Tag: کینیڈا

  • کینیڈا کا امریکی اشیا پر محصولات ختم کرنے کا فیصلہ

    کینیڈا کا امریکی اشیا پر محصولات ختم کرنے کا فیصلہ

    کینیڈا کی جانب سے امریکی اشیا پر محصولات ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کینیڈا تمام امریکی مصنوعات پر وہ محصولات ختم کر دے گا جو موجودہ شمالی امریکی آزاد تجارتی معاہدے کے تحت مطابقت رکھتی ہیں، یہ اقدام اس چھوٹ کے مطابق ہے جس کی تصدیق رواں ماہ کے آغاز میں واشنگٹن نے کی تھی۔

    کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے امریکی صدر سے طویل ٹیلیفونک گفتگو کے ایک روز بعد صحافیوں کو بتایا کہ کینیڈا کے پاس امریکا کے ساتھ کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے بہترین معاہدہ ہے۔

    ایئر کینیڈا کے فضائی میزبانوں کی ہڑتال، سیکڑوں پروازیں گراؤنڈ

    ایئر کینیڈا کے 10 ہزار کیبن عملے کی جانب سے آج صبح تنخواہوں پر مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ہڑتال کردی گئی، جس کے باعث ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی نے اپنی بیشتر پروازیں گراؤنڈ کردیں۔

    ایئر کینیڈا کے 10ہزار سے زائد فلائٹ اٹینڈنٹس ہڑتال پر جا چکے ہیں، جس سے روزانہ 1 لاکھ 30 ہزار مسافر متاثر ہوں گے، ہڑتال کے دوران عملہ کینیڈا کے بڑے ہوائی اڈوں پر احتجاجی مظاہرے بھی کرے گا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ 1985ء کے بعد فضائی میزبانوں کی پہلی بڑی ہڑتال ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہڑتال سے ایئر لائن سروسز بند ہونے اور موسمِ گرما میں ایک لاکھ سے زائد مسافروں کے سفری منصوبے بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    ایران کا یورپ کے ساتھ جوہری مذاکرات جاری رکھنے پر اتقاق

    رپورٹس کے مطابق ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی کی یونین کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا ہے کہ فضائی میزبانوں کو صرف پرواز کے دوران نہیں بلکہ زمینی وقت پر بھی معاوضہ دیا جائے جب وہ مسافروں کو بورڈنگ اور دیگر خدمات فراہم کر رہے ہوتے ہیں۔

  • کینیڈین ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کا ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

    کینیڈین ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کا ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

    مونٹریال (18 اگست 2025): کینیڈین ایئر لائن کے فضائی میزبانوں نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق اتوار کو ایئر کینیڈا کے فضائی میزبانوں (فلائٹ اٹینڈنٹس) نے حکومتی حمایت یافتہ لیبر بورڈ کے ہڑتال ختم کرنے کا حکم ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

    ایئر کینیڈا کے 10 ہزار سے زائد فضائی میزبان ہفتے کے روز سے ہڑتال پر ہیں، اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہڑتال کی وجہ سے ایئر کینیڈا نے پروازیں بحال ہونے کا اعلان پیر کی شام تک ملتوی کر دیا ہے۔

    کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائی نے بیان میں کہا کہ ایئر کینیڈا کے 10,000 اٹینڈنٹ ہڑتال پر رہیں گے، یونین نے لیبر بورڈ کے ’بیک ٹو ورک آرڈر‘ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ایئر لائن کے فائدے اور تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے، حالاں کہ اس کی بجائے ایئر لائن کو ایک منصفانہ معاہدے کے لیے مذاکرات کی میز پر لایا جانا چاہیے تھا۔

    واضح رہے کہ فضائی میزبانوں کی یونین کا اس حکم کو ماننے سے انکار قانون کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے، کیوں کہ لیبر بورڈ کو یہ ذمہ داری کینیڈین آئین نے دی ہے اور اگر اس کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو یہ قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

    روئٹرز کے مطابق کسی یونین کی جانب سے ’بیک ٹو ورک آرڈر‘ کی خلاف ورزی شاذ و نادر ہی سامنے آتی ہے، 1978 میں کینیڈا کے پوسٹل ورکرز نے بیک ٹو ورک قانون کی تعمیل کرنے سے انکار کیا تھا، جس کے نتیجے میں جرمانے کیے گئے اور ان کے یونین لیڈر کو پارلیمنٹ کی توہین کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔

  • کینیڈا میں قتل کی وارداتیں ، بشنوی گینگ کو دہشت گردتنظیم قراردینے کا مطالبہ

    کینیڈا میں قتل کی وارداتیں ، بشنوی گینگ کو دہشت گردتنظیم قراردینے کا مطالبہ

    اوٹاوا: کینیڈا مین بشنوی گینگ کو دہشت گرد تنظیم قراردینے کا مطالبہ کردیا گیا ، بشنوی گینگ بھارتی انٹیلی جنس کے لیے کام کرتا ہے اور حالیہ برسوں میں کینیڈا میں متعدد قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین حکام نے بھارت سے منسلک خطرناک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک بشنوی گینگ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے، جس پر کینیڈا کے وفاقی اور صوبائی رہنماؤں کی حمایت سامنے آ رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ بشنوی گینگ بھارتی انٹیلی جنس کے لیے کام کرتا ہے اور حالیہ برسوں میں کینیڈا میں متعدد قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ 2023 میں خالصتان رہنما ہردیپ سنگھ نجر کا قتل بھی اسی گینگ کے کارندے راکی کی نگرانی میں کیا گیا تھا۔

    رپورٹ ک میں کہنا تھا کہ گینگ نے حالیہ دنوں میں برامپٹن اور برٹش کولمبیا میں بھارتی نژاد افراد کے قتل کی ذمہ داری قبول کی۔ مئی میں برامپٹن کے ہر جیت سنگھ دھدہ کو دفتر کے باہر فائرنگ سے قتل کیا گیا اور چند گھنٹوں بعد گینگ نے فیس بک پر اس کی ذمہ داری لی۔.

    ایک ماہ بعد برٹش کولمبیا اور برامپٹن میں مزید دو بھارتی نژاد بزنس مین قتل کر دیے گئے۔

    کینیڈین حکام نے کہا کہ بشنوی گینگ بھتہ خوری، تشدد اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

    برٹش کولمبیا کے وزیراعلیٰ ڈیوڈ ایبی اور البرٹا کی وزیراعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے گینگ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ البرٹا کے وزیرِ پبلک سیفٹی مائیک ایلس اور کینیڈین کنزرویٹو رہنماؤں کے ساتھ ساتھ برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے بھی اس اقدام کی حمایت کی ہے۔

    بشنوی گینگ کا سربراہ لارنس بشنوی جیل سے عالمی سطح پر 700 سے زائد شوٹرز کو کنٹرول کرتا ہے۔ یہ گینگ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کر چکا ہے۔

    اس کے علاوہ بھارتی گلوکار اے پی ڈھلوں، گپی گریوال کے گھروں پر حملے، سری (بی سی) کے بزنس مین ساتیش کمار کو دوملین ڈالر بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کا نشانہ بنانے کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کیفےپرفائرنگ کی ذمہ داری بھی گینگ نے قبول کی تھی۔

  • پاکستانی طلبہ کیلیے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع

    پاکستانی طلبہ کیلیے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع

    اسلام آباد (1 اگست 2025): ان پاکستانی طلبہ کیلیے سنہری موقع آن پہنچا ہے جو کینیڈا جیسے بڑے ملک میں تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل سنوارنا چاہتے ہیں۔

    جدید ٹیکنالوجی کی تحقیق میں پاکستان کی موجودگی کو بڑھانے کے ویژن کے تحت وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے ایسے گریجویٹ طلبہ کیلیے اعلان کیا ہے جو کینیڈا کی یونیورسٹی میں M.A.Sc یا Ph.D پروگرام میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

    یہ اقدام جدید انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے کچھ سب سے زیادہ طلب والے شعبوں میں مہارت فراہم کرتا ہے جس میں یہ شامل ہیں:

    • میکاٹرانکس
    • مصنوعی ذہانت (اے آئی)
    • الیکٹرک اور خودکار گاڑیاں
    • انرجی اسٹوریج اور ہائبرڈ پاور ٹرین سسٹم

    یہ پوزیشنز میک ماسٹر آٹوموٹیو ریسورس سینٹر (MARC) میں ڈاکٹر ریان احمد کی نگرانی میں شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے ذریعے پیش کی جاتی ہیں جو کہ اسمارٹ موبلٹی انوویشن کیلیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ مرکز ہے۔

    اہلیت کیلیے مکینیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ یا کمپیوٹر سائنس میں بیچلر کی ڈگری لازمی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے پاس ایک لاکھ روپے کیش حاصل کرنے کا سنہری موقع

    دلچسپی رکھنے والے امیدوار وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی طرف سے فراہم کردہ لنک کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

    وزارت کے مطابق یہ تعاون مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر جدید تحقیقی مہارتوں اور ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کے مواقع سے آراستہ کر کے پاکستان کے مستقبل کو روشن بنانے کے وسیع تر ویژن کا حصہ ہے۔

    وزارت نے کہا کہ میک ماسٹر یونیورسٹی کے ساتھ یہ شراکت جدت کو فروغ دینے اور پاکستانی گریجویٹس کو عالمی سطح پر جدید تحقیق میں حصہ ڈالنے کے قابل بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

    پاکستانی طلبہ ابھی درخواست دے سکتے ہیں اور شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار تشخیصی عمل کے ذریعے آگے بڑھیں گے۔

    ویزا اور امیگریشن سے متعلق خبریں

  • کینیڈا جو راستہ اختیار کرے گا ویسا ہی سلوک کیا جائے گا، ٹرمپ کی دھمکی

    کینیڈا جو راستہ اختیار کرے گا ویسا ہی سلوک کیا جائے گا، ٹرمپ کی دھمکی

    واشنگٹن(1 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا جو راستہ اختیار کرے گا ویسا ہی سلوک کیا جائے گا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ممالک پر ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد گفتگو میں کہا کہ میں کینیڈا سے پیار کرتا ہوں، وہاں میرے بہت دوست ہیں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ کینیڈا  کا تحفظ کیا ہے لیکن کینیڈا جو راستہ اختیار کرے گا ویسا ہی سلوک کیا جائے گا، فلسطینی ریاست سے متعلق کینیڈا نے جو کیا وہ پسند نہیں آیا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے متعلق کینیڈا نے جو کچھ کیا وہ پسند نہیں، فلسطینی ریاست کے بارے میں کینیڈا کا مؤقف ڈیل بریکر نہیں ہے، کچھ عرصہ پہلے ہی کچھ اور تجارتی معاہدے کیے ہیں۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا اس دوران میں نے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی اور سب  نے مجھے یہی کہا کہ  امریکا  ایک سال پہلے مردہ ہوچکا تھا۔

    امریکی صدر کی روس کو دھمکی

    صدر ٹرمپ نے روس کو جنگ ختم کرنے کیلئے آٹھ اگست کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی اور کہا آٹھ اگست تک روس نے جنگ ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو اضافی ٹیرف لگا دیں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس جو کر رہا ہے وہ افسوسناک ہے، روس یوکرین جنگ میں ہزاروں فوجی مارے جارہے ہیں، روس اور یوکرین کی جنگ اب رک جانی چاہیے، ہر ہفتے روس اور یوکرین  کے 7 ہزار فوجی ہلاک ہوتے ہیں۔

     غزہ کی صورتحال خوفناک ہے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال کو خوفناک قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ امریکا نے غزہ میں خوراک کے لیے 60 ملین ڈالر دیے لیکن کسی نے شکریہ ادا نہیں کیا، غزہ میں صورتحال اچھی نہیں اس کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔

  • کینیڈا کے فلسطین کو تسلیم کرنے سے متعلق اعلان پر امریکا اور اسرائیل کا ردعمل

    کینیڈا کے فلسطین کو تسلیم کرنے سے متعلق اعلان پر امریکا اور اسرائیل کا ردعمل

    کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر امریکی صدر اور اسرائیل کا ردعمل آگیا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق وزیر اعظم مارک کارنی ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اسرائیل-فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کی امید کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے، جو ایک طویل عرصے سے کینیڈا کا ہدف رہا ہے اور ’جو ہماری آنکھوں کے سامنے ختم ہو رہا ہے‘۔

    تاہم اس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو خبردار کیا ہے، ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے کینیڈا کے فیصلے سے امریکا کے ساتھ جاری تجارتی معاہدے پر اثر پڑ سکتا ہے۔

    فرانس اور برطانیہ کے بعد ایک اور ملک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور شروع کر دیا

    ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں کہا کہ ’واہ ! کینیڈا نے ابھی اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کی ریاستی حیثیت کی حمایت کر رہا ہے، اس سے ہمارے لیے ان کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنا بہت مشکل ہو جائے گا اوہ، کینیڈا’

    دوسری جانب اسرائیل نے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ’حماس کی وحشیانہ بربریت کو جواز فراہم کرنے کی کوشش‘ ہے۔

  • کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر تیار ہوگیا

    کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر تیار ہوگیا

    اوٹاوا: فرانس اور برطانیہ کے بعد کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر مشروط طور پر رضامند ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ایک نمایاں پالیسی تبدیلی ہے، جسے کینیڈا کے وزیر اعظم نے دو ریاستی حل کے لیے ضروری قرار دیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ کینیڈا کو امید تھی کہ دو ریاستی حل باہمی مذاکرات کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن اب یہ طریقہ کار قابلِ عمل نہیں رہا۔

    مارک کارنی کا کہنا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس سے فون پر بات ہوئی، کینیڈا کا ارادہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرے۔

    اُنہوں نے کہا کہ کینیڈا کا ارادہ فلسطینی اتھارٹی کے انتہائی ضروری اصلاحات کے عزم پر مبنی ہے، فلسطینی اتھارٹی طرز حکومت میں اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔

    مارک کارنی نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی 2026 میں حماس کے بغیرعام انتخابات کا عزم رکھتی ہے، کینیڈا اس حقیقت کی مذمت کرتا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں تباہی پھیلانے کی اجازت دی۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے فرانس اور برطانیہ بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر مشروط رضامندی کا اظہار کرچکے ہیں۔

    برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے منگل کو کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد کہا تھا کہ غزہ کی صورتحال نہ بدلی تو برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرے گا۔

    اُنہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل نے غزہ جنگ بندی، مغربی کنارے پر تسلط نہ کرنے کا اعلان اور دو ریاستی حل پر رضامندی نہ دی تو فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔

    روس نے دنیا کے سب سے تباہ کن کروز میزائل کا تجربہ کرلیا

    اس سے قبل فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا تھا کہ فرانس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کریں گے۔

  • تجارتی تعلقات اچھے نہیں، ٹرمپ، معاہدے کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے، کینیڈا

    تجارتی تعلقات اچھے نہیں، ٹرمپ، معاہدے کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے، کینیڈا

    واشنگٹن: امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ پھر چھڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، صدر ٹرمپ کو اوٹاوا کے ساتھ تجارتی معاہدے کی توقع نہیں، جب کہ کینیڈین وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے میں جلد بازی نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ ان کے کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات اچھے نہیں ہیں، انھوں نے یکم اگست کی ڈیڈ لائن دی تھی مگر لگتا ہے کینیڈا کو تجارتی مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے۔

    دوسری طرف کینیڈا نے کسی بھی برے تجارتی معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنے نے کہا ہے کہ جلدی میں کوئی برا تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا کہ جمعہ کو ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ کے دورے کے لیے وائٹ ہاؤس سے نکلتے وقت صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے امریکا کینیڈا کے ساتھ مذاکراتی تجارتی معاہدے تک نہ پہنچ سکے، ہم یک طرفہ طور پر ٹیرف کی شرح مقرر کر سکتے ہیں۔


    امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا


    واضح رہے کہ دونوں ممالک یکم اگست سے قبل تجارتی معاہدے پر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، واشنگٹن نے کہا ہے کہ امریکا-میکسیکو-کینیڈا تجارتی معاہدے میں شامل نہ ہونے والے تمام کینیڈین اشیا پر 35 فی صد ٹیرف لگا دیا جائے گا۔ ادھر کینیڈین وزیر اعظم نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ یکم اگست تک معاہدے کے امکانات کم ہیں۔

  • خوارک کے متلاشی فلسطینیوں کا قتل ناقابل قبول ہے، کینیڈا

    خوارک کے متلاشی فلسطینیوں کا قتل ناقابل قبول ہے، کینیڈا

    اوٹاوا: کینیڈا نے غزہ میں خوراک کے متلاشی فلسطینیوں کے قتل پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ خوارک کی تلاش میں جمع ہونے والے فلسطینیوں کا قتل ناقابل قبول ہے، اقوام متحدہ کی زیر قیادت امدادی قافلوں کو غزہ میں محفوظ اور بغیر رکاوٹ رسائی دی جائے تاکہ متاثرہ فلسطینی عوام کو خوراک، طبی سہولیات اور بنیادی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔

    وزارتِ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کے عملے، تنصیبات اور امدادی گاڑیوں پر اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں، خوراک کی تلاش میں مصروف فلسطینیوں کو قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے۔


    ’غزہ میں ہر 3 میں سے 1 شخص دنوں تک کھانا نہیں کھا پاتا‘


    واضح رہے کہ نیتن یاہو حکومت نے بھوک کو فلسطینیوں کی نسل کُشی کے لیے جنگی ہتھیار بنا لیا ہے، آئے روز ان بھوکے فلسطینیوں پر بمباری کی جاتی ہے جو خوراک کے حصول کے لیے جمع ہوتے ہیں۔


    غزہ جنگ بندی: حماس نے معاہدے کیلیے اسرائیلی تجویز پر جواب دے دیا


    اس بدترین جنگی جرم کے خلاف خود اسرائیلی شہری بھی نتین یاہو حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں، اس سلسلے میں ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے میں شہری آٹے کے تھیلے اور فاقہ کش فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھائے غزہ میں فوری امداد کی فراہمی اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتے رہے۔

    امریکی شہر نیویارک میں بھی غزہ کے باسیوں کو بھوکا رکھنے کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے غزہ میں خوراک کا بحران ختم کرنے، فوری جنگ بندی اور ٹرمپ حکومت سے اسرائیل کی حمایت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر 35 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کر دیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر 35 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کر دیا

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر یکم اگست سے 35 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا، جس سے امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی متنبہ کیا کہ وہ امریکی برآمدات پر اگر رعایتیں نہیں دیتے تو انہیں بھی دوگنا ٹیرف دینا پڑے گا، ہم دیگر تمام ممالک پر بھی 15 سے 20 فیصد کے درمیان عمومی ٹیرف عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے دنیا کے متعدد ممالک کو خطوط بھیجے جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ اگر وہ یکم اگست سے پہلے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کرتے تو ان پر نئی شرح سے ٹیرف لاگو کردیا جائے گا۔

    رپورٹس کے مطابق ان خطوط میں سب سے اہم خط کینیڈا کو بھیجا گیا جو امریکا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے کرنے کے لیے 21 جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

    ٹرمپ نے خط کے آخر میں لکھا کہ اگر کینیڈا فینٹانائل کی روک تھام میں ہمارے ساتھ تعاون کرے گا تو ہم اس خط میں دی گئی ٹیرف پالیسی پر نظرثانی کر سکتے ہیں، یہ ٹیرف ہمارے باہمی تعلقات کی بنیاد پر اوپر نیچے ہو سکتے ہیں۔

    غزہ میں جنگ بندی کب ہوگی؟ نیتن یاہو کا اہم بیان

    رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے فی الحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم کینیڈا کی حزب اختلاف کے رہنما پیئر پولیؤر نے ان ٹیرف کو کینیڈا کی معیشت پر ایک اور بلاجواز حملہ قرار دیا ہے۔