Tag: کے پی کے

  • عبایا لازمی قراد دینے کا معاملہ، نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا ہے: شوکت یوسفزئی

    عبایا لازمی قراد دینے کا معاملہ، نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا ہے: شوکت یوسفزئی

    اسلام آباد: خیبر پختون خوا کی حکومت نے سرکاری درس گاہوں‌ میں عبایا لازمی قرار دینے کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم جاری کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے کے  وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اے آر  وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نےعبایالازمی قراردینےسےمتعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا.

    انھوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفیسرنےایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفیسرکا موقف ہے کہ والدین کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا.

    انھوں نے واضح‌ کیا کہ نوٹی فکیشن سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایت پرنوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے.

    وزیراطلاعات خیبرپختون خوا کے مطابق وزیر اعلیٰ کے فیصلے کے بعد متعلقہ اسکولوں کواعلامیہ واپس لینےکی ہدایت کردی ہے.

    خیال رہے کہ آج سہ پہر یہ خبر آئی تھی کہ خیبر پختون خوا کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے برقع، عبایا پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ طالبات کو ہراساں ہونے سے بچانے کے لیے محکمہ تعلیم نے نیا اقدام اٹھا لیا، سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے حجاب لازمی قرار دے دیا گیا۔

  • کے پی  کے کابینہ میں رد وبدل کا امکان، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو  اختیار دے دیا

    کے پی کے کابینہ میں رد وبدل کا امکان، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اختیار دے دیا

    پشاور: خیبرپختون خوا کابینہ اور انتظامیہ میں رد وبدل کا فیصلہ ہوا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو وزرا اور مشیروں کی برطرفی کا اختیار دے دیا.

    حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اہم اختیار سونپا ہے، آئندہ ہفتے چند  وزرا اور مشیروں کے قلم دان تبدیل کیے جاسکتے ہیں.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر  اعلیٰ محمود خان نے صوبائی انتظامیہ کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا.

    کئی محکموں کی سیکرٹریز اور اضلاع کے کمشنرز بھی تبدیل کر دیے جائیں گے، آئی جی خیبرپختون خوا کو تبدیل کیا جاسکتا ہے. وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے پولیس ایکٹ میں ترامیم کا بھی فیصلہ کر لیا ہے.

    مزید پڑھیں: پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان

    خیال رہے کہ 23 جولائی 2019 کو وزیر اعلیٰ کے پی کے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نظام کو ہرحال میں ٹھیک کریں چاہے سختی دکھانا پڑے۔

    تمام وزرا اور نمائندگان اپنے حلقوں کو ٹھیک کریں، تعلیم کے شعبے میں 6 سالوں سے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہے ہیں.

  • قبائلی اضلاع کے لیے پولیس فورس سے متعلق قانون سازی، کئی بل منظور، اپوزیشن کا احتجاج

    قبائلی اضلاع کے لیے پولیس فورس سے متعلق قانون سازی، کئی بل منظور، اپوزیشن کا احتجاج

    پشاور: خیبر پختون خوا اسمبلی میں قبائلی اضلاع کے لیے پولیس فورس سے متعلق قانون سازی کی گئی، کئی بل منظور کر لیے گئے، اپوزیشن کی جانب سے شور شرابا کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی میں خاصہ دار فورس بل منظور ہونے پر اپوزیشن کی جانب سے خوب ہنگامہ آرائی کی گئی، قبائلی اضلاع کے لیے پولیس فورس سے متعلق قانون سازی پر اپوزیشن نے شور شرابا کیا۔

    اپوزیشن کے شور شرابے میں متعدد بل منظور کر لیے گئے، خیبر پختون خوا کوڈ آف سول پروسیجر ترمیمی بل اور کوڈ آف کرمنل پروسیجر ترمیمی بل صوبائی اسمبلی میں منظور کیے گئے۔

    خیبر پختون خوا خاصہ دار فورس بل اور خیبر پختون خوا لیویز فورس بل بھی اسمبلی سے منظور ہو گئے۔

    اس دوران اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر احتجاج کیا، اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیں، ان کا کہنا تھا کہ ان بلوں میں کیا ہے؟ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    وزیر قانون خیبر پختون خوا سلطان محمد خان نے کہا کہ خاصہ دار اور لیوی فورس کی کمان پولیس کرے گی، ڈی آئی جی ضلعی، آئی جی صوبائی سربراہ ہوں گے، یونیفارم اور عہدے الگ لیکن کام پولیس والا ہی ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ ایکٹ میں اگر کوئی کمی ہو تو اپوزیشن ترمیم لائے، حکومت حمایت کرے گی۔

    قبل ازیں، اسمبلی سیشن کے دوران وزیر قانون موبائل پر بات کرتے پکڑے گئے، جس پر اسپیکر مشتاق غنی نے وزیر قانون سلطان محمد خان کا موبائل فون ضبط کر لیا۔

    وزیر قانون سے فون اسمبلی اسٹاف نے لیا، تاہم ان کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد موبائل فون واپس کر دیا گیا، اسپیکر نے وارننگ دی کہ آیندہ کوئی ممبر فون پر بات کرتے نظر نہ آئے۔

  • قبائلی اضلاع سمیت خیبر پختون خوا میں 12 روزہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم شروع

    قبائلی اضلاع سمیت خیبر پختون خوا میں 12 روزہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم شروع

    پشاور: خیبر پختون خوا میں قبائلی اضلاع سمیت 12 روزہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم شروع ہو گئی ہے، یہ مہم 22 ستمبر تک جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپینڈڈ پروگرام آف امونائزیشن (ای پی آئی) کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں بارہ روزہ حفاظتی ٹیکوں پر مبنی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کرم اور اورکزئی میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم 14 ستمبر سے شروع ہوگی، مہم میں تمام بچوں کو کور کرنے کی کوشش کریں گے، خصوصاً وہ بچے جو ٹیکوں سے محروم رہے یا جنھوں نے ٹیکوں کا کورس نہ کیا ہو۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم

    ای پی آئی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یونین کونسل کی سطح پر حجروں اور دیگر مقامات میں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے، والدین ویکسی نیشن کر کے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچائیں۔

    واضح رہے کہ 26 اگست سے خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم بھی چلائی گئی، حکام کا کہنا تھا کے پی کے میں رواں برس 44 پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  حفاظتی ٹیکہ جات، لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف

    وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پولیو ویکسین کے 2 قطرے موذی مرض سے بچاؤ کا واحد حل ہے، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلائیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ محکمہ صحت نے جون کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں لاہور کی کارکردگی ناقص نکل آئی ہے، معلوم ہوا کہ لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں پنجاب کے تمام اضلاع میں سب سے نچلے نمبر پر ہے۔

  • اسرائیل تسلیم کرنے والوں کو بحیرۂ عرب میں ڈبو دیں گے: علی محمد خان

    اسرائیل تسلیم کرنے والوں کو بحیرۂ عرب میں ڈبو دیں گے: علی محمد خان

    مردان : وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کو بحیرۂ عرب میں ڈبو دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے مردان میں پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل تسلیم کرنے والوں کو بحیرہ عرب میں ڈبو دیں گے۔

    علی محمد خان نے کہا کہ مودی اس خطے پر بد نما داغ ہے، ہم نے عہد کیا ہے کشمیر بنے گا پاکستان، وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں کشمیر کا مقدمہ لڑا، مودی کشمیر کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، دہلی کی خیر منائے۔

    وفاقی وزیر نے ملکی صورت حال پر بھی بات کی، کہا کہ نیب اور پولیس سمیت تمام ادارے کینسر زدہ ہیں، عمران خان اکیلے نظام کو درست نہیں کر سکتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  غزوہ ہند کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں، نشانیاں عیاں ہوچکی ہیں ، علی محمد خان

    اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ ڈیل کی خبروں پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، آصف زرداری سے ڈیل دولت کی واپسی پر ہو سکتی ہے، عمران خان کا عہد ہے قومی دولت کسی کو ہڑپ نہیں کرنے دیں گے۔

    واضح رہے کہ چند دن قبل وزیر مملکت نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارت حملہ کر چکا ہے اور ہم نے جواب دینا ہے، غزوہ ہند کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں، نشانیاں عیاں ہو چکی ہیں، ہم پوری طرح تیار ہیں، بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

  • افغان صدر کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعث تشویش ہے: اسفندیار ولی

    افغان صدر کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعث تشویش ہے: اسفندیار ولی

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعثِ تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی شیڈول کے مطابق آج دورہ امریکا پر جانے والے تھے تاہم انھوں نے دورہ منسوخ کر دیا، ادھر اے این پی کے صدر نے اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل تشویش کا باعث ہے۔

    اسفندیار ولی خان نے افغانستان میں امن معاہدے کے سلسلے میں کہا کہ فریقین کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی معاہدہ کام یاب نہیں ہو سکتا۔

    خیال رہے کہ صدر اشرف غنی آج ہفتے کو امریکی دورے پر روانہ ہونے والے تھے، یہ دورہ ایک ایسے وقت میں شیڈول کیا گیا تھا جب ملک میں طالبان اور امریکا کے درمیان جاری امن معاہدے سے متعلق شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک

    تاہم افغان میڈیا کے مطابق کابل میں گزشتہ روز ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد افغان صدر نے اپنے بیان میں امریکا طالبان مذاکرات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بے معنی ہیں، طالبان گروپ بدستور بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہا ہے، ایسے میں امن کی امید لگانا بے معنی ہے۔

    دریں اثنا، اے این پی سربراہ اسفندیار ولی نے کشمیر کے سلسلے میں کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والا تشدد بند کرائے۔

  • خیبر پختون خوا کا دارالحکومت پشاور اور چین کا شہر زازو جڑواں قرار

    خیبر پختون خوا کا دارالحکومت پشاور اور چین کا شہر زازو جڑواں قرار

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور اور چین کے شہر زازو کو جڑواں شہر قرار دے دیا گیا، دونوں شہر جڑواں قرار دینے سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت اور چینی حکام کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کے سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    مفاہمت کی یادداشت پر دستخط زازو شہر کے نائب میئر زو ڈونگائی اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے کیے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت میں اس کی تصدیق کی۔

    ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کے تحت دونوں شہروں کو جڑواں قرار دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں کےبہترنتائج سامنےآرہے ہیں، چینی نیوزپورٹل

    انھوں نے مزید کہا کہ زازو شہر کے سرمایہ کار پشاور میں سرمایہ کاری کریں گے، پشاور الیکٹرک کار اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں دارالحکومت معیشت اور تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی، ثقافت، تعلیم اور عوامی صحت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

    انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کے پی صوبہ زازو شہر کی ٹرانسپورٹ اور اقتصادی زونز کی تعمیر میں مہارتوں سے بھی مستفید ہوگا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل چینی نیوزپورٹل سینا نیوز کا کہنا تھا کہ پاکستانی معشیت میں بہتری کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی معاشی پالیسیوں کے بہتر نتایج سامنے آ رہے ہیں۔

  • قبائلی عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

    قبائلی عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، قبائلی پرامن تھے، ہیں اور رہیں گے، افواہوں کے باوجود قبائلی علاقوں میں وقت پر صاف وشفاف انتخابات کرائے گئے۔

    اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نومنتخب قبائلی اراکین کو مبارکباد دی۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ آج خیبرپختونخوا کے اسمبلی کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی محرومیوں کو دور کرنے میں نومنتخب اراکین کو اپنا کردارا ادا کرنا ہوگا، تمام سیاسی پارٹیوں، قبائلی عوام اراکین اسمبلی اور پاک فوج کا مشکور ہوں کہ قبائلی علاقوں کے انضمام میں حکومت کا ساتھ دیا۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپنے علاقوں کے محرومیوں سے نو منتخب اراکین بخوبی واقف ہے، قبائلی علاقوں کی محرومیوں کو دور کرنے کے لئے سیاست سے بالا تر ہوکر تمام ایم پی ایز کا ساتھ دیں گے۔

    جولوگ انضمام کے خلاف تھے پُرامن انتخابات ان کے منہ پرطمانچہ ہے، محمود خان

    ان کا مزید کہنا تھا کہ افواہوں کے باوجود قبائلی علاقوں میں وقت پر صاف وشفاف انتخابات کرائے ہیں، قبائلی عوام کو مایوس نہیں کروں گا، قبائلی عوام پرامن تھے، ہیں اور رہیں گے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ خیبرپختونخواہ میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 6، تحریک انصاف نے 5 اور جمعیت علمائے اسلام نے 3 نشستوں پرکامیابی حاصل کی۔

  • خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا

    خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا

    اسلام آباد: خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا، کے پی کے میں رواں برس 44 پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے کہا ہے کہ کل سے کے پی کے میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو رہا ہے۔

    بابر بن عطا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین کے 2 قطرے موذی مرض سے بچاؤ کا واحد حل ہے، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلائیں۔

    ادھر انسداد پولیو پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں پولیو وائرس کی صورت حال خطرناک ہے، کے پی سے پولیو کے 3 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں۔

    پروگرام کے مطابق نئے کیسز بنوں، وزیرستان اور ہنگو سے رپورٹ ہوئے، خیبر پختون خوا سے رواں برس 44 پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں، رواں برس رپورٹ ہوئے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 58 ہو گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بنوں: انسدادپولیومہم کا بائیکاٹ، تاجر تنظیمیوں‌ میں‌ دھڑے بندی

    انسداد پولیو پروگرام کے مطابق بنوں ڈویژن سے رواں برس 32 پولیو کیسز سامنے آئے، ادھر صوبہ سندھ میں حیدر آباد سے بھی رواں برس 2 پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    بابر بن عطا نے ملک سے پولیو کا خاتمہ نہ ہونے کا ذمہ دار والدین کو قرار دیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ پولیو ختم کرنے میں حائل والدین کی سوچ ہے، بے بنیاد پروپیگنڈے کر کے والدین کو شکوک و شبہات میں مبتلا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ بچوں کی ویکسی نیشن نہیں کراتے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بنوں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے تاجروں نے حکومت کی جانب سے عاید ہونے والے ٹیکسز کے خلاف احتجاج کا نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں حکومتی مداخلت سے احتجاج ختم کیا گیا۔

  • انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی، کامران آفریدی عہدے سے فارغ

    انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی، کامران آفریدی عہدے سے فارغ

    پشاور: انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی کے باعث ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر کامران آفریدی کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمۂ صحت کے ذرایع نے کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر کامران آفریدی عہدے سے فارغ کر دیے گئے ہیں۔

    ذرایع کے مطابق کامران آفریدی کو انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں خراب کار کردگی کی بنا پر ہٹایا گیا۔ ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کامران آفریری کو پولیو خاتمے میں عدم دل چسپی کی وجہ سے ہٹایا گیا۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں 8 مہینوں میں پولیو کیسز کی تعداد 8 سے 41 تک پہنچ گئی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے وزیر صحت اور پولیو فوکل پرسن کی سفارشات پر احکامات جاری کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخواہ سے 2 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم کو ای او سی کوآرڈینیٹر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 27 جون کو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا میں 5 نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں، اِنڈ پولیو پروگرام کے مطابق رواں سال کے پی کے میں اب تک 32 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    ملک بھر میں پولیو کا مرض سنگین صورت حال اختیار کر گیا ہے، پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہو چکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختون خواہ میں سامنے آئے۔