Tag: کینیڈا

  • کینیڈا کی امیگریشن لاٹری کے ذریعے؟

    کینیڈا کی امیگریشن لاٹری کے ذریعے؟

    انٹرنیٹ پر اکثر کسی نہ کسی ملک میں امیگریشن کے اشتہارات دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان میں سے اکثر فراڈ ہوتے ہیں، لاٹری کے ذریعے کینیڈا کی امیگریشن کا بھی ایک ایسا ہی اشتہار وائرل ہورہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ لوگ امیگریشن لاٹری کے جھانسے میں نہ آئیں۔

    کینیڈا کی امیگریشن کمیٹی کے پاکستانی نژاد رکن شفقت علی کا کہنا ہے کہ کینیڈا کو لاٹری فراڈ کے حوالے سے پاکستان سے شکایات موصول ہورہی ہیں جبکہ کینیڈا نے کوئی لاٹری سسٹم شروع نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں امیگریشن بہت ہونی ہے لیکن اس کے لیے کوئی لاٹری سسٹم نہیں، مجاز کنسلٹنٹس اور وکیلوں کی لسٹ ویب سائٹ پر موجود ہے۔

  • کینیڈا میں ایک بار پھر خالصتان کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل

    کینیڈا میں ایک بار پھر خالصتان کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل

    ٹورنٹو: کینیڈا میں ایک بار پھر خالصتان کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے ضلع اونٹاریو میں خالصتان ریفرنڈم کے سلسلے میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ آج ہو رہی ہے، ٹورنٹو سمیت دیگر شہروں میں بھی سکھ کمیونٹی کی گہما گہمی عروج پر ہے۔

    بین الاقوامی مبصرین بھی خالصتان ریفرنڈم کا جائزہ لینے کے لیے موجود ہیں، جس میں لاکھوں کی تعداد میں سکھ کمیونٹی ریفرنڈم میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سکھوں کی نمائندہ تنظیم سکھس فار جسٹس خالصتان ریفرنڈم مہم کی قیادت کر رہی ہے، جس کا مقصد پنجاب کی بھارت سے علیحدگی اور اسے سکھوں کا علیحدہ وطن قرار دینے کے لیے بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل کرنا ہے۔

    ٹورنٹو میں ان لوگوں کو ووٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے جو 18 ستمبر 2022 کو ووٹ نہیں دے سکے تھے، سکھس فار جسٹس نے خالصتان ریفرنڈم کی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے کا انعقاد کیا۔

    واضح رہے کہ سکھس فار جسٹس کے لیڈر پنوں 26 جنوری 2023 کو بھارت میں بھی خالصتان پر ریفرنڈم کا اعلان کر چکے ہیں، انھوں نے سکھ برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ پنجاب میں سکھوں کا وطن بنانے کے لیے خالصتان ریفرنڈم کی حمایت کریں، انھوں نے کہا کہ اگر ہندوستان حقیقی جمہوریت ہے تو اسے ریفرنڈم کے نتائج کو قبول کرنا چاہیے۔

    دوسری طرف بھارتی وزارت خارجہ نے کینیڈا کی حکومت کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے ریفرنڈم کو ’شدید قابل اعتراض‘ قرار دے دیا ہے، بھارت نے آج ہونے والے خالصتان ریفرنڈم کو روکنے کے لیے کینیڈا پر دباؤ ڈالا، جمعرات کو ٹروڈو حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس کے پیچھے موجود تنظیموں پر پابندی عائد کرے۔

  • ڈرائیور نے ایسی کیا غلطی کی کہ ٹرک پُل کے نیچے کھڑی حالت میں پھنس گیا؟

    ڈرائیور نے ایسی کیا غلطی کی کہ ٹرک پُل کے نیچے کھڑی حالت میں پھنس گیا؟

    کینیڈا: خراب ڈرائیور ہر جگہ مل جاتے ہیں، لیکن کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں پیش آنے والا یہ واقعہ بالکل ہی انوکھا ہے۔

    آخر ڈرائیور نے ایسی کیا غلطی کر دی کہ ٹرک پُل کے نیچے کھڑی حالت میں پھنس گیا؟ لوگوں نے دیکھا تو حیران رہ گئے، ویڈیو میں بھی اسے دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح مسی ساگا میں ہائی وے 401 پر ایک پُل کے نیچے ایک ڈمپ ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر عمودی حالت میں پھنس گیا۔

    اونٹاریو کی صوبائی پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور نے ٹرک خالی کیا تھا لیکن اس کے بعد اس کے کنٹینر کو نیچے نہیں کیا، بلکہ اسی کھڑی حالت ہی میں ٹرک چلانے لگا، جب ٹرک پل کے نیچے پہنچا تو اس کا کنٹینر پل سے ٹکرا کر پھنس گیا۔

    ٹرک کو نکالنے کے لیے بعد ازاں کرین منگوایا گیا، اس حادثے میں ڈرائیور سمیت کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچا، تاہم پل کے ایک حصے کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ڈرائیور کو مبینہ طور پر حادثے کے لیے جرمانہ کیا جائے گا۔ انٹرنیٹ پر صارفین نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ آخر ٹرک ڈرائیور کو یہ کیسے معلوم نہ ہوا کہ ڈمپر اوپر ہے۔

  • کینیڈا میں صحت کے شعبے میں بڑا بحران، ایمرجنسی وارڈز بند ہونے لگے

    کینیڈا میں صحت کے شعبے میں بڑا بحران، ایمرجنسی وارڈز بند ہونے لگے

    اوٹاوا: کینیڈا میں صحت کے شعبے میں بڑا بحران پیدا ہو گیا ہے، اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز بند ہونے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں طبی عملے کی شدید قلت نے پورے ملک میں اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، نرسنگ اسٹاف کی کمی کے باعث ایمرجنسی وارڈز بند کر دیے گئے۔

    نرسنگ اسٹاف کرونا وبا کے بعد سے کام کے دُگنے بوجھ، کم تنخواہوں اور مریضوں کی جانب سے نامناسب برتاؤ کی وجہ سے اپنی ملازمتیں چھوڑ رہا ہے۔

    کینیڈا میں صحت کا شعبہ پہلے ہی سے دباؤ کا شکار رہا ہے، ماہرین کے مطابق اب حالات اس سے بھی زیادہ خراب ہو سکتے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک واقعے میں اوٹاوا پولیس کو فائرنگ سے زخمی ایک شخص کو اپنی اسکواڈ کار میں اسپتال منتقل کرنا پڑا، کیوں کہ ایمبولینس دستیاب نہیں تھی۔ ایک اور واقعے میں گر کر زخمی ہونے والی ایک معمر خاتون کو 6 گھنٹے تک ابتدائی طبی امداد کا انتظار کرنا پڑا۔

    نرسوں نے کام چھوڑ دیا، امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ہڑتال

    اسپتالوں میں حال ہی میں عملے کی کمی کے باعث درجنوں ایمرجنسی رومز کو کبھی ایک رات اور کبھی ایک ہفتے تک بھی بند رکھنا پڑا، وارڈز میں چیک اپ کے لیے مریضوں کے انتظار کا دورانیہ بھی بارہ سے بیس گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔

    اونٹاریو نرسز ایسوسی ایشن نے اس صورت حال کو ’نازک‘ قرار دے دیا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق نرسوں نے بتایا کہ دوران ڈیوٹی انھیں کئی بار تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہے، اھہیں مارا گیا، نوچا گیا اور یہاں تک کہ ان پر تھوکا بھی گیا، ان پر ٹرے، برتن اور انسانی فضلہ بھی پھینکا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق دارالحکومت اوٹاوا میں جنوری سے جولائی تک ایک ہزار سے زائد ایسے واقعات درج کیے گئے، جن میں مریضوں کو ایمبولینسیں دستیاب نہیں ہوئیں کیوں کہ پیرامیڈیکس پہلے سے پر ہجوم اسپتالوں میں مریضوں کو اتارنے کا انتظار کر رہے تھے۔

    کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز کے ایک حالیہ سروے کے مطابق 87 فی صد نرسوں نے مشکل حالات میں کام کرنے کے باعث اپنی ملازمت ترک کرنے کا فیصلہ کیا۔

    وفاقی وزیر صحت جین یویس ڈوکلوس کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی عملے کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گے۔

    اس فیصلے سے 11 ہزار تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور نرسوں کو کینیڈا میں اپنے شعبے میں ملازمتیں حاصل کرنے میں مدد مل سکے گی، تاہم سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نرسنگ کی 34 ہزار 400 آسامیاں اب بھی خالی ہیں۔

  • کینیڈا میں ’فیونا‘ نے تباہی مچادی، مکانات اور گاڑیاں بہہ گئیں

    کینیڈا میں ’فیونا‘ نے تباہی مچادی، مکانات اور گاڑیاں بہہ گئیں

    ٹورنٹو: کینیڈا میں ’فیونا‘ نے تباہی مچا دی، مکانات اور گاڑیاں سمندر میں بہہ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیونا نامی سمندری طوفان نے مشرقی کینیڈا میں گھروں پر ’جھاڑو‘ پھیر کر انھیں سمندر برد کر دیا ہے، شہریوں کی گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔

    طوفان سے صوبہ اسکونوشوا، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ اور نیو فاؤنڈ لینڈ کے ساحلی علاقے شدید متاثر ہوئے، جہاں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

    ہفتے کو صبح سورج نکلنے سے قبل آنے والے اس طاقت ور پوسٹ ٹراپیکل طوفان سے سیکڑوں مکانات کی چھتیں بھی اڑ گئی ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق فیونا پہلے سمندری طوفان تھا جس نے جمعہ کے آخر میں ایک پوسٹ ٹراپیکل طوفان کا روپ دھار لیا، تاہم اس میں پھر بھی سمندری طوفان کی طاقت والی ہوائیں چل رہی تھیں، جس کی وجہ سے تیز بارش کے ساتھ ساتھ بڑی لہریں بھی بنیں۔

    طوفان سے کینیڈین صوبوں میں ہلاکتوں یا زخمیوں کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم روئیٹرز کے مطابق ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

    ادھر سمندری طوفان نورو فلپائن کے جزیرے لوزون سے ٹکرا گیا ہے، جہاں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے، اور ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔

  • کینیڈا کا  پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے بڑا اعلان

    کینیڈا کا پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے بڑا اعلان

    اوٹاوا: کینیڈا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 25 ملین ڈالر مزید امداد کا اعلان کردیا، پاکستان کے ہائی کمشنر نے کینیڈین حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے مزید ڈھائی کروڑ ڈالر امداد بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

    یہ فنڈنگ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت، غذائیت، خوراک، پانی اور صفائی کے لیے استعمال کی جائے گی۔

    کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے کینیڈین حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین مضبوط تعلقات پختہ بنیادوں پر استوار ہیں۔

    یاد رہے کینیڈین وزیرہرجیت سجن نے ابتدائی طور پر 5 ملین کینیڈین ڈالرامداد کا اعلان کیا تھا۔

    کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنرظہیرجنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں تھیں ، جس میں سیلاب سے تباہی اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی پر بات چیت کی۔

    ہائی کمشنر نے کہا تھا کہ سیلاب اور بارش سے اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثرہوچکےہیں، سیلاب اوربارش سے 1100سے زائدانسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

  • کینیڈا کے 13 مقامات پر  چاقو کے وار سے 10 افراد ہلاک

    کینیڈا کے 13 مقامات پر چاقو کے وار سے 10 افراد ہلاک

    سسکیچوان : کینیڈا میں تیرہ مقامات پر چاقو زنی کے واقعات کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے صوبے سسکیچوان صوبے میں تیرہ مقامات پر چاقو زنی کے واقعات رپورٹ ہوئے ، چاقو سے حملوں کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے۔

    کینیڈا پولیس نے بتایا کہ دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    رائل کینیڈین ماونٹیڈ پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر رہونڈا بلیک مور نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چاقو کے حملے جیمز سمتھ کری نیشن اور ساسکاٹون کے شمال مشرق میں واقع ویلڈن گاؤں کے متعدد مقامات پر ہوئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ،”متعدد دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے ، جن میں کم از کم 15 کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حملہ آروں کی شناخت ڈیمین اور مائلس سینڈرسن کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی عمریں 30- اور 31 سالہ بتائی جارہی ہے۔

    بلیک مور نے بتایا کہ کہ پورے علاقے میں شاہراہوں اور سڑکوں پر متعدد چیک پوائنٹ قائم کردیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے ”زیادہ سے زیادہ” پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں

    ویلڈن کی رہائشی ڈیان شیر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس کا پڑوسی ایک شخص جو اپنے پوتے کے ساتھ رہتا تھا، مارا گیا ہے۔ "میں بہت پریشان ہوں کیونکہ میں نے ایک اچھے پڑوسی کو کھو دیا۔”

    جیمز اسمتھ کری نیشن دراصل ایک قدیم کمیونٹی ہے، جس کے تقریباً 3400 افراد بنیادی طورپر زراعت، شکار اور ماہی گیری کا کام کرتے ہیں۔ ویلڈن ایک گاوں ہے جس کی آبادی تقریباً 200 افراد پر مشتمل ہے۔

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے چاقو زنی کے اس بڑے پیمانے پر حملے کو "خوفناک اور دل دہلا دینے والا” قرار دیتے ہوئے کہا "میں ان لوگوں کے بارے میں سوچ رہا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور ان لوگوں کے بارے میں جو زخمی ہوئے ہیں۔”

    جیمز اسمتھ کری نیشن جس کی آبادی 2500 ہے، نے مقامی ہنگامی حالت کا اعلان کیا، جب کہ صوبہ ساسکیچیوان کے بہت سے باشندوں کو جگہ جگہ پناہ دینے کی اپیل کی گئی۔

  • کینیڈا کے وزیر اعظم ڈٹ گئے

    کینیڈا کے وزیر اعظم ڈٹ گئے

    اوٹاوا: ویکسینیشن کے خلاف جاری احتجاج کے آگے کینیڈا کے وزیر اعظم ڈٹ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واضح کر دیا ہے کہ کرونا ویکسین لگوانے کے خلاف مزاحمتی تحریک ناقابل قبول ہے۔

    پارلیمان سے خطاب میں انھوں نے کہا رکاوٹیں کھڑی کر کے وبا کو ختم نہیں کیا جا سکتا، اسے سائنس کے ذریعے ہی ختم کرنا ہوگا، صحت عامہ سے متعلق اقدامات لے کر ہی وبا کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

    ایک طرف کینیڈا کی پولیس نے کرونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کرنے کی دھمکی دی ہے، دوسری طرف اب وزیر اعظم ٹروڈو نے مزاحمتی تحریک کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔

    انھوں نے کہا رکاوٹیں اور غیر قانونی مظاہرے ناقابل قبول ہیں، کاروبار اور مینوفیکچرنگ کے شعبے پر اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، یہ سب بند کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

    اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جین ساکی نے مظاہروں کے امریکی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے سپلائی چَین اور آٹو انڈسٹری کو خطرہ لاحق ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اور کینیڈا کے درمیان ایمبیسیڈر پل ایک اہم تجارتی گزرگاہ ہے جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر 40 ہزار سے زیادہ پیدل چلنے والوں، سیاحوں اور 32 کروڑ 30 لاکھ ملین ڈالر کی مالیت کی اشیا لے کر جانے والے ٹرکوں کا گزر ہوتا ہے۔ کینیڈا اور امریکی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے وابستہ کئی ایسوسی ایشنز مشترکہ بیان میں پل پر سے رکاوٹیں ہٹانے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔

  • فریڈم کانوائے احتجاج نے کینیڈا میں حالات کو بدل کر رکھ دیا

    فریڈم کانوائے احتجاج نے کینیڈا میں حالات کو بدل کر رکھ دیا

    اوٹاوا: کرونا ویکسینیشن کے خلاف فریڈم کانوائے احتجاج نے کینیڈا میں حالات کو بدل کر رکھ دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں گزشتہ 10 دن سے جاری ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کی مزید پابندیاں نافذ کر دی گئیں۔

    حکام نے ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کو پسپا کرنے کے لیے ایندھن فراہمی بھی روک دی ہے، تاہم اوٹاوا سمیت کینیڈا کے دیگر شہروں میں صورت حال مکمل طور پر کنٹرول سے باہر ہوگئی ہے۔

    کرونا پابندیوں کے خلاف ہونے والے احتجاج کا سلسلہ کینیڈا بھر میں پھیل چکا ہے، ہزاروں ٹرکوں نے اوٹاوا کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے ہیں۔

    کانوائے فریڈم تحریک کراس بارڈر ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ویکسین لازمی قرار دیے جانے کے خلاف شروع ہوئی تھی، لیکن پھر اس نے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی صحت پالیسی کی مخالفت شروع کر دی۔

    اس وقت اوٹاوا میں کاروبار ِ زندگی معطل ہے، مقامی لوگوں نے ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف نو اعشاریہ آٹھ ملین ہرجانے کا مقدمہ بھی دائر کر دیا ہے۔ سرحد کے آر پار جانے والے ٹرکوں کے لیے لازمی قرار دیے گئے مینڈیٹ کے خلاف احتجاج میں ٹرک ڈرائیور شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں ہارن بجا رہے ہیں، جس کی وجہ سے رہائشی محلوں کے لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

    میئر جم واٹسن نے میڈیا کو بتایا کہ ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان اس لیے کیا گیا ہے، کیوں کہ اس سے پولیس اور شہر کے عملے کو تیزی سے مطلوبہ وسائل حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

  • جسٹن ٹروڈو فیملی سمیت خفیہ مقام پر منتقل

    جسٹن ٹروڈو فیملی سمیت خفیہ مقام پر منتقل

    اوٹاوا: کینیڈا سمیت دنیا بھر میں کرونا پابندیوں کے خلاف مظاہرے شدید ہو گئے ہیں، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جسٹن ٹروڈو کو فیملی سمیت خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق کرونا پابندیوں کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے شدید ہو گئے، فرانس میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، کینیڈا میں ٹرکوں کے ذریعے سڑکیں بند کر دی گئیں۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ انھیں جبری ویکسینیشن قبول نہیں، اور وہ کووِڈ پاس کو نہیں مانتے۔

    فرانس اور کینیڈا میں ہزاروں افراد نے کرونا پابندیوں کے خلاف مظاہرے میں شرکت کی، پیرس میں کووِڈ ویکسین پاس کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

    مظاہرین حکومت سے کرونا پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، کینیڈا میں جبری ویکسینیشن کے خلاف آزادی قافلہ دارالحکومت اوٹاوا پہنچ گیا، سیکڑوں ٹرک ڈرائیوروں اور ہزاروں افراد نے سڑکیں بند کر دیں۔

    سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی فیملی کو خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ہفتے کے روز لوگ پارلیمنٹ کے باہر جمع ہوئے، اور نعرے لگاتے رہے۔

    واضح رہے کہ ویکسین پاسپورٹ کے خلاف برطانیہ، جرمنی، اٹلی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، امریکا، اسپین، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا میں ہر ہفتے ہزاروں افراد مظاہرے کر رہے ہیں۔