Tag: کے پی ٹی

  • چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل کراچی پہنچیں گے، سخت حفاظتی اقدامات

    چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل کراچی پہنچیں گے، سخت حفاظتی اقدامات

    کراچی: چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل اور پرسوں کراچی پہنچ رہے ہیں، جس کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی اجلاس میں گزشتہ روز فیصلہ کیا گیا ہے کہ چین سے آنے والے دونوں بلک کیریئر جہازوں کو آؤٹر اینکریج پر لنگر انداز کیا جائے گا۔

    آؤٹر اینکریج پر جہاز پر کارگو کی فیومیگیشن اور اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا، جہاز کے عملے کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی، اور عملے کو پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اس سلسلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ نے گزشتہ روز اہم اجلاس طلب کیا تھا، جس میں کے پی ٹی پر کارگو ہینڈلنگ سے پہلے تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے پر اہم فیصلے کیے گئے۔

    خیال رہے کہ چین سے دو بلک کارگو بحری جہاز منگل اور بدھ کو کے پی ٹی پہنچ رہے ہیں، چین سے آنے والے ایم وی امبر نامی بحری جہاز کل 17 مارچ کو کے پی ٹی پہنچے گا جب کہ 18 مارچ کو ایم وی وی ٹی سی گلوری پہنچے گا۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک ثابت ہونے والا نیا کرونا وائرس چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلا، چین میں اب تک اس وائرس سے 3,213 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 80,860 تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اب یہ پاکستان بالخصوص سندھ میں پنجے گاڑ چکا ہے اور صرف سندھ میں کرونا کے کیسز کی تعداد 76 ہو چکی ہے۔

  • سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

    سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

    کراچی: سویا بین سے لدے جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے بن قاسم منتقل کرنے خلاف کراچی ہاربر اینڈ ڈاک لیبر یونین نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پورٹ پر کام کرنے والے مزدور کے پی ٹی سے سویابین کے جہاز کی منتقلی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظاہرین نے بندرگاہ تک جانے والا راستہ بند کر کے بندرگاہ کی جانب مارچ شروع کر دیا۔

    خیال رہے کہ سویا بین کو بن قاسم پر ڈسچارج کروانے کے لیے ہرکولیس جہاز روانہ کر دیا گیا ہے، جس کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونیز نے احتجاج شروع کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی میں سویا بین کے جہاز صرف بن قاسم پر جانے سے کراچی پورٹ کی لیبر بے روزگار ہو جائے گی۔

    سویابین لانے والے جہاز کو کراچی پورٹ سے نکال دیا گیا

    لیبر یونین کا کہنا ہے کہ کیماڑی سانحے کی حتمی رپورٹ آنے سے قبل جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کے پی ٹی لیبر کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے، وزار ت پورٹ اینڈ شپنگ کیماڑی سانحے کے اصل حقائق جانے بغیر اپنا بزنس پوٹ قاسم منتقل کیوں کر رہی ہے؟ آج کا احتجاج کراچی پورٹ کے مزدوروں کے معاشی قتل اور پورٹ پر بے بنیاد الزامات کے خلاف ہے۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ سویا بین میں اگر خرابی ہے تو اسے پورٹ قاسم کیوں منتقل کیا جا رہا ہے، پورٹ قاسم کے اطراف بھی انسانی بستیاں آباد ہیں، پورٹ قاسم پر اگر سویا بین ڈسچارج کیا جائے گا تو ادھر کی آبادی کیا متاثر نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ ڈاک لیبر بورڈ کی ہڑتال کے فیصلے سے پورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • کراچی میں پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے کنٹینر جہاز کی آمد

    کراچی میں پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے کنٹینر جہاز کی آمد

    کراچی پورٹ ٹرسٹ پر پاکستانی تاریخ کا وسیع الحجم کنٹینر جہاز لنگر اندا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی نے وسیع الحجم جہاز جس کی لمبائی 366 میٹر، 153666 میٹرک ٹن جی آر ٹی اور 51 میٹر بیم والے جہاز کو SAPT-3 کی گودیوں کے ساتھ لنگر انداز کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔

    کراچی پورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور جسیم حجم والا جہاز ک کراچی بندرگاہ نے ہینڈل کیا گیا ہے، اس سے قبل پاکستان کی کسی بھی بندرگاہ پر اتنا بڑا کارگو جہاز لنگر انداز نہیں ہوا تھا۔


    ہانگ کانگ جھنڈے کا حامل یہ جہاز گزشتہ رات بجے کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا جسے کے پی ٹی کے ڈپٹی کنزرویٹر کپتان آصف احمد سعید طونی نے پیشہ ورانہ مہارت اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ لنگر انداز کرایا۔

    کے پی ٹی نے اس سے قبل 354 میٹر لمبا، 128929 میٹر جسیم اور 45 میٹر بیم والے جہازوں کو ہینڈل کیا تھا۔ اس اہم سنگ میل پر چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے تمام آپریشنز ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

  • سمندری طوفان ’وایو‘، کے پی ٹی نے ریڈ الرٹ جاری کردیا

    سمندری طوفان ’وایو‘، کے پی ٹی نے ریڈ الرٹ جاری کردیا

    کراچی:بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان کے پیش نظر کے پی ٹی نے ریڈ الرٹ جاری کردیا جس میں حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے جاری ہونے والے  ریڈ الرٹ میں سمندری حدود اور بندرگاہوں پر جہازکے کپتانوں کوحفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی۔

    کے پی ٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ بندرگاہوں پرموجود جہازوں کو مزید دو رسوں سے لنگرانداز کریں کیونکہ ممکنہ طوفان کی ہوا کی رفتار 45ناٹ سے 88ناٹ تک ہو سکتی ہے لہذا حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

    دوسری جانب سمندری طوفان وایو کےاثرات کراچی سمیت اندرونِ سندھ کے  مختلف شہروں پر نمودار ہونا شروع ہوگئے، کیٹی بندر سمیت گردونواح میں تیز ہوائیں چلیں اور مٹی کا طوفان آیا جس کے باعث سمندری لہریں بلند ہوئیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں شدید گرمی کی لہر، رینجرز نے ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کردئیے

     بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ کے باعث کراچی میں شدید گرمی،درجہ حرات اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا جس کے باعث شہریوں کا برا حال ہے، محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت تین روز تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی۔

    محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کو گجرات کے ساحل سے ٹکرانا تھا البتہ اُس کا رخ گھوم گیا جس کے بعد بارشیں ہونے کے اثرات کم ہوگئے۔

  • وزیر مملکت پورٹ اینڈ شپنگ کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    وزیر مملکت پورٹ اینڈ شپنگ کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    کراچی: وزیر مملکت برائے بندر گاہ و جہاز رانی چوہدری جعفر اقبال نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔

    پورٹ اینڈ شپنگ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت نے تکمیل شدہ منصوبوں کا بھی معائنہ کیا جن میں ازسر نو تعمیراتی گودیوں کے منصوبے، پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل، ساؤتھ ایشیاء پاکستان کنٹینرز ٹرمینل، ٹگز، ڈریجرز، کے پی ٹی ورکشاپ اور ڈرائی ڈاک منوڑا شامل ہیں۔

    اس موقع پر وزیر مملکت نے اعلیٰ کارکردگی اور امور میں تیزی لانے پر زور دیا، مشکلات کو احسن طریقے سے حل کرنے کو سراہا اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    انہوں نے کراچی بندرگاہ کے آئل پیئرز کا بھی معائنہ کیا اور بعد ازاں بابا اور بھٹ جزیروں کا بھی دورہ کیا۔

    کے پی ٹی نے وزیر مملکت کو کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے صدر دفتر آمد پر کے پی ٹی کے تمام منصوبوں کی تفصیلات مہیا کیں اور انہیں ورلڈ بینک کے توسط سے جاری ای ایچ ایس منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔

  • کے پی ٹی میں‌ کروڑوں کی کرپشن، اعلیٰ افسران ملوث، انکشاف

    کے پی ٹی میں‌ کروڑوں کی کرپشن، اعلیٰ افسران ملوث، انکشاف

    کراچی : کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی 3 ارب روپے سے زائد رقم کی سرمایہ کاری میں مبینہ گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ذمہ داران کے بارے میں تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام نے ادارے میں اربوں روہے سے زائد رقم کی سرمایہ کاری میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا۔

    کے پی ٹی حکام کی جانب سے لکھے گئے خط میں ایف آئی اے کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ادارے میں سرمایہ کاری کے لیے نیشنل بینک سے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ مہنگے داموں خریدے گئے، علاوہ ازیں مارکیٹ ریٹ سے مہنگے داموں بانڈز کی خریداری بارے کے میں پی ٹی بورڈ کو بھی لاعلم رکھا گیا۔

    ذرائع کے مطابق 20 کروڑ روپے مالیت کے ٹریژری بلز کی خریداری بھی بورڈ کی اجازت کے بغیر کی گئی، خریدے گئے ٹی بلز کی رقم حبیب بینک کے پرائیوٹ اکاؤنٹ میں منتقلی کے بعد نکال لی گئی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حبیب بینک میں کھولے گئے اکاؤنٹ کے بارے میں بھی کے پی ٹی حکام کو لاعلم رکھا گیا، اربوں کے گھپلوں میں مبینہ طور پر اس وقت کے چیف اکاؤنٹ آفیسراور جی ایم فنانس ملوث ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گھپلے قومی بینک کے ٹریژری ڈپارٹمنٹ کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے کیے گئے۔