Tag: کے پی کی خبریں

  • افغانی کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، دھوکے سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر لیا

    افغانی کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، دھوکے سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر لیا

    پشاور: افغان کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، نادرا کا کہنا ہے کہ راشد خان نے افغانی شہریت چھپا کر جعلی دستاویزات پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے ترجمان فائق علی چاچڑ نے کہا ہے کہ راشد خان جن کا اصلی نام راشدین ہے نے دھوکہ دہی سے 2014 میں شناختی کارڈ حاصل کیا۔

    ترجمان نادرا کے مطابق افغان کرکٹر راشدین کی ماں پاکستانی ہے جب کہ باپ افغانی ہے، انھوں نے شناختی کارڈ نادرا سینٹر پشاور سے حاصل کیا۔

    راشد خان ارمان افغان قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، وہ جون 2018 میں انڈیا کے خلاف اوّلین ٹیسٹ میچ میں افغان ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

    نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ راشدین کے والد نے بھی جعلی دستاویزات پر پاکستانی کارڈ حاصل کیا تھا، راشدین اور ان کے والد خلیل خان کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔

    قبائلی ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں راشدین کا خاندان اب بھی مقیم ہے، افغان کرکٹر 2012 سے 2014 تک اسلامیہ کالج میں پڑھتے رہے، وہ کئی ٹورنامنٹس میں اسلامیہ کالج کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں 14 لاکھ افغان شہری رہائش پذیر ہیں: رپورٹ


    نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ راشدین کے خاندان کے دیگر افراد بھی جعلی دستاویزات پر پاکستانی کارڈ بنا چکے ہیں، ان کے رشتہ داروں کے کارڈ اب بھی ایکٹو ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ہفتہ قبل کہا تھا کہ افغان اور بنگالی مہاجرین کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتے، مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت ملنی چاہیے۔

    وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 131 ہے، جب کہ کیمپوں سے باہر 9 لاکھ 41 ہزار 854 رہائش پذیر ہیں۔

  • پیپلز پارٹی کا کسی حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہ بننے کا اعلان

    پیپلز پارٹی کا کسی حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہ بننے کا اعلان

    لوئر دیر: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کسی حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی کے سینئر رہنما خیبر پختونخوا کے علاقے تیمر گرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’پیپلز پارٹی حکومت مخالف کسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی۔‘

    [bs-quote quote=”بھارت خطے میں تسلط کے لیے امن تباہ کرنے پرتلا ہوا ہے: قمر زمان کائرہ” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر کہا کہ بھارت خطے میں تسلط کے لیے امن تباہ کرنے پرتلا ہوا ہے، لیکن وہ خبردار رہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

    قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر اپوزیشن کو توڑنے کا الزام غلط ہے، ہم اپنی پالیسی کے مطابق اپوزیشن کریں گے، پی پی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت کو کام کر نے کا پورا موقع ملنا چا ہیے، اچھے کاموں کی تعریف کی جائے گی اور عوام دشمن پالیسیوں کی مخالفت کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:   خیبر پختونخوا کا گورنر ہاؤس بھی عوام کے لیے کھولا جائے، وزیرِ اعظم


    قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی حکومت کے ابتدائی 100 دن اس کی سمت کا تعین کرتے ہیں، ہم حکومت کو کام کرنے کا پورا موقع دیں گے۔

    انھوں نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو باعثِ تشویش قرار دیا، خیال رہے کہ حکومت نے ملک کو چلانے کے لیے درکار اخراجات کے حصول کے لیے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ اضافے کا بوجھ غریب عوام پر نہیں ڈالا گیا۔

  • وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی محرم کے دوران بہترین انتظامات کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی محرم کے دوران بہترین انتظامات کی ہدایت

    پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیف سیکریٹری نوید اور آئی جی کے پی سے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ محرم کے دوران صوبے میں بہترین انتظامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سے چیف سیکریٹری نوید اور آئی جی کے پی نے ملاقات کی، محمود خان نے محرم کے دوران بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔

    وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ پولیس شرپسندوں اور مجرمانہ ذہنیت کے لوگوں پر نظر رکھے، انھوں نے ہدایت کی کہ انتظامی سطح پر بہترین اقدامات کیے جائیں تاکہ سیکورٹی یقینی ہو۔

    محمود خان نے یہ بھی ہدایت کی کہ انتظامیہ اور پولیس سیکورٹی اقدامات پر آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جان و مال کی حفاظت اور بہتر سیکورٹی کا عزم رکھتی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  محرم الحرام: سرکاری چھٹیوں کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری


    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چیف سیکریٹری اور آئی جی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اچھی حکمرانی کے ذریعےعوام کو ریلیف دینے کے لیے پُر عزم ہے۔

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں 6 سے 10 محرم تک تعطیلات دینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران نے اعلان کیا تھا کہ جلوس کی گزر گاہوں والے تمام علاقوں میں سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

  • پی کے 23 شانگلہ میں دوبارہ پولنگ، پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی پھر جیت گئے

    پی کے 23 شانگلہ میں دوبارہ پولنگ، پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی پھر جیت گئے

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں الیکشن کمیشن کے حکم پر دوبارہ پولنگ ہوئی جس میں تحریکِ انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی ایک بار پھر کام یاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے صوبائی حلقے شانگلہ 23 میں ری پولنگ مکمل ہوگئی، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔

    شانگلہ پی کے 23 کے تمام 135 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی نے 39290 ووٹ لے کر کام یاب ہوگئے ہیں۔

    غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریکِ انصاف کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رشاد خان 22545 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    شانگلہ کے انتخابی حلقے میں آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہا، غیر حتمی نتیجہ آتے ہی پی ٹی آئی کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا اور خوب آتش بازی کی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا


    واضح رہے کہ 25 جولائی کے عام انتخابات میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 10 فی صد سے کم ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے شانگلہ پی کے 23 میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

    عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریکِ انصاف کے شوکت یوسف زئی 17 ہزار 399 ووٹ لے کر کام یاب ہوگئے تھے جب کہ ن لیگ کے رشاد خان 15 ہزار 533 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

  • پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا

    پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا

    شانگلہ: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے صوبائی حلقے 23 وَن میں آج ضمنی انتخاب ہوگا، الیکشن کمیشن نے خواتین کے 10 فی صد سے کم ووٹنگ پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ میں پی کے تئیس وَن میں خواتین کا ٹرن آؤٹ دس فی صد سے کم ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے کے انتخابات کالعدم قرار دے دیا تھا۔

    پی کے 23 سے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی 17399 ووٹ لے کر کام یاب ہوئے تھے، حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 86728 اور مرد ووٹرز کی تعداد 113827 ہے۔

    پی کے 23 وَن میں ری پولنگ کے سلسلے میں سخت سیکورٹی انتظامات کر لیے گئے، انتخابی حلقے میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 135 ہے، جن میں 35 حساس، 18حساس ترین پولنگ اسٹیشنز ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر


    خیال رہے کہ پی کے 23 شانگلہ وَن میں کُل ووٹر ز کی تعداد 200555 ہیں، حلقے میں پی ٹی آئی امیدوار شوکت یوسف زئی کو اے این پی اور پی پی کی حمایت حاصل ہے، دوسری طرف ن لیگی امیدوار رشاد خان کو ایم ایم اے کی حمایت حاصل ہے۔

    شوکت یوسف زئی نے شانگلہ میں دوبارہ انتخابات ہونے کی وجہ سے امیدوار بننے کے بعد انتخابات شفاف رکھنے کے لیے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کے عہدے سے تین دن قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

    عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

    صوابی: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ضلع صوابی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تبدیلی جلد نظر آئے گی، وزیرِ اعظم کے 100 دن پلان پر مکمل عمل در آمد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں، ان کی ہر بات سنی جائے گی، اپوزیشن کے مطالبے پر ہی وزیرِ اعظم پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کریں گے۔

    اسد قیصر نے مختلف منصوبوں کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ رشکئی انٹر چینج کے قریب اکنامک زون 2 سال میں مکمل ہوگا، اس معاشی زون کے قیام سے صوبے کے عوام کو روزگار ملے گا۔

    قومی اسمبلی کے اسپیکر نے بتایا کہ سعودی سفیر سے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے سلسلے میں بھی بات کی گئی، خیال رہے کہ سعودی وزیرِ اطلاعات عواد بن صالح العواد تین روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے جو آج واپس چلے گئے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ اور پی پی کے سابقہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے، وزیرِ اعظم کی ہدایت


    ڈیم فنڈ کے حوالے سے اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پہلی تنخواہ ڈیم کی تعمیر کے لیے دے چکے ہیں۔ انھوں نے کہا ’ہر پاکستانی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے۔‘

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے تمام وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیم فنڈ کے سلسلے میں اپنی اپنی سطح پر کام کو تیز تر کریں۔

  • خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کر دیا

    خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کر دیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ محمود خان وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے، نہ ہی پروٹوکول لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی نقل و حرکت کے دوران سڑکیں بند نہیں ہوں گی، وہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں بھی نہیں رہیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں سادگی اختیار کی جائے گی، اور وزیرِ اعلیٰ کے زیرِ استعمال جتنی گاڑیاں ہیں ان کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔

    ترجمان شوکت یوسف زئی نے وزیرِ اعلیٰ کے شیڈول کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ محمود خان صبح 9 بجے دفتر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ محمود خان دوپہر 2 سے سہ پہر 5 بجے تک اسمبلی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے، اور عید کا پہلا دن پشاور میں گزاریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا


    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے 17 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، کے پی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    تحریکِ انصاف کے محمود خان نے پولنگ میں میاں نثار گل کے 33 ووٹوں کے مقابلے میں 77 ووٹ حاصل کیے اور کے پی کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔

  • کرنل شیر خان کے بھائی نے منظور پشتین کو مزار میں داخلے سے روک دیا

    کرنل شیر خان کے بھائی نے منظور پشتین کو مزار میں داخلے سے روک دیا

    صوابی: پاک فوج کے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے بھائی نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما منظور پشتین کو اپنے بھائی کے مزار پر حاضری سے روک دیا، منظور پشتین کو مزار میں داخل ہوئے بغیر واپس جانا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منظور پشتین مئی اور جولائی 1999 کے درمیان لداخ میں لڑی جانے والی کارگل جنگ کے شہید ہیرو کرنل شیر خان کے مزار میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن ان کے بھائی نے پشتین کو شہید کے مزار میں داخل نہیں ہونے دیا۔

    کرنل شیر خان کے بھائی کا کہنا تھا کہ منظور پشتین پہلے کبھی کیپٹن کرنل شیرخان شہید کے مزار پر نہیں آئے۔ انھوں نے پشتین کو جواب دیا کہ ’تمھاری سرگرمیاں مشکوک ہیں۔‘

    شہید کرنل شیر خان کے بھائی انور شیر خان کا کہنا تھا کہ وہ فیس بک پر منظور پشتین کی سرگرمیاں دیکھ چکے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ منظور پشتین کیا کچھ کر رہے ہیں۔

    مزار کے احاطے سے انور شیر کی بلند آواز میں احتجاج نے منظور پشتین کو واپسی کا راستہ دکھا دیا، ان کا مؤقف تھا کہ یہ پاک فوج کے شہید کا مزار ہے، یہاں وزیرستان کے ایک ایسے شہری کا کوئی کام نہیں جس کی سرگرمیاں مشکوک ہیں۔

    اہم پیشرفت: ریاست اور اداروں کے خلاف نعرے نہیں لگیں گے، پشتون تحفظ موومنٹ کی یقین دہانی

    کرنل شیر خان کے بھائی نے منظور پشتین کو مخاطب کر کے کہا ’میں آپ کے وزیرستان بھی گیا ہوں، کرنل شیر کا بھائی ہوں، میں وزیرستان کے پٹھانوں کے ساتھ بھی رہا ہوں، میں نے ریڈیو پر وزیر ستان کے پٹھانوں کے حق کے لیے خود آواز اٹھائی ہے۔‘

    خیال رہے کہ منظور پشتین پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف اپنے جلسوں میں تقریریں کرتا رہا ہے، انھوں نے اپنے جلسوں میں پاکستانی پرچم لہرانے سے بھی روکا۔

  • پی ٹی ایم رہنماؤں کی پارٹی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی، نائب افغان سفیر سے ملاقات

    پی ٹی ایم رہنماؤں کی پارٹی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی، نائب افغان سفیر سے ملاقات

    اسلام آباد: خیبر پختونخوا اور سابقہ فاٹا سے تعلق رکھنے والی مزاحمتی تحریک پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے دو رہنماؤں کے افغانستان سے تعلقات کھل کر سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی ایم کے 3 میں سے 2 رہنماؤں نے پارٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلام آباد میں افغانستان کے نائب سفیر شمس زردشت کے ساتھ ملاقات کی۔

    پارٹی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر اور محسن داور شامل ہیں۔

    دوسری طرف کراچی میں جواں سال نقیب اللہ محسود کے قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کو ذمہ دار ٹھہرانے والوں نے پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی قربتیں بڑھانا شروع کر دی ہیں۔

    سابق پولیس افسر راؤ انوار کے خلاف سرگرم پی ٹی ایم کے بعض رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے ملاقات کی، خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کھلے عام راؤ انوار کی حمایت میں بیان دے چکے ہیں۔

    اہم پیشرفت: ریاست اور اداروں کے خلاف نعرے نہیں لگیں گے، پشتون تحفظ موومنٹ کی یقین دہانی

    پشتون تحفظ موومنٹ کے خلاف یہ خیال گردش کرنے لگا ہے کہ کیا اس کے رہنما ذاتی مفادات کے لیے پارٹی کا استعمال کرنے لگے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی ایم کے رہنما انتخابات کے سلسلے میں بھی پارٹی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کر چکے ہیں، 8 رہنماؤں نے انتخابات 2018 میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا، جس پر انھیں کور کمیٹی کی رکنیت سے فارغ کر دیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی

    عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کے پی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت میں حکومت سازی اور وزارتوں کی تقسیم کا معاملہ ایک مشکل ترین مرحلے کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے بھی کسی امیدوار کا فیصلہ نہیں کر پا رہی، تاہم عمران خان اس سلسلے میں مسلسل مشاورت کر رہے ہیں اور کسی بھی وقت نام کا اعلان کر دیں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پرویز خٹک نے عمران خان کے سامنے محمود خان کا نام پیش کیا ہے، جس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے دیگر سینئر قیادت سے بھی رائے طلب کی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز خٹک ایک اور منتخب رکن شاہ فرمان کا نام بھی کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے پیش کر چکے ہیں۔

    پرویز خٹک اور عاطف خان کا ٹاکرا


    دریں اثنا پرویز خٹک اور عاطف خان کے درمیان وزارتِ اعلیٰ کے سلسلے میں ناخوش گزار سوال جواب ہوئے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑگئی۔

    پرویز خٹک نے عاطف خان پر سوال نما اعتراض کیا ’میڈیا میں وزارتِ اعلیٰ کی لابنگ کر رہے ہو؟‘ عاطف خان نے جواب میں کہا ’میں میڈیا میں کوئی لابنگ نہیں کر رہا۔‘

    اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے عاطف خان پر پابندی لگا دی کہ وہ میڈیا سے کوئی بات نہیں کریں گے۔

    پرویز خٹک اور امین گنڈا پور کو نشستیں چھوڑنے کا حکم


    دوسری طرف پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور کو صوبائی نشستیں چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے، دو مزید منتخب اراکین بھی نشستیں چھوڑیں گے۔

    انتخابی مہم کے دوران نامناسب بیان پر پرویز خٹک نے معافی مانگ لی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر حیدر علی اور اسد قیصر کو بھی صرف قومی نشستیں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ چاروں رہنما بہ یک وقت قومی اور صوبائی دونوں نشستوں پر کام یاب ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔