Tag: کے پی کے

  • بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے گڑھ کے پی کے میں جلسوں کا اعلان کر دیا

    بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے گڑھ کے پی کے میں جلسوں کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: اے پی سی کے بعد بلاول بھٹو حکومت کے خلاف میدان میں آگئے، سندھ، پنجاب کے بعد کے پی میں جلسے کرنے کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خیبرپختونخوا میں جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا.

    بلاول بھٹو کل چار سدہ میں جلسے سے خطاب کریں گے، اگلا پڑاؤ ڈی آئی خان ہوگا ، بلاول بھٹو 6 جولائی کو ڈی آئی خان میں بھرپورعوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے.

    شیڈول کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی 8 جولائی کو لوئردیرمیں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، 5 جولائی کو بلاول بھٹو پشاور پریس کلب کا دورہ کریں گے.

    مزید پڑھیں: پنجاب کے جیالے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

    خیال رہے کہ گزشتہ دونوں بلاول بھٹو زرداری نے گوجر خان میں جلسہ کیا تھا. اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، ملک کے عوام کو حقوق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جانتاہوں کہ پنجاب کہ جیالے مایوس ہیں، دو سال تک بھٹو کے بغیر پنجاب میں جدوجد کرنا آسان کام نہیں تھا، مگر بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں.

  • اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    پشاور: ہائی کورٹ نے تعلیمی نصاب کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس کی سماعت کی، عدالت نے قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ہائی کورٹ میں اسلامیات کی کتابوں میں قرآنی آیات کے غلط ترجمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جج نے کہا کہ قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کیا جائے۔

    عدالی حکم پر صوبائی سیکریٹری تعلیم عدالت کے رو بہ رو پیش ہوئے، جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔

    جسٹس قیصر رشید نے سیکریٹری تعلیم سے استفسار کیا کہ نئی نسل کے ذہنوں کو آپ آلودہ کر رہے ہیں، آپ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ کیوں نہ عدالت اس جرم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

    دریں اثنا، عدالت نے طلبہ کے پاس پہلے سے موجود اسلامیات کی کتابیں واپس لینے کا حکم بھی دے دیا، عدالت نے معاملے پر 10 جولائی کو وفاقی سیکریٹری تعلیم کو بھی طلب کر لیا۔

    قبل ازیں، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختون خوا حکومت نے چوتھی اور نویں جماعت کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ مار لکھا ہے، نصاب سے لوٹ مار کا لفظ نکالا جائے۔

    جسٹس قیصر رشید کا کہنا تھا کہ کہ آپ لوگ خود کو مسلمان کہتے ہیں اور نصاب میں الفاظ کا خیال تک نہیں رکھتے۔

  • پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو نان رجسٹرڈ موبائل بند کرنے سے روک دیا

    پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو نان رجسٹرڈ موبائل بند کرنے سے روک دیا

    پشاور: ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو رجسٹرڈ نہ ہونے والے موبائل بند کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے موبائل فون بندش کے خلاف کیس میں پی ٹی اے کو نان رجسٹرڈ موبائل بند کرنے سے روک دیا ہے، عدالت نے ٹیلی کمیونی کیشن ادارے کو مزید 3 ماہ نان رجسٹرڈ فون بند نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    ہائی کورٹ نے موبائل فون بندش کیس میں اپنے حکم میں کہا کہ تین مہینے تک موبائل فون بند نہ کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ نان رجسٹرڈ فون بندش کے خلاف موبائل ڈیلرز نے پشاور کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فون کی بندش، آل پاکستان موبائل فون ٹریڈرز کی شٹرڈاؤن ہڑتال

    واضح رہے کہ اپریل میں اسلام آباد میں بھی چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کمپنیز کی جانب سے غیر رجسٹرڈ موبائل کی بندش میں توسیع کا مطالبہ درست قرار دیتے ہوئے پی ٹی اے سے اس ضمن میں تحریری جواب طلب کر لیا تھا۔

    ادھر آل پاکستان موبائل فون ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فونز کی بندش کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج بھی کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز کا معاشی قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، بڑی کمپنیوں کے مفادات کی خاطر عام ڈیلرز کو بے روزگار کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔

  • کے پی کے بجٹ 2019: قبائلی اضلاع، اقلیتوں اور پشاور کے لیے خصوصی پیکیج

    کے پی کے بجٹ 2019: قبائلی اضلاع، اقلیتوں اور پشاور کے لیے خصوصی پیکیج

    پشاور: وزیر اطلاعات کے پی کے، شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواکے بجٹ میں اقلیتوں کے لئے خصوصی حصہ رکھا گیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. شوکت یوسفزئی نے کہا کہ 4 ہزارمساجد کو ہم سولر سسٹم پرلے کر جائیں گے.

    وزیر اطلاعات کے پی کے نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے لئے بھی بجٹ میں خصوصی گرانٹ رکھی گئی ہے، خیبر پختونخوا میں اس سال ایک ہزارکھیلوں کے میدان بنیں گے.

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بہترین اورمتوازن بجٹ پیش کیا گیا، اپوزیشن کو بجٹ سننا چاہیے تھا، اپوزیشن نےعوام کےاعتماد کو نقصان پہنچایا ہے.

    مزید پڑھیں: حکومت اپنے اتحادیوں سے مل کر بجٹ منظور کرائے گی، فردوس عاشق اعوان

    پشاورصوبے کا دل ہے، اس کے لئے زبردست پیکج رکھا گیا ہے، انصاف ہیلتھ کارڈ صوبے میں ہر خاندان کو ملے گا، ہراسپتال میں ادویات موجود ہوں گی، مفت علاج کے لئے 82 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں.

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ماضی میں ٹیکس بڑھائے گئے، لیکن وصولی نہیں کی گئی، صوبے میں 15 سے 20 سال دہشت گردی رہی ہے، جس کی وجہ سے سسٹم کو نقصان پہنچا.

  • پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی

    پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی

    پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی، کے پی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کر لیا گیا، اجلاس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور حکومت نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنا بجٹ کل پیش کرے گی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے بجٹ میں 235 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق پشاور اور ہنگو میں وزیر اعظم سستا گھر اسکیم کا اجرا بڑے منصوبوں میں شامل ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 235 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی، اس پروگرام میں 80 ارب روپے سے زائد غیر ملکی امداد اور قرضہ شامل ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی پی 962 جاری اور 394 نئے منصوبوں پر مشتمل ہے، اے ڈی پی میں صوبائی حصہ 105 ارب روپے سے زائد ہے۔

    کم از کم اجرت 17500 روپے مقرر کرنے، گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فی صد اضافے اور گریڈ 17 سے 19 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فی صد اضافے کی تجویز ہے۔

    تعلیم کے شعبے کے لیے 162 ارب مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ بجٹ میں صحت کے لیے 52 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    دستاویز کے مطابق پولیس کے لیے 45 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے، مقامی حکومتوں کے لیے 45 ارب سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی، بلین ٹری سونامی منصوبے کے لیے 1 ارب 80 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    ضلع کرم میں میڈیکل کالج، شمالی وزیرستان میں ٹل، میر علی روڈ کی تعمیر بجٹ کا حصہ ہیں، قبائلی اضلاع میں پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔

    سالانہ ترقیاتی پروگرام میں گرین وزیرستان اور گرین باجوڑ منصوبہ بھی شامل ہے، قبائلی اضلاع میں یونی ورسٹی، کالجز کے قیام کے منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہیں۔

    مدارس قومی دھارے میں لانے، مساجد، قبرستانوں اور جنازہ گاہ کے لیے 300 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، پہلی بار مدارس کے طلبہ کے لیے تمام شعبوں میں ٹیکنیکل تعلیم دینے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • پشاور 20 ہزار، ہنگو 9 ہزار، سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کرنے کی منظوری

    پشاور 20 ہزار، ہنگو 9 ہزار، سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کرنے کی منظوری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور، ہنگو اور سوات کے اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں گھروں کی تعمیراتی اسکیم کی منظوری دے دی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں محمود خان کی زیر صدارت ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تعمیراتی اسکیم کے تحت پشاور میں 20 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے، جب کہ ضلع ہنگو میں 9 ہزار، اور ضلع سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے اسکیم کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم کی عوام کے لیے ہم دردی اور ان کے وژن کا عکاس ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ 2019 -2020: تحریک انصاف نے 7 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا

    محمود خان نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ اسکیم کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت اور اس کی فزیبلٹی رپورٹ 20 دنوں میں مکمل کی جائے۔

    کے پی کے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں سے 10 دن میں سوات اور ہنگو کی اسکیموں کا بھی حتمی پروپوزل طلب کر لیا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ محمود خان نے کوہاٹ میں ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سالانہ بجٹ میں بتایا گیا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی، اسلام آباد میں 25 ہزار ہاؤسنگ یونٹس کا افتتاح کر دیا ہے۔

    بجٹ تقریر میں کہا گیا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام سے 28 صنعتوں کو فائدہ ہوگا، پروگرام کے لیے کراچی، کوئٹہ اور فیصل آباد میں زمین حاصل کر لی گئی ہے۔

  • گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں عید پر انڈے لڑانا بھی ایک شوق اور تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے جس میں بچے اور بڑے سب ہی حصہ لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرخیبر پختون خوا شاہ فرمان بھی پشتونوں کے روایتی کھیل عید پر انڈے لڑانے کے شوقین نکل آئے ہیں۔

    شاہ فرمان اپنے شکار کے شوق کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور ان کے قریبی دوست انھیں ایک اچھا شکاری سمجھتے ہیں، اس عید پر وہ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    تاہم گورنر کے پی انڈے لڑانے کے کھیل میں شکار میں مہارت کی طرح مہارت کا مظاہرہ نہ کر سکے، انھوں نے ایک اناڑی کی طرح ایک بچے سے پانچ انڈے ہار دیے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گورنر شاہ فرمان اپنے آبائی علاقے بڈھ بیر پشاور میں عید کے دوسرے روز سڑک کے کنارے ایک بچے کے ساتھ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ’ہوم گراؤنڈ‘ اور ’ہوم کراؤڈ‘ کے باوجود گورنر کے پی بچے سے پانچ انڈے ہار گئے۔

    گورنر کے پی انڈے لڑانے سے قبل ایک ایک انڈے کی سختی جانچنے کے لیے اسے اپنے دانتوں کے ساتھ ٹکراتے بھی رہے لیکن وہ ایک بھی انڈا نہ جیت سکے۔

    واضح رہے کہ انڈا لڑانے کے کھیل میں ابلے انڈوں کے سرے ایک دوسرے سے ٹکرائے جاتے ہیں، جس کا انڈا ٹوٹ جاتا ہے وہ انڈا ہار جاتا ہے، جب کہ انڈے کے سرے کی سختی جانچنے کے لیے اسے دانتوں پر ہلکا مار کر دیکھا جاتا ہے، لیکن کھیل کا ماہر نہ ہو تو انڈے کی سختی جانچنے میں غلطی ہو سکتی ہے۔

    انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں بھی ہوتا ہے، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عید کے مواقع پر جو میلے لگتے ہیں ان میں انڈے لڑائے جاتے ہیں، یہ کھیل خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں اور حتیٰ کہ کراچی کی پختون اور بلوچ آبادیوں میں بھی عید پر کھیلا جاتا ہے۔

  • صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں مشہور پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ کو 5 روز گزر گئے لیکن تا حال یہ آپ بجھائی نہیں جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں کڑہ مار پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی، ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فی صد قابو پا لیا گیا ہے، جلد مکمل قابو پالیں گے۔

    گاؤں کالو خان میں مشہور پہاڑی کڑہ مار (کوڑیالہ سانپ) پر لگنے والی آگ سے بڑی تعداد میں درختوں اور جانوروں کا نقصان ہو چکا ہے، یہ پہاڑی رومانوی جوڑی یوسف خان شیر بانو کے مزار کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق پہاڑی کے ایک جانب آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، پہاڑی کی دوسری جانب آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ 52 اہل کار، 5 فائر وہیکلز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، مقامی افراد، محکمہ جنگلات کے 100 اہل کار بھی امدادی کاررائیوں میں مصروف ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا میں کنڈل ڈیم صوابی میں کشتی ڈوب گئی تھی جس کے باعث تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ 35 افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

  • خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے بد عنوانی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ماہ میں کرپٹ عناصر سے 5 کروڑ وصول کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں اینٹی کرپشن کا محکمہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران متحرک رہا، جنوری سے اب تک 15 ایف آئی آر درج جب کہ 36 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    کرپٹ عناصر سے 5 ماہ میں 5 کروڑ روپے وصول کیے گئے، اس عرصے میں 3 افراد پر جرم ثابت ہوا جنھیں سزائیں سنائی گئیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 27 کیس، 356 انکوائریاں اور 1052 شکایات نمٹائی گئیں، جب کہ 98 کیسز، 1634 انکوائریاں اور 1879 شکایات زیر تفتیش ہیں۔

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ شکایات 504 محکمہ مال کے خلاف ہیں، دوسرے نمبر پر 311 شکایات محکمہ آب پاشی، 159 شکایات سی اینڈ بلیو کے خلاف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

    حکام نے مزید بتایا کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد 547 شکایات اینٹی کرپشن کے حوالے کیے گئے، 146 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی جب کہ 401 پر کارروائی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے۔

  • 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختونخواہ کرے گا

    33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختونخواہ کرے گا

    پشاور: 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختون خواہ کرے گا، قومی کھیل 21 سے 27 اکتوبر تک پشاور میں ہوں منعقد ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں 8 سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد ہو رہا ہے، 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختون خواہ کرے گا، یہ 21 سے 27 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

    کے پی کے سینئر وزیر عاطف خان نے اس سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیلوں سے صوبے کا ایک مثبت تشخص سامنے آئے گا۔

    انھوں نے کہا کہ قومی کھیلوں کے انعقاد پر17 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، ان کھیلوں سے صوبے میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

    سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان شریک ہوں گے، جب کہ اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی شرکت کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا: نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد

    اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے کہا کہ میں وزیر اعلی کے پی کا شکر گزار ہوں، امید ہے بہتر کھیلوں کا انعقاد ہو گا، قومی کھیلوں کے اس ایونٹ میں 22 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

    عارف حسن نے بتایا کہ ایونٹ میں 9 ہزار کھلاڑی اور حکام شرکت کریں گے، یہ کھیل مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے، افغانستان سے بھی نمائندہ وفد کھیلوں میں شرکت کرے گا۔

    دریں اثنا، اجلاس میں کے پی میں سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز لگانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا، یہ کیمپنگ پاڈز گبین جبہ، گولن گول، بیاڑی، اناکڑ اور الائی میں لگائے جائیں گے۔ سینئر وزیر نے تمام کیمپنگ پاڈز عید سے پہلے پہلے لگانے اور تمام سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کیے۔

    اجلاس میں ٹور ازم پولیس کی تعیناتی سمیت سیاحتی مقامات پر بس سروس کے حوالے سے بھی غور ہوا، سینئر وزیر نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورت حال ہر حال میں یقینی بنانا ہوگی-