پشاور: خیبر پختون خوا میں آئل ریفائنری لگانے کے لیے پاکستانی نجی پاور کمپنی اور چائنا کی دو کمپنیوں کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں جلد آئل ریفائنری لگائی جائے گی جس کے بعد فیلکن آئل ریفائنری سے یومیہ ایک لاکھ بیرل تیل حاصل ہوسکے گا، اس ضمن میں آئل ریفائنری لگانے کے لیے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
یہ معاہدہ چین کی جی ای ڈی آئی کمپنی اور سی ای سی کمپنی کے ساتھ طے پایا ہے۔
پاکستانی کمپنی اور چینی کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور بین لاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے گا۔
آئل ریفائنری کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایک سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ آئل کی ترسیل کے لیے 300 کلو میٹر کی پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔
ایبٹ آباد: پنجاب اور خیبر پختون خوا کے کچھ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق آج دوپہر کو سوات، مینگورہ، مانسہرہ، بٹ گرام اور ایبٹ آباد سمیت گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ویڈیو دیکھیں:
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کاغان کے قریب 13 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
جھٹکے محسوس ہونے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد علاقوں میں لوگ کچھ دیر کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے نتیجے میں ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
چیچہ وطنی : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے وہ خیبر پختونخواہ جاکر وہاں کی سڑکیں دیکھ لیں، ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو کیااور2018 میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیچہ وطنی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں چیچہ وطنی کو موٹروے سے ملانے ،شہر کے لئے 25کروڑ کی گرانٹ، شہر کی سڑکوں کے لئے 25کروڑ، حلقہ 162کی بجلی کے لئے 10کروڑ، چیچہ وطنی کے ٹینکیکل کالج اور ووکیشنل ٹرینگ انسٹیوٹ کو اپ گریڈکرنے ،ڈگری کالج فار بوائز کے لئے ایم اے کی کلاسز کا اجراء، طالبات کے لئے بھی ایم اے کلاسز کا اجراء، ، حلقہ163, 162کے لئے سوئی گیس کی فراہمی کے اعلانات بھی کئے۔
جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چیچہ وطنی اور یہاں کے لوگوں سے میرا پرانا تعلق ہے، میں آج محبت کا رشتہ مزید مضبوط کرنے آیا ہوں اور میں محبت کے اس رشتے کو ہمیشہ نبھاؤں گا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روز نت نئے بیانات اورالزام لگانے والوں کو پاکستان کے کلچرکا پتہ ہی نہیں ہے، الزام لگانے والے نہیں جانتے کہ احترام اور پیار کا رشتہ کیا ہوتا ہے، پاکستان میں بڑوں کا احترام اور بچوں سے پیار کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آپ کو بھی حساب دینا ہوگا، ہم بھی پانچ سال بعد اپنا حساب دیں گے، اللہ نے آپ کو صوبہ دیا ہے، لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب میں ترقی ہورہی ہے، پنجاب میں میٹرو چل رہی ہے، بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں اسکول، اسپتال، سٹرکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، نیا پاکستان دیکھنا ہے تو پشاور دیکھیں، خوشحالی دیکھنی ہے تو باقی سارا پاکستان دیکھیں،سڑکیں صرف پنجاب میں نہیں بن رہی ہیں، جو دھرنے دینے آتے ہیں ان کے صوبے میں بھی ہم سٹرکیں بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1800روپے میں ملنے والی کھاد آج 1400میں دستیاب ہے، 4ہزار والی ڈی اے پی اب 2500روپے میں ملتی ہے، ٹیوب ویل کافی یونٹ 5روپے 25پیسے کا ہوگیا ہے، ہم سے بھی عوام پانچ سال کے بعد پوچھیں گے۔
آج سٹرکیں بن رہی ہیں، موٹروے آپکے قریب سے گزررہا ہے۔ موٹروے آپ کو ڈیڑھ گھنٹے میں لاہور پہنچائے گی، چیچہ وطنی سے کراچی کا سفر 7سے 8گھنٹے کا رہ جائے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ میں خالی ہاتھ نہیں آیا، یہاں دھرنے،جھوٹ بولنے،الزام تراشی کیلئے نہیں آیا،الٹی سیدھی زبان بولنے نہیں آپ کی خدمت کے لئے آیا ہوں۔
نوازشریف نے بتایا کہ قادرآباد میں بجلی کا بہت بڑا کارخارنہ لگ رہا ہے، جس کا افتتاح اسی ماہ ہوگا، اس کے علاوہ ملک میں بجلی کے لئے درجنوں کارخانے لگ رہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جوعذاب چھوڑ کرگئے ہیں ہم اسےختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے چلی جائے گی پھر واپس نہیں آئے گی، آپ کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔
وزئؤیر اعظم نے چیچہ وطنی کی عوام سے کہا کہ ہم آپ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کرتے ہیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے چیچہ وطنی کے لئے گیس فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس منصوبے کی بنیاد رکھنے دوبارہ آپ کے پاس آؤں گا۔
مردان: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوکریاں دینا پیپلز پارٹی کا منشور ہے، اقتدار میں آکر ایسا نظام لائیں گے کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ تنخواہیں بھی خود بہ خود بڑھ جائیں،میں نے کیسا پاکستان چھوڑا تھا، اور کیسا ہوگیا ہے، نوجوانوں کا قائد بلاول ہے عمران خان جیسا بوڑھا نہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین آصف علی زرداری نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون بھائیوں سے آج پہلی ملاقات تھی اور یہ سلسلہ اب برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیربھٹو نے کہا تھا کہ وہ سوات میں خود پاکستان کا پرچم لہرائیں گی لیکن اس پاداش میں بے نظیربھٹو شہید ہوگئیں اور ان کے بعد ہم نے پاکستان کا پرچم سوات میں لہرایا اور دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے امن لے کر آئے۔
نوجوانوں کا قائد بلاول ہے کوئی 70 سالہ شخص نہیں
انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کپتان خود کو پٹھان کہلواتا ہے حالانکہ پٹھان ہونے کے لیے پہلے پختون زبان آنی چاہیے اور پختون شجرہ نسب ہونا چاہیے لیکن اسے تو نہ کوئی جانتا ہے نہ اس کا کوئی اتا پتا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ خود کو نوجوان کہنے والا کپتان مجھ سے بھی چارسال بڑا ہے اور نوجوانوں کا قائد ہونے کا دعویٰ کرتا ہے جب کہ نوجوانوں کا قائد صرف اور صرف بلاول بھٹو ہو سکتا ہے کوئی 70 سال کا بوڑھا شخص نہیں۔
کیا میاں صاحب اپنی جیب سے پیسے دیتے ہیں؟
انہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب سندھ جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ جیب بھر کر لایا ہوں، کیا میاں صاحب صوبوں کو فنڈز اپنی جیب سے پیسے دیتے ہیں؟ ایک ایک سٹرک کا کئی کئی بار ٹھیکہ دیا جاتا ہے یہ کیسے حکمران ہیں جو چھیننا جانتے ہیں لیکن لوگوں کو دینا نہیں جانتے۔
پاناماکیس کے فیصلے کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ کیسا فیصلہ ہوا ہے کہ دونوں مٹھائی کھا رہے ہیں لگتا ہے کہ دونوں کو سمجھ نہیں آئی کہ کیا ہوا ہے جب کہ ججوں نے میاں صاحب کو کہہ دیا ہے کہ گو نواز گو اس لیے اب بہت جلد نواز شریف کو جانا پڑے گا۔
سی پیک پیپلز پارٹی کا منصوبہ ہے
انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو اپنی حکومت کی سب سے اہم کامیابی گردانتے ہوئے کہا کہ اپنے دور صدارت میں اس پروجیکٹ کے لیے بہت محنت کی اور کئی بار چین کا دورہ کیا لیکن جب اس کا آغاز ہوا تو سی پیک ہم سے چوری کر لیا گیا اور میاں صاحب کریڈٹ لینے لگے لیکن اب ہم سی پیک کو واپس حاصل کریں گے۔
فاٹا کا کے پی کے میں انضمام کریں گے
آصف زرداری نے کہا کہ پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے والے قوم کے مجرم ہیں جس کے لیے ہرطرف سے آواز آرہی ہیں کہ شناختی کارڈ بلاک کیے جارہے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں خیبر پختونخوا کو شناخت دی اور یہ بات پختون اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم سے پہلے کبھی کسی نے پختونوں کو شناخت نہیں دی اور ہم ہی فاٹا کا کے پی کے میں انضمام کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیربھٹو کا خواب تھا کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کیا جائے اس لیے محترمہ کا خواب ضرور پورا کریں گے اور فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرکے یہاں تمام بھائی مل کر رہیں گے۔
اسلام آباد : خیبر پختونخواہ حکومت اپنے صوبے سے گزرنے والی پاک چین اقتصادی راہداری کی مغربی گذرگاہ پر بھی مشرقی گذرگاہ جیسے منصوبے اور سہولیات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، منصوبے کے تحت پاکستان کا بلند ترین پولو گراؤنڈ اور گرم چشمے پر جدید ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ہزارہ ڈویژن میں صنعتی ، تجا رتی، معا شی ور سیا حتی ترقی کے مواقع کا جائزہ لینے کے لئے ایبٹ آباد میں ڈپٹی کمشنر کپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر کی زیر صدارت سی پیک کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ خیبر پختو نخوا حکو مت صو بے سے گزرنے والے سی پیک کے مغر بی رو ٹ پر بھی مشر قی رو ٹ کے مسا وی سہولیات و منصو بے حا صل کر نے اور گلگت سے چترا ل تک ایک نیا رو ڈ سی پیک میں شا مل کر وا نے میں کا میا ب ہو گئی۔
کانفرنس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہزارہ میں پیدا ہو نے والے تر قی کے مواقع کا تفصیلی جا ئزہ لینے کے علا وہ ان مواقع سے فا ئدہ اٹھا نے کی را ہ میں حا ئل رکاوٹو ں کی نشا ندہی بھی کی اور سدباب کے لیے راست اقدام اٹھانے کی ضرورت پر ذور دیا گیا۔
اس منصوبے کے تحت بلند ترین مقام پر واقع پولو گراؤنڈ کو بھی سی پیک میں شامل کیا گیا ہے جبکہ گرم چشمہ کے مقام پر جدید سہولیات سے آراستہ بین الاقوامی طرز پر ہوٹل تعمیر کیا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ایک پولو گراؤنڈ، ایڈوینچر کلب بھی تعمیر کیا جائے گا جس پر 1 کروڑ 20 ارب روپے کی لاگت آئی گی، ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد حکومت کو سالانہ 38 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ کانفرنس میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک، صوبائی حکومت کے نمائندگان، انڈسٹری ایسو سی ایشن ایبٹ آباد کے صدر حا جی محمد افتخار اور جنرل ریٹائرڈ ایاز رانا نے بھی شرکت کی۔
لاہور : پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہر زلزلے کےجھٹکوں سے لرز اٹھے، شدت 4.2ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں جھنگ، کالاباغ، میانوالی، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت چار اعشاریہ دو 4.2 اور گہرائی 58 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم زلزلے کا مرکز نور پورتھل سے19کلو میٹر دور شمال مغرب میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر کھلے مقامات پرنکل آئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنا شروع کردیا، تاہم اس سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پشاور : وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں چین کے تعاون سے بہت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ جبکہ پرویز خٹک نے کام نہ کرنے والے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان نمائندوں کا محاسبہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں چین کے دورے پر جانے والے وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے صوبے کے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی، ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پشاور تا کراچی فاسٹ ٹریک ڈبل لائن ریلوے بنائی جائے گی اوردیا میر بھاشا ڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتا یا کہ سی پیک منصوبے کے تحت پشاور تا ڈی آئی خان ڈبل ٹریک ہائی وے تعمیر کیا جائے گا، کوہاٹ کو جھنڈ کے ذریعے مغربی روٹ سے منسلک کیا جائے گا ،گلگت تا حویلیاں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ ڈبل روڈ اور فائبر آپٹک بچھائی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہتار انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی اس کے علاوہ خیبر پختواہ کو گلگت ،چترال ،دیر اور چکدرہ سے ملانے والا متبادل روڈ تعمیر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہارکیا ہے اورکہا ہے کہ اگر منتخب نمائندے کام کرنے کے اہل نہیں تو ان کامحاسبہ کریں۔
پشاورمیں گلونہ پخورصفائی مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پروزیراعلیٰ نے صفائی کی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اس موقع پرگفتگو میں وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کواربوں روپے کے فنڈز کے باوجود صفائی کی ناقص صورت حال کی شکایات مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرمنتخب نمائندے کام نہیں کرتے توعوام ان سے پوچھنے کاحق رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھرمیں عوام کامعیار زندگی بہتربنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے کی تجاویز پر سب کا اتفاق ہے لیکن ابھی وہاں آباد کاری کے کام ہونے ہیں
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام فاٹا میں یکساں قانون کی ضرورت ہے، فاٹا کے عوام چاہتے ہیں کہ اپنے رواج کے مطابق کام کریں اس کے لیے ہم نے رواج ایکٹ بنایا ہے۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ دو ہفتے میں کابینہ میں اس ضمن میں سفارشات پیش کردی جائیں تاکہ کام شروع ہوجائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فاٹا میں مزید 20 ہزار لیوی اہلکاروں کی ضرورت ہے تاکہ پولیس کا نظام مکمل ہو، لوکل باڈی کے قیام کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں اگر 2018 میں انہیں نمائندگی کا حق نہ ملا تو 2023ء میں بہت دیر ہو جائے گی۔
دریں اثنا قومی اسمبلی کا اجلاس کل ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی شہر زلزلے سے لرز اٹھے۔ جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا رود کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم خوش قسمتی سے زلزلے کی وجہ سے کسی قسم کی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
جن شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں راولپنڈی ،سرگودھا،چنیوٹ ،پھالیہ،پنڈی بھٹیاں ،بھلوال اور کالا باغ شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پشاور ،مردان،،سوات ،مالاکنڈ، لوئردئیر ،مہمند ایجنسی ،شانگلہ ،چلاس کوہستان ،مانسہرہ ،بالاکوٹ اور بٹگرام میں بھی زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو پریشان کیا۔
زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی ایک سو ستاون کلومیٹر اور اس کا مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والی رابطہ سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم جاری کردیا۔
اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والی رابطہ سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم جاری کردیا۔ یہ حکم وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جاری کیا جس کے تحت کے پی کے سے پنجاب آنے کے لیے بند کیے گئے تمام راستے کھول دیے جائیں گے۔
اطلاعات ہیں کہ راستے بند ہونے پر وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے انتہائی برہمی کااظہار کیا تھا جس کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا۔
قبل ازیں پرویز خٹک نے راستے بند کرنے کا معائنہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اگر ہمارے صوبے کا راستہ بند کیا گیا تو وزیراعظم نواز شریف کے لیے اس صوبے کا راستہ بند کردیں گے اور دیکھیں گے کہ وہ کیسےاس صوبے میں داخل ہوتے ہیں۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے اس بیان پر راستے کھولنے کاحکم دے دیا مگر یہ الزام بھی عائد کیا کہ یہاں سے مسلح دستے پنجاب آنا چاہتے ہیں۔