Tag: کے الیکٹرک

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی بحالی کا کام جاری، کے الیکٹرک کا بیان بھی آگیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی بحالی کا کام جاری، کے الیکٹرک کا بیان بھی آگیا

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی جبکہ کے الیکٹرک نے بجلی بند ہونے سے متعلق خبر پر ردعمل دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے بعد ملیر ماڈل کالونی، نارتھ کراچی، سرجانی، اورنگی منگھوپیر میں بجلی بند ہے۔

    اس کے علاوہ کاظم آباد، یوپی موڑ، ڈی ایچ اے، بن قاسم بلدیہ کے مختلف علاقے، رزاق آباد، گلشن حدید، گلشن اقبال، گلستان جوہر ،نارتھ ناظم آباد شادمان، اولڈ سٹی ایریا، اورنگی، کورنگی میں بھی بجلی بند ہے۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں بجلی کی مجموعی طور پر سپلائی بحال ہے۔ 2000 سے زائد فیڈرز کے زریعے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13بی ، 13سی، کوثر ٹاؤن، انڈس مہران، شاہراہِ فیصل، کورنگی ڈی، ایف اور جی ایریا سمیت سیکٹر اے 51 کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق نارتھ کراچی جی11، ماری پور، مسرور کالونی، الفلاح آباد، اور ٹکری ولیج سمیت عمر کالونی اور کسٹم کالونی میں بھی بجلی بحال ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کورنگی ڈی، ایف اور جی ایریا اور سیکٹر 51-A، لیاری، بکرا پیری، کالاکوٹ، نارتھ کراچی 11-G کی بجلی بھی بحال ہے جبکہ چند علاقوں میں بدستور بارش کے پانی کی نکاسی کا انتظار ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی پروٹو کول کے تحت چند نشیبی علاقوں میں منقطع کی گئی بجلی کلیئرنس ملتے ہی بحال کر دی جائے گی، پی سی سی ایچ ایس بلاک 2، علامہ اقبال روڈ، گلشن اقبال بلاک 10، عیسیٰ نگری، ایف بی ایریا بلاک 7 سمیت کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 17 اور شاہ فیصل گولڈن ٹاون میں تا حال حفاظت کے پیشِ نظر بجلی منقطع ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی سے متعلق شکایات کے لیے 118 یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔

  • کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ

    کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ

    اسلام آباد: کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں میں سالانہ بنیادوں پر مہلک حادثات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے نیپرا نے نشان دہی کی ہے کہ کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال23-2022 میں پیسکو مہلک حادثات کے لحاظ سے پہلے نمبر پر رہی، ایک سال میں پیسکو میں مہلک حادثات میں 41 افراد جاں بحق ہوئے۔

    نیپرا دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک مہلک حادثات کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی، جہاں مہلک حادثات میں 2 سال کے دوران 60 شہری جان گنوا بیٹھے ہیں۔

    بجلی کمپنیوں میں مہلک حادثات میں 23-2022 میں کل 163 ہلاکتیں ہوئیں، حادثات میں 111 شہری، بجلی کمپنیوں کے 52 ملازمین جاں بحق ہوئے، آئیسکو میں مالی سال 23-2022 میں مہلک حادثات میں 24 ہلاکتیں ہوئیں۔

  • کے الیکٹرک نے بجلی کا کنیکشن حاصل کرنا آسان بنا دیا

    کے الیکٹرک نے بجلی کا کنیکشن حاصل کرنا آسان بنا دیا

    کراچی: صارفین کی سہولت کے لیے کے الیکٹرک نے نئے کنیکشن کا حصول ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے صارفین کو بہترین کسٹمر سروس فراہم کرنے کے لیے اپنے آپریشنز کو خود کار اور ڈیجیٹائز کرنے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔

    15 لاکھ سے زائد صارفین پہلے ہی کمپنی سے ورچوئلی رابطہ کر رہے ہیں، اب کے الیکٹرک نے نئے کنیکشنز کے حصول کا طریقہ کار ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، یہ نیا پلیٹ فارم رہائشی، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کو نئے کنیکشن کے لیے درخواست دائر کرنے میں آسانی اور اپنی درخواست کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

    درخواست گزار کو اس کے کیس کے بارے میں معلومات ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، ادائیگی کے لیے چالان تک رسائی بھی دستیاب ہوگی، اور منظور شدہ بینکنگ چینلز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی بھی کی جا سکے گی، 80 کلوواٹ سے زائد کے کنیکشن کی درخواست دینے والے صارفین کی معاونت کے لیے ایک نمائندہ بھی مقرر کیا جائے گا۔

    ترجمان عمران رانا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کمپنی کو 2030 تک اپنے صارفین کی تعداد میں 30 فی صد تک اضافے کی توقع ہے، جس کے بعد صارفین کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کے الیکٹرک نے KE لائیو ایپ اور KE واٹس ایپ سروس بھی متعارف کرائی تھی۔

  • بجلی کی بہتر ترسیل کیلئے آر ٹی وی ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں، کے الیکٹرک

    بجلی کی بہتر ترسیل کیلئے آر ٹی وی ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں، کے الیکٹرک

    ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ شہر میں بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی کے ٹرانسمیشن کے شعبہ میں مقامی طور پر تیار کی گئی آر ٹی وی ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل بھروسہ سپلائی کو ممکن بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    کے الیکٹرک کا ٹرانسمشن ڈپارٹمنٹ بہتر طور پر بجلی کی فراہمی کے لیے نمی اور موسمی اثرات کو مدنظر رکھتا ہے اور اس مسئلے کے موثر حل کے حوالے سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے آر ٹی وی سلیوشن بجلی سپلائی کے ذمہ دار دیگر اداروں کے لیے بھی متعارف کروایا ہے۔

    اس کے علاوہ بینکاک میں منعقد ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس آئی این ایم آر میں بھی آر ٹی وی کے استعمال کے بعد کے نتائج پیش کیے گیے جسے شرکا کی جانب سے بھرپور پزیرائی ملی۔

    سال 2023 کے اعداد شمار کے مطابق موسمی حالات کے باعث ای ایچ ٹی لائنز کی ٹرپنگ 2018 میں 350 سے زائد تھیں جو آر ٹی وی کے استعمال سے 2023 میں کم ہو کر صرف 23 پر پہنچ چکی ہیں۔

    کے الیکٹر کے ترجمان نے بتایا کہ آخری پانچ سالوں میں ان ٹرپنگ میں 15۔93 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

  • وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان بجلی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے

    وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان بجلی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے

    کراچی: وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان بجلی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت ایک ہزار سے دو ہزار میگاواٹ بجلی کراچی کو بلا تعطل ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان بجلی فراہمی کے معاہدے طے پاگئے، پاور ڈویژن کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدوں میں حکومت اورکے الیکٹرک کےدرمیان چند دیرینہ تنازعات کا حل شامل ہیں۔

    پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان کراچی کی توانائی کے تحفظ کے لیے مختلف معاہدوں دستخط ہوگئے ، وزیرِ توانائی جناب محمد علی اور وزیر ِخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

    کے الیکٹرک کی نمائندگی سی ای او مونس علوی اور سی ایف او محمد عامر غازیانی نے کی، معاہدے کے تحت کراچی کو نیشنل گرڈ سےانٹر کنکشن کی صلاحیت تک بجلی کی فراہمی میں سہولت ہوگی۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی ایگریمنٹ (TDA) اور پاور پرچیز ایجنسی ایگریمنٹ (PPAA) پر دستخط دیکھنے میں آئے، نیشنل گرڈ سے توانائی کی مستحکم فراہمی کراچی کے صارفین کے لیے سستی بجلی تک رسائی میں سہولت فراہم کرے گی۔

    میڈئشن اگریمنٹ تحت کے الیکٹرک اور دیگر حکومتی اداروں کے درمیان مختلف واجبات کی ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہوگی

    اس موقع پر وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا کہ میں آج کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کے اجلاس میں ایک انتہائی اہم معاملہ اپنے منطقی انجام پر پہنچا ہے۔

    محمد علی کا کہنا تھا کہ وزارت پاور سیکٹر کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے اور ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے، کے الیکٹرک کو حکومت نے ہمیشہ ایک پارٹنر کے طور پر پیش کیا ہے۔

    وزیرِ توانائی نے وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اس سارے عمل میں وزیرِ اعظم نے ذاتی طور پر شمولیت کی اور رائے لیتے رہے، اس کے ساتھ میں وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا ان کی ذاتی شمولیت اور تعاون پر خصوصی شکریہ کرتا ہوں اور میں اپنے ساتھیوں اور تمام ٹیموں کا بھی ان کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کا کہنا تھا کہ حکومت کیساتھ اہم معاہدےپر دستخط کیے ہیں، ایک ہزار سے دو ہزار میگاواٹ بجلی کراچی کو بلا تعطل ملے گی، کے الیکٹرک سرمایہ کاری پلان پر بہتر انداز سے عمل درآمد کر سکے گی۔

    مونس علوی نے مزید کہا کہ کراچی کو سپلائی کے لیے بہت اہم معاہدہ ہے، معاہدے پر دستخط سے حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان تعلقات بہترین ہوجائیں گے اور معاہدے کے بعد کے الیکٹرک سرمایہ کاری پلان پر بہتر انداز سے عمل درآمد کر سکے گی۔

  • کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدے کو ازسر نو طے کیے جانے کا فیصلہ

    کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدے کو ازسر نو طے کیے جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدے کو ازسرنو طے کیے جانے کا فیصلہ کرلیا،معاہدے کا مسودہ گزشتہ ماہ ای سی سی نے منظور کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدے کو ازسرنو طے کیے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ کے الیکٹرک اور حکومت کےدرمیان معاہدے کے مسودے میں پیش رفت ہوئی۔

    ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی کے معاہدے کا مسودہ گزشتہ ماہ ای سی سی نے منظور کیا تھا، معاہدے کے مسودے پر وزارت قانون سے بھی مشاورت کی ہدایت کی تھی۔

    ذرائع نے کہا کہ وزارت قانون نے سبسڈی کے معاہدے کے قانونی نکات کا جائزہ لیا اور معاہدے کے مسودے کو قانونی قرار دیکر منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کیساتھ معاہدہ 2016 سے منسوخ ہوکر عارضی تھا، کے الیکٹرک کیساتھ حکومت کا معاہدہ طے پانے سے غیرملکی سرمایہ کاری بڑھےگی۔

    معاہدے سے توانائی شعبے کا گردشی قرضہ سرکلر ڈیٹ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

  • کے الیکٹرک کے خلاف ڈیڑھ کروڑ ہرجانے کا نمٹایا جانے والا کیس دوبارہ بحال

    کے الیکٹرک کے خلاف ڈیڑھ کروڑ ہرجانے کا نمٹایا جانے والا کیس دوبارہ بحال

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کے خلاف ڈیڑھ کروڑ ہرجانے کا نمٹایا جانے والا کیس دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک اور بلڈر کے خلاف ڈیڑھ کروڑ روپے ہرجانے کے دعویٰ والا کیس، جو وکیل کی عدم حاضری کے سبب نمٹا دیا گیا تھا، اب دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔

    درخواست گزار کی وکیل نائلہ تبسم ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پہلے وکیل بیرون ملک آباد ہو گئے، اس لیے کیس کی پیروی نہیں ہو سکی تھی، جس پر جسٹس محمود اے خان نے عذر قبول کرتے ہوئے فوری سماعت کے لیے امتیاز آفندی کو کمشنر مقرر کر دیا، اور حکم دیا کہ تین ماہ میں شہادتیں ریکارڈ کر کے فیصلہ کر دیا جائے۔

    نائلہ تبسم ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ 18 سالہ حافظ زین العابدین 2006 میں گلبرگ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے، حافظ زین گھر میں پردے لگا رہے تھے کہ راڈ بجلی کے ٹرانسفارمر سے ٹکرا گئی، کے الیکٹرک اور بلڈر کی ملی بھگت سے ٹرانسفارمر گھر کی دیواروں کے بہت قریب لگایا گیا تھا۔

    مرحوم حافظ زین کے والد نے عدالت کو بتایا کہ حافظ زین کی ہلاکت کے ذمہ دار بلڈر اور کے الیکٹرک ہیں، میرا بیٹا اوائل جوانی میں فریقین کی غلطی سے ہلاک ہوا، انھیں ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔

  • قصورکسی اور کا سزا پورے محلے کو ملے گی، کراچی میں کے الیکٹرک نے عدالت لگالی

    قصورکسی اور کا سزا پورے محلے کو ملے گی، کراچی میں کے الیکٹرک نے عدالت لگالی

    کراچی : کے الیکٹرک کی جانب سے گارڈن ویسٹ میں پانچ گھروں کی نادہندگی پر 120 گھرانوں بجلی سے محروم کردیا گیا، اہل علاقہ نے لیاری ایکسپریس وے پر دھرنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک نے عدالت لگالی، گارڈن ویسٹ میں پانچ گھروں کی نادہندگی پر ایک سوبیس گھرانے بجلی سے محروم کردیے گئے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز صبح آٹھ بجے سے بجلی منقطع ہے، شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی، بلوں کی بروقت ادائیگی کے باوجودچوبیس گھنٹے سے بجلی سے محروم ہیں۔

    اہل علاقہ نے مزید کہا کہ گھروں میں بزرگ اور مریض اذیت کا شکار ہیں،پانی کی موٹریں نہ چلنے کے باعث قلت آب کا مسئلہ بھی پیداہوگیا، آج بجلی بحال نہ ہوئی تو لیاری ایکسپریس وے پر دھرنا دیں گے۔

  • نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق سوالات کھڑے کردئیے

    نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق سوالات کھڑے کردئیے

    اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک سے متعلق سوالات کھڑے کردئیے اور کے الیکٹرک مستقبل میں وفاق سے بجلی لینے سے متعلق تفصیلات مانگ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی بجلی کی تقسیم اور فراہمی کیلئے لائسنس کی درخواست دائر کردی گئی، جس کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک سے متعلق سوالات کھڑے کردئیے اور کہا کہ بجلی تقسیم و فراہمی کے قواعد کےمعیار کے مطابق کے الیکٹرک کی کیا کارکردگی ہے؟

    نیپرا نے کے الیکٹرک سے بجلی کے لوڈ سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں ، نیپرا نے سوال کیا کہ بجلی کی بڑھتی طلب پورا کرنے کیلئےکے الیکٹرک کا کیا پلان ہے؟ صارفین کوسہولتوں کی فراہمی پرکے الیکٹرک اپنے سسٹم میں کیا جدت لائی؟سروس ڈلیوری بہتر بنانے کے حوالے سے کے الیکٹرک کا مستقبل کا پلان کیا ہے؟

    لوڈشیڈنگ میں کمی اور بجلی بلاتعطل فراہمی کیلئےکے الیکٹرک سے حکمت عملی بھی طلب کرلی ، نیپرا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ، غیرمنصفانہ بلنگ ،مہنگی بجلی پرشکایات ملی ہیں، بتایا جائے کے الیکٹرک نے ان مسائل کے حل کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔

    نیپرا نے سوال کیا کہ کیا کے الیکٹرک نے نجکاری متعین کردہ اہداف حاصل کئے ہیں؟ کے الیکٹرک کے صارفین کے پروٹیکشن کے حوالے کیا سائبرسکیورٹی اقدامات ہیں ؟

    نیپرا نے تفصیلات مانگ لیں کہ کے الیکٹرک مستقبل میں وفاق سے کتنی بجلی لے گی۔

  • کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع  کرنے کی وجہ بتادی

    کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع کرنے کی وجہ بتادی

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق کے الیکٹرک نے وضاحت دے دی۔

    اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ملیر سٹی میں زیر زمیں کیبل کو نقصان پہنچایا گیا جس سے بجلی منقطع ہوئی۔

    ترجمان نے کہا کہ کےالیکٹرک کی تنصیبات کو نقصان پہنچانا غیرقانونی عمل ہے، ملیر سٹی کے نادہندگان پر 66ملین روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بجلی کی چوری اور تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کی شرح پر منحصر ہے۔

    کےالیکٹرک کے مطابق پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو، جیکب لائن، سوئپر کوارٹرز میں عدم ادائیگیوں پر بجلی منقطع کی گئی۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ منقطع کیے گئے نادہندگان پر واجب الادا رقم 3 ارب سے زائد ہوچکی ہے، علاقہ مکین وقت پر ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔