کراچی : گلستان جوہر میں شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے احتجاج کیا، احتجاج کا مقصد انتظامیہ کو شرمندہ کرنا اور ان کی بے حسی کو اجاگر کرنا ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے علاقے میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر انوکھا احتجاج کیا، مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
گلستان جوہر بلاک 9 کے رہائشی بڑی تعداد میں کے الیکٹرک آفس پہنچے اور شکایت کی کہ 85 فیصد سے زیادہ بلز جمع کرانے کے باوجود گزشتہ 56 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈھول کی تھاپ پر احتجاج کرنے کا مقصد انتظامیہ کو شرمندہ کرنا اور ان کی بے حسی کو اجاگر کرنا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ خواتین اور بچے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی آسکے۔