Tag: کے پی کی خبریں

  • میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں مطلب کی بات کرتا ہوں، پرویز خٹک، جلسے میں بد نظمی، کارکنوں کا احتجاج

    میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں مطلب کی بات کرتا ہوں، پرویز خٹک، جلسے میں بد نظمی، کارکنوں کا احتجاج

    خیبر: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ اچھی تقریر نہیں کر سکتے لیکن جس بات سے مطلب ہوتا ہے وہی کرتے ہیں، پانچ سال تک خیبر پختون خوا میں انھوں نے کام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے پی نے ضلع خیبر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آپ لوگوں کی حکومت ہے، آئیں اور ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں۔

    دریں اثنا، پرویز خٹک جلسے سے خطاب کے لیے آئے تو پرانے کارکنوں نے نظر انداز کیے جانے پر احتجاج شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں جلسے میں بد نظمی پھیل گئی اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو دھکے دیے۔

    سابق وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ میں نے 5 سال خیبر پختون خوا میں کام کیا، میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں، مطلب کی بات کرتا ہوں۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں بجلی کے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں، ڈیم بھی بن جائیں گے۔

    انھوں نے کہا میں چاہتا ہوں اس علاقے کے لوگ بھرتی ہوں، لیکن روزگار کا مسئلہ صرف سرکاری نوکریوں سے پورا نہیں ہوتا، بد قسمتی یہ ہے اس علاقے میں بجلی، اسکول، اسپتال نہیں ہیں۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں اسکول اور یونی ورسٹیز کی ضرورت ہے، وہاں بنانےکی کوشش کر رہے ہیں، سڑک، بجلی، گیس کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، صحت اور نظام تعلیم کو بھی ٹھیک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ملک کے اندر تعلیم کا نظام بہتر نہ ہو وہ ملک کیسے ترقی کرے گا؟

  • پشاور: ڈبلیو ایچ او نے پولیو وائرس کے گڑھ شاہین مسلم ٹاؤن کو پولیو سے پاک قرار دے دیا

    پشاور: ڈبلیو ایچ او نے پولیو وائرس کے گڑھ شاہین مسلم ٹاؤن کو پولیو سے پاک قرار دے دیا

    پشاور: پولیو ورکرز کی ڈیڑھ سال کی محنت رنگ لے آئی، شاہین مسلم ٹاؤن میں لیے گئے سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس نہیں ملا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو ورکرز کی محنت کے نتیجے میں پشاور کا علاقہ شاہین مسلم ٹاؤن پولیو وائرس سے پاک ہوگیا، عالمی ادارۂ صحت نے تصدیق کر دی کہ شاہین مسلم ٹاؤن کے نمونے پولیو سے پاک ہیں۔

    شاہین مسلم ٹاؤن کے سیوریج نمونوں میں ہر بار پولیو وائرس پایا گیا تھا، ڈبلیو ایچ او نے علاقے کو پولیو وائرس کا گڑھ قرار دیا تھا، نکاسی آب کے نالوں کے نمونے رواں مہینے 10 اپریل کو لیے گئے تھے۔

    پولیو وائرس کے خطرناک اسٹیٹس کے پیش نظر انسداد پولیو مہمات میں شاہین مسلم ٹاؤن پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی۔

    انسداد پولیو مہم کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے کہا کہ شاہین مسلم ٹاؤن سے پولیو وائرس کا خاتمہ بڑی کام یابی ہے۔ بابر بن عطا نے کہا کہ اس بڑی کام یابی پر میں پولیو ورکرز اور عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  انشاءاللہ پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، بابر عطا

    خیال رہے کہ ملک بھر کے 59 مقامات سے ہر ڈیڑھ ماہ بعد سیوریج نمونے لیے جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ پشاور میں چند دن قبل پولیو سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کی جعلی ویڈیو منظر عام پر آ گئی تھی، جس کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد مرکزی ملزم نذر محمد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    گزشتہ روز بابر عطا نے کہا تھا کہ پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورت حال پر نظر ہے، پولیو ڈرامے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی ہے۔

  • فاٹا پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ، ٹیکسوں کی بوچھاڑ پر اظہار تشویش

    فاٹا پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ، ٹیکسوں کی بوچھاڑ پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سیفران میں فاٹا (کے پی میں ضم شدہ قبائلی علاقہ جات) پر اراکین کو بریفنگ دی گئی، جس میں فاٹا کے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سیفران کا تاج محمد آفریدی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، چیئرمین کمیٹی نے اجلاس میں یاد دلایا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحاتی عمل کے نام پر کچھ وعدے کیے تھے۔

    چیئرمین کمیٹی تاج آفریدی نے کہا کہ فاٹا والوں سے جو وعدے کیے گئے ان پر عمل درآمد حکومتی ذمہ داری ہے، فاٹا کے بے حال عوام پر ٹیکسوں کی بوچھاڑ کر دی گئی ہے۔

    اجلاس میں اراکین کو ایف بی آر اور ٹیسکو کی جانب سے فاٹا میں بجلی کے ٹیکس محصولات کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نے انضمام شدہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے 10 سالہ منصوبہ بندی کر لی

    اراکین کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کے نام پر 5 سال تک کوئی ٹیکس نہ لینے کا فیصلہ ہوا تھا، رکن کمیٹی اورنگ زیب اورکزئی نے کہا کہ فاٹا والوں سے بجلی پر ٹیکس وصولی نا انصافی ہے۔

    دوسری جانب ٹیسکو حکام نے بریفنگ میں کہا کہ فاٹا کے ذمے 2 ارب روپے کے واجبات ہیں، بجلی کے بل نہ ملنے تک آگے نہیں بڑھ سکتے۔

    دریں اثنا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک اور زرعی ترقیاتی بینک کے حکام کو طلب کر لیا۔

    یاد رہے کہ 17 اپریل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ضم شدہ قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا تھا، اور یہ کہا گیا تھا کہ حکومت نے خیبر پختون خوا میں ضم کیے گئے علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لیے 10 سالہ منصوبہ بندی کر لی ہے۔

  • کے پی اسمبلی میں اپوزیشن نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے دیے

    کے پی اسمبلی میں اپوزیشن نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے دیے

    پشاور: خیبر پختون خوا کی اسمبلی میں اپوزیشن نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے دیے، استعفے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے اسپیکر مشتاق غنی کو جمع کرا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترقیاتی فنڈز میں اپوزیشن کو نظر انداز کرنے پر اپوزیشن کے ارکان نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے دیے، جو اکرم درانی نے اسپیکر کو جمع کرا دیے۔

    کے پی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما اکرم درانی نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز میں اپوزیشن ارکان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس پر اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

    اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کمیٹیوں سے مستعفی ہونا حکومت کے لیے باعث شرم ہے، اب ہم وہ کردار ادا کریں گے کہ حکومت کے لیے اسمبلی چلانا مشکل ہو جائے گا۔

    حزب اختلاف کے رہنما نے کہا کہ حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن سے بھرا پڑا ہے، محکمہ تعلیم کا ایم ڈی خود کرپشن کا الزام لگا چکا ہے، حکمران کب تک لوگوں کو جھوٹے نعروں پر ورغلاتے رہیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل پیش

    اکرم درانی نے مزید کہا کہ حکومت بی آر ٹی منصوبے پر پارلیمانی کمیٹی سے پسپا ہو چکی ہے، بلین ٹری سونامی کی ادائیگیوں کی بھی ہم بائیو میٹرک تصدیق کرائیں گے۔

    دوسری طرف کے پی اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ اپوزیشن نے استعفوں میں جلد بازی کا مظاہرہ کیا، اپوزیشن کو شکایت حکومت سے ہے تو کمیٹیوں سے کیوں مستعفی ہوئے۔

    مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین کو منانے کی کوشش کروں گا، امید ہے اپوزیشن کی جانب سے استعفے واپس لیے جائیں گے۔

  • پشاور: انسداد پولیو مہم کو بد نام کرنے کی سازش بے نقاب، ویڈیو وائرل

    پشاور: انسداد پولیو مہم کو بد نام کرنے کی سازش بے نقاب، ویڈیو وائرل

    پشاور: انسداد پولیو مہم کو بد نام کرنے کی سازش بے نقاب ہو گئی، ویکسین کو ناقص ثابت کرنے کے لیے بچوں کو استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش بے نقاب ہو گئی، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈراما طشت از بام کر دیا۔

    ویکسین کو ناقص ثابت کرانے کے لیے بچوں کو استعمال کیا گیا، ایک شخص بچوں کو پولیو قطرے پینے کے بعد اسپتال میں بے ہوشی کی ایکٹنگ کرا رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈراما کراتا رہا، جب کہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عوام جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں: وزیرصحت کے پی

    خیال رہے کہ انسداد پولیو مہم سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے خیبر پختون خوا کے وزیر صحت پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ پروپیگنڈا ہے، اس طرح کی افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں۔

    وزیر صحت ہشام خان نے بتایا تھا کہ تمام بچے صحت مند ہیں، وہ خود متاثرہ بچوں سے اسپتال میں ملے اور ان کے والدین اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  شوکت یوسفزئی نے پولیو ویکسین کے خلاف تمام افواہوں کو سازش قرار دے دیا

    خیال رہے کہ پولیو ڈراپس کے ری ایکشن کا ڈراما سامنے آنے کے بعد مساجد میں اعلانات کیے گئے تھے کہ جن بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں وہ اسپتال پہنچ جائیں۔

    وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسف زئی نے بھی پولیو ویکسین کے حوالے سے جنم لینے والی تمام خبروں‌ کی تردید کرتے ہوئے انھیں‌ افواہ اور حکومت کے خلاف سازش ٹھہرایا تھا۔

  • حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے: سی سی پی او پشاور

    حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے: سی سی پی او پشاور

    پشاور: سی سی پی او پشاور نے کہا ہے کہ حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے، آپریشن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں حیات آباد آپریشن سے متعلق پولیس حکام نے پریس بریفنگ دی، سی سی پی او پشاور نے کہا کہ حیات آباد آپریشن کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ حیات آباد آپریشن میں ایک زخمی دہشت گرد پکڑا گیا ہے، یہاں سے ایک دہشت گرد گروہ نیٹ ورک چلا رہا تھا، اس گروہ سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    سی سی پی او کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کا رہائشی امجد 5 بار افغانستان جا چکا ہے، دہشت گرد امجد دبئی اور یونان بھی گیا جہاں سے ڈیپورٹ کیا گیا، وہ دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    سی سی پی او نے بتایا کہ حیات آباد واقعے میں ہائی کورٹ جج پر حملے میں استعمال ہتھیار کے شواہد بھی ملے، پہلے موٹرسائیکل بم دھماکا پھر مکان کو بارود سے اڑانے کا منصوبہ تھا، موٹر سائیکل میں بم اور مکان کے بیسمنٹ تک بارودی مواد نصب تھا۔

    پشاور پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے 60 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کرنا تھا، مکان سوات کے رہائشی کا تھا، جہاں سے لیپ ٹاپ، ڈرون اور سی ڈیز ملیں، سہولت کار نے جاوید آفریدی کے نام کا شناختی کارڈ استعمال کیا۔

    سی سی پی او پشاور نے کہا کہ پہلے جو افغانستان سے چھپ کر آتے تھے اب پاسپورٹ پر آ رہے ہیں۔

  • ملک میں صدارتی نظام کے لیے پارلیمنٹ با اختیار ہے: گورنر کے پی

    ملک میں صدارتی نظام کے لیے پارلیمنٹ با اختیار ہے: گورنر کے پی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے گورنر شاہ فرمان نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کے لیے پارلیمنٹ با اختیار ہے، تبدیلی کے لیے نئے مینڈیٹ یا نئی پارلیمنٹ کی ضرورت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی گورنر نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کے لیے پارلیمنٹ با اختیار ہے، آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت وزیر اعظم پارلیمنٹ سے نظام میں تبدیلی کے لیے ریفرنڈم کی تجویز دے سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پارلمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری پر عوامی ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، ملک میں موجودہ نظام تبدیل ہو یا نہیں فیصلے کا اختیار عوام کے پاس ہے۔

    شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ ملک میں سسٹم کون سا ہونا چاہیے اس کا فیصلہ عوام کرتے ہیں، فیڈریشن میں صدارتی نظام زیادہ کام یاب رہتا ہے، جس ملک میں ایک اسمبلی ہو وہاں پارلیمانی نظام اچھا ہے، امریکا میں فیڈریشن ہے اور آسٹریلیا میں ایک اسمبلی کا نظام ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صدرمملکت کوئٹہ پہنچ گئے، ہزارہ لواحقین سے ملاقات، اظہارِہمدردی

    گورنر کے پی نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے، غور کرنا چاہیے کہ پارلیمانی نظام سے کیا فائدہ ہوا، صدارتی نظام میں صدر کو کابینہ کے چناؤ کا اختیار ہوتا ہے، ذاتی رائے ہے صدارتی نظام میں سیاسی بلیک میلنگ ممکن نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے تحفظات ہوں تو آئینی تحفظ دینا ضروری ہے، آئین میں واضح ہے کہ ٹو تھرڈ میجارٹی ہے تو ترامیم لے آئیں، قوم فیصلہ کر لے تو آصف زرداری کیسے روکیں گے، انھوں نے برما میں آنگ سانگ سوچی کو میڈل پہنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام میں عوام براہ راست ایک شخص کو ووٹ دیں گے، پورا پاکستان سوچے گا کہ چیف ایگزیکٹو کس کو ہونا چاہیے، موجودہ صوبوں میں ایڈمنسٹریٹو یونٹس بنانا چاہیں تو الگ بات ہے، جس ملک میں پارلیمانی نظام کامیاب ہے وہاں صوبے نہیں ہوتے، صوبے کو صدارتی نظام میں بہت زیادہ خود مختاری ہوتی ہے، اور کابینہ صوبوں سے بھی منتخب کی جاسکتی ہے، صوبوں کو وسائل پر زیادہ کنٹرول ہوتا ہے۔

  • پشاور: دہشت گردوں کے مکان سے متعلق تفتیش میں پیش رفت، این او سی لینے والا گرفتار

    پشاور: دہشت گردوں کے مکان سے متعلق تفتیش میں پیش رفت، این او سی لینے والا گرفتار

    پشاور: حیات آباد میں دہشت گردوں نے جس مکان میں پناہ لی ہوئی تھی، اس سے متعلق تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مکان کا این او سی لینے والا گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور حیات آباد میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ مکان کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، مکان کا این او سی لینے والے خیبر کے رہائشی جاوید کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ذرائع سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ مذکورہ مکان سوات سے تعلق رکھنے والے عبد الناصر کی ملکیت ہے، نا معلوم افراد 3 ہفتے پہلے اس مکان میں منتقل ہوئے تھے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فارمیسی کا کاروبار کرنے والے کرایہ دار جاوید سے تفتیش کی جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہل کارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    خیال رہے کہ گزشتہ رات پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپا مارا، دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس سے اے ٹی ایس کمانڈو قمر عالم شہید ہو گئے۔

    پولیس اہل کاروں نے بہترین حکمت عملی اپنا کر دہشت گردوں کو عمارت کے ایک ہی حصے میں محصور کر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کو کلیئر کرنے کے بعد فیصلہ کن آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

    مکان سے نکالی ہوئی دہشت گردوں کی لاشیں تا حال شناخت نہیں کی جا سکی ہیں، تاہم لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

  • مردان کے گٹر کے پانی میں‌ پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    مردان کے گٹر کے پانی میں‌ پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    مردان: خیبر پختو ن خوا کے سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر 22 اپریل سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

    گزشتہ دن سینئر صوبائی وزیر کے پی کے محمد عاطف خان نے اپنے حجرے مردان ہاؤس میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر 22 اپریل سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

    افتتاح کے بعد سینئر وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم اپنے حجرے سے شروع کیے جانے کا مقصد یہ ہے کہ مردان میں گٹر کے پانی سے جو نمونے ٹیسٹ کیے ہیں ان میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قبائلی ضلع مہمند میں انسداد پولیو ورکر کو قتل کردیا گیا ، ایک ملزم گرفتار

    انھوں نے مردان میں 22 اپریل سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مردان میں 2014 کے بعد پولیو کا کوئی کیس نہیں لیکن ہمیں بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ گٹر کے پانی سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس مثبت آ رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ دس بیماریوں کے خلاف ضروری ٹیکہ جات کو بہتر بنایا جائے، اگر کہیں یہ دس بیماریوں کے ٹیکے نہیں لگائے جا رہے ہیں تو وہاں کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کے اسٹاف سے تعاون کریں۔

    یاد رہے کہ 8 اپریل کو خیبر پختون خوا کے قبائلی علاقے کے ضلع مہمند میں واجد نامی انسداد پولیو ورکر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

  • بی آر ٹی بس کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، کے پی حکومت نے نوٹس لے لیا

    بی آر ٹی بس کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، کے پی حکومت نے نوٹس لے لیا

    پشاور: خیبر پختون خوا کی حکومت نے گزشتہ روز بی آر ٹی بس کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والی خاتون کے حادثے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کی صوبائی حکومت نے بی آر ٹی بس حادثے میں جاں بحق خاتون کی موت کا نوٹس لے لیا، ڈپٹی کمشنر پشاور سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی گئی۔

    صوبائی حکومت نے سوگوار خاندان سے ہر ممکنہ تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بی آر ٹی بس کی ٹکر سے جاں بحق خاتون کی تدفین بھی آج پشاور کے علاقے تہکل میں کر دی گئی ہے۔

    مذکورہ خاتون پشاور فیز تھری چوک کے قریب بی آر ٹی بس کی ٹکر سے زخمی ہوئی تھیں جنھیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں ترجمان ایچ ایم ایچ کے مطابق وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ کے پی کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی

    وزیر اطلاعات کے پی نے بی آر ٹی روٹس پر چلنے والی بسوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیڈر روٹس پر زیادہ رش ہونے کی وجہ سے بسوں کی بائیں اطراف کے دروازے استعمال ہوں گے کیوں کہ ٹریفک بائیں جانب چلتی ہے جب کہ بی آر ٹی روٹ پر اسٹیشن پلیٹ فارمز دائیں جانب ہونے کی وجہ سے بسوں کی دائیں جانب کے دروازے استعمال ہوں گے۔

    آج وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے پشاور میٹرو بس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ بھی مسترد کر دی ہے۔