Tag: کیمبرج امتحانات

  • کیمبرج امتحانات میں پیپر لیک ہونے کی تحقیقات مکمل

    کیمبرج امتحانات میں پیپر لیک ہونے کی تحقیقات مکمل

    اسلام آباد: کیمبرج امتحان میں پیپر لیک ہونے کی تحقیقاتی رپورٹ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو پیش کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کیمبرج امتحانات میں پیپر لیک ہونے کے معاملے پر تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور سب کمیٹی نے 30 نکات پر مشتمل رپورٹ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو پیش کر دی۔

    سیکرٹری ایجوکیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ پیپر لیک کی تحقیقات کیمبرج نے خود کی ہیں اور اس معاملے میں انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی) کا کردار بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک داخلہ لینے والے طلبہ دوبارہ امتحان دینے کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لیے معاملے کو احتیاط سے دیکھنا ہوگا۔

    سیکرٹری ایجوکیشن نے مزید کہا کہ دو ہفتوں میں اجلاس بلایا جائے گا، جس میں کیمبرج اور آئی بی سی سی دونوں کو ساتھ بٹھایا جائے گا تاکہ آئندہ اس طرح کے مسائل سے بچا جا سکے۔

    مزید پڑھیں : جون 2025 میں کیمبرج کے لیک ہونے والے پیپرز کے حوالے سے طلبا کے لیے اہم خبر

    کمیٹی کے رکن مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ کیمبرج کو کنٹرول کرنا مناسب نہیں، وہ اپنی غلطیاں خود تلاش کرے گا، کمیٹی کی جانب سے ایسے اقدامات تجویز کیے جائیں گے جن سے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو نقصان نہ ہو۔

    یاد رہے کیمبرج انٹرنیشنل نے جون 2025 کے امتحانات میں مبینہ پیپر لیکس کے معاملے پر متاثرہ تین پرچوں کے لیے مفت ری سیٹ کا اعلان کیا تھا۔

    کیمبرج انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ متاثرہ پرچوں میں شریک طلبہ نومبر 2025 میں دوبارہ امتحان دے سکیں گے، جبکہ نومبر کے امتحانات کے نتائج معمول کے مطابق جنوری میں جاری کیے جائیں گے۔

    کیمبرج نے مزید کہا تھا کہ ری سیٹ اختیاری ہوگا اور اس سے متعلق مزید تفصیلات نتائج کے اجرا کے بعد اسکولوں کو فراہم کی جائیں گی تاہم پرائیویٹ امیدواروں کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار برٹش کونسل جاری کرے گی۔

  • کیمبرج امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    کیمبرج امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    کراچی: کیمبرج ایجوکیشن کے تحت مئی جون امتحانی سیریز کے نتائج آج جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کیمبرج آئی جی سی ایس ای، او لیول اور انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول کے مئی جون امتحانی سیریز کے نتائج کا اعلان ہو گیا۔

    عالمی سطح پر مئی جون 2024 میں کیمبرج کے بین الاقوامی امتحانات کے لیے 1.6 ملین سے زیادہ رجسٹریشن ہوئی، پچھلے سال کی نسبت رجسٹریشن کی تعداد میں 9 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

    پاکستان میں 683 اسکولوں میں 10 ہزار سے زائد طلبہ کیمبرج او لیول اور اے لیول امتحانات میں شریک ہوئے تھے، کیمبرج او لیولز اور آئی جی سی ایس ایز کے لیے 2 لاکھ 26 ہزار سے زیادہ اندراجات ہوئے۔ کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیولز کے لیے ملک بھر کے طلبہ کی جانب سے 1 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ اندراجات ہوئے تھے۔

    کیمبرج او لیول اور آئی جی سی ایس ایز میں پاکستان اسٹڈیز، اسلامیات، ریاضی، انگریزی اور اردو زبان سب سے زیادہ مقبول مضامین تھے، کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول پر طبیعیات، ریاضی، بزنس، کیمیا اور کمپیوٹر سائنس سب سے زیادہ مقبول مضامین ہیں۔