Tag: کے پی کی خبریں

  • پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ کے پی کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی

    پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ کے پی کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی

    پشاور: وزیرِ دفاع اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے پشاور میٹرو بس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کر دی، کہا انسپکشن ٹیم جو کہہ رہی ہے کہنے دیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت میں 25 فی صد اضافہ کہاں ہوا۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا کہ یہ رپورٹ کہاں سے آ گئی، پتا نہیں کیسے 25 فی صد اضافے کی بات کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پشاور میٹرو منصوبے میں نا اہلی اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے قوم کے اربوں روپے ضایع ہوئے اور منصوبے کی لاگت بڑھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور بی آر ٹی منصوبے میں تکنیکی غلطیاں، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی سفارش

    یاد رہے کہ پشاور بس ریپد ٹرانزٹ منصوبے میں تکنیکی غلطیوں کے انکشاف کے بعد وزیر اعلیٰ کو بھیجی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں منصوبے میں کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بی آر ٹی منصوبے کے نقشے اور تعمیراتی کام میں تکنیکی غلطیاں موجود ہیں، جلد بازی اور نا مناسب منصوبہ بندی سے منصوبہ مسائل کا شکار ہو گیا ہے، لاگت میں اضافہ بھی ڈیزائن کی تبدیلی سے ہوا۔

  • بی آر ٹی بسوں کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا ہو رہا ہے: وزیر اطلاعات کے پی

    بی آر ٹی بسوں کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا ہو رہا ہے: وزیر اطلاعات کے پی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ بی آر ٹی روٹس پر چلنے والی بسوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی روٹس پر چلنے والی بسوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈے کی تردید کر دی ہے۔

    شوکت علی یوسف زئی نے اس حوالے سے کہا کہ زو بسیں (12 میٹر لمبی) ہر لحاظ سے جدید ترین بسیں ہیں، ان بسوں میں دونوں اطراف پر دروازے بنائے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بسوں کے حوالے سے غلط اور بے بنیاد خبریں گردش کر رہی ہیں، زو بسیں بی آر ٹی روٹ کے ساتھ ساتھ باڑہ روڈ، کوہاٹ روڈ اور چارسدہ روڈ وغیرہ کے فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بی آر ٹی منصوبہ، جس نے غلطی کی اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے: پرویز خٹک

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیڈر روٹس پر زیادہ رش ہونے کی وجہ سے بسوں کی بائیں اطراف کے دروازے استعمال ہوں گے کیوں کہ ٹریفک بائیں جانب چلتی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی روٹ پر اسٹیشن پلیٹ فارمز دائیں جانب ہونے کی وجہ سے دائیں جانب کی دروازے استعمال ہوں گے۔

    دریں اثنا، آج پشاور فیز تھری چوک کے قریب بی آر ٹی بس کی ٹکر سے ایک خاتون زخمی ہوئیں جنھیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں ترجمان ایچ ایم ایچ کے مطابق خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی ہے۔

  • کے پی اسمبلی، پلاسٹک بیگز اور پلاسٹک بوتل پر پابندی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل

    کے پی اسمبلی، پلاسٹک بیگز اور پلاسٹک بوتل پر پابندی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل

    پشاور: خیبر پختون خوا اسمبلی نے پلاسٹک شاپنگ بیگز اور پانی کی پلاسٹک بوتل پر پابندی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی نے پلاسٹک کی تھیلیوں اور پلاسٹک کی بوتلوں پر پابندی کے سلسلے میں اہم قدم اٹھا لیا، اسمبلی نے اس سلسلے میں ایک پارلیمانی کمیٹی بنا دی۔

    وزیر بلدیات شہرام ترکئی پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی کریں گے، کمیٹی میں عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے ممبران شامل ہیں۔

    اسپیکر مشتاق غنی نے کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے، کمیٹی کا قیام ایم ایم اے کے رکن عنایت اللہ کے توجہ دلاﺅ نوٹس پر عمل میں لایا گیا ہے۔

    وزیر قانون سلطان محمد نے ایوان کو بتایا کہ پہلے بھی شاپنگ بیگز پر پابندی کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبرپختون خوا میں پلاسٹک شاپنگ بیگ پر پابندی عائد

    اسمبلی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سب سے پہلے شاپنگ بیگز پر پابندی سے متعلق ایشو زیر غور لایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے صوبہ بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    اس سلسلے میں تمام ڈی سیز کو دفعہ 144 لگانے کی ہدایت کردی گئی تھی، شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ قانون بن چکا ہے، اب عمل درآمد ہوگا، پابندی کا مقصد شہر کو صاف رکھنا ہے۔

  • کے پی اسمبلی: پنجاب میں مزدوروں کے تحفظ کے لیے قرارداد منظور

    کے پی اسمبلی: پنجاب میں مزدوروں کے تحفظ کے لیے قرارداد منظور

    پشاور: خیبر پختون خوا اسمبلی نے صوبہ پنجاب میں قوانین کی آڑ میں پختون مزدوروں کو بے جا تنگ کرنے کے خلاف قرارداد منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی نے پنجاب میں پختون مزدوروں کو بے جا تنگ کرنے کے خلاف قرارداد منظور کر لی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں رہایش ایکٹ کی آڑ میں پختون مزدوروں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔

    قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ یہ ظالمانہ رویہ تعصب کو فروغ دے رہا ہے اسے روکا جائے، اور ایک پارلیمانی کمیٹی قائم کر کے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا جائے۔

    دریں اثنا، کے پی اسمبلی نے شہری تعلیم کے سلسلے میں بھی ایک اہم قرارداد منظور کی، قرارداد کے مطابق اسکولوں میں سوک ایجوکیشن سمیت مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کے پی اسمبلی میں یوم خواتین پر عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    یہ قرارداد تحریک انصاف کی سمیرا شمس نے پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں سیکنڈری سطح پر سوک ایجوکیشن کو رائج کیا جائے۔

    اسمبلی اجلاس میں چارسدہ پیپر ملز کی زمین سے متعلق بھی بحث کی گئی، تحریک انصاف کے فضل شکور نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے لیے پیپر ملز کی زمین فروخت کی جا رہی ہے، شوگر مل کی مشینری نکال کر فروخت کر دی گئی ہے۔

    وزیر قانون سلطان محمد خان نے کہا کہ اس معاملے پر ہائی کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے، 2016 سے سپریم کورٹ میں کیس زیر التوا ہے۔

  • پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں تاریخی واک کا خواب پورا ہوا: جرمن سفیر

    پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں تاریخی واک کا خواب پورا ہوا: جرمن سفیر

    پشاور: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ ان کا خواب تھا کہ وہ پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں چہل قدمی کریں، اور یہ خواب پورا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا ہے کہ انھیں ایک بار وزیرِ اعظم عمران خان نے تجویز دی تھی کہ پشاور کے تاریخی پارک گور کھٹڑی کی سیر کروں، آج یہ خواب پورا ہو گیا ہے۔

    جرمن سفیر نے پشاور میں ایک خوب صورت فوڈ اسٹریٹ اور شان دار سیٹھی ہاؤس کا بھی نظارہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کے لیے یہ ایک پُر کشش جگہ ہے۔ انھوں ایک نان بائی جا کر اس سے گفتگو بھی کی۔

    اس سے قبل مارٹن کوبلر نے پشاور میں دونوں پیروں سے معذور افراد کے ایک مرکز کا بھی دورہ کیا، انھوں نے کہا کہ پیرا پلیجیک سینٹر پشاور میں یہ اپنے خصوصی صلاحتیوں کے حامل دوستوں سے ملنے کے لیے میرا آخری دورہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صنف اور نسل سے بالا تر ہر کوئی برابر ہے، یہ با صلاحیت اور محنت کرنے والے لوگ ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ مارٹن کوبلر نے معذور افراد کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔

    مارٹن کوبلر نے ایک اور تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انھیں پشتون کیپ اور چادر اوڑھائی گئی۔

  • پشاور بی آر ٹی منصوبہ: صوبائی انسپکشن ٹیم کو تاخیر کی انکوائری کا حکم

    پشاور بی آر ٹی منصوبہ: صوبائی انسپکشن ٹیم کو تاخیر کی انکوائری کا حکم

    پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں تاخیر پر صوبائی انسپکشن ٹیم کو منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کے پی محمود خان نے منصوبے سے متعلق کہا تھا کہ 23 مارچ کو منصوبے کی سافٹ اوپننگ کی جائے گی، اگر اس بار بھی اس کی کوئی اور تاریخ دی گئی تو پھر وہ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    توقعات کے مطابق بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح نہیں ہو سکا، جس پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے انھی رپورٹ پیش کی جائے، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بی آر ٹی پر تعمیراتی کام 23 مارچ کو ختم ہو جائے گا: شوکت یوسف زئی

    ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبہ غریب عوام کی سہولت اور فلاح کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

    وزیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا تھا کہ بی آر ٹی پر تعمیراتی کام 23 مارچ کو ختم ہو جائے گا، انھوں نے پشاور میٹرو کی لاگت سے متعلق دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی لاگت نہیں بڑھی ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو انھوں نے مشورہ دیا ہے کہ ابھی منصوبے کا افتتاح نہ کریں، کیوں کہ ہمارے پاس پور ی تعداد میں بسیں نہیں ہیں۔

  • کے پی اسمبلی میں یوم خواتین پر عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    کے پی اسمبلی میں یوم خواتین پر عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    پشاور: خیبر پختون خوا کی اسمبلی میں یوم خواتین پر نکالے جانے والے عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی نے یوم خواتین پر عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی، قرارداد حکومت اور اپوزیشن ارکان نے مشترکہ طور پر پیش کی تھی.

    قرارداد میں خواتین کے نعروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ خفیہ قوتیں ہمارے خاندانی نظام کو پاش پاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

    منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ سول سوسائٹی کے نام پر کچھ خواتین نے جو نعرے لگائے وہ قابل مذمت ہیں، خواتین مارچ کی آڑ میں فحاشی کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیل پڑھیں:  یوم خواتین:سینیٹ کا اجلاس آج کرشنا کماری کی سربراہی میں ہورہا ہے

    قرارداد میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت پس پردہ قوتوں کو سامنے لا کر ان کے خلاف کارروائی کرے۔

    یاد رہے کہ آٹھ مارچ کو یوم خواتین پر پاکستانی سینیٹ نے سینیٹر کرشنا کماری کو ایک دن کے لیے چیئر پرسن سینیٹ مقرر کر لیا تھا، پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے اس دن سینیٹ کی کارروائی چلائی۔

    یہ بھی پڑھیں:  عورت مارچ، وہ پوسٹر جو’وائرل‘ نہ ہوسکے

    عالمی یوم خواتین پر عورت مارچ سوشل میڈیا پر ایک متنازعہ موضوع بن گیا تھا، بالخصوص چند نہایت متنازع پوسٹرز کی وجہ سے عورت مارچ پر شدید تنقید کی گئی۔

  • مجھے چند ہزار کا اخباری نوکر کہہ کر پیپلز پارٹی ایکسپوز ہوگئی: وزیر اطلاعات کے پی

    مجھے چند ہزار کا اخباری نوکر کہہ کر پیپلز پارٹی ایکسپوز ہوگئی: وزیر اطلاعات کے پی

    پشاور: وزیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ انھیں چند ہزار کا اخباری نوکر کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی نے دراصل خود کو ایکسپوز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی نے پیپلز پارٹی کے الزامات پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے چند ہزار کا اخباری نوکر کہنے والی پیپلز پارٹی ایکسپوز ہو گئی ہے۔

    شوکت یوسف زئی نے کہا کہ مجھے اخباری کارکن ہونے پر فخر ہے، ہمیشہ محنت کی ہے، کرپشن سے پیسا نہیں بنایا۔

    کے پی کے وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی جائیداد صدیوں پرانی ہے، ان کا خاندان اور ان کی جائیداد کرسٹل کلیئر ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اخباری کارکن ہونے کا طعنہ افسوس ناک قرار دیا، کہا یہ ایسا عمل ہے جس سے اس کا اصل سامنے آ گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قائمہ کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی کی فوری بر طرفی کا مطالبہ کر دیا

    خیال رہے کہ کے پی وزیرِ اطلاعات کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر تواتر کے ساتھ تنقید سامنے آتی رہی ہے۔

    آغا سراج درانی کی گرفتاری پر بھی شوکت یوسف زئی نے کوئٹہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اس معاملے پر سندھ کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ اب کوئی پنجاب، سندھ، بلوچستان یا خیبر پختون خوا کارڈ نہیں چلے گا، کرپشن کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

  • بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں: وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری

    بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں: وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری

    مردان: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ دنیا کی نظریں سچ پر ہیں، اس لیے بھارت کو بھی اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے خیبر پختون خوا کے ضلع مردان میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بھی اب ہوش کے ناخن لے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی دھمکیوں پر وزیرِ اعظم عمران خان اصولی مؤقف دے چکے ہیں۔

    بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی سے متعلق ایک سوال پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن چاہتا ہے، کون کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔

    فواد چوہدری نے افغانستان میں امریکا کے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں کہا کہ امریکا بھی آخر کار اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بہتر ہوگا بھارتی آرمی چیف جنرل باجوہ کے وِژن کو فالو کریں: ڈی جی آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے آج بھارتی آرمی چیف کو مشورہ دیا ہے کہ ان کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے وژن کی تقلید کریں۔

    گزشتہ روز راولپنڈی میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بھارت کے لیے ہمارا پیغام واضح ہے، وہ جان لے، پاکستان بدل رہا ہے جنگ ہوئی تو فوجی ردِ عمل بھی مختلف ہوگا، بھارت پاک فوج کوکوئی بھی سرپرائز نہیں دے سکتا، سرپرائز ہم دیں گے۔

  • خیبر پختون خوا میں ٹور ازم پولیس کے قیام کا فیصلہ

    خیبر پختون خوا میں ٹور ازم پولیس کے قیام کا فیصلہ

    پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کی زیرِ صدارت صوبے میں سیاحت کے فروغ پر اجلاس میں ٹور ازم پولیس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ نے صوبے بھر میں بہ شمول ضم شدہ اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے لیے قانونی مسودے کی فوری تیاری کا حکم دے دیا۔

    [bs-quote quote=”سوات موٹر وے کی توسیع بھی موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ اعلیٰ کے پی”][/bs-quote]

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحتی مقامات پر تمام تعمیرات بلڈنگ کوڈ کے مطابق کی جائیں، سیاحت کا بہ طور صنعت مگر ماحول دوست فروغ حتمی ہدف ہے۔

    کے پی حکومت نے فیصلہ کیا کہ صوبے میں ٹور ازم پولیس قائم کی جائے گی، جس میں نوجوان رضا کاروں کو شامل کیا جائے گا، فیصلہ کیا گیا کہ ٹور ازم پولیس کے لیے بین الاقوامی سطح پر بہترین ماڈل اپنایا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے قانون سازی محکمہ جنگلات اور ٹور ازم سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے کی جائے گی، نیز مزید سیاحتی مقامات کی نشان دہی اور زمین کے حصول کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کے پی حکومت نے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردیں

    وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے موجودہ سڑکوں کی تعمیرِ نو اور جیپ ایبل ٹریکس کی بحالی کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیاحتی کشش رکھنے والے ایریگیشن ڈیمز کی سائیڈز کو سیاسی خطوط پر ترقی دی جائے گی اور سیاحوں کے لیے آسان رجسٹریشن متعارف کرائی جائے گی۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے ’خپل کور ولیج‘ نامی شیلٹر ہوم کا سوات میں سنگِ بنیاد رکھا۔” style=”style-8″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    یاد رہے کہ سوات موٹر وے کی توسیع بھی موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے، سوات میں موجود تمام سیاحتی مقامات تک رسائی آسان بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے ’خپل کور ولیج‘ نامی شیلٹر ہوم کا سوات میں سنگِ بنیاد رکھا، جسے پہلے ہی 5 کروڑ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، وزیرِ اعلی نے خپل کور کے لیے مزید 50 لاکھ انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کیا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ پہلے کبھی بھی غریب عوام کے لیے شیلٹر ہوم نہیں بنے، پشاور جیسے شیلٹر ہوم صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کواٹرز میں بنائے جائیں گے، خپل کور میں تعلیم، صحت، کھیل کود اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بہت جلد سیدو اسپتال کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا، جس کے لیے درکار ورکنگ فورس کی منظوری دی جا چکی ہے۔