Tag: کینیڈا

  • ٹورنٹو پہنچنے والی پی آئی اے پرواز کا فضائی میزبان پرسرار طور پر لاپتا

    ٹورنٹو پہنچنے والی پی آئی اے پرواز کا فضائی میزبان پرسرار طور پر لاپتا

    کراچی: اسلام آباد سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کا فضائی میزبان پرسرار طور پر لاپتا ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فضائی میزبان یاسر پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچا تھا، جہاں وہ ایمیگریشن ہونے کے بعد اچانک ہوٹل سے غائب ہو گیا ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں پرسرار گمشدگی کا نوٹس لے لیا، فضائی میزبان کے لاپتا ہونے کی اطلاع کینیڈا کے اسٹیشن منیجر نے ایئر پورٹ اتھارٹی کو دے دی۔

    جنرل منیجر فلائٹ سروسز کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان یاسر کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین ایمیگریشن اتھارٹی کو بھی باضابطہ طور پر یاسر سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

    پیرس میں پی آئی اے کی فضائی میزبان کے غائب ہونے پر انتظامیہ کا سخت ایکشن

    جی ایم فلائٹ سروسز نے کہا کہ فضائی میزبان جنرل ڈکلیئریشن پر کینیڈا جاتے ہیں اور واپسی پر ایک بندے کی کمی پر کینیڈین ایمیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے، گزشتہ ماہ بھی پی آئی اے کا لاہور بیس سے تعلق رکھنے والا فضائی میزبان کینیڈا میں غائب ہو گیا تھا جسے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

    بتایا گیا کہ لاہور ایئر بیس سے تعلق رکھنے والا فضائی میزبان کچھ عرصے بعد پاکستان واپس آ گیا تھا اس کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔

  • کینیڈا میں ’عجیب وغریب‘ شخص کی گرفتاری، اصل حقیقت سامنے آگئی

    کینیڈا میں ’عجیب وغریب‘ شخص کی گرفتاری، اصل حقیقت سامنے آگئی

    اوٹاوا: کینیڈین پولیس نے نسل پرستی کے خلاف تحریک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والے سفید فام شہری کو گرفتار کرلیا جس نے چہرے پر سیاہی مل کر سیاہ فام کا روپ دھار رکھا تھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں اور کینیڈا میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔ مظاہرے کے دوران ایک نسل پرست سفید فام نوجوان منظر عام پر آیا جس نے پورے جسم میں کالی سیاہی مل رکھی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص نے مظاہرے میں شامل ہوکر سیاہ فام کے خلاف نعرے لگائے اور نسل پرستی کو ہوا دینے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

    سیاہ فام کی ہلاکت کے خلاف امریکا میں احتجاج کا 12واں روز، ٹرمپ کا اہم بیان

    یہ واقعہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے مظاہرے کے دوران پیش آیا۔ ملزم کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، احتجاج کے دوران مذکورہ نوجوان نے مغلظات بھی بکیں۔

    گرفتاری کے دوران ملزم چیختے ہوئے کہہ رہا تھا ’ مجھے ہر کام کرنے میں آزادی ہونی چاہیے‘۔ پولیس نے پرامن مظاہرے کو انتشار کا رنگ دینے کی کوشش کے جرم میں ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • کینیڈا پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کا خواہشمند

    کینیڈا پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کا خواہشمند

    لاہور : کینیڈین ہائی کمشنر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوےشیخ رشید سے کینیڈین ہائی کمشنر مس وینڈی گلیمور کی ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران دو طرفہ ملکی معاملات کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    وزیرریلوےشیخ رشید نے کہا کہ مستقبل میں کینیڈا،پاکستان کےدیرینہ تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے ، خطے میں خوشحالی،ترقی کے حوالے سےملکرکام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    کینیڈین ہائی کمشنر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرتےہوئے کینیڈا کی طرف سے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں وزیر توانائی عمرایوب سے ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر نے انٹگریٹڈ جنریشن ایکسپنشن پروگرام کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کینیڈا کےسرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری پرغور کررہے ہیں۔

  • چینی کرونا ویکسین کینیڈا میں  تیار اور ٹیسٹ کی جاسکتی ہے

    چینی کرونا ویکسین کینیڈا میں تیار اور ٹیسٹ کی جاسکتی ہے

    ٹورنٹو: چین کی کسینو بائیو لوجکس کمپنی کی جانب سے کرونا ویکسین کینیڈا میں تیار اور ٹیسٹ کی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین نیشنل ریسرچ کونسل اور کسینو بائیو لوجکس کمپنی کرونا ویکسین بنانے کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔نیشنل ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ویکسین کے لیے پیداواری عمل کو بڑھا سکے جبکہ کسینو کمپنی ڈرگ ریگولیٹر ہیلتھ کینیڈا کے لیے ویکسین ٹرائل اپیلی کیشن تیار کر رہی ہے۔

    کسینو کمپنی کی جانب سے بنائی گئی ویکسین ابتدائی آزمائش میں ہے اور اس حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ موثر ثابت ہوگی یا نہیں اگر یہ ویکسین کامیاب ہوتی ہے تو کینیڈا کو اس تک رسائی حاصل ہوگی۔

    ایک ایسی ویکسین جو لوگوں کو کرونا وائرس سے بچائے اور وبائی مرض کا بھی خاتمہ کرے،لیکن ایسی ویکسین جو کام کرے اسے کافی مقدار میں تیار کرنا بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

    کسینو ویکسین ایک سیل لائن کا استعمال کرتے ہوئے کینیڈین نیشنل ریسرچ کونسل کے ساتھ تیار کی گئی ہے، کمپنی نے ایبولا ویکسین تیار کرنے کے لیے اسی سیل لائن کا استعمال کیا تھا۔

    کینیڈین نیشنل ریسرچ کونسل اور ہیلتھ کینیڈا نے فوری طور پر ان سوالوں کا جواب نہیں دیا کہ آیا مشترکہ تعاون سے ہیلتھ کینیڈا کے لیے یہ ممکن ہوگا کہ وہ ویکسین کی آزمائش کے لیے چین میں جمع ہونے والے ٹرائل ڈیٹا پر غور کرے۔

  • پاکستان کا کینیڈا میں فائرنگ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

    پاکستان کا کینیڈا میں فائرنگ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کینیڈا میں فائر نگ واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کینیڈا کے علاقے نووا سکوشیا میں فائرنگ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ ہم اس واقعے پر اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہیں اور فائرنگ کے واقعے میں نشانہ بننے والے بے گناہوں کے اہل خانہ کے دکھ میں شریک ہیں۔ عائشہ فارقی نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں کینیڈا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

    کینیڈا میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 16 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کے صوبے نووا سکوشیا میں پولیس کی وردی میں ملبوس حملہ آور کی فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ حملہ آور کو بھی ہلاک کردیا۔

    اس سے قبل گزشتہ سال کینیڈا کے شہر کیوبک میں مسجد میں فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو شہید کرنے والے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

  • کینیڈین وزیراعظم کمرے میں بیٹھ کر ملک چلانے لگے

    کینیڈین وزیراعظم کمرے میں بیٹھ کر ملک چلانے لگے

    ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کروناوائرس سے بچنے کے لیے گھر میں بیٹھ کر ملک چلانے لگے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے کرونا وائرس کے پیش نظر اپنے آپ کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے تاہم اس کے باوجود وہ گھر سے ملکی امور دیکھ رہے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹن ٹروڈو نے ٹوئٹ کیا کہ گھر سے ملکی امور دیکھ رہا ہوں جس کے باعث مصروفیات کا سلسلہ جاری ہے۔

    کینیڈین وزیراعظم کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی کابینہ اور اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتوں سمیت دیگر امور بھی زیرعمل ہے، کینیڈین عوام پر توجہ مرکوز ہے جلد لوگوں سے بات چیت کروں گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ میں کرونا وائرس کی مشتبہ علامات سامنے آئی تھیں۔

    اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو کو وطن واپسی پر ہلکا بخار اور زکام کی شکایت ہوئی جس پر انہیں مشتبہ قرار دے کر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، بدقسمتی سے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اہلیہ کو کرونا وائرس ہونے کے بعد خود کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے۔

  • کینیڈا نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کی سیکورٹی سے ہاتھ اٹھا لیا

    کینیڈا نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کی سیکورٹی سے ہاتھ اٹھا لیا

    لندن: کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ شہزادہ ہیری اور ان کی بیوی میگھن مارکل کی سیکورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن 31 مارچ کو باقاعدہ طور پر شاہی خاندان اور اس سے منسلک سہولیات سے علیحدہ ہو رہے ہیں، اس سلسلے میں کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ اس کے بعد سیکورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔

    خیال رہے کہ کینیڈا کے اندر شاہی جوڑے اور ان کے بیٹے کی سیکورٹی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ذمے تھی، جنھوں نے اب واضح طور پر بتا دیا ہے کہ مارچ کے بعد وہ سیکورٹی کی سہولیات واپس لے لیں گے۔

    کینیڈا کی پبلک سیفٹی منسٹر کی ترجمان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل معاہدے کے تحت شاہی جوڑے کو حفاظت مہیا کی جا رہی تھی جو ان کے اسٹیٹس میں تبدیلی کے بعد روک دی جائے گی، برطانوی میٹروپولیٹن پولیس نے کینیڈین پولیس سے ہیری اور میگھن کی سیکورٹی جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

    شہزادہ ہیری اور اہلیہ کا کینیڈا میں‌ قیام، مقامی میڈیا کا اظہار برہمی

    آنے والے وقت میں آنجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیری اور ان کی اہلیہ کی سیکورٹی کے اخراجات کون اٹھائے گا یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ جنوری میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے کینیڈا میں طویل قیام پر مقامی میڈیا نے ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے شاہی جوڑے کے کینیڈا میں قیام کو مقامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی خاندان کے چشم و چراغ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے کینیڈا میں جہاں اپنا نیا گھر خریدا ہے، کہا جارہا ہے کہ وہ گھر برطانوی نوآبادیات کاروں کی چرائی ہوئی زمین پر بنا ہے۔

    ٹوسوکی نامی قبیلے کے افراد کا دعویٰ ہے کہ کینیڈا کا یہ علاقہ ان کے آباؤ اجداد کی ملکیت تھا، 2 صدیوں قبل انہوں نے برطانوی تسلط کاروں سے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت یہ زمین چند سو ڈالرز کے بدلے انہیں دے دی گئی۔

    قبیلے کی سربراہ تانیہ جمی نے زور دیا ہے کہ برطانوی جوڑے کو اس زمین کی تاریخ اور اہمیت سمجھنی چاہیئے، اس زمین کے نیچے ان کے آباؤ اجداد دفن ہیں۔

    وینکوور نامی یہ جزیرہ سنہ 1849 سے 1866 کے درمیان برطانوی تسلط میں تھا۔ یہاں پر پہلی برطانوی آباد کاری سنہ 1843 میں کی گئی۔

    اب شہزادہ ہیری نے یہیں پر اپنا وسیع و عریض گھر خریدا ہے جس کی مالیت 1 کروڑ 70 لاکھ (10.7 ملین) پاؤنڈز، لگ بھگ 2 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔

    تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس مینشن کا مالک کون تھا اور شہزادے نے یہ گھر کس سے خریدا ہے۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن اور بیٹے آرچی کے ساتھ جلد ہی کینیڈا میں ایک خود مختار اور آزاد زندگی کا آغاز کریں گے۔

    میگھن اور آرچی کینیڈا پہنچ چکے ہیں اور گزشتہ ہفتے ہیری ان سے ملنے آئے تھے تاہم جلد ہی وہ واپس برطانیہ لوٹ گئے جہاں ان کی شاہی مصروفیات ابھی جاری ہیں۔

    ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

    انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے برطانیہ سے کہیں اور منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

  • طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا

    طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا

    ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام عائد کیا ہے کہ اگر امریکا خطے میں تناؤ پیدا نہ کرتا تو آج طیارے حادثے میں مرنے والے زندہ ہوتے۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ اگر تناؤ میں اضافہ نہ ہوتا اور خطے میں کشیدگی نہ بڑھتی تو آج ایران میں نشانہ بننے والے طیارے کے مسافر زندہ ہوتے اور اپنی فیملیز کے ساتھ گھروں پر ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ ہی کارروائی کی پیشگی اطلاع دی۔

    جسٹس ٹروڈو نے کہا کہ امریکی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی جس کے جواب میں ایران نے میزائل فائر کیے جس کا نشانہ مسافر طیارہ بن گیا، جب تنازعات بڑھتے ہیں اور جنگ ہوتی ہے تو خمیازہ معصوم عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

    واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

    ایران کی فضائی حدود میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔

    امریکا، کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا جس پر ایرانی حکام نے الزام کو بے بنیاد قرار دیا تھا، مگر آج ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’جہاز کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا کیونکہ سیکیورٹی حکام اُسے کروز میزائل سمجھ بیٹھے تھے۔

    انہوں نے افسوسناک واقعہ پر پوری قوم سے معافی بھی مانگی جبکہ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی واقعے پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی۔

  • یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    لندن: یوکرین طیارے کی تباہی سے متعلق بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اور کینیڈین وزرائے اعظم نے بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ یوکرین طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم بورس جانسن نے بیان دیا کہ اطلاعت ہیں کہ مسافر طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، طیارہ تباہ ہونے سے ہلاک افراد میں 4 برطانوی بھی شامل ہیں، خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقین اقدامات کریں۔

    ادھر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایرانی میزائل کا نشانہ بنا، ممکن ہے مسافر طیارے پر میزائل دانستہ نہ مارا گیا ہو تاہم انٹیلی جنس کے پاس طیارہ میزائل سے تباہ ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، جب تک انصاف ہوتا نہیں دکھے گا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    خیال رہے کہ ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے واقعے سے متعلق گزشتہ روز امریکی ہفتہ روزہ میگزین نیوز ویک نے دعویٰ کیا کہ طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، طیارے کو اینٹی ایئر کرافٹ میزائل لگا تھا، پینٹاگون اور عراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے اس حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو جو میزائل لگا وہ روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ٹی او آر ایم ون تھا۔

    نیوز ویک نے کہا کہ پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا، سیٹلائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں، جب کہ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔ خیال رہے ایران میں یوکرینی طیارہ گرا تھا جس میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔