Tag: کے سی سی آئی

  • ویڈیو رپورٹ: مٹھائیوں اور بیکری آئٹمز کی برآمدات میں اضافہ ہو گیا

    ویڈیو رپورٹ: مٹھائیوں اور بیکری آئٹمز کی برآمدات میں اضافہ ہو گیا

    کراچی میں جاری نمائش ’مائی کراچی‘ میں شریک کمپنیوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے مقامی فروخت میں کمی آئی ہے، تاہم کنفیکشنری مٹھائیوں، فروزن فوڈ اور بیکری ائیٹم کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    مائی کراچی نمائش کراچی کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے ہر سال منعقد کی جاتی ہے، یہ نمائش نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے، نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوڈ آئٹم کی بیرون ملک مانگ میں اضافہ ہوا ہے، نمکو، بیکری اور مٹھائیوں کی کینڈا، امریکا اور آسٹریلیا کو ایکسپورٹ میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔


    کیا دودھ اور آئس کریم سے ڈراؤنے خواب آتے ہیں؟


    نمائش میں شریک تاجروں کا کہنا تھا کہ مائی کراچی نمائش کا انعقاد شہر میں مثبت تجارتی سرگرمیوں کا ثبوت ہے، نمائش میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات رعایتی نرخوں پر پیش کر رہی ہیں، یہ تین روزہ نمائش کراچی والوں کو تفریح فراہم کرنے کے علاوہ بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی چیمبر کا شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان

    کراچی چیمبر کا شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان

    کراچی چیمبر آف کامرس نے بھی 28 اگست کو تاجروں کی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کردی ہے۔

    کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے صدر افتخار احمد شیخ نے چیمبر کے تمام ممبران کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 28 اگست کو تاجر برادری کی جانب سے اعلان کردہ ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کریں۔

     کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے صدر افتخار احمد شیخ نے کہا کہ چیمبر کے تمام ممبران اپنے کاروبار مکمل طور پر بند رکھیں تاکہ حکومت کو فوری طور پر متنازعہ تاجر دوست اسکیم واپس لینے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بھاری بلوں اور دیگر ٹیکسوں کو کم کرنے کے لئے مجبور کیا جاسکے۔

              جاری کردہ ایک بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ تاجروں اور دکانداروں کو 60 ہزار روپے ماہانہ کے بھاری ایڈوانس ٹیکس کا مطالبہ کرنے کے لیے نوٹس دینا انتہائی غیر منصفانہ ہے جو کہ تمام مارکیٹوں میں ہراساں کرنے کا سبب بن گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کا ناقابل برداشت حد تک زیادہ ٹیکس پورے شہر کے 80 فیصد سے زیادہ دکاندار برداشت نہیں کر سکتے، اگرچہ یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ محض ایک ہزار سے بارہ سو روپے تک کا ٹیکس عائد کیا جائے گا لیکن ایف بی آر 60 ہزار کا مطالبہ کر رہا ہے جس کی کراچی چیمبر شدید مذمت کرتا ہے۔

              افتخار شیخ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر حکومت سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ تاجر دوست اسکیم کو فوری طور پر کم از کم 3 ماہ کے لیے موخر کرے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تاکہ متنازعہ اسکیم کو حقیقی معنوں میں دوستانہ بناکر اسے پورے ملک کے وسیع تر مفاد میں لاگو کیا جائے۔

              انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر نے پالیسی سازوں کو متعدد خطوط لکھے جن میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اس تاجر دوست اسکیم کو غلط طریقے سے لاگو کرکے اس اسکیم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن بدقسمتی سے اب تک اس اہم مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

    افتخار شیخ کا کہنا تھا کہ اس اسکیم پر فوری طور پر نظر ثانی کی جانی چاہیے اور صرف وہی اقدامات کیے جائیں جو قابل عمل ہو نے کے ساتھ ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابل قبول ہوں۔

              کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ کراچی چیمبر ایک اہم چیمبر اور پوری تاجر برادری کی سرکردہ آواز ہونے کے ناطے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے تاکہ یہ مسئلہ تاجروں و دکانداروں کی امنگوں کے مطابق خوش اسلوبی سے حل ہوجائے۔

              انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں دکانداروں کے لیے اپنا کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے جبکہ حکومت نے ریلیف دینے کے بجائے بھاری ٹیکس لگا نے اور بجلی کے بلوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جو کسی بھی تاجر کے لیے قابل قبول نہیں لہذا کراچی چیمبر نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا۔

    واضح رہے کہ انجمن تاجران پاکستان سمیت دیگر تاجر تنظیموں نے مل کر 28اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • عراق کراچی میں جلد دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا

    عراق کراچی میں جلد دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا

    کراچی: پاکستان میں عراقی سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز نے کہا ہے کہ عراق بہت جلد کراچی میں دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز عبدالسلام صدام موحیسین نے چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق بہت جلد کراچی میں دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا جو کراچی پورٹ سٹی کے شہریوں کو ویزے سے متعلق تمام خدمات فراہم کرے گا۔

    عبدالسلام نے کہا کہ عراقی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے کراچی بہت اہم اور محفوظ مقام ہے، پاکستانی مینوفیکچررز اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں جو عراق کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ عراق نے پاکستان سے چاول کی درآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، غذائی اشیا سمیت پاکستان سے سیمنٹ بھی عراق میں برآمد کیا جا رہا ہے، عراقی و پاکستانی حکومتوں کو تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی چیمبر آغا شہاب نے کہا کہ سرحد پار کاروبار کے فروغ کے لیے دونوں ملکوں کی حکومتوں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، 2018 میں پاکستان کی عراق کو برآمدات 23.71 ملین ڈالر کے برابر تھیں، جب کہ پاکستان کی عراق سے درآمدات 2018 میں 49.61 ملین ڈالر تھیں۔ انھوں نے کہا کہ عراق کے لیے سی پیک کے تحت وسیع مواقع موجود ہیں، خصوصی اکنامک زونز عراقی سرمایہ کاروں کے حق میں مشترکہ شراکت داری و سرمایہ کاری کے لیے مثالی ثابت ہوں گے۔

  • امریکا کی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی

    امریکا کی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی

    کراچی: امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل چیف ناتھن سیفرٹ نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری و شراکت داری کی طرف راغب کرنا ان کی اوّلین ترجیح ہے۔

    ناتھن سیفرٹ نے امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے تیسرے دورہ امریکا کے موقع پر دو طرفہ تجارتی تعلقات پر دو بار غور کیا گیا جو دونوں رہنماؤں کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    کے سی سی آئی میں تاجروں سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ امریکی کاروباری افراد پاکستان میں مواقع دیکھ رہے ہیں، میرے دورے کا مقصد امریکا اور پاکستان کے مابین تجارت کو بڑھانا ہے، پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے اور یہاں سازگار ماحول پر ہم خوش ہیں، امریکا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہا ہے اور ہم تجارت کو بڑھانے کے لیے اچھی پیش رفت کر رہے ہیں۔

    کمرشل چیف ناتھن سیفرٹ نے کہا کہ پاکستان امریکا کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات برآمد کر رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ہر سال بڑھ رہی ہے، ہم پاکستانی مصنوعات کی امریکا کے لیے برآمدات میں بھی سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن ہمارے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں قائم دفاتر کی زیادہ توجہ امریکی کمپنیوں کو یہاں لانے پر ہے اور انھیں صحیح شراکت دار تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنے پر ہے جو تقسیم کار شراکت دار یا مشترکہ شراکت دار ہو سکتے ہیں۔

  • کراچی میں لوٹ مار، تاجروں کا کارروائی کا مطالبہ

    کراچی میں لوٹ مار، تاجروں کا کارروائی کا مطالبہ

    کراچی:شہر قائد میں بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سراج قاسم تیلی اور شمیم فرپو نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی اور موجودہ صدر کے سی سی آئی شمیم احمد فرپو نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال اچانک خراب ہونے پر گہری تشویش اور فکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرمیں بلا خوف و خطر لوگوں سے لوٹ مار، بینک ڈکیتیوں میں اضافہ، پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات ،گاڑیاں چھینے یا چوری کرنے کی واردات اور شہر کے مختلف مقامات سے تشدد زدہ لاشیں ملنا شروع ہو گئی ہیں۔

    شمیم احمد فرپو نے کہا کہ لیکن اچانک بدامنی کے واقعات میں اضافے نے کراچی آپریشن کی کامیابیوں کے دعووں پر سوالات اٹھا دیے ہیں، تاجر و صنعت کار برادری نے حالیہ واقعات کے پیش نظر اگر بروقت ایکشن نہیں لیا گیا تو کراچی آپریشن کی تمام کا میابیاں داؤ پر لگ جائیں گی اور صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہےاور شہرقائد ایک بار پھر سنگین صورتحال سے دوچار ہو کر لاقانونیت اور دہشت گردی کے اندھیروں میں ڈوب جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے، نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کے واقعات سپرہائی وے پر بکرا منڈی میں بھی پیش آرہے ہیں جس پر سختی سے کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔

    تاجر رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ بدامنی کے حالیہ واقعات میں اضافے پر قابو پانے اور جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں غفلت برتنے کی صورت میں ملکی معیشت پر اس کے انتہائی برے اثرات مرتب ہوں گے ۔

  • رقم کا درست استعمال ہو تو تارکین وطن ملکی قرضہ اتار دیں، عبدالغفور حیدری

    رقم کا درست استعمال ہو تو تارکین وطن ملکی قرضہ اتار دیں، عبدالغفور حیدری

    کراچی: ڈپٹی چئیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کہتے ہیں ہم ملک کا قرض اتارنے کے لیے تیار ہیں، لیکن انہیں اعتماد نہیں ہے کہ رقم اسی مقصد کے لیے استعمال ہوگی، اقتدار میں رہنے والے آف شور کمپنیاں بناتے ہیں پیسہ باہر منتقل کرتے ہیں تو ہم کیسے ملک میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں؟

    کراچی فیڈریشن ہاؤس میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ آئین میثاق ہے ریاست کو چلانے کا ضابطہ ہے لیکن جو طاقتور ہے وہ جو چاہے کردے اور اسے آئین کا لبادہ اوڑھا دے، آئین پر عمل کرتے تو تمام ادارے مستحکم ہوتے، آج سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

    مولانا عبد الغور حیدری کا کہنا تھا کہ ملک پر طویل عرصے عسکری قیادت رہی، دو بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومتیں رہیں لیکن سسٹم بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوا اب ہمیں متبادل دیکھنا ہوگا۔

    ملکی میں حالیہ تبدیلیوں سے کاروبار متاثر نہیں ہوگا، زبیر طفیل

    ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل کا کہنا تھا کہ ملک ہونے والی تبدیلی سے کاروبار متاثر نہیں ہو گا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، تاجر ملک کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

  • آٹھ سو روپے کے موبائل فون پر 900 روپے ٹیکس ظلم ہے، تاجر

    آٹھ سو روپے کے موبائل فون پر 900 روپے ٹیکس ظلم ہے، تاجر

    کراچی: کراچی چیمبر نے موبائل فونز پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسحق ڈار کو خط لکھ دیا اور کہا ہے کہ سیلز ٹیکس 300 سے بڑھا کر650 کرنا اور اس پر 250 روپے ریگولیٹری ڈیوٹی لگانا ظلم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجروں نے موبائل فون پر سیلز ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کو اس ضمن میں خط ارسال کردیا۔

    کراچی چیمبر کے صدر شمیم احمد فرپو نے اسحاق ڈار سے اپیل کی ہے کہ وفاقی بجٹ میں موبائل فونز کی تینوں کیٹگریز پر نافذ سیلز ٹیکس کو بحال کیا جائے اور فیچر فون کی کیٹگری میں سیلز ٹیکس شرح کو کم کر کے 150 روپے فی فون کیا جائے۔

    فیچر کیٹگری کے فون سستے اور بنیادی فونز ہوتے ہیں، تاجر

    خط میں کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد ادریس نے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ موبائل فونز میں فیچر کیٹگری کے سستے اور بنیادی فونز ہوتے ہیں۔

    سیلز ٹیکس 300 سے بڑھا کر 650 کرنا ظلم ہے، تاجر

    انہوں نے کہا کہ ان فون پر سیلز ٹیکس کی شرح 300 روپے فی فون سے بڑھا کر 650 روپے کردی گئی ہے جن پر مزید 250 روپے ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد ہے جس سے 800 روپے کی مالیت کے فون پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی کل شرح 112 فیصد بنتی ہے جو تاجروں اور غریب افراد کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔

    انھوں نے کہا فیچر فون پر سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے سے حکومت کی آمدنی میں کمی آئے گی اور اسمگلنگ میں اضافہ ہو جائے گا۔

    انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت اس سنگین مسئلے پر توجہ دے گی اور فیچر فون کی کیٹگری اے پر نافذ سیلز ٹیکس کی شرح کو کم کر کے 150 روپے فی فون کر دے گی۔

  • کراچی کے تاجروں کا کورکمانڈراورڈی جی رینجرزکوخراج تحسین

    کراچی کے تاجروں کا کورکمانڈراورڈی جی رینجرزکوخراج تحسین

    کراچی : کے سی سی آئی نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شخصیات کی کوششوں سے کراچی میں امن و سکون کا قیام ممکن ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدے داروں نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی اور لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف بنائے جانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا کہ کراچی کا صنعتی پہیہ محفوظ کاروباری ماحول میں بلارکاوٹ گھومتا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ویسی تشو یش ناک نہیں جیسی 3 سال پہلے تھی تاہم اب بھی کراچی میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    کے سی سی آئی کے عہدے داروں نے نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کہ شہر میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سخت اقدامات کریں گے۔

  • کراچی چیمبر نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی مخالفت کردی

    کراچی چیمبر نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی مخالفت کردی

    کراچی چیمبر نے بجلی کےنرخوں میں اضافے کی مخالفت کردی، کے الیکٹرک کو بجلی نرخوں میں اجازت کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    کراچی چیمبر کے صدر افتخار احمد وہرہ نے کے الیکٹرک کو گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی اجازت دینے پر حکومت کوتنقید کانشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ماہ اگست میں ملنے والے بلوں سےصارفین کو دھچکا لگا ہے۔

    کراچی چیمبر کےصدرنے ایک بیان میں کہا کہ نیپرا عوام کےلیے بجلی کے نرخوں پرنظر ثانی کے لیے عوامی اجلاس منعقدکرتی ہے لیکن کے الیکٹرک کو اجلاس بلائے بغیر بجلی نرخوں میں اضافے کی اجازت دے دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جس سے کے الیکٹرک کے آپریٹنگ اخراجا ت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

  • ملک بھر میں 56 لاکھ مشکوک موبائل فون سمز بلاک

    ملک بھر میں 56 لاکھ مشکوک موبائل فون سمز بلاک

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی نےملک بھر میں چھپن لاکھ مشکوک موبائل فون سمز بلاک کردیں، چھبیس فروری سےغیرتصدیق شدہ سمزکی بندش کا پہلا مرحلہ شروع ہوجائیگا۔

    پی ٹی اے نےچھپن لاکھ مشکوک موبائل فون سمزکوبلاک کردیا ہے، ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہےکہ موبائل فون سمزکی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں ہوئی، 26فروری سےغیرتصدیق شدہ سمزکی بندش کا پہلا مرحلہ شروع ہوجائیگا۔

    14اپریل تک تمام غیرتصدیق شدہ سمزبلاک کردی جائیں گی، پہلےمرحلےمیں3سےزائد سمیں رکھنےوالے صارفین کی غیرتصدیق شدہ سمز بند ہوں گی، پی ٹی اے کےمطابق جنوری میں ہوئےمعاہدے کےتحت سمزکی تصدیق کیلئے90دن رکھےگئےتھے۔

    اب تک 4کروڑ 74 لاکھ سمزکی بائیو میٹرک تصدیق کرلی گئی ہے، جو3کروڑ 56 لاکھ شناختی کارڈ پر جاری ہوئیں، ملک میں موبائل فون صارفین کی مجموعی تعداد 13کروڑ 57 لاکھ 60 ہزار ہے جبکہ 8کروڑ 83 لاکھ سمزکی بائیو میٹرک تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔