Tag: کے پی کے

  • مانسہرہ: فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 3 ملزمان گرفتار

    مانسہرہ: فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 3 ملزمان گرفتار

    مانسہرہ: خیبر پختون خوا کے علاقے کولئی پالس میں فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے کوہستان کولئی پالس میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ 2 خواتین شدید زخمی ہو گئی تھیں، تاہم مقامی اسپتال میں دوران علاج ایک زخمی خاتون بھی دم توڑ گئیں۔

    مانسہرہ میں فائرنگ اور قتل کا یہ واقعہ گزشتہ روز ضلع کولئی پالس کوہستان کے علاقے مہرین میں پیش آیا تھا، پولیس نے قتل کی واردات میں نامزد 3 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، ڈی ایس پی پالس حبیب الرحمان خان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے پستول اور 7 ایم ایم رائفل برآمد کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مانسہرہ، گلگت اور کشمیر میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں موڈو، اس کا بیٹا اور بھتیجا شامل ہیں، موڈو نے بٹ گرام کے رہایشی شخص کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر کے دو پڑوسیوں سمیت اپنے ایک بھتیجے کو قتل کیا، زخمی عورتوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ملزم موڈو کی بیویاں ہیں، جن میں سے ایک آج دوران علاج جاں بحق ہو گئی۔

    کولئی پالس کی پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے، بتایا جاتا ہے کہ مرکزی ملزم موڈو کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

  • کے پی ترقیاتی منصوبے، مزید 10 ارب 56 کروڑ جاری

    کے پی ترقیاتی منصوبے، مزید 10 ارب 56 کروڑ جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید 10 ارب 56 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا گیا، کے پی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید دس ارب چھپن کروڑ روپے جاری کر دیے گئے۔

    کے پی حکومت کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق فنڈز نئی پالیسی کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جاری ترقیاتی اسکیم کے فنڈز دوسرے منصوبوں کو منتقل نہیں کیے جائیں گے، یہ فنڈز مختلف محکمہ جات کو جاری کیے گئے ہیں۔

    مجموعی طور پر پختون خوا حکومت نے 100 فی صد فنڈز 70 سے زائد پروجیکٹس کے لیے جاری کیے ہیں، بڑے منصوبوں کے لیے سالانہ بجٹ میں رقم مختص کی گئی تھی، تمام منصوبوں کے لیے 19 ارب جاری کیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ فنڈز کی بر وقت فراہمی صوبائی حکومت کے بہتر مالی انتظامی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کے پی نے تمام زیر تکمیل منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں، تاہم دیر کی پس ماندگی کو دیکھتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں رواں ترقیاتی پروگرام میں زیادہ اسکیمیں رکھی گئی ہیں-

    خیال رہے کہ سی اینڈ ڈبلیو، آب پاشی اور پبلک ہیلتھ کے لیے 9 ارب روپے ایک ہفتہ قبل جاری کیے گئے تھے جب کہ آج مزید 10 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ تعلیم، صحت، جنگلات، انرجی اینڈ پاور اور معدنیات سمیت تمام اہم شعبوں کے پراجیکٹس کو فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ اسپورٹس، سیاحت، امور نوجوانان اور بلدیات کے تمام فنڈز بھی ریلیز کر دیے گئے-

    70 بڑے منصوبوں کے لیے 10 بلین روپے کی منظوری خیبر پختون خوا کابینہ نے مختلف اجلاسوں میں دی تھی، محکمہ ریلیف کے لیے مختص تمام رقم 2004 ملین روپے جاری کیے گئے، محکمہ کھیل کے لیے تمام 500 ملین روپے بھی جاری کر دیے گئے، شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 4089 ملین بھی یکمشت جاری کیے گئے- رنگ روڈ، نیا جنرل بس اسٹینڈ، اپ لفٹ پروگرام اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کے تمام فنڈز بھی جاری کیے گئے-

    فنڈز کی ریلیز سے تمام زیر تکمیل منصوبے بروقت مکمل کیے جاسکیں گے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی مزید بہتری کے لیے بھی 300 ملین جاری کیے گئے ہیں-

  • سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عائشہ بی بی کا انتخاب درست قرار دے دیا

    سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عائشہ بی بی کا انتخاب درست قرار دے دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فاٹا سے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست پر عائشہ بی بی کا انتخاب درست قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے فاٹا سے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست پر جیتنے والی پی ٹی آئی کی امیدوار عائشہ بی بی کا انتخاب درست قرار دے دیا، مد مقابل امیدوار مہرین نے عائشہ بی بی کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

    عدالت کو دی جانے والے درخواست میں کہا گیا تھا کہ انتخاب کے وقت عائشہ بی بی کا نام الیکشن ڈیٹا بیس میں نہیں تھا، تاہم نمایندہ الیکشن کمیشن نے عدالت میں ریکارڈ پیش کر دیا، نمایندے نے عدالت کو بتایا کہ عائشہ بی بی 13 اگست کو مقامی الیکشن کمیشن کے دفتر میں رجسٹرڈ تھیں۔

    سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس میں کہا کہ فاٹا میں الیکشن ہوا، اس امر پر وہاں کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ الیکشن شیڈول ہونے سے قبل عائشہ بی بی رجسٹرڈ ہو چکی تھیں، اس لیے یہ عدالت عائشہ بی بی کا انتخاب درست قرار دے کر مہرین کی اپیل مسترد کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ اس کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں بننے والے 3 رکنی بینچ نے کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ میں بھی عائشہ بی بی کی خواتین کی مخصوص نشست پر نامزدگی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

    ضلع مہمند کی عائشہ بی بی خواتین کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، وہ ایم پی اے نوید احمد کی ہم شیرہ اور تعلیمی یافتہ گھریلو خاتون ہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آ گئے

    خیبر پختونخوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آ گئے

    پشاور: خیبر پختون خوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آ گئے، جن میں سے 3 کیسز کا تعلق لکی مروت جب کہ ایک کا تعلق ٹانک سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے میں نئے پولیو کیسز سامنے آنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لکی مروت اور ٹانک سے مزید چار نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں، ایمرجنسی آپریشن سیل کے حکام کا کہنا ہے کہ کے پی میں پولیو کیسز کی تعداد 72 ہو گئی ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری میں بھی 9 ماہ کے حسنین میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 14 ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 9‌8 ہو گئی ہے، یہ شرح 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پولیو سے پاک پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے، بل گیٹس

    گزشتہ ماہ بھی پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے تھے، جن میں سے 3 کیسز خیبر پختون خوا کے علاقے لکی مروت اور ایک کراچی سے تھا۔ لکی مروت میں ڈھائی سال کے ایک اور 2 ماہ کے 2 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ کراچی کے 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس سامنے آیا جس کا تعلق جمشید ٹاؤن سے تھا۔

    نومبر ہی کے مہینے میں وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کے موقع پر مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیئرمین اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے کہا تھا کہ پاکستان سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہماری اوّلین ترجیح ہے، پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔

  • پشتو شاعر ظہور عباس کا قتل، سیکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

    پشتو شاعر ظہور عباس کا قتل، سیکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

    لکی مروت: خیبر پختون خوا کے علاقے لکی مروت میں مشہور پشتو شاعر ظہور عباس شاہ افکار بخاری کو قتل کر دیا گیا، جس پر احتجاج کرتے ہوئے سیکڑوں مقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں ڈویژن کے ضلع لکی مروت میں پشتو شاعر ظہور عباس شاہ کے قتل پر سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا، مظاہرین نے ظہور عباس کی میت کارگل چوک پر رکھ کر انڈس ہائی وے بلاک کر دی۔

    ظہور عباس شاہ افکار بخاری گزشتہ روز نا معلوم نقاب پوش ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے، واقعے کے بعد ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ سٹی اسپتال لکی مروت منتقل کی گئی تھی، تاہم مظاہرین نے ان کی میت حاصل کر کے سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کیا۔

    احتجاج کے دوران ڈی پی او قاسم علی اور ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم مذاکرات کے لیے پہنچے، پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مظاہرین کے مذاکرات میں مطالبہ کیا گیا کہ افکار بخاری کے قاتلوں کا سراغ لگا کر فوری گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ پشتو شاعر کو گزشتہ روز ان کے حجرے میں گولیاں ماری گئی تھیں، جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تھی، پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔

  • خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    کراچی: خیبر پختون خوا سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی، ریلی کا آغاز 22 نومبر کو طور خم سے ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے سے شروع ہونے والی پرانی گاڑیوں کی دسویں سالانہ ریلی کراچی پہنچ گئی ہے، یہ ریلی اسلام آباد، لاہور، بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچی ہے، جہاں ریلی کے شرکا کا شان دار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ بھی موجود تھے۔

    ریلی میں حصہ لینے والی 1924 کی آسٹن گاڑی سب سے قدیم گاڑی رہی، ملک بھر سے ریلی میں ونٹیج گاڑیوں نے شرکت کی، جن میں ہمر، فراری، فورڈ تھنڈر برڈ، آسٹن منی، رولز رائس سلور، فورڈ مستانگ، ہمبر ہاک، مرسیڈیز، شیورلیٹ، ولیز جیپ، واکس ویگنز، پوگاٹ اور دیگر کلاسک کاریں شامل ہیں۔

    کراچی پہنچنے پر ریلی شرکا کا استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عالمی بنیاد پر یہ ریلی منعقد کی جائے گی، اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، عمران خان دنیا کو پاکستان دکھانا چاہتے ہیں، پاکستان کا چہرہ مثبت بنے گا تو ریونیو آئے گا۔

    اس موقع پر انھوں نے کرنٹ ایشوز پر بھی بات کی، گورنر سندھ نے کہا کہ ایک سبزی کی قیمت بڑھ جانے پر آپ حکومت کو مورد الزام نہیں ٹہرا سکتے، ایران سے ٹماٹر آ رہے ہیں، قیمت کم ہونا شروع ہو گئی ہے، سندھ میں آنے والے وقت میں گندم کی قلت ہو سکتی ہے، صوبائی حکومت کو دیکھنا چاہیے۔

  • سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے: محمود خان

    سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے: محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ کی جیت یقینی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام ممبران ایک پیج پر ہیں، ہم سب نے مل کر کام کرنا اور ساتھ چلنا ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق چلنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انشااللہ ہماری حکومت 5سال پورے کرکے دکھائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو سینیٹ میں عددی اکثریت حاصل ہے، سینٹ الیکشن میں جیت یقینی ہے، عمران خان کے وژن کے تحت ملک خوش حالی کی طرف بڑھ رہا ہے، موجودہ حکومت بڑے فیصلے لے رہی ہے۔

    خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پرانتخاب کے لیے پولنگ جاری

    خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ اور اپوزیشن کے فرزند علی خان آمنے سامنے ہیں۔

    خیبرپختونخواہ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ 145 اراکین صوبائی اسمبلی خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

  • زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق

    زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق

    نوشہرہ: تحصیل جہانگیرہ گلبہار میں زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے ایک علاقے میں چار بچے زہریلی بوٹی کھانے کے سبب جاں بحق ہو گئے، یہ واقعہ دو دن قبل پیش آیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والے بچوں میں نعمان، اسماعیل، سلیم اور نادیہ شامل ہیں، جب کہ دو بے ہوش بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بچوں نے کھیل کے دوران زہریلی بوٹی کھائی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    تازہ ترین:  7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی

    واقعے میں ایک بچہ موقع پر جب کہ دو بچے اگلے روز جان بحق ہوئے تھے، جب کہ 4 بچے تشویش ناک حالت میں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج تھے جن میں ایک بچی آج دم توڑ گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی۔

    دو بچے اب بھی خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ بچوں نے جو بوٹی کھائی تھی اسے مقامی طور پر پھلی کہا جاتا ہے، جاں بحق بچوں میں بہن بھائی بھی شامل ہیں، انھوں نے قبرستان میں کھیلتے ہوئے بوٹی کھائی۔

  • دیر بالا: گاڑی دریائے پنجکوڑہ میں جا گری، 6 افراد جاں بحق

    دیر بالا: گاڑی دریائے پنجکوڑہ میں جا گری، 6 افراد جاں بحق

    دیر بالا: خیبر پختون خوا کے علاقے دیر بالا میں دریائے پنجکوڑہ میں گاڑی دریا میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک گاڑی میں سوار افراد گالوم کوہستان سے باڈا جا رہی تھی کہ بریکوٹ کے پہاڑی مقام پر پنجکوڑہ دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں کار میں سوار چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔

    حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ جائے حادثہ پر اکھٹے ہو کر ریسکیو کا کام کرنے لگے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور کار کو دریا سے کھینچ کر نکالا۔

    معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی شرینگل سے باڈا جا رہی تھی، حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں دو بچے بھی شامل ہیں، لاشیں نکالی جانے کے بعد آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوہستان میں جیپ دریائے سندھ میں جاگری، 8 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 12 جولائی کو مانسہرہ، کوہستان میں جیپ دریائے سندھ میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، یہ واقعہ اپر کوہستان میں سیو سے داسو جاتے ہوئے پیش آیا تھا، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، اس حادثے کے وقت بھی پولیس اور انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر لاشیں نکالی تھیں۔

  • جسے اللہ رکھے: 2 سالہ بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی

    جسے اللہ رکھے: 2 سالہ بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی

    مانسہرہ: مشہور کہاوت ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چھکے، اس کہاوت کے مصداق خیبر پختون خوا کے ضلع مانسہرہ میں ایسا ہی ایک حیرت ناک واقعہ پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے دربند میں ایک بچی چار دن سے لاپتا تھی، بچی کی عمر دو سال ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو بہت تلاش کیا گیا لیکن وہ نہیں ملی۔

    مقامی پولیس کے مطابق علاقہ دربند میں 2 سال کی لا پتا بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی، کنوئیں سے بچی کے رونے کی آوازیں آنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی تھی جس پر دربند پولیس نے اہل علاقہ کی مدد سے بچی کو کنوئیں سے نکال لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچی کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، تین سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بچی معجزاتی طور پر چار دن کنوئیں میں زندہ رہی، دو سالہ معصوم بچی نے نوّے سے زائد گھنٹے اندھیرے کنوئیں میں بغیر کچھ کھائے پیے بھوک اور پیاس میں گزارے لیکن اللہ نے اسے زندہ رکھنا تھا، سو، اسے زندہ نکال لیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں لاہور سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس سے تین سال کا ایک بچہ شایان گر پڑا تھا، اس کی ماں نے بھی بے قرار ہو کر اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی تھی۔ معجزانہ طور پر بچہ بھی زندہ رہا اور ماں بھی، تاہم زخمی ہونے کے سبب انھیں فوراً اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔