Tag: کے الیکٹرک کی نااہلی

  • اختیارات کی جنگ نے کراچی کو ڈبو دیا، بجلی 12 سے 15 گھنٹے سے غائب

    اختیارات کی جنگ نے کراچی کو ڈبو دیا، بجلی 12 سے 15 گھنٹے سے غائب

    کراچی: سندھ لوکل باڈی ایکٹ کے تحت اختیارات کی جنگ نے کراچی کو ڈبو دیا اور مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی نااہلی کے سبب بجلی 12 سے 15 گھنٹے سے غائب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ لوکل باڈی ایکٹ کے تحت اختیارات کی جنگ نے باران رحمت کو زحمت میں بدل دیا اور کے الیکٹرک نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی 12 سے 15 گھنٹے سے معطل ہے۔

    بارش کے دوران صوبائی وزراء اور بلدیاتی نمائندوں کے دورے نمائشی نکلے ہیں، کراچی کی اہم شاہراہیں تاحال پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، 50 ملی میٹر بارش کے بعد صورت حال سندھ حکومت کے بس سے باہر ہے۔

    شہر کے مختلف علاقوں کی گلیاں اور لنک روڈ تالاب میں بدل گئے ہیں، حکومتی مشینری غائب، پانی کھینچنے والے پائپ بھی ناکارہ ہوگئے، شہر کی اہم شاہراہوں سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ بھی غائب ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 6 افسران معطل

    دوسری جانب کے الیکٹرک کی روایتی کارکردگی برقرار ہے اور مختلف علاقوں میں 12 سے 15 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، گلشن اقبال، حسن اسکوائر میں 8، 8 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔

    اسی طرح گلشن فیصل، باتھ آئی لینڈ میں صبح 6 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، ملیر کے علاقے میں 12 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، گلستان جوہر، صفورہ چورنگی، سہراب گوٹھ کے علاقے میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    ادھر حیدرآباد میں موسلا دھار بارش سے نکاسی آب کا نظام مفلوج ہوگیا، وزیراعلیٰ سندھ نے واسا، ضلعی حکومت کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کی مدد کی جائے۔

  • کے الیکٹرک کی نااہلی کا ایک اور واقعہ، نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    کے الیکٹرک کی نااہلی کا ایک اور واقعہ، نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث نوجوان قیمتی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں کے الیکٹرک کی نااہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں نوجوان بجلی کے لٹکتے تار سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

    لواحقین کے مطابق جاں بحق نوجوان دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا تھا، مقتول نے لٹکتے تار سے بچنے کے لیے اسے ہاتھ سے ہٹایا تھا، تار ہاتھ سے پکڑتے ہی بجلی کا جھٹکا لگا اور موت واقع ہوگئی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گرگئے تھے ، جس کے باعث بچے کے دونوں بازو ضائع ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: ننھا عمر دونوں بازؤں سےمحروم، غفلت پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔

    کے الیکٹر ک کی مجرمانہ غفلت سے بچے کی ہاتھوں سے محرومی پر کے الیکٹرک مینجمنٹ کیخلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ متاثرہ بچے کے والد محمد عارف نے درج کرایا تھا۔