Tag: کینیڈا

  • سائنس دانوں نے زمین کی پیدائش کے ابتدائی دور کی چٹان دریافت کر لی

    سائنس دانوں نے زمین کی پیدائش کے ابتدائی دور کی چٹان دریافت کر لی

    سائنس دانوں نے زمین کی پیدائش کے ابتدائی دور کی قدیم ترین چٹان دریافت کر لی ہے، سائنس دانوں نے اس کی عمر 4.16 ارب سال قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں زمین کی قدیم ترین چٹان دریافت ہوئی ہے، یہ شمال مشرقی صوبے کیوبیک میں ہڈسن بے کے مشرقی ساحل کے ساتھ، اِنیکجوئک کی میونسپلٹی اِن یوئٹ (Inuit) کے قریب واقع آتش فشانی چٹان کی ایک گرین اسٹون بیلٹ میں دریافت ہوئی ہے۔

    نئی جانچ سے پتا چلا ہے کہ یہ زمین کی قدیم ترین چٹانیں ہیں، سائنسی جانچ کے 2 مختلف طریقوں سے پتا چلا ہے کہ شمالی کیوبک میں نووواگیٹوک گرین اسٹون بیلٹ نامی علاقے میں موجود یہ چٹانیں 4.16 ارب سال پہلے کی ہیں، یہ چٹان زمین کی تخلیق کے فوری بعد والے عہد ’ہڈین ایون‘ کی نشانی مانی جا رہی ہے۔


    زمین سے قریب سے اچانک پراسرا ریڈیو سگنل موصول، ماہرین فلکیات حیران


    زمین کی تاریخ کے 4 بڑے ادوار میں ہڈین پہلا دور ہے، جو 4.6 ارب سال پہلے شروع ہوا تھا، سائنس دانوں کے مطابق دریافت چٹان زمین کی قدیم ترین پرت کا بچا ہوا حصہ ہے، زمین کی سابقہ قدیم ترین چٹان اکاسٹانائیس کمپلیکس کو 4.3 ارب سال پرانا مانا جاتا تھا، خیال رہے کہ چٹانوں کی عمر معلوم کرنے کے لیے ریڈیو میٹرک ڈیٹنگ کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دریافت چٹان ابتدائی سمندری فرش کا بچا ہوا ٹکڑا ہو سکتی ہے، اور تحقیق سے ابتدائی زمین پر زندگی کے آغاز سے متعلق اشارے مل سکتے ہیں۔

  • کیا اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے؟ کینیڈا اور امریکا میں کتنے فی صد شہریوں کا جواب ہاں میں؟

    کیا اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے؟ کینیڈا اور امریکا میں کتنے فی صد شہریوں کا جواب ہاں میں؟

    امریکا اور کینیڈا کے شہریوں نے گواہی دے دی ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اس حوالے سے ایک سروے میں کینیڈا کے نصف شہریوں نے کہا کہ ہاں، اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔

    لیجر کمپنی کے سروے کے مطابق 49 فی صد کینیڈین شہریون نے اسرائیل کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا، ادھر امریکا میں بھی 38 فی صد افراد نے اسرائیل کو نسل کشی کا مرتکب قرار دے دیا ہے، سروے کے مطابق امریکی ڈیموکریٹس میں 52 فی صد، اور ریپبلکنز میں 30 فی صد افراد اس رائے کے حامی ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا اور امریکا پر اسرائیل کی حمایت ختم کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

    ادھر فلسطینی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی اپیل کی ہے، وزیر اعظم محمد مصطفیٰ اور یورپی ایلچی بگوٹ کے درمیان جنگ بندی پر بات چیت ہوئی، یورپی یونین کے نمائندے نے دو ریاستی حل اور جنگ بندی پر زور دیا۔


    اسرائیلی محاصرہ توڑنے کیلیے ایک اور بڑا قافلہ غزہ کی طرف چل پڑا


    فلسطینی وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل سے روکے گئے ٹیکس ریونیو کی واپسی یقینی بنائی جائے، نمائندہ یورپی یونین کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانی امداد کی رسائی اور تعمیر نو اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی امن کانفرنس آئندہ ہفتے نیویارک میں ہوگی۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان سے جب فلسطینی ریاست سے متعلق اقوام متحدہ کے کانفرنس کے سلسلے میں سوال کیا گیا کہ کیا اس کانفرنس سے قبل اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے؟ تو ترجمان نے جواب دینے سے گریز کیا، اور سوال پر براہ راست جواب دینے سے انکار کیا، سوال کیا گیا تھا کہ امریکا نے اینٹی اسرائیل اقدامات پر ممالک کو سفارتی نتائج کی دھمکی دی ہے، ترجمان نے کہا صدر ٹرمپ کااوّلین ہدف غزہ سے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کا خاتمہ ہے، غزہ ناقابل رہائش بن چکا ہے اس لیے عرب شراکت داروں کے ساتھ تعمیر نو ضروری ہے۔

  • کینیڈا میں مودی کی جی سیون سمٹ آمد پر سکھوں کے تاریخی احتجاج کا منصوبہ

    کینیڈا میں مودی کی جی سیون سمٹ آمد پر سکھوں کے تاریخی احتجاج کا منصوبہ

    واشنگٹن: کینیڈا میں مودی کی جی سیون سمٹ آمد پر سکھوں نے تاریخی احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے، ایئرپورٹ سے لےکرہرجگہ سکھ مظاہرین پیچھا کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق 15 جون سے کینیڈا میں شروع ہونے والے جی سیون سمٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شرکت کریں گے، سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو کینیڈا میں ہرجیت سنگھ نجار کے قتل کا جواب دینا ہوگا۔

    گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی کی کینیڈا ایئرپورٹ آمد سے لےکر ہر جگہ سکھ مظاہرین اسکا پیچھا کریں گے، مودی کی جی سیون سمٹ آمد پر تاریخی مظاہرے کیے جائیں گے۔

    سکھ رہنما نے کہا کہ دنیا کو مودی کا اصل چہرہ دکھائیں گے، پاکستان سے جنگ ہارنے کے بعد مودی دنیا کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، مودی کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جس دن مودی وزیراعظم نہ رہا اس دن امریکا، برطانیہ، کینیڈا سمیت یورپ بھی اس پر پابندی لگائے گا، بھارت سمیت دنیا بھر میں رہنے والی سکھ کمیونٹی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

    گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پریڈ دیکھنے کی دعوت مودی کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    سکھ رہنما کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی فوج نے بھارت کو عبرتناک سبق سکھایا، سکھ فار جسٹس 17 اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں ریفرنڈم کا انعقاد کرے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/graptunat-singh-pannu-sikhs-for-justice/

  • کینیڈا: ٹورنٹو کے قریب لارنس ہائٹس میں فائرنگ، متعدد زخمی

    کینیڈا: ٹورنٹو کے قریب لارنس ہائٹس میں فائرنگ، متعدد زخمی

    ٹورنٹو کے نواحی علاقے لارنس ہائٹس میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مشتبہ شخص کے بارے میں پولیس نے معلومات ظاہر نہیں کیں۔ میئر ٹورنٹو اولیویا چاؤ کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو کے نواحی علاقے لارنس ہائٹس میں فائرنگ کا واقعہ پریشان کن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرا دفتر ٹورنٹو پولیس اور مقامی کونسلر ڈپٹی میئر مائیک کول کے ساتھ رابطے میں ہے جو اس وقت جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    میئر کا کہنا تھا کہ میں ٹورنٹو پولیس اور پیرامیڈک سروسز کا بر وقت ایک بہت ہی مصروف اور چیلنجنگ جگہ پر پہنچ کر اپنا کام کرنے کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنٹو پولیس جلد ہی اس واقعے کی پیشرفت فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

    اس سے قبل امریکا کی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے بیچ ٹاؤن لٹل ریور میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، جس کے باعث 11 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رات کے وقت انٹرا کوسٹل واٹر وے کے نزدیک ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں تاکہ ریسکیو اور سیکیورٹی ادارے اپنے امور انجام دے سکیں۔

    امریکا: پولیس کی سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر مشکوک گاڑی پر فائرنگ

    عینی شاہدین کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد پولیس گاڑیاں اور ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

  • برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل پر تنقید، نیتن یاہو کا ردِعمل سامنے آگیا

    برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل پر تنقید، نیتن یاہو کا ردِعمل سامنے آگیا

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گزشتہ روز ایک بیان میں برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی جانب سے اسرائیل پر ممکنہ پابندیوں کی دھمکیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ان بیانات کو حماس کے لیے ایک بڑی انعامی پیشکش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بیانات سے حماس کے موقف کو تقویت مل رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل امریکی صدر کی غزہ جنگ کے خاتمے کے حوالے سے پیش کردہ حکمتِ عملی سے متفق ہے اور دیگر یورپی رہنماؤں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسی مؤقف کو اپنائیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر حماس یرغمالیوں کو رہا کر دے اور ہتھیار ڈال دے تو جنگ کل ہی ختم ہو سکتی ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کے رہنماؤں نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے غزہ پر اپنی فوجی کارروائی نہ روکی اور انسانی امداد پر عائد پابندیاں نہ ہٹائیں، تو اُس کے خلاف عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق تینوں ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اسرائیلی حکومت کی جانب سے شہری آبادی کے لیے بنیادی انسانی امداد کو روکنا کسی صورت قبول نہیں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    ان کے اس بیان میں مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کی بھی مخالفت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ اگر صورتحال میں تبدیلی نہ آئی تو مخصوص نوعیت کی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔

    غزہ میں پناہ گاہ اسکول پر اسرائیلی بمباری، 40 فلسطینی شہید

    واضح رہے کہ اسرائیل نے مارچ کے آغاز سے غزہ میں طبی، غذائی اور ایندھن کی امداد کے داخلے پر مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس پر دباؤ بڑھانے کے لئے امداد کی ترسیل پر پابندی لگا رہا ہے تاکہ حماس دباؤ میں آ کر باقی ماندہ قیدیوں کو رہا کردے۔

  • کینیڈا ’فروخت کے لیے نہیں‘ ہے، کینیڈین وزیر اعظم کا ٹرمپ کو دو ٹوک جواب

    کینیڈا ’فروخت کے لیے نہیں‘ ہے، کینیڈین وزیر اعظم کا ٹرمپ کو دو ٹوک جواب

    کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کا ملک فروخت کے لیے نہیں ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ا مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کینیڈا کے نئے وزیر اعظم مارک کارنی سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات میں ایک اور گرما گرم موضوع، تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    اس موقعے پر ٹرمپ نے  کینیڈین وزیراعظم کی تعریف کی اور کہا کہ یہ جوڑی واقعی شاندار رہے گی، لیکن کارنی نے فوراً جواب دیا چونکہ آپ ریئل اسٹیٹ کے بارے میں بخوبی واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ کچھ جگہیں ایسی ہیں جو کبھی فروخت کے لیے نہیں ہیں۔

    کینیڈا میں لبرل پارٹی نے مسلسل چوتھی بار میدان مار لیا، مارک کارنی نے پہلی تقریر میں کیا کہا؟

    کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے مزید کہا کہ کینیڈا فروخت کے لیے نہیں ہے، یہ کبھی بھی فروخت کے لیے نہیں ہو گا لیکن شراکت داری میں مواقع ہیں اور اور ہم مل کر اسے بہتر بنا سکتے ہیں۔

    ٹرمپ نے اس پر مسکراتے ہوئے کہا”کبھی نہیں، کبھی نہ کہو، امریکی صدر نے کہا کہ کینیڈین "وقت گزرنے کے ساتھ” امریکا میں شامل ہونے پر راضی ہو سکتے ہیں، تو کارنی نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور بات روک دی۔

    کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ بڑے احترام کے ساتھ، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ 51 ویں ریاست کے بارے میں کینیڈینوں کا نظریہ تبدیل نہیں ہونے والا ہے۔

  • کینیڈا میں لبرل پارٹی نے مسلسل چوتھی بار میدان مار لیا، مارک کارنی نے پہلی تقریر میں کیا کہا؟

    کینیڈا میں لبرل پارٹی نے مسلسل چوتھی بار میدان مار لیا، مارک کارنی نے پہلی تقریر میں کیا کہا؟

    اوٹاوا: کینیڈا میں لبرل پارٹی نے مسلسل چوتھی بار میدان مار لیا ہے، کنزرویٹو پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    ووٹنگ کے بعد ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق لبرل پارٹی کے مارک کارنی کو برتری حاصل ہو گئی ہے، لبرل پارٹی کینیڈا کی اگلی حکومت تشکیل دے گی۔ وزیر اعظم مارک کارنی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی جنگ اور الحاق کی دھمکیوں کے خلاف لڑنے کا وعدہ کرتے ہوئے کینیڈا کے وفاقی انتخابات میں فتح کا اعلان کیا۔

    59 سالہ ہارورڈ سے پڑھے ہوئے کارنی نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں سنبھالا لیکن ان کا اقتصادی تجربہ شان دار ہے، وہ کینیڈا اور برطانیہ کے اہم بینکوں کے سربراہ رہ چکے ہیں۔

    قدامت پسند رہنما پیئر پوئیلیور نے شکست تسلیم کر لی، کارنی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کینیڈینز نے ایک ایسی حکومت کا انتخاب کیا ہے جو اکثریت حاصل نہیں کر سکی ہے، جب کہ نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نے کہا کہ وہ اپنی نشست ہارنے کے بعد استعفیٰ دے رہے ہیں، انھوں نے بائیں بازو کی تنظیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔


    کینیڈا: ساحل سمندر سے بھارتی طالبہ کی لاش برآمد


    واضح رہے کہ ووٹرز نے معیشت اور امریکا سے سفارتی و تجارتی معاملات پر ووٹ دیا، 343 کے ایوان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی پارٹی کو 172 نشستیں درکار تھیں۔ اب تک آنے والے نتائج کے مطابق لبرل کا 168 سیٹیں جیتنے کا امکان ہے، جب کہ کنزرویٹو کا 144 نشتیں جیتنے کا امکان ہے، تیسرے نمبر پر بلاک کیوبیکوا پارٹی کو 23 سیٹیں ملنے کا امکان روشن ہو گیا ہے۔

  • کینیڈا: ساحل سمندر سے بھارتی طالبہ کی لاش برآمد

    کینیڈا: ساحل سمندر سے بھارتی طالبہ کی لاش برآمد

    کینیڈا میں کچھ دنوں سے لاپتہ بھارتی طالبہ کی لاش ساحل سمندر سے برآمد کرلی گئی ہے، بھارتی ہائی کمیشن نے بھی لاش ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی طالبہ ونشیکا گزشتہ کچھ دنوں سے لاپتہ تھی۔ لڑکی کی لاش ملنے کے بعد مقامی پولیس نے موت کی وجہ جاننے کیلیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ونشیکا کی لاش ساحلِ سمندر سے ملی ہے، اہلخانہ کی جانب سے لاش ملنے کے بعد تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    ونشیکا بھارت کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے رہنما کی بیٹی تھی، جو ڈھائی سال قبل تعلیم حاصل کرنے کے لیے کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا پہنچی تھی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ونشیکا 25 اپریل سے لاپتہ تھی اور اسی رات سے اس کا فون بھی بند تھا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اور بھارت سے تعلق رکھنے والی طالبہ ہلاک ہوگئی تھی۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 21 سالہ بھارتی طالب علم ہرسمرت رندھاوا بس اسٹاپ پر بس کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک ایک کار سوار نے فائرنگ کر دی۔ مقتولہ اونٹاریو کے موہاک کالج کی طالبہ تھی۔

    کینیڈا پولیس کے مطابق طالبہ کی موت اندھی گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقیات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

    بھارتی طالبہ کی فلپائن میں سالگرہ کے دن مشتبہ موت، دوستوں نے کیا بتایا؟

    بھارتی قونصلیٹ کے مطابق 2 کار سواروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس موقع پر طالبہ کو سینے میں گولی لگی جس کے بعد اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

  • کینیڈا میں لبرل پارٹی کی مسلسل چوتھی بار حکومت بننے کا امکان

    کینیڈا میں لبرل پارٹی کی مسلسل چوتھی بار حکومت بننے کا امکان

    اوٹاوا: کینیڈا میں ایک بار پھر لبرل پارٹی کی حکومت بننے کا امکان ہے۔

    کینیڈا میڈیا کے مطابق ملک میں لبرل پارٹی کی مسلسل چوتھی بار حکومت بننے کا امکان ہے، لبرل پارٹی کینیڈا کی اگلی حکومت تشکیل دے گی، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ لبرل پارٹی کی اکثریتی حکومت بنے گی یا مخلوط ؟

    ووٹنگ کے بعد ابتدائی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ لبرل پارٹی کو کنزرویٹو پارٹی پر برتری حاصل ہے، ووٹرز نے معیشت اور امریکا سے سفارتی و تجارتی معاملات پر ووٹ دیا۔

    343 کے ایوان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی پارٹی کو 172 نشستیں درکار ہیں، کینیڈا کے قومی نشریاتی ادارے سی بی سی نیوز کے مطابق لبرلز فی الحال 161 نشستیں جیتنے کے راستے پر ہیں۔ اب تک اس نے 118 سیٹیں جیت لی ہیں جب کہ 43 پر انھیں برتری حاصل ہے، دوسری طرف کنزرویٹو پارٹی نے 110 سیٹیں جیت لی ہیں جب کہ اسے 40 سیٹوں پر برتری حاصل ہے۔

    موجودہ وزیر اعظم مارک کارنی نے اوٹاوا میں اپنی نشست جیت لی ہے۔ اگر لبرلز یہ الیکشن جیت جاتے ہیں تو 10 سال بعد یہ ان کی چوتھی فتح ہوگی۔


    روس کے یک طرفہ جنگ بندی کے اعلان پر یوکرین کا ناراضی بھرا مؤقف سامنے آ گیا


    لبرل پارٹی کے ووٹرز کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ کینیڈا کبھی بھی 51 ویں ریاست نہیں بنے گا، اور یہ ایک قابل فخر ملک ہے۔ ایک ووٹر نے بتایا کہ کنزرویٹو لیڈر پیئر پوئیلیور صحیح شخص اس لیے نہیں ہیں کیوں کہ وہ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ہیں، وہ امریکا کے ریپبلکن پارٹی کے ساتھ نظریاتی اتحاد رکھتے ہیں۔

  • کینیڈا میں انتخابات، لبرل پارٹی کے حوالے سے اہم خبر

    کینیڈا میں انتخابات، لبرل پارٹی کے حوالے سے اہم خبر

    اوٹاوا: کینیڈا میں وفاقی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی، جو مختلف شہروں میں کسی تعطل کے بغیر 12 گھنٹے تک جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو کینیڈا میں الیکشن کے لیے پولنگ ہوگی، اور ایک نئی حکومت کا انتخاب کیا جائے گا، پولنگ کے ابتدائی نتائج شام 7 بجے کے بعد سامنے آئیں گے، زیادہ تر نتائج رات 9:30 بجے تک جاری ہو جائیں گے۔

    تازہ سروے اور پولز لبرل پارٹی کی جیت کی نشان دہی کر رہے ہیں، جو 343 کے ایوان میں 162 تا 204 نشستیں لے کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ جائے گی۔

    وفاقی انتخابات میں پیشگی ووٹنگ کے دوران 7.3 ملین افراد ووٹ ڈال چکے ہیں، وفاقی انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے 50 سے زائد پاکستانی نژاد امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔


    ویڈیو: نیویارک میں یہودیوں نے خاتون کو گھیر لیا، فلسطینیوں کیخلاف نعرے


    مارک کارنی کے لبرلز پیئر پوئیلیور کے قدامت پسندوں کے خلاف اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرتے جا رہے ہیں، مارک جوزف کارنی کینیڈا کے سیاست دان اور ماہر اقتصادیات ہیں، وہ 2025 سے کینیڈا کے 24 ویں وزیر اعظم اور کینیڈا کی لبرل پارٹی کے رہنما ہیں۔ جب کہ پیئر مارسیل پوئیلیور 2022 سے اپوزیشن کے رہنما اور کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا کے رہنما کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکمران سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی سربراہی میں 2015 سے حکومت میں ہیں، اور یہ کنزرویٹوز 2023 سے انتخابات میں دوہرے ہندسے کے مارجن سے سبقت حاصل کرتے آ رہے ہیں، تاہم جب ٹروڈو نے جنوری میں اپنے استعفے کا اعلان کیا، اور امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالا، تب سے رائے عامہ کے جائزوں میں لبرلز مقبولیت حاصل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔