Tag: کے الیکٹرک

  • گیس کی کمی کا بہانہ: کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں پوری رات شہر کی بجلی بند رکھی

    گیس کی کمی کا بہانہ: کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں پوری رات شہر کی بجلی بند رکھی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ پوری رات شہری اندھیرے اور شدید گرمی میں کاٹنے پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے گزشتہ شب رات بھر لوڈ شیڈنگ سے متعلق صارفین کو ایس ایم ایس کردیا۔ کے الیکٹرک نے مستثنیٰ علاقوں کے صارفین کو بھی لوڈشیڈنگ کے پیغامات بھیجے۔

    شہر کا بیشتر حصہ گزشتہ شب تاریکی میں ڈوبا رہا۔ گڈاپ، کاٹھور، کاظم آباد، ماڈل کالونی، احسن آباد، گلشن معمار، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، سرسید ٹاؤن، ملیر، لانڈھی، ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کے مختلف بلاک میں بجلی بند رہی۔

    گرمی کے ستائے شہری کے الیکٹرک سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن کے الیکٹرک کے شکایتی مرکز سے حسب معمول کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ شب کے علاوہ بھی کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچا دیا ہے۔

    دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو مطلوبہ گیس فراہم کی جارہی ہے۔

    وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کراچی میں گیس کی قلت کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نئی پائپ لائن کے لیے رائٹ آف نہیں دے رہی۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کو نئی گیس پائپ لائن کے لیے رائٹ آف وے چاہیئے، ڈیڑھ سال کوشش کے باوجود سندھ حکومت نے ایس ایس جی سی کو اجازت نہیں دی۔

  • کراچی: درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ

    کراچی: درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرمی بڑھتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی طرف سے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکڑک نے گیس کی فراہمی میں کمی کا جواز بنا کر لوڈ شیڈنگ شروع کر دی۔

    شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کے الیکٹرک نے شہر کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے، پہلے سے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی جانے کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔

    لوڈ شیڈنگ کے باعث شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی طرف سے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ایس ایس جی سی کے سپلائی مسائل کی وجہ سے کے الیکٹرک کے گیس پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث چند علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جاسکتی ہے۔

  • ہیکرز نے سسٹم کی بحالی کیلئے کے الیکٹرک سے لاکھوں ڈالر طلب کرلئے

    ہیکرز نے سسٹم کی بحالی کیلئے کے الیکٹرک سے لاکھوں ڈالر طلب کرلئے

    کراچی: ہیکرز نے 15ستمبر تک کے الیکٹرک کا ڈیٹا واپس کرنے کیلئے38 ملین ڈالرز طلب کرلئے اور کہا رقم ادا نہ کی تو مطالبے کی رقم دگنی ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک آئی ٹی سسٹم تا حال ہیک ہے، ہیکرز نے کے الیکٹرک سے سے لاکھوں ڈالر طلب کرلئے ہیں جبکہ ہیکرز کی جانب سے کے الیکٹرک کو 15ستمبر کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی ہے۔

    ہیکرز نے 15ستمبر تک کے الیکٹرک کا ڈیٹا واپس کرنے کیلئے38ملین ڈالرزکی رقم طلب کرلی اور کہا اگر کے الیکٹرک انتظامیہ نے15ستمبر تک ادائیگی نہ کی تومطالبے کی رقم دگنی کردی جائے گی۔

    ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے صارفین سمیت بہت اہم ڈاکو منٹس بھی ہمارے پاس ہیں۔

    کے الیکٹرک نے سائبر حملے کی توڑ کیلئے بین الاقوامی آئی ٹی سیکیورٹی ماہرین سے رابطہ کرلیا ہے ، کے الیکٹرک کو اس ہفتے کے آغاز میں سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    گذشتہ روز کے الیکٹرک نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کے لیے اہم ہدایت جار ی کی تھی۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا  کہ رواں ہفتے کے آغاز پر کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ کیا گیا جس کی وجہ سے ادارے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان کے مطابق سائبر حملے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سسٹم کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا، بل کی ادائیگی کے حل، کال سینٹر سمیت تمام کسٹمر سروسز آپریشنل کو بحال کردیا گیا جبکہ غیر متعلقہ سروسز کو سسٹم سے ختم کردیا گیا۔

    کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق بیشتر صارفین کو ویب سائٹ سے بلوں کی نقول حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے، اس ضمن میں متبادل سروسز کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا

    ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا

    کراچی: بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے سسٹم کو ہیک ہوئے آج دوسرا دن ہے، ہیکرز نے انتظامیہ کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سسٹم کی ہیکنگ کے سلسلے میں کے الیکٹرک نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کر لیا ہے، ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں کے الیکٹرک نے کہا کہ ادارے کا سسٹم گزشتہ روز سے تاحال ہیک ہے، کے الیکٹرک کا آئی ٹی سسٹم 2 سال پہلے بھی اگست میں ہیک ہو چکا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق ہیکرز نے انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے، ہیکرز نے کے الیکٹرک کے سسٹم میں ایکسل شیٹ کے ذریعے پیغام دیا، ہیکرز نے انتظامیہ کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ہیک ہونے کے بعد کے الیکٹرک کا بلنگ کا نظام مکمل بند ہو چکا ہے، مختلف ریجن کے بل جاری نہیں ہو سکے ہیں۔

    کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ہیکنگ کے کیس پر کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ ہوا تھا، جس کے باعث کے الیکٹرک کا نظام مفلوج ہو گیا تھا اور بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن رک گئی تھی۔

    آج معلوم ہوا کہ کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹس ہیک کر لی گئی ہیں، جس کے باعث کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورکس منقطع ہو گئے ہیں۔

  • کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    کراچی : کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی ، جس کے باعث کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورک منقطع ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی ، جس کے باعث شہریوں کو بجلی کےبلوں کے حصول  میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ سائیڈ ہیک ہونے سے بلنگ کی ادائیگی بندہے ، ویب سائٹ کل دوپہر سےکام نہیں کررہیں، جس سے کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورک منقطع ہوگیا ہے۔

    گذشتہ روز کےالیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پرسائبر حملہ ہوا تھا ، جس کے باعث کےالیکٹرک کا نظام مفلوج ہوگیا اور بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن رک گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ ، نظام مفلوج

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سسٹم بحال کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ حساس اداروں نے بھارتی سائبر اٹیک کا سراغ لگا لیا،بھارتی خفیہ ادارے متعدد سائبر کرائم کرنے والے تھے، جس کا مقصد سرکاری اور دفاعی حکام کے موبائل اور آلات ہیک کرنا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا دشمن ایجنسیوں کے مختلف ٹارگٹ کی تحقیقات کی گئیں،پاک فوج نے سائبر حملے روکنے کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات بڑھا دیے جبکہ تمام حکومتی اداروں کو سائبر سیکیورٹی کے اقدامات کی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسی کوششوں سے بچا جاسکے۔

  • کے الیکٹرک کے آئی ٹی  سسٹم پر سائبر حملہ ، نظام مفلوج

    کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ ، نظام مفلوج

    کراچی: الیکٹرک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سسٹم پر سائبر حملے کے بعد بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کےالیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پرسائبر حملہ ہوا، جس کے باعث کےالیکٹرک کا نظام مفلوج ہوگیا اور بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن رک گئی۔

    کے الیکٹرک کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سسٹم بحال کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ حساس اداروں نے بھارتی سائبر اٹیک کا سراغ لگا لیا،بھارتی خفیہ ادارے متعدد سائبر کرائم کرنے والے تھے، جس کا مقصد سرکاری اور دفاعی حکام کے موبائل اور آلات ہیک کرنا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا دشمن ایجنسیوں کے مختلف ٹارگٹ کی تحقیقات کی گئیں،پاک فوج نے سائبر حملے روکنے کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات بڑھا دیے جبکہ تمام حکومتی اداروں کو سائبر سیکیورٹی کے اقدامات کی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسی کوششوں سے بچا جاسکے۔

  • کے الیکٹرک سے مکمل تعاون کررہے ہیں تاکہ پانی نکال سکیں،وزیراعلیٰ سندھ

    کے الیکٹرک سے مکمل تعاون کررہے ہیں تاکہ پانی نکال سکیں،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک سےمکمل تعاون کررہے ہیں تاکہ پانی نکال سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برساتی پانی کی وجہ سے جلوس کے روٹ میں معمولی تبدیلی کی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت تھوڑا سا پانی یوسف گوٹھ ، کھارادر کے اطراف میں رہ گیا ہے،اس شہر کے ساتھ ایسا ظلم ہوا ہے کہ نالے بند کر دیےگئے۔

    انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں کو کمرشل،پارکس رہائشی علاقوں میں تبدیل کیےگئے،کوشش کررہے ہیں پرانی پانی کی نکاسی کی لائنیں بحال کریں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے کے الیکٹرک کے دفتر کا دورہ بھی کیا،کے الیکٹرک سے مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ پانی نکال سکیں، ہم نے کے الیکٹرک کو کہا ہے کہ ایس او پیز بنائیں،ایسے ایس او پیز بنائیں کہ انسٹالیشنز سے پانی کی نکاسی یقینی ہو۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے شہر کو آفت زدہ ڈکلیئر کر دیا ہے،ڈی سی جانی و مالی نقصانات کا سروے کر رہے ہیں،کوشش کریں گے وفاق سے مدد لے کر عوام کو مالی ریلیف دیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کو کے الیکٹرک سی ای او مونس علوی کی بریفنگ

    وزیر اعلیٰ سندھ کو کے الیکٹرک سی ای او مونس علوی کی بریفنگ

    کراچی: کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ علاقوں میں 4 فٹ پانی کھڑا ہے ہم کیسے بجلی بحال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں آج تیسرے دن سے بجلی معطل ہے اور شہری بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ بجلی کی عدم موجودگی سے بھی اذیت میں مبتلا ہیں، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے الیکٹرک کے دفتر پہنچے اور مونس علوی سے بریفنگ لی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ کیسی سروس ہے جس میں 35 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے، ڈیفنس، کلفٹن سمیت شہر کے بیش تر علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوئی، لوگ تنگ آ کر امن و امان کی صورت حال پیدا نہ کر دیں، بجلی نہ ہونے سے لوگوں نے مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے سی او اے نے انھیں بریفنگ میں کہا کہ 1900 میں سے 1615 فیڈرز کام کر رہے ہیں، تاہم شہر کے علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث بجلی کی بحالی ممکن نہیں ہے، خیابان شہباز اور راحت ڈوبا ہوا ہے، لوگ بجلی چلانے سے خود منع کر رہے ہیں۔ جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا میں واٹر بورڈ سے ڈی ایچ اے کے علاقے صاف کرواتا ہوں۔ انھوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو فون کر کے کہا کہ فوری طور پر ڈی واٹرنگ شروع کی جائے۔

    بعد ازاں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہر کے دورے پر نکلے، انھوں نے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا اور احکامات دیے، وزیر اعلیٰ نے للی برج کے نیچے والے حصہ کا معائنہ کیا، اور ڈی سی جنوبی کو اسے سیلانی تک صاف کرنے کی ہدایت کی، خلیق الزماں روڈ پر پانی کی نکاسی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نکاسی کی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیر کی صبح پھر بارش کی پیش گوئی ہے، اب کی بارش نے پرانے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، میں کے الیکٹرک دفتر بھی گیا تھا، سب اسٹیشن بھی ڈوب گئے ہیں، ہم کے الیکٹرک کی مدد کر رہے ہیں تاکہ بجلی بحال ہو سکے۔ انھوں نے کہا میں سی بی سی کے دفتر بھی گیا، واٹر بورڈ اور کے ایم سی کو متحرک کیا تاکہ وہ سی بی سی کی مدد کریں۔

  • بجلی بحال کروانے کے لیے صوبائی وزیر کا کے الیکٹرک و دیگر کمپنیوں کو فون

    بجلی بحال کروانے کے لیے صوبائی وزیر کا کے الیکٹرک و دیگر کمپنیوں کو فون

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے سیکریٹری پاور ڈویژن اور بجلی کی تقسیم کار مقامی کمپنیوں سے رابطہ کر کے سندھ میں بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بجلی بند ہونے سے نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سیکریٹری پاور ڈویژن سے رابطہ کیا ہے، وزیر توانائی نے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے سی ای اوز سے بھی رابطے کیے ہیں۔

    وزیر توانائی نے سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے منقطع ہونے والی بجلی فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی بند ہونے کی وجہ سے عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں جبکہ بجلی بند ہونے سے نکاسی آب میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، دو روز سے جاری بارشوں کے شروع ہوتے ہی بجلی منقطع کردی گئی تھی جو سندھ کے کچھ علاقوں میں اب تک بحال نہ ہوسکی۔

    شہر کراچی میں اربن فلڈ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔ شہروں کو ملانے والی شاہراہیں اور ہائی ویز کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

    سندھ کے متعدد گاؤں دیہات زیر آب آچکے ہیں جہاں پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

  • کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا

    کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا

    کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے رات میں لوڈ مینجمنٹ اور مینٹینس کے نام پر ایک بار پھر لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک نے بن قاسم پاور پلانٹ کی بجلی کی پیداوار میں کمی کو جواز بنا کر شہر میں ایک بار پھر لوڈشیڈنگ شروع کردی جس کے بعد شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی صارفین کو ایس ایم ایس بھیج دئیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کو جواز بنا کر 1100 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کے الیکٹرک کے 1600 فیڈرز میں سے 75 فیصد فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    کراچی کے علاقوں موسیٰ کالونی، احسن آباد، ناظم آباد، اورنگ آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، لانڈھی، گلشن معمار، پاپوش نگر، عیسیٰ نگری، بلدیہ ٹاؤن، قائم خانی کالونی، کورنگی، سائٹ، لانڈھی ودیگر علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    کے الیکٹرک کمپلین سینٹر پر شکایت درج کرنے کے باوجود شہر میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل ہے، بجلی نہ ہونے کے سبب شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔