Tag: کے ای

  • جماعت اسلامی کا کے ای کیخلاف عید بعد بڑی تحریک چلانے کا اعلان

    جماعت اسلامی کا کے ای کیخلاف عید بعد بڑی تحریک چلانے کا اعلان

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے عیدالاضحیٰ کے بعد کے ای کے خلاف بڑی عوامی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے اہل کراچی کو مہنگی بجلی ملنے اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عید کے بعد بڑی عوامی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جب کہ کل نیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا جائے گا۔

    منعم ظفر کا کہنا تھا کہ کراچی کو این ٹی ڈی سی سے 1600 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے۔ سرکاری خزانے سے نجی ادارے کو سبسڈی مد میں 174 ارب روپے دیے جاتے ہیں۔ لیکن اہل کراچی کو دیگر ملک سے دگنی قیمت پر فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی سستی کی جائے۔

    دریں اثنا کے الیکٹرک ہیڈ آفس گزری کے سامنے احتجاج مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک کی برقی دہشتگردی دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ کراچی کا بڑا حصہ 12 سے 18 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کا شکار ہے اور شہری بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔ کے الیکٹرک کو 6 سال کے لیے ملٹی ایئر ٹیرف کے نام پر غندہ ٹیکس کی اجازت دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے جب کل کل نیپرا کے چیئرمین کے نام خط ارسال کیا، تو نیپرا کو بھی خیال آیا کہ کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ شہریوں پر ظلم ہے۔ نیپرا جو چار روز قبل ریکوری لائن لاسز کے نام پر 40 روپے اضافی یونٹ چارج کی اجازت دے رہا تھا، اب اس نے کے الیکٹرک کو لوڈشیڈنگ کرنے پر پانچ کروڑ روپے جرمانہ لگایا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فرانزک آڈٹ کیا جائے۔ کراچی کو براہ راست نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کی جائے اور ملٹی ایئر ٹیرف میں یکساں ٹیرف مقرر کیا جائے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کل نیشنل ہائی وے ملیر ہالٹ اور قائد آباد پر دھرنے دینے اور پیر کو شہر کی مرکزی شاہراہوں او آئی بی سیز کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو مرکزی شاہراہوں اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے۔

  • کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت 20 سال بعد آخر کار ختم ہونے والی ہے

    کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت 20 سال بعد آخر کار ختم ہونے والی ہے

    اسلام آباد: کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت 20 سال بعد آخر کار ختم ہونے والی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس کی بیس سالہ مدت ختم ہونے والی ہے، جس پر کمپنی نے ڈسٹری بیوشن لائسنس کی تجدید کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کر لیا ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا میں مزید 20 سال کے لیے ڈسٹری بیوشن لائسنس کی تجدید کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس کی 20 سالہ مدت 20 جولائی 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔

    نیپرا سے درخواست کی گئی ہے کہ لائسنس میں مزید 20 سال 20 جولائی 2043 تک توسیع کی جائے، کے الیکٹرک نے کہا کہ وہ 34 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے، لائسنس کی تجدید صارفین اور الیکٹرک پاور انڈسٹری کے مفاد میں ہے۔

    درخواست موصول ہونے کے بعد نیپرا نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور شہریوں سے اس پر 14 روز میں رائے طلب کر لی ہے۔

  • کراچی میں بارش کے بعد بھی 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری

    کراچی میں بارش کے بعد بھی 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد بھی 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بارش کے بعد بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں کے ای کی جانب سے 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی بندش پر مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیا گیا۔

    سرجانی ٹاؤن، ملیر، نصرت بھٹو کالونی، گلشن معمار میں بجلی معطل ہے، لانڈھی، گزری، بلدیہ، لیاری، کیماڑی، کھارادر، صدر میں بجلی غائب ہے، ریلوے کالونی، اختر کالونی، کشمیر کالونی، منظور کالونی، گڈاپ میں بھی بجلی نہیں ہے۔

    کلفٹن، ڈیفنس کے کئی علاقوں میں بھی گزشتہ روز سے بجلی بند ہے، ماڑی پور، گلزار ہجری، گلشن اقبال، گلستان جوہر ٹو کے علاقے بجلی سے محروم ہیں، مدراس سوسائٹی اسکیم 33، لیاقت آباد، ایف بی ایریا کے کئی علاقوں میں بجلی بند ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث بزرگ شہریوں، مریضوں اور بچوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔

    قاتل الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کر کے رہیں گے: اراکین اسمبلی

    شہریوں کا ایسی صورت حال میں کہنا ہے کہ بجلی معطل ہونے کی شکایات سننے والا کوئی نہیں لیکن بل وقت پر کیسے آ جاتے ہیں۔ ادھر بیش تر علاقوں میں گزشتہ روز سے ٹوٹے تاروں کی تاحال مرمت نہ ہوئی ہے، گزشتہ روز ابراہیم حیدری میں پولز سمیت گرنے والی پی ایم ٹی بھی نہیں بدلی گئی، جس سے ابراہیم حیدری اور ملحقہ علاقوں میں 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    طوفانی ہوا سے ایک پی ایم ٹی ٹوٹ کر نیچے کھڑی گاڑی پر گر پڑی ہے

    تاہم ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے لیے کام جاری ہے، بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری طرف چیف میٹرلوجست سردار سرفراز نے مزید بارشوں سے متعلق کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مون سون سسٹم شہر کے جنوب مشرق میں موجود ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رین ایمرجنسی سے متعلق محکموں سے گزارش ہے کہ بجلی کی تنصیبات کے گرد کھڑے پانی کی فوری نکاسی کی جائے، ان تمام علاقوں میں جہاں پانی کھڑا ہے، وہاں رہنے والے صارفین سے گزارش ہے کہ وہ انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

  • نیپرا نے کے الیکٹرک پر 50 ملین روپے جرمانہ عائد کر دیا

    نیپرا نے کے الیکٹرک پر 50 ملین روپے جرمانہ عائد کر دیا

    کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک پر 50 ملین روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارشوں کے دوران کے الیکٹرک کے ناقص انتظام، طویل لوڈ شیڈنگ اور اموات سے متاثرہ خاندانوں کی سن لی گئی، نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنی پر پانچ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    نیپرا نے کے الیکٹرک سے کہا ہے کہ وہ اپریل 2020 تک تقسیم کا نظام مکمل محفوظ بنائے، کے الیکٹرک کو اپنے نظام کی تیسرے فریق سے بھی تصدیق کرانا ہوگی، جولائی، اگست 2019 میں کراچی میں بارشوں سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے، طویل بارشوں کے دوران بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی، نیپرا نے کہا کہ اموات کے حقایق اور وجوہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ معلوم کیا جائے گا کہ نیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔

    نیپرا کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کے ای کے لائسنس کے شرایط اور نیپرا کی خلاف ورزی کے باعث ایل ای ٹی، ایچ ٹی کے کھمبوں کی کمی اور کرنٹ کے باعث 19 ہلاکتیں ہوئیں۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق غم زدہ خاندانوں کو نیک نیتی کے ساتھ معقول معاوضہ دینے کے لیے کے الیکٹرک گزارشات پر غور کیا گیا، متاثرہ خاندانوں کے لواحقین کو معقول معاوضے کی تفصیلات بھی نیپرا کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

    نیپرا نے کے الیکٹرک کو سوگوار خاندانوں کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کا بھی حکم دیا ہے، معاوضہ فراہمی کے بعد دستاویزی ثبوت نیپرا کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنی داخلی تفتیش مکمل کرے اور اپنے ملازمین اور انتظامیہ کی کوتاہیوں کا تعین کر کے رپورٹ نیپرا کو پیش کرے۔

  • ایران نے میزائل حملے سے تحفظ کے لیے نیا میزائل سسٹم تیار کرلیا

    ایران نے میزائل حملے سے تحفظ کے لیے نیا میزائل سسٹم تیار کرلیا

    تہران: ایران نے اپنے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے کسی بھی میزائل حملے سے تحفظ کے لیے نیا میزائل سسٹم تیار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور عرب ممالک سے شدید کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے نیا میزائل سسٹم متعارف کرانے سے خطے میں مزید تشویش پائی جاتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیا میزائل سسٹم لانگ رینج کے ساتھ ساتھ ہدف کو باآسانی نشانہ بنا سکتا ہے، مذکورہ سسٹم ایرانی ساخت کا ہے۔

    ایران میں سرکاری ٹی وی پر نئے میزائل سسٹم ’موبائل بوار 373‘ کی تقریب رونمائی بھی ہوئی جس میں ایرانی صدر حسن روحانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

    یہ میزائل سسٹم 300 کلو میٹر دور سے حملوں کا پتہ لگانے، 250 کلومیٹر کے فاصلے پر حملے کو روکنے اور 200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا یہ میزائل ڈیفنس سسٹم روس کے ’ایس 300‘ کے مقابل ہے۔ خیال رہے کہ روسی میزائل سسٹم خریدنے پر امریکا کے ترکی سے شدید اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔

    دوسری جانب عالمی جریدہ انٹرنیشنل پالیسی ڈائجسٹ نے کہاہے کہ سعودی عرب نے چین کے براہ راست تعاون سے اپنے ملک میں بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور انہیں اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

  • گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے: کے الیکٹرک

    گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے: کے الیکٹرک

    کراچی: شہر قائد کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی بڑھنے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے کے الیکٹرک کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، کے الیکٹرک ڈیمانڈ پوری کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ عملہ مقامی فالٹ کی درستگی کے لیے فیلڈ میں موجود ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات، کراچی میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا

    واضح رہے کہ بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ کے باعث کراچی میں شدید گرمی پڑنے لگی ہے، درجہ حرات 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، حبس سے شہریوں کا برا حال ہے، دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت تین روز تک برقرار رہے گی۔

    اس صورت حال میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کی اذیت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

    پمپنگ اسٹیشن بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں جس کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

    کراچی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، حسین ڈی سلواٹائون میں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا جبکہ ناظم آباد، پہاڑگنج پاپوش نگر اور اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے۔