Tag: کے پی ٹی

  • کے پی ٹی  نے مینگروز کی کٹائی کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کروادی

    کے پی ٹی نے مینگروز کی کٹائی کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کروادی

    کراچی : کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے مینگروز کی کٹائی کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق مینگروز کی غیرقانونی کٹائی کے خلاف کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے ایکشن لیتے ہوئے پہلی ایف آئی آر درج کروادی۔

    ڈاکس تھانے میں مینگرووز کاٹنے پر مجرم کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

    مینگروز کی غیرقانونی کٹائی کے زمہ داروں کی شناخت کے پی ٹی اینٹی اینکروچمنٹ سیکشن نے کی۔

    کے پی ٹی نے ایف آئی آر سندھ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی مدعیت میں درج کروائی ، ایف آئی آر میں عبدالطیف، طارق ولد جمن اور بلال ولد محمد ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ملزمان مینگروز کی غیرقانونی کٹنگ میں ملوث ہیں، ملزمان مینگروو کاٹتے تھے اور لکڑیاں جلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

  • کراچی پورٹ ٹرسٹ نے اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ چھڑوا لیا

    کراچی پورٹ ٹرسٹ نے اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ چھڑوا لیا

    کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اربوں روپے مالیت کی قبضہ کی گئی زمین واگزار کرالی، ٹاسک فورس نے آپریشن مچھر کالونی کیماڑی میں کیا۔

    اس حوالے سے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کے پی ٹی کی 20 اریکڑ اراضی سے غیر قانونی تجاوزات واگزار کرائی گئی ہیں۔

    کارروائی وزیراعظم کی قائم بحری امور ٹاسک فورس کے ایجنڈا نکات کا حصہ تھی، آپریشن مچھر کالونی کیماڑی میں کیا گیا جس میں 20 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔

    ترجمان کے مطابق آپریشن کمشنر کراچی کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں کیا گیا، انسداد تجاوزات آپریشن میں رینجرز، پولیس، کے پی ٹی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم  نے حصہ لیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پورٹ انٹیلی جنس، کے پی ٹی پورٹ سیکیورٹی فورس نے بھی آپریشن میں شرکت کی، آپریشن میں تقریباً100گودام، کیٹل فارمز، چھپڑے، زیر تعمیر گھروں کو گرایا گیا۔

    اس کے علاوہ کے پی ٹی نے تاحال 9 آپریشنز میں 2 ایکڑ اراضی ڈاکس کالونی، بدر کالونی میں واگزار کرائی، 4 ایکڑ اراضی یونس آباد، 1ایکڑ پارکنگ ایریا،1 ایکڑ اراضی کیماڑی مارکیٹ ایریا میں واگزار کرائی گئی۔

     8 ایکڑ ہجرت کالونی، 8 ایکڑ سکندر آباد،4.8ایکڑ اراضی پلاٹ5تا8جنگل شاہ میں واگزار کرائی 21 جنوری سے جاری آپریشنز میں تقریباً 50 ایکڑ زمین واگزار کرالی گئی۔

    ترجمان کے پی ٹی کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس کے آپریشن جاری رہیں گے، آپریشن میں حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کا تعاون حاصل ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی بحری امور کا اجلاس فیصل واوڈا کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ کی 40ارب روپے کی سرکاری قیمت کی زمین 5 ارب روپے میں دے دی گئی۔

    چیئرمین کمیٹی بحری امور فیصل واوڈا نے اجلاس میں انکشاف کیا کہ کراچی پورٹ کی 500 ایکڑ کی زمین کی مارکیٹ ویلیو 60 ارب روپے سے زیادہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ میں زمین کی الاٹمنٹ میں میگا اسکینڈل ہے۔

  • کے پی ٹی عمارت سبز رنگ کی فلڈ لائٹوں سے سجا دی گئی

    کے پی ٹی عمارت سبز رنگ کی فلڈ لائٹوں سے سجا دی گئی

    کراچی: کراچی پورٹ ٹرسٹ نے جشن آزادی کے موقع کی مناسبت سے عمارت کو سبز رنگ کی فلڈ قمقوں سے سجا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی نے جشن آزادی کے موقع پر ہیڈ آفس بلڈنگ کو سبز رنگ کی فلڈ لائٹوں سے سجا دیا ہے، کے پی ٹی کی جانب سے جشن آزادی کی تیاریوں میں جوش و خروش کا مظاہرہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    ادھر پاکستان میں تعینات یورپی سفارتکار نے جشن آزادی کے موقع پر منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا، سبز رنگ کی شلوار قمیض پہن کر خاتون یورپی سفارت کار رینا کیونکا نے ساتھیوں کے ہمراہ قومی ترانے کی دھن بجا کر سب کے دل جیت لیے۔

    یورپی یونین کی سفیر قومی ترانے کی میوزک ویڈیو میں جلوہ گر

    پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دوستی کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ کے صدارتی آرکسٹرا نے بھی پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجا کر سب کو حیران کر دیا۔

  • روس سے آنے والے خام تیل کی منتقلی کا عمل جاری

    روس سے آنے والے خام تیل کی منتقلی کا عمل جاری

    کراچی: روس سے آنے والے جہاز سے خام تیل کی منتقلی کا عمل جاری ہے، 45 ہزار میٹرک ٹن کروڈ آئل میں سے 27 ہزار میٹرک ٹن جہاز سے منتقل کیا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ٹریفک مینیجر جاوید میمن کا کہنا ہے کہ روسی خام تیل کے جہاز سے 45 ہزار میٹرک ٹن کروڈ آئل کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

    جاوید میمن کا کہنا ہے کہ 45 ہزار میٹرک ٹن کروڈ آئل میں سے 27 ہزار ٹن روسی خام تیل ڈسچارج کیا جا چکا ہے جبکہ مزید 18 ہزار ٹن کروڈ آئل کی منتقلی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مکمل ڈسچارجنگ کل صبح تک مکمل ہو جائے گی۔

    جاوید میمن کا کہنا ہے کہ روسی خام تیل لانے والا جہاز مزید 4 روز کراچی بندرگاہ پر موجود رہے گا، کے پی ٹی پر 70 ہزار ٹن خام تیل کے جہاز آنے کی صلاحیت ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ممکنہ طوفان کے پیش نظر جہاز کو برتھ کر دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ تیل بردار روسی جہاز 11 جون کو کراچی پہنچا تھا، پیور پوائنٹ نامی جہاز 45 ہزار 142 میٹرک ٹن تیل لے کر پہنچا ہے۔

    وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق روس سے سستا تیل آنے کے بعد ملک میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوجائیں گی۔

  • کے پی ٹی کی زمین پر قبضہ کرنے والی غیرملکی کمپنی کو نوٹس

    کے پی ٹی کی زمین پر قبضہ کرنے والی غیرملکی کمپنی کو نوٹس

    کراچی : غیرملکی کمپنی کی جانب سے سرکاری زمین پر قبضے کا کراچی پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ (کے پی ٹی) نے سخت ایکشن لے لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ نے غیرملکی کنٹینرز کمپنی کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ غیرملکی کمپنی مرسک لائن کو مذکورہ نوٹس مائی کولاچی کے مقام پر کے پی ٹی کی زمین پر ناجائز کنٹینر ٹرمینل بنانے پر دیا گیا ہے۔

    کے پی ٹی ذرائع کے مطابق کمپنی کو مائی کولاچی زمین کا قبضہ چھوڑنے کیلئے3دن کا وقت دیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی فوری طور پر کے پی ٹی کی زمین پر رکھے اپنے غیرقانونی کنٹینرز اور سائن بورڈ ہٹائے۔

    جاری کیے گئے نوٹس میں وضاحت طلب کی گئی ہے کہ کس کے حکم پر کمپنی نے کے پی ٹی کی زمین پر قبضہ کیا؟ اور اگر تین دن کی مہلت کے اندر سرکاری زمین خالی نہ کی گئی تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

  • ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو 1 کروڑ 4 لاکھ کا بل جاری

    ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو 1 کروڑ 4 لاکھ کا بل جاری

    کراچی: ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو 1 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد کا بل جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کی معائنہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ میں جہاز کو سی وردنیس (sea worthy) اجازت نہ مل سکی۔

    ماہرین کے مطابق کمزور انجن کی وجہ سے جہاز کو سی وردنیس اجازت نہیں دی گئی ہے، پھنسے ہوئے بحری جہاز کو ٹو وردنیس رپورٹ جاری کی گئی ہے، سرٹیفکیٹ کے مطابق جہاز کو ٹو کر کے کراچی سے دبئی لے جایا جائے گا، اور جہاز کو ٹگ بوٹس کے ذریعے ہی کھینچ کر لے جایا جا سکے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہینگ ٹونگ جہاز کو کراچی پورٹ اور دیگر اداروں کے واجبات ادا کرنے کے بعد ہی لے جایا جا سکے گا، کے پی ٹی نے پورٹ چارجز کی مد میں 1 کروڑ 4 لاکھ 55 ہزار 6 سو 56 روپے کا بل بھی جاری کر دیا ہے۔

    کراچی کے ساحل سے نکالے گئے جہاز’’ہینگ ٹونگ ‘‘کو بحفاظت برتھ کردیا گیا

    رپورٹ کے مطابق آپریشنل چارجز 5 لاکھ 4 ہزار، ٹگس 12 لاکھ 9 ہزار، برتنگ چارجز 22 لاکھ 5 ہزار، سروس چارجز 22 لاکھ 5 ہزار، ہیوی مشنیری 20 لاکھ 25 ہزار روپے جہاز کا مالک اد کرے گا۔

    جہاز کا ڈھائی سو ڈالر یومیہ کرایہ بھی لے جانے سے پہلے ادا کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ 2250 ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز ایم وی ہینگ ٹونگ 77 بدھ 21 جولائی کی شام کو سمندر سے کراچی کے ساحل پر آنے کے بعد ریت میں دھنس گیا تھا، یہ جہاز 2011 میں تیار ہوا تھا۔ متعدد کوششوں کے بعد آخر کار 7 ستمبر کو اسے ساحل سے 5 میل سے زائد سمندر میں گھسیٹ کر لے جانے میں کامیابی حاصل کی گئی، اور جہاز کو ایس اے پی ٹرمینل میں برتھ نمبر1 پر لگا دیا گیا۔

  • چینی سے بھرا کنٹینر سمندر میں جا گرا، کروڑوں روپے کی چینی ضائع

    چینی سے بھرا کنٹینر سمندر میں جا گرا، کروڑوں روپے کی چینی ضائع

    کراچی: کراچی پورٹ ٹرسٹ کی حدود میں ایک اور بڑا حادثہ پیش آیا ہے، چینی بیگز سے برا کنٹینر ٹرالر سمندر میں جا گرا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی ٹی پر دس دن کے دوران دوسرا بڑا حادثہ پیش آ گیا، ایسٹ وہارف برتھ نمبر فائیو پر چینی کے بیگز سے بھرا کنٹینر ٹرالر سمندر میں جا گرا۔

    ٹرالر کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے چینی سے بھرا ٹرالر سمندر میں گرا، حادثے میں ڈرائیور کو بروقت بچا لیا گیا، کنٹینر میں 780 بیگز لوڈ کیے گئے تھے، ٹرالر اور کنٹینر سمندر میں گرنے سے ٹی سی پی کی کروڑوں روپے کی چینی سمندر برد ہو گئی۔

    ایم وی یونٹی جہاز دبئی سے ٹی سی پی کے لیے 33 ہزار ٹن چینی لے کر 27 جولائی کو کراچی پہنچا تھا، تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے کے پی ٹی پر مزدوروں کی تعداد کم ہونے سے جہاز سے چینی کی ان لوڈنگ مکمل نہ ہو سکی تھی۔

    تیل نکالنے کا آپریشن مکمل، ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا

    کے پی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالر کو سمندر سے نکالنے کا کام کل صبح شروع کیا جائے گا، رات کے وقت ٹرالر کو سمندر سے نکالنے کے لیے کے پی ٹی کے پاس وسائل نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ عید کے دن ایک کارگو جہاز بھی کے پی ٹی چینل سے ساحل پر پھنس چکا ہے، اورر دس دن گزرنے کے بعد بھی ساحل میں ریت میں دھنسے ہوئے جہاز ہینگ ٹونگ کو نہیں نکالا جا سکا ہے۔

    کے پی ٹی کے پاس جہاز کو نکالنے کے لیے کوئی ٹگ یا انتظام بھی نہیں ہے۔

  • دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا

    دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ایم وی ہینگ ٹونگ  77 سے تیل نکالنے کا کام آج بھی مکمل نہ کیا جا سکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز سے تیل آج بھی مکمل طور پر نہیں نکالا جا سکا ہے، اس سلسلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کے ایک دن میں تیل نکالنےکے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    گزشتہ 2 روز سے انتظامیہ جہاز سے تیل نکالنے کی مختلف ڈیڈ لائن دے رہی ہے، دو دن کے آپریشن کے بعد بھی جہاز سے صرف 50 فی صد تیل ہی نکالا جا سکا ہے، جہاز سے اب تک صرف 52 ہزار لیٹر تیل نکالا جا سکا ہے، جب کہ اب بھی مزید 46 ہزار لیٹر تیل نکالا جانا ہے۔

    ذرائع کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ تیل نکالنے کا آپریشن آج بھی مکمل نہیں ہوگا، خراب موسم کے باعث تیل نکالنے کا عمل سست روی کا شکار ہے، شام کو تیل نکالنے کا کام بند کر دیا جاتا ہے، تاہم حکام نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ آج رات تک تیل نکالنے کا کام مکمل کر لیں۔

    دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جہاز ہینگ ٹونگ کے مالک نے تاحال کے پی ٹی حکام سے رابطہ نہیں کیا ہے، نہ ہی جہاز نکالنے کے حوالے سے کوئی پلان پیش کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کے مالک کی جانب سے رابطہ نہ کیے جانے کی صورت میں کے پی ٹی جہاز قبضے میں لے کر اپنے خرچے پر ریت سے نکالے گی۔

  • پاکستان کے امپورٹرز، ایکسپورٹرز کے لیے اچھی خبر

    پاکستان کے امپورٹرز، ایکسپورٹرز کے لیے اچھی خبر

    کراچی: حکومت نے ملک کے بندرگاہوں کے چارجز کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے صدر دفتر میں منعقدہ اجلاس میں بندرگاہوں کے چارجز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے ملک کے درآمد اور برآمد کنندگان کو فائدہ ہوگا۔

    وفاقی کی جانب سے بندرگاہوں کے نرخ ریشنلائز کرائے جانے کے حوالے سے اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی تھی، جس میں چیئرمین کے پی ٹی، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی، چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن، سی ای او PICT خرم عزیز اور چیئرمین PSAA محمد راجپر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پورٹ چارجز کو ریجن کی دیگر بندرگاہوں کے مساوی لانے پر غور کیا گیا، اور اس حوالے مختلف موجودہ ذرائع پر گفتگو کی گئی۔

    میٹنگ میں شریک تمام ممبران اس امر متفق تھے کہ پورٹ کسٹمرز جو چارجز ادا کرتے ہیں، ان میں کمی لانی پڑے گی، انھوں نے اس پر اتفاق کیا کہ بندرگاہوں اور جہاز رانی سیکٹرز کے لیے اس معاملے کو یکساں طور پر دیکھنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ رواں برس کے پہلے مہینے کے پی ٹی حکام نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ 4 ماہ میں درآمدی گندم کے 36 بحری جہاز کراچی پورٹ پر آئے، اور اس دوران 21 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم کی ہنڈلنگ کی گئی، گندم کے علاوہ 4 ماہ میں 2 کروڑ 75 لاکھ ٹن کارگو 13 جنوری تک ہینڈل کیا گیا، اور کےپی ٹی کے کارگو ہینڈلنگ میں 13 جنوری تک 19 فی صد اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو سٹی اسٹیشن سے بذریعہ ریل نیٹ ورک جوڑنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، جس میں مختلف یارڈ، 12 لیول کراسنگ، 2 پل آ رہے ہیں۔

  • کے پی ٹی بورڈ اور وزارت میری ٹائم کے درمیان جنگ شدت اختیار کر گئی

    کے پی ٹی بورڈ اور وزارت میری ٹائم کے درمیان جنگ شدت اختیار کر گئی

    کراچی: کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) بورڈ اور وزارت میری ٹائم کے درمیان جنگ شدت اختیار کر گئی، بورڈ نے وزیر اعظم عمران خان کو شکایتی خط لکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی ٹی بورڈ نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا ہے کہ بیوروکریٹک مسائل ڈال کر کے پی ٹی بورڈ کے فیصلے روکے جا رہے ہیں، ٹگ خریداری میں رکاوٹ سمیت بورڈ میں چیئرمین پی این ایس سی کی شمولیت پر کے پی ٹی نے سوالات اٹھا دیے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ کے پی ٹی بورڈ نے 75 ٹن کے 4 اے ایس ڈی شپنگ ٹگس کی خریداری کی منظوری دی، ٹرکش کمپنی سے 4 ٹگس کی خریداری کا معاہدہ 30 ملین ڈالر کا ہوا، ٹگ کی خریداری پورٹ آپریشن کو چلانے کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، ٹگ نہ آنے کی صورت میں بڑے جہازوں کو ہینڈل کرنے میں مشکلات ہوں گی۔

    خط کے مطابق ٹگ نہ ہونے کی صورت میں پورٹ آپریشن مکمل طور پر بند ہو سکتا ہے یا بڑا حادثہ ہو سکتا ہے، اس صورت میں ساری ذمہ داری وزارت میری ٹائم پر ہوگی، متعلقہ وزارت کے پی ٹی کے کام میں رکاوٹ اور مداخلت کر رہی ہے، ماضی قریب میں کراچی پورٹ پر 3 حادثات ہو چکے ہیں جس میں سے 2 ٹگس نہ ہونے کی وجہ سے ہوئے۔

    خط کے مطابق کے پی ٹی کے پاس اس وقت 5 ٹگس موجود ہیں، 25 سے 60 ٹن کے یہ ٹگس بڑے جہازوں کے لیے ناکافی ہیں، جب کہ نئے ٹگس کی خریداری کے لیے ایل سی کھولنے کے لیے وزارت میری ٹائم کی اجازت درکار ہے، کے پی ٹی نے منسٹری آف میری ٹائم سے وزارت خزانہ کو 30 ملین ڈالر کی ایل سی کھولنے کی درخواست بھی کی ہے۔ کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپوں میں قیمت خزانے میں جمع کرائی جائے گی اور اس کا بوجھ وفاقی حکومت پر نہیں ہوگا۔

    کے پی ٹی بورڈ نے چیئرمین پی این ایس سی کی بورڈ میں شمولیت پر بھی اعتراض اٹھا دیا، اس سلسلے میں خط میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی این ایس سی شکیل احمد منگنیجو کی بورڈ میں شمولیت درست نہیں ہے، وہ شپ اونر ایسویسی ایشن کی نشست پر ممبر بنے ہیں، جس کا وجود ہی نہیں تو ان کی رکنیت درست نہیں ہو سکتی۔

    وزیر اعظم کو خط میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے کرونا کے باعث بزنس کمیونٹی کو کرائے کی مد میں 20 دن کے ریلیف کا فیصلہ کیا تھا، بورڈ کے فیصلے کے باوجود وزارت میری ٹائم اس کی اجازت نہیں دے رہی، جب کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے 20 جون کو بورڈ میٹنگ میں یقین دہانی کرائی تھی کہ اس کو منظور کر لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کے پی ٹی بورڈ نے وزارت میری ٹائم پر بورڈ کے فیصلے پر مداخلت کا بھی الزام عائد کیا ہے۔