Tag: کیڑے

  • کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟

    کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟

    امریکا میں ایک خاتون نے کار میں موجود کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلائی تو وہ خود بھی جل گئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست مشی گن میں 31 سالہ خاتون کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    خاتون کو گاڑی میں بیڈ بگز نامی کیڑے دکھائی دیے تو انہوں نے خوفزدہ ہو کر الکوحل چھڑکا اور آگ لگا دی، لیکن اس کوشش میں وہ خود بھی جھلس گئیں۔

    اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی کی گاڑی بھی وہاں پہنچ گئی جبکہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال کیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • خوراک کی تلاش کے لیے کیڑوں کی انوکھی تکنیک نے لوگوں کو حیران کردیا

    خوراک کی تلاش کے لیے کیڑوں کی انوکھی تکنیک نے لوگوں کو حیران کردیا

    ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ اتحاد میں برکت ہے، اتحاد صرف انسانوں ہی نہیں بلکہ جانوروں کو بھی برکت سے مالا مال کردیتا ہے جس کا ثبوت یہ ویڈیو ہے۔

    شمالی تھائی لینڈ کی ایک بدھ خانقاہ کے باہر ریکارڈ کی گئی یہ ویڈیو ایک بدھ راہب نے بنائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہزاروں کیڑے منظم طور پر حرکت کر رہے ہیں، دور سے دیکھنے میں یوں محسوس ہورہا ہے جیسے یہ کوئی لمبا سا سانپ ہے۔

    کیڑوں کے اس طرح ایک مخصوص صورت میں منظم طور پر حرکت کرنے کا ایک مقصد تو کسی شکاری کے حملے سے بچنا ہے، جبکہ دوسرا مقصد اپنی منزل تک (خوراک کی تلاش میں) جلد پہنچنا ہے۔

    مزید پڑھیں: چیونٹی آپ کے باس سے بہتر مینیجر ثابت ہوسکتی ہے

    ویڈیو ریکارڈ کرنے والے راہب کا کہنا تھا کہ میں انہیں دیکھ کر حیران رہ گیا، جس طرح سے یہ حرکت کر رہے تھے وہ حیرت انگیز تھا۔ راہب کا کہنا تھا کہ وہ ایک پل کی شکل میں حرکت کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2013 میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق مختلف کیڑے جب خوراک کی تلاش میں نکلتے ہیں اور اس طرح منظم طور پر حرکت کرتے ہیں تو وہ اپنی منزل تک ڈیڑھ گنا زیادہ رفتار سے پہنچتے ہیں، بہ نسبت اس کے کہ کیڑے الگ الگ اپنی راہ لیں اور ہر کیڑا دگنے وقت میں اپنی منزل تک پہنچے۔

  • کچی مچھلی کھانے والے چینی شخص کا جسم کیڑوں کا گھر بن گیا

    کچی مچھلی کھانے والے چینی شخص کا جسم کیڑوں کا گھر بن گیا

    چین میں زبان کے چٹخارے کے لیے کچی مچھلی کھانے والے شخص کو اسپتال جانا پڑ گیا، کچی مچھلی سے کیڑوں نے اس کے جسم میں منتقل ہو کر لاتعداد انڈے دے دیے۔

    مشرقی چین کا رہائشی شخص ژائی سی فوڈ کھانے کا شوقین تھا اور وہ ادھ پکی مچھلی نہایت شوق سے کھایا کرتا تھا، اس کا کہنا تھا کہ مکمل طور پر پکی ہوئی مچھلی کے مقابلے میں ادھ پکی مچھلی زیادہ لذیذ ہے۔

    تاہم زبان کے اسی چٹخارے نے اسے خطرناک صورتحال میں مبتلا کردیا۔ ژائی کو فروری میں پیٹ میں شدید درد اٹھا جبکہ ڈائریا بھی شروع ہوگیا تاہم وہ ڈاکٹر کے پاس جانے سے گریز کرتا رہا۔

    جون میں وہ 3 دن تک بخار میں مبتلا رہا اور اس کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد وہ ڈاکٹرز کے پاس پہنچا۔

    ڈاکٹرز نے ژائی کا سی ٹی اسکین کیا تو اس کے جگر میں پھوڑے کی موجودگی کا انکشاف ہوا، یہ پھوڑا ساڑھے 7 انچ طویل اور 7 انچ چوڑا تھا۔

    ابتدا میں ڈاکٹرز نے اس پھوڑے سے مواد نکال کر آہستہ آہستہ اسے ختم کرنا چاہا تاہم وہ اس میں ناکام رہے، جس کے بعد انہوں نے ژائی کا نصف جگر کاٹنے کا فیصلہ کیا۔

    آپریشن کے دوران ڈاکٹرز پر حیرت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے جب انہوں نے دیکھا کہ وہ پھوڑا کیڑوں کے لاتعداد انڈوں سے بھرا ہوا تھا۔ ان کیڑوں کی وجہ سے نصف جگر انفیکشن زدہ ہوچکا تھا جسے ڈاکٹرز کو جسم سے نکالنا پڑا۔

    یہ کیڑے دراصل ان مچھلیوں سے ژائی کے جسم میں منتقل ہوئے جنہیں وہ پکائے بغیر کھاتا رہا۔

    یہ خطرناک طفیلی کیڑے روس اور ایشیا میں پائے جاتے ہیں اور مچھلی کھانے والے ممالیہ جانداروں بشمول انسانوں کو اپنا میزبان بناتے ہیں یعنی ان پر حملہ کرتے ہیں۔ یہ کیڑے ایک وقت میں 12 سو سے 14 سو انڈے دیتے ہیں اور ان کی عمر 20 سے 30 سال ہوتی ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز ژائی کا آپریشن کرنے میں کامیاب رہے اور کچھ دن اسپتال میں رہنے کے بعد ژائی صحت مند حالت میں اپنے گھر لوٹ گیا۔

  • لاڑکانہ: بھٹو کے شہر میں زخمیوں سے برا سلوک، زخموں میں کیڑے پڑ گئے

    لاڑکانہ: بھٹو کے شہر میں زخمیوں سے برا سلوک، زخموں میں کیڑے پڑ گئے

    لاڑکانہ: :بھٹو کے شہر میں انسانوں کے ساتھ برے سلوک کی دو مثالیں سامنے آ گئی ہیں، زخموں میں کیڑے پڑ گئے لیکن اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ایک مستانہ شخص کے پیر میں چوٹ لگنے کے باعث کیڑے پڑ گئے ہیں، جب کہ ایک اور متاثرہ شخص کے بازو پر زخم میں کیڑے پڑ گئے، دونوں کو اسپتال میں علاج میں فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک سوشل ورکر نے زخمی مستانے کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا تھا، کیڑے پڑنے پر متاثرہ شخص کو شعبہ حادثات کے عملے نے داخل کرنے سے انکار کیا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ڈی جی رینجرز سندھ نے نوٹس لے لیا، رینجرز کے ڈاکٹرز کی ٹیم شعبہ حادثات پہنچ گئی، رینجرز کے ڈاکٹرز نے فرش پر لیٹے متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کی۔

    دریں اثنا، زخم میں کیڑے پڑنے پر ایک اور مریض کو بھی اسپتال پہنچایا گیا، متاثرہ شخص کے بازو پر زخم تھا جس پر پٹی بندھی ہوئی تھی، ایک سماجی کارکن کا کہنا تھا زخمی شہر سے باہر ایک کلو میٹر دور سڑک کنارے پڑا ہوا تھا۔

    سماجی کارکن نے بتایا کہ زخمی کو ایک ایمبولینس سے اتار کر سڑک کنارے پھینکا گیا تھا۔ دوسری طرف زخمی کو اسپتال منتقل کرنے کے باوجود علاج شروع نہیں کیا گیا۔

    ادھر شہریوں نے ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیڑے پڑے دوسرے شخص کا بھی علاج کرائیں۔