Tag: کے پی کے

  • خیبرپختونخوا: کرونا صورت حال کی وجہ سے محصولات کی مد میں کمی

    خیبرپختونخوا: کرونا صورت حال کی وجہ سے محصولات کی مد میں کمی

    پشاور: خیبرپختونخوا میں کروناوائرس کی صورت حال کے نتیجے میں محصولات کی مد میں کمی ریکارڈ کی گئی، صوبائی حکومت کو محصولات کی مد میں 15ارب کی کمی کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ کرونا اور لاک ڈاؤن کے باعث محصولات کا حصول متاثر ہے، محصولات کی وصولی کے ادارے مقررہ اہداف حاصل نہ کرسکے، رواں بجٹ میں نان ٹیکسز اور ٹیکسز مد میں50ارب وصولی کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جبکہ حکومت کو 33ارب روپے وصول ہوئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی سے 20ارب روپے آمدن متوقع تھی، محکمے نے 15 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کیے، بورڈ آف ریونیو اور محکمہ ایکسائز سے 10 ارب روپے آمدن متوقع تھی، جبکہ ایکسائز 3.6ارب روپے میں سے 2.3ارب روپے ٹیکس وصول کرسکا۔

    کورونا وائرس ، ملکی معیشت کو رواں سال 2500ارب کا نقصان

    اسی طرح 20محکموں سے نان ٹیکس مد میں10ارب روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا تھا، مختلف محکمے نان ٹیکس مد میں 50فیصد آمدن حاصل کرسکے، ہوٹلز، شادی ہالز، بڑےکاروباری مراکز کی بندش سے محصولات میں کمی آئی۔

    خیال رہے کہ ایک اعداد وشمار کے مطابق کرونا کے باعث ملکی معیشت کو رواں سال 2500ارب کا نقصان اٹھانا پڑا اور حجم 440کھرب سے سکڑ کر415کھرب تک رہ گیا ہے۔

  • شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    شانگلہ: خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں ایک ماہ کے دوران دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کے پی کے میں یونین کونسل رانیال کا واحد رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، پل ٹوٹنے سے ایک گاڑی بھی دریا میں گر گئی، تاہم اس کے ڈرائیور کو بچا لیا گیا۔

    پل ٹوٹنے سے 50 ہزار آبادی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔ نیوز رپورٹس کے مطابق لکڑی کا پرانا اور بوسیدہ پل گاڑی کا وزن برداشت نہ کر سکا تھا اور ٹوٹ گیا، یہ پل اس سے پہلے بھی ٹوٹ چکا ہے۔

    ادھر 2 مئی کو شانگلہ چکیسر کے یو سی سرکول کے علاقے ولیج کونسل جٹکول کو تورغر سے ملانے والا واحد ذریعہ، دریائے سندھ پر تعمیر پُل رات کو آنے والے طوفان کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا جس سے 10 ہزار کی آبادی رکھنے والا ولیج کونسل جٹکول کا زمینی رابطہ مکمل منقطع ہو گیا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حادثے سے 2 ماہ قبل ایک سروے کے دوران اس پل کو مکمل ناکارہ قرار دے کر نئے سرے سے بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ ویلج کونسل رانیال کا واحد پُل گزشتہ برس بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل ایک بار پھر بھاری گاڑی کا لوڈ برداشت نہ کرتے ہوئے ٹوٹ گیا تھا۔

  • قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت کی تیاریاں

    قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت کی تیاریاں

    پشاور: خیبر پختونخواحکومت نے قومی رابطہ کمیٹی سے پہلے اہم اجلاس آج طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرصدارت میں ہوگا، اجلاس میں وزیر صحت تیمور جھگڑا اور چیف سیکرٹری بھی شامل ہوں گے۔

    اہم بیٹھک میں لاک ڈاؤن سفارشات اور طبی سازوسامان کی صورت حال پر بات چیت ہوگی، اجلاس میں مرتب کردہ تمام تر سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی اور سفارشات کو قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

    ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں سختی یا مزید نرمی سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا، اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے حکمت عملی تیارکرلی ہے۔

    لاک ڈاؤن میں سختی یا مزید نرمی سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا

    سندھ اور بلوچستان لاک ڈاؤن میں نرمی کیخلاف اور پابندیاں مزید سخت کرنے کے حامی جبکہ دیگر دو صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اجلاس میں تجاویز پیش کریں گے اور قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

    جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کیا حکمت عملی اپناتی ہے اس سے متعلق فیصلہ آج ہوجائے گا۔

  • سو سے زائد مریضوں کو اسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہل کار کرونا سے متاثر

    سو سے زائد مریضوں کو اسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہل کار کرونا سے متاثر

    مردان: خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں کرونا وائرس سے متاثرہ 100 سے زائد مریضوں کو اسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہل کار کرونا وائرس کا شکار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہل کار ارشاد خان دوسرے مریضوں کو اسپتال پہنچاتے پہنچاتے خود بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، ارشاد خان نے یو سی منگا سے ایک رات میں 56 مریضوں کو اسپتال منتقل کیا تھا۔

    ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کے طور پر خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن سولجر ارشاد خان کو مردان کے میڈیکل کمپلیکس کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج رکھا گیا ہے، خیبر پختون خوا کے سیکریٹری ریلیف عابد مجید نے ریسکیو جاں باز ارشاد خان کو سلام بھی پیش کیا، انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ارشاد خان کو علاج کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

    ڈائریکٹر ریسکیو 1122 خطیر احمد کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں جوانوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے، ریسکیو کے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انھوں نے ارشاد خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی خیریت بھی دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    چیف سیکریٹری کے پی کی جانب سے ریسکیو اہل کار ارشاد خان کو پھولوں اور پھلوں کا تحفہ بھی پہنچایا گیا۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 8,080 ہو گئی ہے، جن میں سے 5,143 مریض زیر علاج ہیں، اور 408 مریض اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 2529 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • کروناوائرس کی روک تھام، خیبرپختونخوا حکومت کے اہم اقدامات

    کروناوائرس کی روک تھام، خیبرپختونخوا حکومت کے اہم اقدامات

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں کروناوائرس کی روک تھام کے یے اقدامات تیز کردیے گئے، خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں ٹیسٹنگ استعداد کار 40 سے بڑھا کر 700کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور سیدوٹیچنگ اسپتال میں ٹیسٹنگ شروع کی جاچکی ہے، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جلد کروناٹیسٹ شروع ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں میں بھی کرونا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ ہوں گے، میڈل ایسٹ سے آئے 189 مسافروں میں ایک کا ٹیسٹ مثبت آیا، 16مسافروں کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو ہفتے میں 2 دن مرحلہ وار لایا جائے گا، ہفتہ اور منگل کو 500،500 پاکستانیوں کو لایا جارہا ہے، صوبے میں ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی

    دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرونا کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ ایبٹ آباد کا متاثرہ مریض برطانیہ سے واپس آیا تھا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

  • صوبائی حکومت کا لاک ڈاؤن میں پھنسے کان کنوں کو گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ

    صوبائی حکومت کا لاک ڈاؤن میں پھنسے کان کنوں کو گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کروناوائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں پھنسے کان کنوں کو اپنے گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا، اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ بحالی و آباد کاری خیبر پختونخوا نے اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو جاری کیا گیا ہے، شانگلہ کےکان کنوں کی گھروں میں واپسی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کان کنوں کی واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ میں رعایت دے دی گئی، مزدوروں کو گھروں کی واپسی کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں، مزدوروں کو لانے والی گاڑیوں کو سینیٹائزر سے دھویا جائے گا۔

    ‘لاک ڈاؤن بڑھانے کا فیصلہ 14اپریل کے بعد کیا جائے گا’

    اعلامیہ کے مطابق مزدوروں کی روانگی سے قبل ان کی اسکریننگ کی جائے گی، اپنے اضلاع پہنچنے پر ان مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کے حوا لے کیا جائے گا، یہ مسافر اپنے گھروں میں قائم قرنطینہ مراکز میں وقت گزاریں گے۔

    کان کنوں روانگی کے وقت مسافروں کو ماسک، پینےکا پانی اور خوراک فراہم کی جائے گی۔

  • انسداد کرونا اقدامات: سب سے زیادہ پختونخوا میں عوام مطمئن

    انسداد کرونا اقدامات: سب سے زیادہ پختونخوا میں عوام مطمئن

    پشاور: انسداد کرونا اقدامات کے سلسلے میں پاکستان بھر میں صوبہ خیبر پختون خوا کے عوام نے سب سے زیادہ اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گیلپ نے انسداد کرونا پر ایک سروے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان میں کے پی وہ صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ لوگوں نے صوبائی اقدامات سے اتفاق ظاہر کیا۔

    سروے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ پختون خوا حکومت کی انسداد کرونا اقدامات کی عوام میں زبردست پذیرائی ہو رہی ہے، اور صوبائی حکومت کے پی کے کرونا سے متعلق حفاظتی اقدامات اور انتظامات کرنے میں سب سے آگے ہے۔

    سروے کے مطابق خیبر پختون خوا کے 90 فی صد عوام نے کہا ہے کہ کرونا کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ان کی صوبائی حکومت کے اقدامات سے وہ متفق ہیں۔ دوسرے نمبر پر سندھ کے 79 فی صد عوام نے صوبائی اقدامات سے اتفاق کا اظہار کیا ہے، پنجاب میں 78 فی صد عوام اپنی حکومت سے مطمئن ہیں، جب کہ بلوچستان میں 45 فی صد عوام نے اطمینان ظاہر کیا۔

    خیبر پختون خوا میں حکومتی اقدامات سے صرف 7 فی صد لوگوں نے عدم اتفاق کیا ہے، جب کہ 3 فی صد لوگوں نے اتفاق کیا نہ ہی عدم اتفاق، سروے میں 30 سال سے کم عمر اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو شامل کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ حکومتی اقدامات پر عوام کے بھرپور اعتماد نے ہمیں مزید حوصلہ دیا ہے، ہم عوام کے تعاون سے اس مشکل صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹ لیں گے، عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

  • خیبر پختونخوا: 1 لاکھ خاندانوں کے لیے 1 ارب سے زائد کا پیکج

    خیبر پختونخوا: 1 لاکھ خاندانوں کے لیے 1 ارب سے زائد کا پیکج

    پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا میں 1 لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے مالی امداد پر مشتمل 1 ارب روپے سے زائد کا پیکج منظور کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا کے باعث پیدا ہونے والی مشکل صورت حال میں عوام کی مدد کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے مستحق افراد کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے بڑا پیکج منظور کر لیا۔

    آج وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان کی زیر صدارت محکمہ زکوٰة اور سماجی بہبود کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبر پختون خوا کے ایک لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے مالی امداد کا خصوصی پیکج منظور کیا گیا، پیکج کے تحت فی خاندان 12 ہزار روپے دیے جائیں گے، یہ پیکج 1 ارب 20 کروڑ روپے پر مشتمل ہے۔

    پیکج کے تحت یہ رقوم 6،6 ہزار روپے کی 2 اقساط میں دی جائیں گی، رقوم ڈسٹرکٹ زکوٰة کونسلز اور مقامی زکوٰة کمیٹیوں کے ذریعے دی جائیں گی، خیال رہے کہ یہ پیکج صوبائی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت دیے جانے والے ریلیف سے الگ ہے۔

    کے پی حکومت کے مطابق 29 ہزار خاندان پہلے سے رجسٹرڈ ہیں، باقی مستحق خاندانوں کی نشان دہی پر جلد کام شروع ہوگا، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے پی نے ہدایت جاری کی ہے کہ امداد کی تقسیم بغیر کسی تاخیر کے شروع کی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ اس بات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحق لوگوں کو ملے، لاک ڈاؤن کیے گئے علاقوں میں لوگوں کو فوڈ پیکج دینے پر بھی کام کیا جا رہا ہے، محمود خان نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں لوگوں کی تکالیف کا بھر پور احساس ہے، لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • سوات میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا

    سوات میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا

    سوات: خیبر پختون خوا کے ضلع سوات میں سیدو اسپتال میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلع سوات میں کرونا وائرس سے ایک اور مریض انتقال کر گیا، جس کے بعد ضلعے میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

    ترجمان سیدو اسپتال نے کرونا وائرس سے 75 سالہ مریض فضل ربی کی موت کی تصدیق کر دی، یاد رہے کہ 3 اپریل کو بھی سیدو شریف اسپتال میں کرونا وائرس کا ایک مریض انتقال کر گیا تھا۔

    آج سیدو شریف اسپتال میں انتقال کرنے والے مریض کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے یونین کونسل سے تھا۔ میت کو کرونا پروٹوکول کے مطابق غسل دے کر حفاظتی اقدامات کے ساتھ آبائی گاؤں بھیجا جائے گا۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 372 ہو چکی ہے، 15 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ 30 مریض صحت یاب ہوئے۔

    دریں اثنا، کے پی حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ غریب خاندانوں کے لیے پیکج کا اعلان کر دیا ہے، اس پروگرام کے تحت مزدور طبقہ 3 ہزار روپے آیندہ 4 ماہ تک وصول کرے گا۔ پروگرام کے لیے چیف سیکریٹری گریڈ 20 کا افسر فوکل پرسن تعینات کرے گا، ہر ڈویژن کا کمشنر گریڈ 18 کا افسر پروگرام کے لیے بہ طور فوکل پرسن تعینات کرے گا۔

    کیش وصولی کے لیے احساس پروگرام کے مقامات کے چناؤ پر بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، یو سی سطح پر اسکول، کالج، ٹاؤن ہال اور دیگر عوامی مقامات پر مراکز قائم کیے جائیں گے، جن کے قیام کے لیے متعلقہ عملے کو دفعہ 144 میں رعایت دی جائے گی، کیش وصولی کے موقع پر سماجی دوری پر مبنی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

  • کرونا وائرس؛ ہدایات کی خلاف ورزی پر قید وجرمانے کی سزا

    کرونا وائرس؛ ہدایات کی خلاف ورزی پر قید وجرمانے کی سزا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق کرونا وائرس سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کو ایک سال قید و جرمانے کی سزا ہوگی، حکومت کی جانب سے مراسلے میں کیا گیا ہے کہ جرمانے میں اضافہ وقید 2 سال تک قابل توسیع ہوگی۔

    صوبائی حکومت نے مراسلے میں کہا کہ این ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت کار سرکارمیں مداخلت پر افسران کو کارروائی کا اختیار ہوگا۔ مراسلے کے مطابق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر جہاں ضروری سمجھیں نوٹس جاری کریں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔

    واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 195 ہوگئی ہے۔