Tag: کیماڑی

  • کراچی میں پر اسرار زہریلی گیس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی

    کراچی میں پر اسرار زہریلی گیس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کا اخراج کیسے ہوا، ایک معما بن گیا، واقعے میں‌ جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جب کہ 100 سے زائد کی حالت غیر ہوئی جنھیں مختلف اسپتالوں میں علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا، کیماڑی میں واقع نجی اسپتال میں 22 افراد تا حال زیر علاج ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں چھ قیتمی جانوں کے ضیاع پر لواحقین غم سے نڈھال ہیں، پولیس کی جانب سے متاثرہ افراد اور اہل خانہ کے بیانات قلم بند کر لیے گئے، نیوی کی ٹیم نے متاثرہ افراد کا معائنہ کیا اور خون کے نمونے لے لیے، علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔

    کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن بھی کیا، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ پورٹ کے اندر بھی آپریشن کر کے اسے کلیئر کر دیا گیا ہے، گیس لیکج ہے یا کمیکل ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔ زہریلی گیس کے اخراج کا سبب جاننے کے لیے کے پی ٹی انتظامیہ نے پاکستان نیوی سے مدد طلب کر لی ہے، کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل زاہد الیاس سے چیئرمین کے پی ٹی کا رابطہ ہوا، جس کے بعد پاکستان نیوی کی بائیولوجیکل کیمیکل ڈیمیج کنٹرول ٹیم متاثرہ علاقے میں پہنچی۔ نیوی کی خصوصی ٹیم متاثرہ علاقے کا جائزہ لے گی اور وجوہ کا تعین کرے گی۔

    دوسری طرف زہریلی گیس پھیلنے کے بعد پولیس کو نئی مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے، جاں بحق 2 خواتین کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا، دونوں جاں بحق ہونے والی خواتین ریلوے کالونی کی رہایشی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بغیر موت کی وجہ بننے والی گیس کا پتا نہیں لگایا جا سکتا، دونوں خواتین کے گھر جا کر اہل خانہ کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے۔

    کیماڑی میں نجی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں 100 سے زائد متاثرہ افراد لائے گئے، گزشتہ روز ساڑھے 7 بجے کے قریب اسپتال میں متاثرہ افراد آنا شروع ہوئے، زیادہ تر مریضوں کو سانس کی تکلیف تھی، متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، 3 مریض آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر فہیم کا کہنا تھا کہ سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کے شکار افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ افراد میں سے کافی تعداد کو پیٹ درد کی شکایت بھی ہے، مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت دے رہے ہیں، لیبارٹری تجزیے کے لیے بھی مریضوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں، نتائج آنے پر معلوم ہو سکے گا کہ کون سی گیس جسم میں داخل ہوئی۔

    کیماڑی میں پراسرار گیس سے اموات پر پی ڈی ایم اے میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، ایمرجنسی کی صورت میں 35381810-021 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے صورت حال قابو میں آ رہی ہے، این بی سی ڈی ٹیم علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے، ٹیم زہریلی گیس پھیلنے کی بنیادی وجہ کا تعین کر رہی ہے، میں نے ویسٹ وہارف کا خود بغیر ماسک پہنے دورہ کیا، اور وہاں لنگر انداز جہازوں کا معائنہ کیا، امریکا سے سویابین لانے والے جہاز کا بھی بغیر ماسک معائنہ کیا۔

  • کراچی: کیماڑی میں مقابلہ،5 دہشتگردہلاک،2اہلکارزخمی

    کراچی: کیماڑی میں مقابلہ،5 دہشتگردہلاک،2اہلکارزخمی

    کراچی: کیماڑی میں رینجرز سے مقابلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوگئے، ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق الیاس کشمیری گروپ سے ہے جبکہ ناظم آباد میں کار پر فائرنگ سے خاتون زخمی اور ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ہیلپ لائن پر اطلاع ملی کہ کیماڑی ٹاپو میں خطرناک دہشتگرد موجود ہیں، رینجرز کے جوان حرکت میں آئے اور فوری علاقے میں پہنچ گئے ۔

    رینجرز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دواہلکار زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں عمر ، انس ، عبدالرؤف،جاوید حسن اور طلحہ قیصر شامل ہیں، جن کا تعلق الیاس کشمیری گروپ سے ہے ۔

    ہلاک دہشتگردوں نے دوہزار چودہ میں رینجرز کے سیکٹر کمانڈر پر حملہ کیا تھا۔

    دوسری جانب کراچی میں خون اورقتل وغارت گری جاری ہے، ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب نامعلوم افرادکی کار پر فائرنگ میں نادیہ نامی خاتون زخمی ہوگئی جبکہ طارق نامی ڈرائیورجاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔

  • کیماڑی:مختلف علاقوں میں پولیس سرچ آپریشن،24گرفتار،اسلحہ برآمد

    کیماڑی:مختلف علاقوں میں پولیس سرچ آپریشن،24گرفتار،اسلحہ برآمد

    کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث چوبیس ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    کراچی میں جاری قتل و غارت گری اور پرتشدد واقعات کے بعد ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں تیز کر دیں۔

    بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد میں پولیس نے چھاپہ مار کاروائی کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    دوسری جانب خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے کیماڑی ٹاؤن کے مختلف علاقوں سلطان آباد، مشرف کالونی، ماڑی پور، شیرشاہ، مچھرکالونی میں چھاپے مارے۔

    کارروائی کے دوران منشیات فروشی جوے اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث چوبیس ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے داؤ پر لگائی گئی رقم تین موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کرلی، آپریشن کی سربراہی ایس پی کیماڑی نے خود کی تھی۔