Tag: کیٹ ونسلیٹ

  • ’ٹائٹینک‘ کے بعد کیٹ ونسلیٹ بڑی مصیبت میں گرفتار ہو گئی تھیں

    ’ٹائٹینک‘ کے بعد کیٹ ونسلیٹ بڑی مصیبت میں گرفتار ہو گئی تھیں

    ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ جب فلم ’ٹائٹینک‘ کے بعد اچانک شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، تو عمر کی بیسویں دہائی میں یہ شہرت ان کے لیے ایک ’خوفناک‘ تجربہ ثابت ہوئی۔

    پیر کو پورٹر میگزین میں شائع ہونے والے انٹرویو میں آسکر جیتنے والی کیٹ ونسلیٹ نے بتایا کہ ’ٹائٹینک‘ کی یادگار کامیابی کے بعد انھیں اپنی شہرت سے بھی نبرد آزما ہونا پڑا، راتوں رات ملنے والی شہرت اور توجہ کو انھیں بڑی مشکل سے سنبھالنا پڑا تھا۔

    ونسلیٹ نے بتایا ’’اس وقت میڈیا کی مداخلت بہت اہم تھی، اس لیے میری زندگی بہت ناخوش گوار ہو گئی تھی، ایسا لگتا تھا جیسے مجھے ایک خاص طرح سے رہنا ہے اور خاص طرح سے دکھنا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’صحافی اکثر کہتے رہتے تھے کہ ٹائٹینک کے بعد میں کچھ بھی کر سکتی تھی لیکن اس کے باوجود میں نے چھوٹی چھوٹی چیزوں ہی کا کیوں انتخاب کیا، اور میں جواب میں کہتی کہ ہاں بالکل ٹھیک کہا، ایسا ہی کیا میں نے لیکن پتا ہے کیوں؟ کیوں کہ مشہور ہونا خوفناک تھا۔‘‘

    آج بلاشبہ اپنی اسٹار ہونے کی حیثیت سے وہ بہ خوبی واقف ہیں، اور اس بات پر شکر ادا کرتی ہیں تاہم انھوں نے کہا کہ شہرت اب ان کے لیے ایک مضحکہ خیز لفظ ہے، اور وہ اپنی مشہور شخصیت کو بہت ہلکے میں لیتی ہیں، یعنی خود پر بوجھ کی طرح سوار نہیں ہونے دیتیں۔

    کیٹ ونسلیٹ نے بتایا کہ شہرت ملنے کے بعد اگرچہ انھیں پبلک میں نکلنا بہت مشکل ہو گیا تھا، تاہم جب وہ کشتی پر ہوتی تھیں تو اس وقت یہ حالت ہوتی تھی کہ ’’اوہ خدا، چھپ جاؤ کہیں۔‘‘

    گزشتہ برس ووگ میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے کیٹ ونسلیٹ نے کہا تھا کہ فلم انڈسٹری کی صورت حال اب تبدیل ہو رہی ہے، نوجوان اداکارائیں اب بے خوف ہیں اور مجھے اس بات پر فخر محسوس ہوتا ہے، اب میں بھی کوئی پروا نہیں کرتی اگر کوئی میری طرف انگلی اٹھا کر ہنستا ہے۔

    کیٹ ونسلیٹ نے مزید کہا کہ اب ثقافت اس انداز میں تبدیل ہو رہی ہے جس کا میں اپنی 20 سالہ عمر میں خواب میں بھی تصور نہیں کر سکتی تھی۔

  • فلم ٹائی ٹینک میں ہیرو کو ڈوبنے سے کیوں نہیں بچایا گیا؟

    فلم ٹائی ٹینک میں ہیرو کو ڈوبنے سے کیوں نہیں بچایا گیا؟

    ہالی وڈ فلم ٹائی ٹینک میں ہیروئین (کیٹ ونسلیٹ) ایک لکڑی کے تختے پر چڑھ کر بچ جاتی ہے جبکہ ہیرو (لیونارڈو ڈی کیپریو) اس تختے کو پکڑ کر برفیلے پانی میں تیرتے ہوئے ہلاک ہوجاتا ہے یہ معمہ آج تک زیر بحث ہے لیکن اب فلمکے ڈائیکریکٹر نے اس کو حل کرلیا ہے۔

    1997 میں ریلیز ہونے والی فلم کو اب 25 سال مکمل ہوگئے ہیں مگر اب بھی مداحوں کی جانب سے اکثر یہ سوال سامنے آتا ہے کہ جب روز (ہیروئین) کو بچایا جاسکتا تھا تو جیک (ہیرو) کو اس تختے پر جگہ دیکر زندہ کیوں نہیں رکھا گیا؟

    اب جاکر فلم کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے کہا ہے کہ وہ اس بحث کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    11 آسکر ایوارڈز جیتنے والی اس فلم کے بارے میں ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ مداحوں کے سوالات کی وجہ سے ہم نے اس معاملے پر ایک باضابطہ سائنسی تحقیق کی۔

    کیمرون نے کہا کہ اس سائنسی تحقیق سے ثابت ہوا کہ ٹائی ٹینک کے اختتام پر دکھائے جانے والے تختے میں 2 افراد چڑھ کر زندہ نہیں بچ سکتے تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایک سائنسی تحقیق اس لیے کی تاکہ اس بحث کا خاتمہ ہوسکے، اس کے لیے ہم نے ایک ماہر کے ساتھ باقاعدہ فرانزک تجزیہ کیا اور اس بارے میں ہم فروری 2023 میں کچھ خاص ریلیز کرنے والے ہیں۔

    جیمز کیمرون نے بتایا کہ ہم نے تجزیے کے لیے 2 افراد کی خدمات حاصل کیں جن کا جسمانی حجم کیٹ ونسلیٹ اور لیونارڈو ڈی کیپریو جیسا تھا اور ان کے جسم میں متعدد سنسرز نصب کیے گئے۔

    اس کے بعد ہم نے برفانی پانی میں متعدد طریقوں سے تجربہ کرکے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ دونوں ایک تختے پر زندہ رہ سکتے تھے یا نہیں، نتائج سے واضح ہوا کہ صرف ایک ہی فرد زندہ بچ سکتا تھا۔

    جیمز کیمرون کے مطابق جیک کو مرنے کی ضرورت تھی، یہ فلم محبت اور قربانی کے گرد گھومتی تھی اور محبت کا پیمانہ قربانی تھی۔

    فروری میں ٹائی ٹینک کو 4K ورژن میں سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

  • کیٹ ونسلیٹ زخمی ہو گئیں

    کیٹ ونسلیٹ زخمی ہو گئیں

    ہالی اداکارہ اور ٹائی ٹینک فلم کی ہیروئن کیٹ ونسلیٹ شوٹنگ کے دوران پھسل کر زخمی ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیٹ ونسلیٹ لیجنڈری امریکی فوٹو جرنلسٹ لی ملر کی بائیو پک LEE کی شوٹنگ کے دوران کروشیا میں فلم سیٹ پر ٹانگ میں چوٹ لگنے کے بعد اسپتال پہنچ گئیں۔

    رپورٹس کے مطابق فلم میں دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک میگزین کے لیے کام کرنے والی امریکی فوٹو جرنلسٹ لی ملر کا کردار ادا کرنے والی 46 سالہ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کُپاری گاؤں میں فلم بندی کر رہی تھیں، کہ اس دوران وہ پھسل گئیں۔

    اداکارہ کے نمائندہ نے میڈیا کو بتایا کہ کیٹ پھسل گئیں تھیں جس پر انھیں پروڈکشن کے لیے ضروری احتیاطی اقدام کے طور پر اسپتال لے جایا گیا، اب وہ ٹھیک ہیں اور شیڈول کے مطابق اس ہفتے شوٹنگ کریں گی۔

    گرنے کے باعث کیٹ کی ٹانگ پر چوٹ آئی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز نے انھیں ایک دو دن آرام کا مشورہ دیا۔

    اس فلم کے لیے کیٹ کے نام کا بہ طور ہیروئن اعلان 2020 میں کیا گیا تھا، لی ملر ووگ میگزین کے کور کی ماڈل تھیں، اس کے بعد وہ فوٹو جرنلسٹ بن گئیں، یہ فلم ان کی زندگی اور تجربات پر مبنی ہے، دوسری جنگ عظیم کے دوران انھوں نے فرنٹ لائن پر سفر کرتے ہوئے نازیوں کی بھیانک سچائیوں کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی تھی۔

    یہ فلم کتاب The Lives of Lee Miller سے اخذ کی گئی ہے، جسے لی کے بیٹے انٹونی پینروز نے لکھا ہے۔

  • کیٹ ونسلیٹ ایوارڈ یافتہ ڈرامہ سیریز میں جلوہ گر ہوں گی

    کیٹ ونسلیٹ ایوارڈ یافتہ ڈرامہ سیریز میں جلوہ گر ہوں گی

    آسکر ایوارڈ یافتہ معروف ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ اپنی بیٹی کے ساتھ ایوارڈ یافتہ ڈرامہ سیریز آئی ایم میں نظر آئیں گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق معروف ہالی وڈ اداکارہ کیٹ وِنسلیٹ چینل 4 کی ایوارڈ یافتہ ڈرامہ سیریز آئی ایم کی پہلی قسط میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

    آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ اپنی بیٹی میا ٹھریپلیٹن کے ساتھ آئی ایم روتھ میں نظر آئیں گی جس کی شوٹنگ اپریل کے آخر میں شروع ہوگی، گزشتہ دو سیریز کی طرح، نئی سیریز کی تینوں اقساط مرکزی کرداروں کے نام پر ہوں گی۔

    سیریز کے تخلیق کار، مصنف اور ہدایت کار ایوارڈ یافتہ فلم ساز ڈومنک سیویج ہیں، سیریز کی ہر قسط کی کہانی مرکزی کرداروں کے تخلیقی اشتراک سے لکھی گئی ہے۔

    انفرادی فلموں کی یہ سیریز خواتین کے ان لمحات پر مشتمل ہے جو بے ساختہ جذبات، سوچ بچار اور ذاتی نوعیت پر مبنی ہوتے ہیں۔

    اس سیریز کا پہلا سیزن سنہ 2019 میں آیا تھا جس کی کاسٹ میں وکی مک کلور (آئی ایم نکولا)، گیما چین (آئی ایم ہیناہ) اور سمانتھا مورٹن (آئی ایم کرسٹی)، جو بافٹا ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئیں تھیں، شامل تھیں۔

    دوسرے سیزن میں سورین جونز(آئی ایم وکٹوریا)، لیٹیٹا رائٹ (آئی ایم ڈینیئل) اور لیزلے مینولے (آئی ایم ماریہ) کاسٹ کی گئیں تھیں۔

    ڈومنک سیویج کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ کیٹ ونسلیٹ کے ساتھ نئی سیریز کی پہلی فلم پر کام کر رہے ہیں، کیٹ ایک لیجنڈ ہیں اور وہ ان کے ساتھ کام شروع کرنے کے لیے انتظار نہیں کر سکتے۔

  • ٹائی ٹینک کو کیسے فلمایا گیا؟

    ٹائی ٹینک کو کیسے فلمایا گیا؟

    نوے کی دہائی کی شہرہ آفاق آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ٹائی ٹینک آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

    فلم میں دکھائی گئی محبت کی کہانی گو کہ عام سی تھی، جس میں ایک غریب لڑکے کو امیر لڑکی سے محبت کرتے دکھایا گیا، مگر اس کے پس منظر میں عظیم الجثہ جہاز، اس کا سحر انگیز ماحول، اس کا ڈوبنا اور ان محبت کرنے والوں سمیت جہاز کے دیگر مسافروں پر گزرنے والے قیامت خیز لمحات اور پھر ان دونوں کی محبت کا امر ہونا، ان سب نے مل کر اس فلم کو بے حد خاص بنا دیا تھا۔

    آج سے 20 سال قبل ہالی ووڈ انڈسٹری اتنی ترقی یافتہ نہیں تھی اور اس میں آج موجود کئی سہولیات موجود نہیں تھی۔ چنانچہ ایسے میں اس فلم کو فلمانا ایک کڑا مرحلہ تھا جس پر اس فلم کے تخلیق کار پورے اترے۔

    آج ہم آپ کو کچھ ایسی تصاویر دکھاتے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ کو اندازہ ہوگا کہ اس فلم کو کیسے فلمایا گیا۔

    اس منظر کو دیکھ کر آپ کو اندازہ ہوگا کہ بیسویں صدی کا دور، سمندر اور ان عظیم الشان جہازوں کو دارصل یوں پردہ اسکرین پر پیش کیا گیا۔

    فلم کا کلائمکس جس میں ہیرو جیک کی موت دکھائی گئی ہے ایک سوئمنگ پول میں فلمایا گیا۔

    اس سوئمنگ پول کی گہرائی صرف 3 فٹ تھی۔

    فلم کے مزید مناظر۔

    6

    جہاز کے دو لخت ہونے کا منظر۔

    10

    اور وہ شہرہ آفاق منظر جس نے ایک عرصے تک محبت کرنے والوں کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا۔

    اور کیا آپ جانتے ہیں اس فلم کا پہلا نام کیا رکھا گیا تھا؟

    مزید حیرت انگیز مناظر کے لیے ویڈیو دیکھیں۔