Tag: کیپٹن مارول

  • کیپٹن مارول 2: 16 سالہ پاکستانی نژاد اداکارہ بھی فلم میں شامل

    کیپٹن مارول 2: 16 سالہ پاکستانی نژاد اداکارہ بھی فلم میں شامل

    ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے مارول اسٹوڈیو نے پہلی سپر وومن ویب سیریز مس مارول میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی کو آنے والی سائنس فکشن فلم کیپٹن مارول 2 میں کاسٹ کرلیا ہے۔

    ایک انٹرٹینمنٹ رپورٹ کے مطابق سیریز کی دوسری فلم میں پاکستانی نژاد اداکارہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

    کیپٹن مارول کی پہلی فلم سنہ 2019 میں عالمی یوم خواتین پر ریلیز کی گئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی۔ اس فلم میں کیپٹن مارول کا کردار اداکارہ بری لارسن نے ادا کیا تھا۔

    کیپٹن مارول کا سپر ہیرو سائنس فکشن کردار مذکورہ فلم سے قبل متعدد فلموں، ویب سیریز اور کتابوں میں دکھایا جا چکا تھا، تاہم پہلی بار اس کردار پر بنائی گئی فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔

    اب اس کردار کی دوسری فلم کو سنہ 2022 تک ریلیز کیا جائے گا جس میں کئی نئے کردار شامل کیے جائیں گے اور ان کرداروں میں پہلی مسلم سپر ہیرو وومن کا کردار مس مارول بھی شامل ہوگا۔

    مس مارول کے کردار کا نام کمالہ خان ہوتا ہے جو ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون ہوتی ہیں، اور جو خصوصی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔

    اسی کردار پر مارول اسٹوڈیو نے مس مارول کے نام سے ویب سیریز بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جسے 2021 کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

    مس مارول کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد 16 سالہ ایمان ولانی اب ہولی وڈ فلم کیپٹن مارول میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، فلم میں وہ پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو لڑکی کمالہ خان کا کردار ہی ادا کریں گی۔

    مارول اسٹوڈیو کے مطابق 2019 کی مقبول فلم کیپٹن مارول کی سیکوئل فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا اور اس میں کمالہ خان کے کردار سمیت دیگر کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔

    فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ کیپٹن مارول 2 کی ہدایت کاری پہلی بار ایک سیاہ فام خاتون دیں گی، نیا ڈکوسٹا اس سے قبل متعدد فلم و ٹی وی منصوبوں کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

  • کیپٹن مارول نے پہلے ہفتے 455 ملین امریکی ڈالر کما کر نیا ریکارڈ قائم کردیا

    کیپٹن مارول نے پہلے ہفتے 455 ملین امریکی ڈالر کما کر نیا ریکارڈ قائم کردیا

    مارول یونی ورس کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کیپٹن مارول‘ نے اپنے پہلے ہی ویک اینڈ پر 455 ملین امریکی ڈالر کما کر نئے ریکارڈز قائم کردیے۔

    کیپٹن مارول، مارول یونی ورس کی پہلی خاتون سپر ہیرو فلم ہے اور اس سے قبل ڈی سی کامکس کی ’ونڈر وومن‘ بھی ریلیز پر اچھا بزنس کرچکی ہے لیکن کیپٹن مارول اس سے کہیں آگے ہے۔

    کیپٹن مارول سے پہلے ڈزنی کی سنہ 2017 میں ریلیز ہونے والی ’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ کسی خاتون مرکزی کردار کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم تھی جس نے اپنے پہلے ہفتے میں 357 ملین امریکی ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

    کیپٹن مارول نے بیٹ مین ، سپر مین ، یا ایکس مین فلمز سے کہیں زیادہ بزنس کیا ہے اور اب تک صرف ایک فلم ہی اس سے آگے ہے اور وہ مارول کی ’ایونجرز ، انفینیٹی وار‘ہے جس نے اپنے پہلے ویک اینڈ پر640 ملین امریکی ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

    اس طرح سے نہ صرف کیپٹن مارول خواتین کردار پر مبنی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے بلکہ سپر ہیروز فلم کی دنیا میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی یہ دوسری فلم بن گئی ہے۔

    کیپٹن مارول کا مرکزی کردار بری لارسن نامی اداکارہ نے نبھایا ہے اور اس ویک اینڈ رپر وہ بہت سے تھیٹرز میں اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی ہی فلم دیکھنے پہنچ گئی جس پر مداح خوشی سے نڈھال ہوگئے ۔