Tag: کے الیکٹرک

  • کراچی میں بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن

    کراچی میں بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن

    کراچی: صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی میں تیسری بار بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا جس کے بعد 90 فیصد شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔ شہریوں نے رات جاگ کر گزاری۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات گئے 12 گرڈ اسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے بعد 5 ضلعے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

    کراچی میں کے الیکٹرک کا یہ تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔ ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں شام 7 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ضلع شرقی کے علاقوں کاسمو پولیٹن سوسائٹی، طارق روڈ پی آئی بی، بہادر آباد، گلشن اقبال، ضلع وسطی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، پہاڑ گنج، بفرزون لیاقت آباد اور نارتھ کراچی میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ضلع کورنگی کے علاقے محمود آباد، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ضلع جنوبی کے علاقوں لیاری، ٹاور، صدر اور اطراف کے علاقوں سمیت گارڈن، ڈیفنس فیز 8، قیوم آباد کی بجلی غائب ہے۔

    کئی علاقوں میں بجلی تاحال معطل ہے۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی میں ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ سے 12 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے جس سے شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کے الیکٹرک کے خلاف گورنر ہاؤس پر29 اپریل کو دھرنا دیں گے، حافظ نعیم

    کے الیکٹرک کے خلاف گورنر ہاؤس پر29 اپریل کو دھرنا دیں گے، حافظ نعیم

    کراچی : جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں ضرورت سے زیادہ بجلی موجود ہے لیکن پھر بھی اندھیروں کو شہر کا مقدر بنادیا گیا ہے 29 اپریل کو گورنر ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔

    وہ کراچی کے علاقے بابر مارکیٹ میں کے-الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے دیئے گئے دھرنے سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کراچی سے لوڈشیڈنگ ختم کروا کر رہیں گے اور شہریوں کی لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے گی۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو وہ کے-الیکٹرک کے تمام دفاتر کا گھیراؤ کریں گے اور انتظامیہ کو مجبور کر دیں گے کہ کراچی سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے اور شہریوں سے اوور بلنگ کے نام پر لوٹی گئی رقوم واپس کرے۔

    اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے اعولان کیا کہ جماعت اسلامی اب گورنر ہاوس پر دھرنا بائیس اپریل کے بجائے انتیس اپریل کو دیا جائے جس میں کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شرکت کرے گی اور اپنے مطالبات کی منظوری تک واپس مہیں لوٹیں گے۔

    واضح رہے اس سے قبل جماعت اسلامی کے-الیکٹرک کے خلاف شاہراہ فیصل پر بھی دھرنا دے چکی ہے اور اس پاداش میں امیر جماعت اسلامی کراچی سمیت کئی رہنماؤں کو لاک اپ بھی کیا گیا تھا۔

  • ہم کے الیکٹرک کے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں، مولا بخش چانڈیو

    ہم کے الیکٹرک کے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں، مولا بخش چانڈیو

    حیدرآباد : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہم کے الیکٹرک کےنہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں، کراچی میں جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ہونے والے احتجاج کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    حیسکو اور کے الیکٹرک عوام دشمنی پراترے ہوئے ہیں، کراچی میں لوگ نکلے اس کا کے الیکٹرک کے ارباب اختیارکو نوٹس لینا چاہئیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حیسکو کے انچارج وزیراعظم سے بھی دو ہاتھ آگےہیں، انہیں صرف راناثناء اللہ ہی پہچانتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم پنجاب میں سرگرم ہونا چاہتےہیں۔

    پنجاب ہماراگھر ہے، ہم پنجاب فتح کرنے نہیں گئے نہ ہی ایسی سوچ رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے نوازشریف کو اچھی امیدیں نہیں رکھنی چاہئیں، سندھ میں ن لیگ کہاں ہے؟

    کراچی آپریشن اور کے فور منصوبے کےفنڈز ابھی تک نہیں ملے، ہم احتجاج کرتے کرتے تھک گئے لیکن وفاق نے سندھ کو این ایف سی نہیں دیا۔

  • کراچی کے لیے مہنگی بجلی، وزارت پانی و بجلی اور نیپرا میں ٹھن گئی

    کراچی کے لیے مہنگی بجلی، وزارت پانی و بجلی اور نیپرا میں ٹھن گئی

    اسلام آباد: وزارت پانی و بجلی نے سنہ 2014 میں اوور بلنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ کراچی کے صارفین کو مہنگی بجلی کی فروخت پر وزارت پانی و بجلی اور نیپرا کے درمیان ٹھن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے سنہ 2014 میں اوور بلنگ کے معاملے پر کی جانے والی نیپرا کی تحقیقات اور جواب کو رد کر دیا۔

    وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے مطمئن نہیں۔ وزارت نے نیپرا کو کثیر سالہ ٹیرف کی کوتاہیوں اور دیگر قانونی دشواریوں کو دور کرنے کا کہا تھا۔

    یاد رہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو سنہ 2014 میں اوور بلنگ پر کلین چٹ دی تھی۔ وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ اوور بلنگ سے کراچی کے صارفین کو مہنگی بجلی خریدنی پڑی، ان سے اربوں روپے زائد وصول کیے گئے۔

    وزارت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری کو روکنا قومی مفاد میں ہے۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے کے الیکٹرک کی زائد منافع خوری اور خراب کارکردگی کا احتساب نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔

  • کے الیکٹرک کا عوام سے اضافی رقم وصول کرنے کا انکشاف

    کے الیکٹرک کا عوام سے اضافی رقم وصول کرنے کا انکشاف

    کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بلوں میں شہریوں سے اربوں روپے اضافی وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے عوام سے لوٹی رقم واپس کرنے کی ہدایات دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے عوام سے کے الیکٹرک نے اربوں روپے اضافی وصول کر لیے۔

    وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا نے نیپرا کو خط لکھ ڈالا۔ وفاقی سیکریٹری نے چیئرمین نیپرا کو بتایا کہ بجلی کے نرخوں کا درست تعین نہ کیے جانے کی وجہ سے کراچی کے شہریوں سے 62 ارب روپے زائد وصول کیے گئے۔

    ملٹی ایئر ٹیرف کے نظام کے تحت بجلی کے نرخوں کا تعین ہر 3 ماہ بعد ایندھن پر آنے والی لاگت اور تقسیم و ترسیل کے نقصانات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے تاہم کے الیکٹرک کے تقسیم و ترسیل کے نقصانات کو زیادہ ظاہر کر کے سستے ایندھن کے ثمرات کو شہریوں تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔

    سیکریٹری پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ نیپرا ان بے ضابطگیوں کو دور کر کے عوام کا پیسہ واپس کرے۔

  • نیپرا نے بجلی 3 روپے 60 پیسے سستی کردی

    نیپرا نے بجلی 3 روپے 60 پیسے سستی کردی

    اسلام آباد: نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ کمی نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

    ترجمان نیپرا ذرائع کے مطابق سی پی پی اے کی بجلی 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ نیپرا کے فیصلے کے بعد کراچی کے علاوہ دیگر صارفین کو 24 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔

    تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ 8 ارب 90 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ جنریشن مکس میں بہتری کی وجہ سے 15 ارب روپے کی بچت ہوئی۔ نومبر میں 6 ارب 83 کروڑ یونٹ بجلی صارفین کو فروخت کی گئی۔

    نیپرا ذرائع کے مطابق نومبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی فیول لاگت 25 ارب 33 کروڑ روپے رہی۔ نومبر کے لیے ریفرنس فیول لاگت 7 روپے 30 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ اصل لاگت 3 روپے 70 پیسے فی یونٹ رہی۔

  • کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔ چینی انتظامیہ نے بتایا کہ کمپنی میں 9 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے کے الیکٹرک کی نئی چینی انتظامیہ نے ملاقات کی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام اور صنعتوں کی ترقی کے لیے اہم ہے۔

    انہوں نے نئی انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور زور دیا کہ کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ کو صارفین کے ساتھ اعتماد کا نیا تعلق استوار کرے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک لائن لاسز کم کر کے اس کا فائدہ عوام تک منتقل کرے۔

    کے الیکٹرک کے نائب صدر ژیا می ژینگ نے بتایا کہ کمپنی میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

  • کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافہ

    کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافہ

    کراچی: نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافہ کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواست کی تھی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔

    اضافہ جون کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار مہنگی پڑی ہے۔ اضافہ صارفین سے ستمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے قیمت میں 45 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی۔

  • شنگھائی الیکٹرک کا کے الیکٹرک خریدنے میں اظہار دلچسپی

    شنگھائی الیکٹرک کا کے الیکٹرک خریدنے میں اظہار دلچسپی

    کراچی : کے الیکٹرک خریدنے کے لئے چینی کمپنی میدان میں آگئی، شنگھائی الیکٹرک سوادوارب روپے کے حصص خریدے گی۔

    چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک کی جانب سے شنگھائی اسٹاک مارکیٹ میں جمع کروائے گئے اعلامیہ کے مطابق چینی کمپنی کے الیکٹرک میں دو ارب تیس کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے تاہم ابھی کے الیکٹرک سے کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی ہے، ڈیل اور سرمایہ کاری کے حجم کے بارے میں بھی معاملات زیر غور ہیں ۔

    اعلامیہ کے مطابق شنگھائی الیکٹرک کے علاوہ بولی میں اور کمپنیاں بھی شامل ہونگی، کے الیکٹرک کے چھیاسٹ فیصد حصص دبئی کی کمپنی ابراج گروپ کے پاس ہیں جبکہ بقیہ چوبیس فیصد حصص حکومت پاکستان کے پاس ہیں، کے الیکٹرک کراچی کو بجلی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے ۔

    دبئی میں قائم نجی ایکیوٹی فرم ابراج گروپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ کے الیکٹرک،جو کراچی اوراس کے مضافات میں 22لاکھ صارفین کو بجلی مہیا کرتی ہے، میں اپنے 66فیصد حصص فروخت کرنا چاہتی ہے ۔

  • شہر قائد میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی کی فراہمی معطل

    شہر قائد میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی کی فراہمی معطل

    کراچی:شہر قائد میں بارش ہونے سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا، ہوا ٹھنڈی ہوگئی، شہری لطف اندوز ہونے ہی لگے تھے کہ کے الیکٹرک نے بجلی کی فراہمی معطل کرکے شہریوں کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

    Drizzle turns Karachi weather pleasant by arynews

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے سبب ہوا ٹھنڈی ہوگئی موسم خوشگوار ہوگیا اور شہری موسم سے لطف اندوز ہوئے۔سڑکیں گیلی ہونے کے سبب ٹریفک کی رفتار سست روی کا شکار ہوگئی جس کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا یا روانی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق بارش ایم اے جناح، ٹاور، صدر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شارع فیصل، ایئرپورٹ، اسٹار گیٹ، نارتھ کراچی اور اطراف میں ہوئی۔بوندا باندی ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، صدر، ایم اے جناح روڈ، نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں 140 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے شہریوں کا موسم سے لطف اندروز ہونے کا خواب بکھر گیا۔

    اطلاعات ہیں کہ فیڈر ٹرپ ہونے سے کمشنر آفس کو بھی بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی اور دفتر اندھیرے میں ڈوب گیا جس کے دفتری کام متاثر ہوا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا اور کراچی میں آئندہ 48 گھنٹوں کا گہرے بادل چھائے رہیں گے جب کہ آج رات بارہ بجے تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔