Tag: کے پی کے

  • خیبر پختونخوا: بیمار معمر ملازمین کو 15 دن کی چھٹی، کرونا مریضوں کو مفت راشن کا اعلان

    خیبر پختونخوا: بیمار معمر ملازمین کو 15 دن کی چھٹی، کرونا مریضوں کو مفت راشن کا اعلان

    پشاور: خیبر پختون خوا میں 50 سال سے زائد عمر کے سنگین بیمار ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری طرف صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر صحت، چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے سنگین بیمار ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دی جائے گی، ضلع خیبر لیوی سینٹر شاہ کس میں 150 بستروں کا علیحدہ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

    اجلاس میں انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ طورخم سے واپس آنے والے مشتبہ کیسز کو مذکورہ سینٹر منتقل کیا جائے، اجلاس میں اہم، ضروری بھرتیوں کے علاوہ تمام بھرتیوں کی منسوخی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی

    دوسری طرف محکمہ ریلیف خیبر پختون خوا کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا ہے، راشن وائرس سے متاثرہ مریض کے اہل خانہ کو دیا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق مفت راشن انھیں دیا جائے گا جو سرکاری قرنطینہ میں ہیں، یہ راشن 20 کلو آٹا، 10 کلو چاول، 10 کلو چینی،5 کلو دال، دودھ وغیرہ پر مشتمل ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے ہیلتھ منسٹر تیمور جھگڑا نے صوبے میں پہلے 15 کیسز کی تصدیق کی ہے، تیمور جھگڑا نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ تفتان سے کے پی پہنچنے والے 19 افراد میں سے 15 میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ان مریضوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ عمارت میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

  • خیبرپختونخوا پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    خیبرپختونخوا پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    بنوں: خیبرپختونخوا پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے صوبے کو دہشت گردی کے بڑے منصوبے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر بنوں میں پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا۔ پولیس نے لنک روڈ سے بارودی مواد سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا، موٹر سائیکل میں 4کلوبارودی مواد اور پرائماکارڈ نصب کیے گئے تھے۔

    متعلقہ اداروں نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    گجرات میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے اور تفتیش بھی شروع کردی ہے۔ یہ جاننے کی کوشش جاری ہے کہ موٹر سائیکل یہاں کس نے رکھی اور کیا مقاصد تھے۔

    متعلقہ اداروں نے جلد ملزمان کی گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کےلیے بند کرنے کا اعلان

    خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کےلیے بند کرنے کا اعلان

    پشاور : کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا اور امتحانات بھی ملتوی کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی زیرصدارت خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں 15 دن کے لیے یونیورسٹیوں ، کالجوں اور اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے 30مئی تک بند رہیں گے اور امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے، ، صوبائی کابینہ نے سرکاری تقاریب پر بھی پابندی لگادی جبکہ کے پی میں ہونے والے تمام فیسٹولزکوملتوی کردیا۔

    ذرائع کے مطابق کے پی کے تمام ہاسٹلزکو بھی خالی کرایاجارہاہے اور 50 سے زائد لوگوں کے اکھٹا ہونے پر بھی پابندی لگادی ہے۔

    بعد ازاں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیاہے، وائرس کے حوالے سے اہم فیصلے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس:‌ سندھ کے تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان

    تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹیز 15دن کیلئے بند کررہے ہیں، پبلک اور پرائیویٹ تمام ہوسٹلز بھی بند ہوں گے جبکہ بورڈز امتحانات فی الحال ملتوی کردیئے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا سیمنارز، کلچر ایونٹس سمیت دیگر پبلک ایونٹس ملتوی کردیئے ، عوام سےالتجا ہےشادیوں ودیگر ایونٹس میں جانےسے گریز کریں اور جیلوں میں ملاقاتیوں پربھی فی الحال پابندی عائد کررہے ہیں۔

    یاد رہے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سندھ میں تیس مئی تک تعلیمی ادارے بند اور میٹرک کےامتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں، چھٹیوں کا اطلاق اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں پر ہوگا۔

  • سی ایم ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا قابل افسوس ہے: اجمل وزیر

    سی ایم ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا قابل افسوس ہے: اجمل وزیر

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے پی میں پشتو گلوکارہ کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے عمل کو قابل افسوس قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اجمل وزیر نے پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی ٹک ٹاک ویڈیو پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سستی شہرت کے لیے اس طرح کی ویڈیوز بنائی جاتی ہیں، یہ قابل افسوس ہے، سی ایم ہاؤس کے لان میں نجی ٹی وی نے پروگرام کی اجازت لی تھی۔

    مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بنائی گئی ویڈیو کو متنازعہ بنا کر پیش کرنا پیشہ ورانہ خیانت ہے، صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ ہاٶس کو پبلک پراپرٹی سمجھتے ہوئے اس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشروط سرگرمیوں کی اجازت دی تھی۔

    پشتو گلوکارہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

    ان کا کہنا تھا کہ سی ایم ہاؤس کے اندر نجی چینل کے نئے پشتو چینل کی لانچنگ کا پروگرام تھا، وزیر اعلیٰ خود یہاں مقیم نہیں ہیں، پروگرام میں بہت سے اداکاروں نے لائیو پرفارمنس کی ہے، ہال میں پریس کانفرنس ہوتی ہے، دیگر پروگرام بھی ہوتے ہیں۔

    اجمل وزیر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لان سے پیوست ہال شریک فن کار اپنی تیاری کے لیے استعمال کر رہے تھے، کسی ایک فن کار کا ہال میں تیاری کے موقع پر ویڈیو کو بہ طور اسکینڈل پیش کرنا غیر اخلاقی ہے۔ سیاحت و ثقافت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو متنازعہ نہ بنایا جائے، پشتو چینل کی لانچنگ کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے لان کو استعمال کرنے کی اجازت لی گئی تھی، تقریب میں حکومتی شخصیات، سینئر صحافیوں، فن کاروں اور سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ شریک ہوئے.

  • وزیر اعظم عمران خان آج پشاور اور ضلع مہمند کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج پشاور اور ضلع مہمند کا دورہ کریں گے

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان آج پشاور اور ضلع مہمند کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے اور احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم خیبر پختون خوا میں احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، یہ پروگرام ابتدائی طور پر 4 اضلاع میں شروع کیا جائے گا، لکی مروت، مہمند، ہری پور اور چار سدہ میں احساس کفالت پروگرام کا آغاز آج ہوگا۔ اس پروگرام سے غریب اور متوسط طبقے کے خاندان مستفید ہوں گے۔

    وزیر اعظم دورہ پشاور کے موقع پر انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے، افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اعظم ضلع مہمند جائیں گے جہاں وہ احساس کفالت پروگرام کے تحت کارڈ تقسیم کریں گے، اور ایک جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔

    کے پی کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں میگا اسپورٹس ایونٹ آج سے شروع ہو رہا ہے، انڈر 21 گیمز کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، 35 اضلاع سے 7 ہزار سے زائد کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔

    دریں اثنا، قیوم اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور شہریوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، سرکاری ذرایع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے اطراف سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق، کے پی میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی

    دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق، کے پی میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے علاقے لوئر دیر میں خال بر کلے میں دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق جب کہ دو زخمی ہو گئے، کے پی میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 27 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں حالیہ با رشوں میں27 افراد جاں بحق، 58 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث 19 مکانات تباہ، جب کہ 150 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 23 بچے، 3 خواتین، ایک مرد شامل ہیں، پشاورمیں 2، مردان میں 7، صوابی میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، چارسدہ، خیبر اور نوشہرہ میں 2،2 بچے جاں بحق ہوئے، سوات میں 4، بونیر میں ایک بچہ جاں بحق ہوا۔

    آج لوئر دیر میں خال بر کلے میں دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق جب کہ دو زخمی ہو گئے، خستہ حال گھر کی دیوار بارش کے باعث متاثر ہوئی تھی، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبےسے زخمیوں کو نکالا۔ گزشتہ روز مردان کے علاقے گڑھی کپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہوئے تھے جب کہ ملبے تلے دبنے سے باپ اور بچہ زخمی ہوئے۔ مہمند میں پنڈیالی میں گھر کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق جب کہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔ بٹگرام میں شاہراہ ریشم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شنگلی پائیں کے مقام پر بند ہو چکی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بٹگرام، شانگلہ اور دیگر متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا، قراقرم ہائی وے بشام سے داسو تک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

  • کے پی میں بارشوں سے 17 افراد جاں بحق

    کے پی میں بارشوں سے 17 افراد جاں بحق

    پشاور: پی ڈی ایم اے نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں بارشوں سے مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں حالیہ بارشوں میں اب تک 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، بارشوں سے مختلف حادثات میں 39 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں میں مجموعی طور پر 59 گھروں کو نقصان پہنچا۔ گھروں کے جزوی انہدام سے متعدد لوگ زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

    حادثات میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے بروقت امدادی کارروائیاں کیں، خیال رہے کہ کے پی، پنجاب اور بلوچستان میں چند دن قبل ایک بار پھر تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس میں تین دن قبل آندھی اور طوفان کے سبب شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل بھی ٹوٹ گیا تھا، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا، مسلسل بارش کے باعث مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارشیں برسیں، گزشتہ دنوں کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہلکی برف باری بھی ہوئی، کوہ چلتن، کوہ زرغون پر ہلکی برف باری ہو رہی ہے، پنجگور اور گرد و نواح میں طوفانی ہوائیں چلیں جس سے بجلی کا نظام اور معمولات زندگی متاثر ہوئے، چمن شہر اور گرد و نواح میں بارش جب کہ کوژک ٹاپ، خواجہ عمران اور دوبندی کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے، قلعہ عبداللہ میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔

  • کے پی میں بارشوں سے 5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    کے پی میں بارشوں سے 5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں حالیہ بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں سے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 3 مکانات کو نقصان پہنچا۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کاروائیاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، آج آندھی اور طوفان کے سبب شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ پل ٹوٹنے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے۔ خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، مسلسل بارش کے باعث مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    مردان تخت بھائی میں ایک اور مکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جب کہ چھت گرنے سے ایک خاتون اور 2 بچے زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہلکی برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے، کوہ چلتن، کوہ زرغون پر ہلکی برف باری ہو رہی ہے، پنجگور اور گرد و نواح میں طوفانی ہوائیں چلیں جس سے بجلی کا نظام اور معمولات زندگی متاثر ہو گئے، چمن شہر اور گرد و نواح میں بارش جب کہ کوژک ٹاپ، خواجہ عمران اور دوبندی کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، قلعہ عبداللہ میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ میرپور آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی رم جھم کی پیش گوئی کر دی ہے، مغربی نظام کے زیر اثر کراچی کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں بوندا باندی متوقع ہے، جب کہ آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

  • کے پی میں ٹیکسز جمع کرنے کی شرح میں نمایاں اضافہ

    کے پی میں ٹیکسز جمع کرنے کی شرح میں نمایاں اضافہ

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ٹیکسز جمع کرنے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے کی محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، فروری میں 11 ارب کے محاصل وصول کیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تیمور جھگڑا نے کہا کہ مالی سال کے اختتام تک محاصل کی وصولی 18 ارب تک پہنچنے کی امید ہے، صوبے میں ٹیکسز کی شرح کم کر کے وصولی پر توجہ دی گئی ہے تاہم مقرر کردہ ٹیکسز کی وصولی یقینی بنائیں گے۔

    مہنگائی میں کمی ہو گئی، حکومت کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا تھا کہ مہنگائی کی شرح 14.6 سے کم ہو کر 12.4 فی صد ہو گئی ہے، سینیٹ اجلاس میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے حماد اظہر نے بتایا کہ تیل، ڈیزل میں5 روپے کمی کے بعد مہنگائی میں کمی ہوگی۔

    انھوں نے کہا تھا کہ رواں سال فروری میں برآمدات میں 13.6 فی صد اضافہ ہوا جب کہ پچھلے سال 32 فی صد خسارہ کم ہوا اور رواں برس 70 فی صد کم ہوا، جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان کے پاس صرف 2 ہفتے کے ریزرو رہ گئے تھے، ہماری حکومت نے سخت حالات سے ملک کو نکالا، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 50 فی صد اضافہ ہوا، روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے ایک ڈالر بھی مارکیٹ میں نہیں جھونکا گیا۔

  • کرونا وائرس، وفاقی کابینہ آج سر جوڑ کر بیٹھے گی، کے پی میں خصوصی کٹس تقسیم

    کرونا وائرس، وفاقی کابینہ آج سر جوڑ کر بیٹھے گی، کے پی میں خصوصی کٹس تقسیم

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ آج کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا، ایجنڈے میں کرونا وائرس سے متعلق بریفنگ کو بھی شامل کیا گیا ہے، وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

    اسپتالوں کی صوبوں سے وفاق کو منتقلی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے، کابینہ کو پی ایم ڈی سی اور پی ایم سی کے معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔

    آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا بھی اہم اجلاس صبح 11 بجے ہوگا، جس میں کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، کرونا وائرس کے سبب کابینہ اجلاس کا مقام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، اجلاس اب سندھ سیکریٹریٹ کی بہ جائے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوگا۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ مریض کا تعلق وفاق کے زیر انتظام علاقے گلگت سے ہے، مریض کا علاج معالجہ جاری ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کرونا وائرس کی پانچویں شکار ایک خاتون ہے جو ایران سے لوٹی تھیں۔

    ادھر خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدام کے تحت ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس تقسیم کی گئیں، ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا تھا کہ کٹس صوبے بھر میں قائم ریسکیو اسٹیشنز کو فراہم کی گئی ہیں، مشتبہ مریض کی اسپتال منتقلی کے دوران اہل کار کٹس استعمال کریں گے، مشتبہ مریض اور تیماردار کو بھی ڈسپوزیبل کٹس مہیا کی جائیں گی۔