آلودہ ہو چکی ہے؟

    آئل ٹرمینل بند ہونے سے شہریوں کو پیٹرول کی قلت کا سامنا ہے، پیٹرول پمپس نے گاڑیوں کو 10 لیٹر سے زائد پیٹرول دینے سےانکار کردیا ہے جب کہ مختلف مقامات پر پیٹرول پمپس نے نرخ بڑھا دیئے ہیں۔

    شہر میں پیٹرول 160سے200 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے جب کہ بعض علاقوں میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے ہیں۔

  • زہریلی گیس کی تحقیق کرنا سائنس دانوں کا کام تھا: سینیٹ قائمہ کمیٹی

    زہریلی گیس کی تحقیق کرنا سائنس دانوں کا کام تھا: سینیٹ قائمہ کمیٹی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کی تحقیق کرنا سائنس دانوں کا کام تھا، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو فوری اس پر کام کرنا چاہیئے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین مشتاق احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    چیئرمین کمیٹی مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ زہریلی گیس کی تحقیق کرنا سائنس دانوں کا کام تھا، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو مسئلے پر فوری طور پر کام کرنا چاہیئے تھا۔

    اجلاس میں وزارت سائنس کی جانب سے کمیٹی کو سائنس ٹیلنٹ فارمنگ اسکیم پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ فارمنگ منصوبے میں دور دراز علاقوں کے طلبا کو تربیت دی جائے، یقینی بنایا جائے کہ منصوبے میں نجی اسکولوں کو شامل نہ کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کو دیگر بہت سے مواقع اور مراعات حاصل ہیں، اس کے برعکس سرکاری اسکولوں کے طلبا کو بہت کم مواقع حاصل ہوتے ہیں۔

    اپنی بریفنگ میں حکام نے پاکستان یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے منصوبے کے حوالے سے بتایا۔ حکام کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کے عقب میں سائنس اینڈ انجینیئرنگ یونیورسٹی بنائی جائے گی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے سے موجود یونیورسٹیز کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے، یونیورسٹیاں مالی خسارے کا شکار ہیں۔ پہلے سے موجود سیٹ اپ کو مزید پائیدار کرنا زیادہ فائدہ مند ہوگا۔

  • سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا: قادر پٹیل

    سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا: قادر پٹیل

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر پٹیل نے کہا ہے کہ سویابین کے ذرات ہوا کے ذریعے علاقے میں پھیل رہے تھے، سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے اس کے ذرات پھیلے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ کے پی ٹی کا کہنا ہے ذرات سے مزدور کیوں متاثر نہیں ہوئے، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جہاز بہت اونچا تھا اس لیے سویابین ذرات دور آبادی تک پھیل گئے، اور مزدور متاثر نہیں ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی انسپکٹر کا 19 سال کا بیٹا اسپتال پہنچنے سے پہلے چل بسا، علاقے میں خوف کی فضا ہے، لوگ گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں، ہم شروع سے کہہ رہے تھے واقعے کی انکوائری کرائیں، ہم نے یہ شک بھی ظاہر کیا تھا کہ واقعے کا تعلق کے پی ٹی سے ہو سکتا ہے، جہاز کو خالی کرانے سے روکا گیا تو آج صورت حال کچھ بہتر ہوئی ہے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پہلے دن کے پی ٹی اسپتال میں متاثرہ افراد کو داخل نہیں ہونے دیا گیا، کراچی پورٹ اور ریلوے کالونی کی بیچ آبادی میں بھی اموات ہوئی ہیں، ایک کوتاہی ہوئی ہے اس کو تسلیم کرنے میں کیا حرج ہے، لوگ سمجھے کہ انھیں منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے ضیا الدین اسپتال میں متاثرین کا فری علاج کرایا، جناح اسپتال میں 2 وارڈز متاثرین کے لیے مختص کرائے، سول اسپتال میں فوری ایمرجنسی نافذ کرائی، رینجرز کا شکر گزار ہوں علاقے میں لوگوں میں ماسک تقسیم کیے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے اموات سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔

  • کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے کیماڑی میں پرُ اسرار زہریلی گیس کا معمہ حل ہوگیا، واقعہ سویابین کی گرد کے پھیلاؤ کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

    وزیراعلی سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ میں بتایا کہ پراسرار گیس سے متعلق کراچی یونیورسٹی کے ماہرین نے ابتدائی رپورٹ جمع کرادی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیماڑی واقعہ سویابین کی گرد کے پھیلاؤ کےباعث پیش آیا، یہ سویابین کراچی پورٹ پر لنگرانداز جہاز میں موجود ہے۔

    بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ اس قسم کےواقعات دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پیش آچکے ہیں۔

    ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی نے رپورٹ میں بتایا کہ ہلاک افراد کےخون کےنمونوں کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے اور نمونوں میں سویابین ڈسٹ کا انکشاف ہوا، سویابین ڈسٹ انسانی صحت کیلئےخطرناک ہے، ڈسٹ کاوائرس 2 سال پہلے اسپین میں بھی آیا تھا جس سے  متعدد افراد متاثر ہوئے تھے۔

    ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی تحقیقی رپورٹ کمشنر کراچی کو ارسال کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس سے دو روز کے دوران اب تک 14 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 300 سے زائد افراد متاثر ہوئے جو شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    زہریلی گیس کے باعث علاقہ مکین خوف و ہراس میں مبتلا ہیں، کیماڑی اور اطراف کے علاقوں میں تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ کے پی ٹی میں بھی کام ٹھپ ہے۔