Tag: کینیا کی خبریں

  • کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    نیروبی: کینیا میں ایک شخص پھاؤڑے، کلہاڑی اور بیلچے کی مدد سے دیہاتیوں کے لیے دشوار گزار جھاڑیوں میں راستہ نکال کر لوگوں کی نظروں میں ہیرو بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوگ نکولس میوشامی کی ہمت اور کارنامہ دیکھ کر اس وقت حیران رہ گئے جب اس نے اپنی مدد آپ کے تحت دیہاتیوں کے لیے دشوار جھاڑیاں کاٹ کر ایک لمبی سڑک کھودی۔

    نکولس نے تن تنہا چھ دن کے اندر جنگل میں ڈیڑھ کلو میٹر (ایک میل) لمبا راستہ نکالا۔

    باہمت دیہاتی نے میڈیا کو بتایا کہ جہاں انھوں نے سڑک بنائی ہے وہاں سرکاری طور پر سڑک کی نشان دہی کی جا چکی تھی لیکن مقامی لیڈر سڑک بنانے میں ناکام ہو گئے تھے۔

    مرانگا کاؤنٹی میں واقع گاؤں کگانڈا جو کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے 80 کلو میٹر شمال میں واقع ہے، کے رہائشی مقامی شاپنگ سینٹر تک پہنچنے کے لیے 4 کلو میٹر کا طویل راستہ کاٹنے پر مجبور تھے۔

    دیہاتیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ جھاڑیوں میں سڑک نکال کر ان کے لیے سہولت فراہم کی جائے لیکن حکومت کی جانب سے ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    دیہاتی نکولس نے بتایا کہ وہ دن میں ایسے ہی عجیب و غریب کام کر کے اور رات کو چوکیداری کر کے روزی روٹی کماتا ہے۔

    ’ہیرو‘ نے بتایا کہ لوگ پوچھتے تھے کہ کیا یہ کام کرتے ہوئے کوئی معاوضہ بھی دے رہا ہے۔ تاہم آج سب خوش ہیں، بچے اس راستے اسکول جاتے ہیں، اور میں بھی خوش ہوں۔

  • کینیا میں سیسنا طیارہ گر کر تباہ، دس افراد ہلاک

    کینیا میں سیسنا طیارہ گر کر تباہ، دس افراد ہلاک

    نیروبی: کینیا میں دو دن قبل لاپتا ہونے والے سیسنا طیارے کا ملبہ بلند پہاڑوں پر مل گیا، حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود دس افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

    تفصیلات کے مطابق بد قسمت طیارے میں دو پائلٹوں کے علاوہ آٹھ افراد سوار تھے، کینیا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکریٹری پال مرنگا کا کہنا تھا کہ فلائی سکس نامی طیارہ آبر ڈیرس میں گر کر تباہ ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا ہے تاہم کینیا کے حکام نے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    کینیا کے حکام کا کہنا ہے کہ بد قسمت طیارہ منگل کو کٹالی ایئرپورٹ چھوڑتے ہی کھو گیا تھا اور جومو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔

    کینیا سے امپورٹ کی جانے والی چائے میں مضر صحت کیمیکل کے اجزا ہونے کا انکشاف


    تباہ شدہ طیارے کا ملبہ آج سطح سمندر سے گیارہ ہزار فٹ بلند مقام ایلیفینٹ پوائنٹ پر فضائی تلاش کے دوران ملا، طیارہ کٹالی سے نیروبی جا رہا تھا جسے خراب موسم کے باعث جومو کینیاٹا موڑ دیا گیا تھا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق طیارے کے ملبے تک کینیا کی وائلڈ لائف سروس کی ماؤنٹین ریسکو ٹیم نے رسائی کی، جن کے پہنچنے تک وہاں کوئی زندہ نہیں بچا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔