Tag: کے پی کی خبریں

  • گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں عید پر انڈے لڑانا بھی ایک شوق اور تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے جس میں بچے اور بڑے سب ہی حصہ لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرخیبر پختون خوا شاہ فرمان بھی پشتونوں کے روایتی کھیل عید پر انڈے لڑانے کے شوقین نکل آئے ہیں۔

    شاہ فرمان اپنے شکار کے شوق کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور ان کے قریبی دوست انھیں ایک اچھا شکاری سمجھتے ہیں، اس عید پر وہ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    تاہم گورنر کے پی انڈے لڑانے کے کھیل میں شکار میں مہارت کی طرح مہارت کا مظاہرہ نہ کر سکے، انھوں نے ایک اناڑی کی طرح ایک بچے سے پانچ انڈے ہار دیے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گورنر شاہ فرمان اپنے آبائی علاقے بڈھ بیر پشاور میں عید کے دوسرے روز سڑک کے کنارے ایک بچے کے ساتھ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ’ہوم گراؤنڈ‘ اور ’ہوم کراؤڈ‘ کے باوجود گورنر کے پی بچے سے پانچ انڈے ہار گئے۔

    گورنر کے پی انڈے لڑانے سے قبل ایک ایک انڈے کی سختی جانچنے کے لیے اسے اپنے دانتوں کے ساتھ ٹکراتے بھی رہے لیکن وہ ایک بھی انڈا نہ جیت سکے۔

    واضح رہے کہ انڈا لڑانے کے کھیل میں ابلے انڈوں کے سرے ایک دوسرے سے ٹکرائے جاتے ہیں، جس کا انڈا ٹوٹ جاتا ہے وہ انڈا ہار جاتا ہے، جب کہ انڈے کے سرے کی سختی جانچنے کے لیے اسے دانتوں پر ہلکا مار کر دیکھا جاتا ہے، لیکن کھیل کا ماہر نہ ہو تو انڈے کی سختی جانچنے میں غلطی ہو سکتی ہے۔

    انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں بھی ہوتا ہے، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عید کے مواقع پر جو میلے لگتے ہیں ان میں انڈے لڑائے جاتے ہیں، یہ کھیل خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں اور حتیٰ کہ کراچی کی پختون اور بلوچ آبادیوں میں بھی عید پر کھیلا جاتا ہے۔

  • صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں مشہور پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ کو 5 روز گزر گئے لیکن تا حال یہ آپ بجھائی نہیں جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں کڑہ مار پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی، ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فی صد قابو پا لیا گیا ہے، جلد مکمل قابو پالیں گے۔

    گاؤں کالو خان میں مشہور پہاڑی کڑہ مار (کوڑیالہ سانپ) پر لگنے والی آگ سے بڑی تعداد میں درختوں اور جانوروں کا نقصان ہو چکا ہے، یہ پہاڑی رومانوی جوڑی یوسف خان شیر بانو کے مزار کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق پہاڑی کے ایک جانب آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، پہاڑی کی دوسری جانب آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ 52 اہل کار، 5 فائر وہیکلز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، مقامی افراد، محکمہ جنگلات کے 100 اہل کار بھی امدادی کاررائیوں میں مصروف ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا میں کنڈل ڈیم صوابی میں کشتی ڈوب گئی تھی جس کے باعث تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ 35 افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

  • صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    صوابی: خیبر پختون خوا میں کنڈل ڈیم صوابی میں کشتی ڈوب گئی جس کے باعث تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ 35 افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی کے کنڈل ڈیم میں گزشتہ رات کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 بہنیں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو ٹیم نے 35 افراد کو بچا لیا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بچیوں کی لاشیں بھی ڈیم سے نکال لی گئی ہیں، جب کہ باقی افراد کو پہلے ہی بچا لیا گیا تھا۔

    کشتی میں 38 افراد سوار تھے، جاں بحق بچیوں کا تعلق صوابی سے تھا، ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ جاں بحق بچیوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسپیکر اسد قیصر نے صوابی، بام خیل اور ٹوپی میں گیس منصوبوں کا افتتاح کردیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کنڈل ڈیم میں عید کے موقع پر سیر و تفریح کے لیے پہنچے تھے تاہم بد قسمتی سے کشتی چلنے کے بعد کچھ فاصلے پر ڈوب گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 35 افراد کو گزشتہ روز ہی باحفاظت نکال لیا گیا تھا تاہم آج 3 لاپتہ بچیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے بد عنوانی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ماہ میں کرپٹ عناصر سے 5 کروڑ وصول کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں اینٹی کرپشن کا محکمہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران متحرک رہا، جنوری سے اب تک 15 ایف آئی آر درج جب کہ 36 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    کرپٹ عناصر سے 5 ماہ میں 5 کروڑ روپے وصول کیے گئے، اس عرصے میں 3 افراد پر جرم ثابت ہوا جنھیں سزائیں سنائی گئیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 27 کیس، 356 انکوائریاں اور 1052 شکایات نمٹائی گئیں، جب کہ 98 کیسز، 1634 انکوائریاں اور 1879 شکایات زیر تفتیش ہیں۔

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ شکایات 504 محکمہ مال کے خلاف ہیں، دوسرے نمبر پر 311 شکایات محکمہ آب پاشی، 159 شکایات سی اینڈ بلیو کے خلاف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

    حکام نے مزید بتایا کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد 547 شکایات اینٹی کرپشن کے حوالے کیے گئے، 146 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی جب کہ 401 پر کارروائی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے۔

  • 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختونخواہ کرے گا

    33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختونخواہ کرے گا

    پشاور: 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختون خواہ کرے گا، قومی کھیل 21 سے 27 اکتوبر تک پشاور میں ہوں منعقد ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں 8 سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد ہو رہا ہے، 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختون خواہ کرے گا، یہ 21 سے 27 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

    کے پی کے سینئر وزیر عاطف خان نے اس سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیلوں سے صوبے کا ایک مثبت تشخص سامنے آئے گا۔

    انھوں نے کہا کہ قومی کھیلوں کے انعقاد پر17 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، ان کھیلوں سے صوبے میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

    سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان شریک ہوں گے، جب کہ اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی شرکت کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا: نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد

    اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے کہا کہ میں وزیر اعلی کے پی کا شکر گزار ہوں، امید ہے بہتر کھیلوں کا انعقاد ہو گا، قومی کھیلوں کے اس ایونٹ میں 22 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

    عارف حسن نے بتایا کہ ایونٹ میں 9 ہزار کھلاڑی اور حکام شرکت کریں گے، یہ کھیل مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے، افغانستان سے بھی نمائندہ وفد کھیلوں میں شرکت کرے گا۔

    دریں اثنا، اجلاس میں کے پی میں سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز لگانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا، یہ کیمپنگ پاڈز گبین جبہ، گولن گول، بیاڑی، اناکڑ اور الائی میں لگائے جائیں گے۔ سینئر وزیر نے تمام کیمپنگ پاڈز عید سے پہلے پہلے لگانے اور تمام سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کیے۔

    اجلاس میں ٹور ازم پولیس کی تعیناتی سمیت سیاحتی مقامات پر بس سروس کے حوالے سے بھی غور ہوا، سینئر وزیر نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورت حال ہر حال میں یقینی بنانا ہوگی-

  • خیبر پختونخوا: نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد

    خیبر پختونخوا: نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد

    پشاور: خیبر پختون خوا کے تمام نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ترانہ اب ریکارڈ شدہ نہیں چلے گا بلکہ پڑھا جائے گا، خیبر پختون خوا کی حکومت نے تمام نجی اسکولوں میں ریکارڈڈ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد کردی۔

    اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری مراسلے کے مطابق زیادہ تر اسکولوں میں ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے اسمبلی میں ترانہ بجایا جاتا ہے، جس پر پابندی ہوگی۔

    مراسلے میں حکم دیا گیا ہے کہ آج کے بعد اسکولوں میں طلبہ یا اسٹاف ممبر خود ترانہ پڑھ کر سنائیں، اس سے طلبہ میں حب الوطنی کا جذبہ مزید بڑھے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی اسمبلی میں ہر اجلاس کے آغاز میں قومی ترانہ سنانے کی قرارداد پاس

    مزید کہا گیا کہ قومی ترانہ کسی بھی قوم کے ماضی، حال اور مستقبل کا عکاس ہوتا ہے اور نئی نسل کو اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کی خاطر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں قومی اسمبلی نے ہر اجلاس کے آغاز پر قومی ترانہ سنائے جانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ قرارداد خیبر پختون خوا سے پی ٹی آئی کے سنیئر لیڈر شہریار آفریدی نے پیش کی تھی۔

    یاد رہے کہ حفیظ جالندھری کا لکھا گیا قومی ترانہ پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان پر اپنی مخصوص دھن کے ساتھ بہ یک وقت 11 گلوکاروں کی آواز میں نشر کیا گیا تھا۔

  • باچا خان ایئر پورٹ پر عملے کی فرض شناسی، زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا

    باچا خان ایئر پورٹ پر عملے کی فرض شناسی، زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا

    پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سی اے اے کے عملے نے فرض شناسی دکھاتے ہوئے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگو کا ایک رہایشی باچا خان ایئر پورٹ کے لاؤنج میں اپنا بیگ بھول گیا، تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے فرض شناسی برتتے ہوئے بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔

    شارجہ سے پشاور باچا خان ایئر پورٹ پہنچنے والا مسافر اپنا بیگ ایئر پورٹ کے لاؤنج ہی میں بھول گیا۔

    مسافر کا بیگ سی اے اے کے پورٹر قیصر خان کو لاؤنج میں پڑا ملا، پورٹر نے دیانت داری کے ساتھ بیگ ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا

    بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں زیورات پائے گئے، ایئر پورٹ انتظامیہ نے بیگ پر لگے ٹیگ سے مسافر کا پتا چلایا، سی اے اے عملے نے مسافر کے گھر جا کر قیمتی سامان حوالے کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پورٹر قیصر خان کی فرض شناسی اور ایمان داری پر تعریفی اسناد اور اعزازیے کا اعلان کیا گیا۔

    دوسری طرف مسافر نے اپنا قیمتی سامان ملنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کا شکریہ ادا کیا، مسافر کا کہنا تھا کہ بچی کی شادی کے لیے زیوارات خریدے تھے جو بیگ میں موجود تھے، بیگ گم ہونے پر بہت پریشان ہو گیا تھا۔

  • مالاکنڈ میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر 7 اسٹیل ملز بند کرنے کے احکامات جاری

    مالاکنڈ میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر 7 اسٹیل ملز بند کرنے کے احکامات جاری

    مالاکنڈ: خیبر پختون خوا حکومت نے مالاکنڈ میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر 7 اسٹیل ملز بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر 7 اسٹیل ملیں بند کرنے کے احکامات جاری ہو گئے، کمشنر مالاکنڈ ریاض محسود کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیل ملز ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، اسٹیل ملز سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

    اعلامیے کے متن میں کہا گیا کہ اسٹیل ملز کی فعالیت انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے این او سی سے مشروط ہے، ای پی اے کا تجویز کردہ ماحول دوست یونٹ لگنے تک اسٹیل ملز بند رہیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخواہ کے سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

    دریں اثنا کمشنر مالاکنڈ ریاض محسود کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز آبادی کے بیچ میں واقع ہیں، جن سے پیدا ہونے والی آلودگی سے مقامی آبادی متاثر ہوتی ہے۔

    واضح رہے کہ مالاکنڈ ڈویژن میں تجاوزات، بل بورڈز اور بینرز کے خاتمے کے لیے بھی مہم چلائی گئی ہے، کمشنر ریاض محسود کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ ڈویژن اپنی خوب صورتی کے لحاظ سے دنیا میں مشہور ہے اس لیے سڑکوں پر بل بورڈز، بینرز، ہر قسم کے تجاوزات، دکانوں کے باہر غیر ضروری سیڑھیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

  • 26 ویں آئینی ترمیم متفقہ طورپرمنظور، قبائلی علاقوں کی قومی نشستیں 12 ہوگئیں

    26 ویں آئینی ترمیم متفقہ طورپرمنظور، قبائلی علاقوں کی قومی نشستیں 12 ہوگئیں

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں 26 واں آئینی ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، بل کےحق میں 288 ارکان نے ووٹ دیے، جب کہ بل کی مخالفت میں کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی اجلاس میں چھبیسواں آئینی ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، بل کی مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں آیا، اجلاس میں موجود تمام اراکین نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔

    ترمیمی بل کی منظوری کے بعد قبائلی علاقوں کی قومی اسمبلی میں نشستیں 6 سے بڑھ کر 12 ہو گئیں۔

    قومی اسمبلی کی مجموعی نشستیں 342 ہی رہیں گی، تاہم خیبر پختون خوا اسمبلی میں قبائلی علاقوں کی نشستیں 16 سے بڑھ کر 24 ہو گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  تمام صوبے فاٹا کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی رقم میں حصہ ڈالیں: وزیر اعظم

    خیبر پختون خوا اسمبلی کی مجموعی نشستیں 124 سے بڑھ کر 155 ہو جائیں گی، اسپیکر قومی اسمبلی نے بل کی متفقہ منظوری پر قوم کو مبارک باد دی۔

    فاٹا بل منظور ہوتے ہی اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا، حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل کر دیا ہے، پارلیمانی لیڈرز سے مشاورت کے بعد 24 مئی تک اجلاس چلانے کا فیصلہ ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 واں آئینی ترمیمی بل 2019 رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے پیش کیا تھا۔

  • پشاور: عالمی طرز کا باچا خان ایئر پورٹ پارکنگ ایریا سے محروم رہ گیا

    پشاور: عالمی طرز کا باچا خان ایئر پورٹ پارکنگ ایریا سے محروم رہ گیا

    پشاور: ساڑھے 3 ارب روپے کی لاگت سے بنے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر کے سلسلے میں ناقص منصوبہ بندی کا معاملہ سامنے آ گیا، ایئر پورٹ پر پارکنگ ایریا ہی نہیں بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ساڑھے 3 ارب سے بنے باچا خان ایئر پورٹ پر ناقص پلاننگ کے باعث پارکنگ ایریا ہی نہیں بنایا گیا، عالمی طرز کا ایئر پورٹ پارکنگ ایریا سے محروم ہے۔

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے پر گزشتہ دور حکومت میں کام شروع کیا گیا تھا، منصوبے پر ساڑھے تین ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئے۔

    پشاور باچا خان ایئر پورٹ پر پارکنگ کی سہولت نہ ہونے سے مسافروں اور ساتھ آنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دوسری طرف پارکنگ کے بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کے لیے کھولا گیا، بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کا سی اے اے، ایف آئی اے، اے ایس ایف کے افسران نے استقبال کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پشاور ایئر پورٹ کے ارائیول لاؤنج کو دور جدید کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے، بین الاقوامی آمد لاؤنج پر دو بورڈنگ برجز بھی نصب کیے گئے، مسافروں کی سہولت کے لیے دو خود کار زینے اور تین لفٹیں بھی لگائی گئی ہیں۔

    سی اے اے نے بتایا کہ باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم دوسری جانب بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور رشتہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر سہولیات تو موجود ہیں تاہم گاڑیوں کی پارکنگ کا مسٔلہ تا حال حل نا ہو سکا۔