Tag: گائے

  • ’’اب گائے بھی خطرناک‘‘ کاٹنے سے کسان ریبیز کا شکار، پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس رپورٹ

    ’’اب گائے بھی خطرناک‘‘ کاٹنے سے کسان ریبیز کا شکار، پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس رپورٹ

    کراچی (13 جولائی 2025): گائے کے کاٹنے سے کسان کو ریبیز کا مرض لاحق ہونے کا پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    کتوں کے کاٹنے کے واقعات اور متاثرہ انسانوں کے ریبیز جیسے جان لیوا بیماری سے متاثر ہونے کے واقعات آپ سب نے پڑھ رکھے ہوں گے۔ تاہم اب گائے کے کاٹنے سے کسان میں ریبیز کی علامت ظاہر ہونے کا اپنی نوعیت کا پہلا کیس پاکستان کے شہر کراچی میں رپورٹ ہوا ہے۔

    یہ واقعہ گوکہ گزشتہ سال کا ہے جو ایک کسان کو اس کی پالتو گائے نے اچانک کاٹ لیا تھا، جس کی وجہ سے اس کو ریبیز کا مرض لاحق ہو گیا تھا۔ تاہم پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس پہلے کیس کو عالمی جریدے میں کیس اسٹڈی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

    متاثرہ کسان اس سے قبل کتے کے کاٹے سے متاثر ہو کر انڈس اسپتال کورنگی سے ریبیز ویکسین لگوا چکا تھا۔ اس لیے اس نے دورباہ انڈس اسپتال کا رخ کیا، جہاں کسان کو بروقت ویکسین لگا کر زخمی کی صفائی کی گئی اور اسے ریبیز سے بچا لیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسان کو کاٹنے والی اس کی پالتو گائے کو کسی ایسے کتے نے کاٹا تھا جس کو ریبیز کا مرض لاحق تھا اور اس سے گائے میں منتقل ہوا تھا۔ بعد ازاں گائے نے اپنے مالک کو ہی کاٹ لیا۔

    ڈاکٹروں کے مطابق، کسان کے زخم عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مطابق زمرہ 3 میں آتے تھے، جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ڈاکٹروں نے اسے ہدایت کی کہ وہ گائے کے رویے پر نظر رکھے۔ واقعہ کے 3 ہفتے بعد کسان نے ڈاکٹروں کو مطلع کیا کہ گائے غیر معمولی حرکتیں کر رہی ہے اور کچھ ہی دن میں وہ مر گئی۔

     جس کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ایک ٹیم نے مذکورہ گائے کا سر تحقیق کے لیے کاٹ کر حاصل کیا اور باقی جسم کو گہرائی میں دفن کر دیا گیا۔

    جب اس کے دماغی ٹشو پر کیے گئے ریورس ٹرانسکرپشن-پولی میریز چین ری ایکشن (آر ٹی-پی سی آر) ٹیسٹ کیے گئے تو اس کا نتیجہ مثبت آیا۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کتوں کے کاٹنے سے ریبیز کے درجنوں واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ یہ بیماری ریبیز کے مرض والے کتوں کے کاٹنے سے انسانوں کو لگتی ہے اور اس کے کاٹنے سے متاثرہ افراد میں یہ جان لیوا بیماری منتقل ہو جاتی ہے۔

    ریبیز ایک جان لیوا وائرل بیماری ہے جو اس بیماری سے متاثرہ جانور کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ ایک بار جب کسی شخص کو ریبیز ہو جائے تو اس کا علاج نہیں ہو سکتا۔ تاہم ریبیز کی علامات ظاہر ہونے سے قبل ویکسین کے بروقت استعمال سے اس جان لیوا بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔

    ریبیز کی علامات:

    ابتدائی علامات: بخار، تھکن، کاٹے جانے کی جگہ پر جلن یا درد، بے چینی، ذہنی الجھن، پانی یا ہوا سے ڈر لگنا، فالج، جھٹکے لگنا، کومہ کی حالت اور آخر موت۔

    احتیاط:

    کتے سمیت کسی بھی جانور کے کاٹنے کے بعد احتیاطاً ویکسین لگوائیں اور کورس مکمل کریں۔ اپنے پالتو جانوروں کو بھی ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔

    آوارہ اور زخمی کتوں اور دیگر جانوروں سے دور رہیں اور بچوں کو بھی زخمی جانوروں کے قریب نہ جانے دیں۔

  • گائے کے بچھڑے کو بچانے کے لیے 5 لوگوں نے اپنی جان قربان کر دی

    گائے کے بچھڑے کو بچانے کے لیے 5 لوگوں نے اپنی جان قربان کر دی

    گائے کے بچھڑے کی زندگی بچانے کے لیے 5 افراد نے اپنی جان قربان کر دی جب کہ ایک شخص زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

    انسان کی بہترین صفات میں سے ایک احساس ہے حساس دل رکھنے والا شخص انسان تو انسان جانور کو بھی تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا۔ ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا ہے جہاں ایک گائے کے بچھڑے کی زندگی بچانے کے لیے 5 لوگوں نے اپنی جان دے دی جب کہ ایک زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دلخراش واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ جہاں صبح کے وقت گائے کا بچھڑا ٹہلتا ہوا آم کے باغ میں آیا اور اچانک باغ میں موجود کنوئیں میں گر گیا۔

    اس وقت باغ میں ٹھیکیدار کے 6 ملازم موجود تھے۔ انہوں نے بچھڑے کی جان بچانے کے لیے یکے بعد دیگرے کنوئیں میں اترے مگر وہ بچھڑے کو کیا بچاتے اپنی جانیں بھی نہ بچا سکے اور لاشوں کی صورت باہر نکالا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاکتوں کی وجہ کنوئیں میں موجود زہریلی گیس بتائی جا رہی ہے، کیونکہ کنوئیں میں اترنے والے افراد کی نیچے اترتے ہی حالت غیر ہوگئی اور سانس لینے میں دقت کے چیخ وپکار مچ گئی۔

    علاقے کے لوگوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس اور ایس ڈی ایف آر ایف کو دی۔ جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور عملے نے ایک، ایک کر کے لاشوں کو کنوئیں سے باہر نکالا۔ کنوئیں سے 5 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔ لاشوں اور متاثرہ شخص کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    حادثہ کے حوالے سے گُنا کے کلکٹر کشور کمار کنیال نے بتایا کہ کنویں میں غالباً کاربن مونوآکسائیڈ گیس کا رساؤ ہوا ہے۔ لیکن حقیقت کا پتہ لیب سے ٹیسٹنگ کے بعد ہی چل پائے گا۔

  • بھارت: گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد

    بھارت: گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش میں گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    بھارتی اخبار نیشنل ہیرالڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق قانون کی آڑ میں بھارتی مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار کی جنگ جاری ہے، اور مودی کے دور حکومت میں اقلیتوں کو مذہبی تہوار منانا بھی جرم بن گیا ہے۔

    عید قرباں قریب آتے ہی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا طوفان اٹھنا شروع ہو گیا، بھارتی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے عید قرباں قریب آتے ہی سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اُترپردیش میں گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، یو پی میں کھلی جگہ پر نماز کی ادائیگی اور جانور ذبح کرنے پر پابندی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔


    مسلمانوں کو جم میں بالکل نہ آنے دینا! بھارتی پولیس کی دھمکی کی ویڈیو وائرل


    نیشنل ہیرالڈ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے حکم کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دے دیا ہے، اخبار کا کہنا ہے کہ اترپردیش میں قربانی پر پابندی لگا کر مسلمانوں کے بنیادی حق کو کچلا جا رہا ہے، ہر عید پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنا مودی اور یوگی حکومت کی پرانی روایت ہے۔

    مسلمانوں کی عید پر بندشیں اور ہندو تہواروں پر کھلی چھوٹ انڈیا میں ہندوتوا نظریے کو پروان چڑھانا ہے۔

  • تیسرے بچے کی پیدائش پر 50 ہزار، لڑکا پیدا ہونے پر گائے انعام میں دینے کا اعلان

    تیسرے بچے کی پیدائش پر 50 ہزار، لڑکا پیدا ہونے پر گائے انعام میں دینے کا اعلان

    دنیا آبادی کے بڑھتے دباؤ کا شکار ہے ایسے میں ایک کثیر آبادی والے ملک نے تیسرے بچے کی پیدائش پر نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

    دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کر چکی ہے اور ماہرین مسلسل بڑھتی آبادی اور گھٹتے وسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ ایسے میں سوا ارب سے زائد آبادی والے ملک بھارت میں آبادی بڑھانے کے لیے جوڑوں کو تیسرے بچے کی پیدائش 50 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعلان ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور تلگو دیشم پارٹی کے صدر چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے تناظر میں پارٹی کے ایک رکن اسمبلی کالیسیٹی اپالا نے کیا ہے۔

    کالیسیٹی اپالا نائیڈو نے تیسرے بچے کی پیدائش پر خاتون کو 50 ہزار روپے جبکہ لڑکا ہونے کی صورت میں ایک گائے انعام میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے یہ اعلان گزشتہ دنوں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور ساتھ ہی واضح کیا کہ یہ انعام وہ اپنی تنخواہ سے دیں گے۔

    اس سے قبل آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ یہ اعلان کر چکے ہیں کہ تمام خواتین ملازمین کو بچے کی پیدائش کے وقت زچگی کی چھٹی دی جائے گی، چاہے اس سے قبل ان کے کتنے ہی بچے ہوچکے ہوں۔

  • گھاس چرتی گائیوں نے کھیت میں چھپا ملزم گرفتار کروا دیا

    گھاس چرتی گائیوں نے کھیت میں چھپا ملزم گرفتار کروا دیا

    امریکا میں ایک کھیت میں چھپے مشکوک شخص کو گائیوں نے گرفتار کروا دیا، پولیس گائیوں کی عقلمندی پر حیران رہ گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست نارتھ کیرولینا کے ایک چھوٹے سے قصبے بون میں پیش آیا۔ ایک مشکوک شخص ٹریفک سگنل توڑ کر تیزی سے فرار ہوا اور نواحی علاقے کے کھیتوں میں جا چھپا۔

    سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ مشکوک شخص اتنی تیز رفتاری سے اپنی گاڑی دوڑاتا ہوا نکلا کہ پولیس اس کا پیچھا نہ کرسکی، اس کے بعد وہ گاڑی ایک جگہ چھوڑ کر کھیتوں میں چھپ گیا۔

    جب پولیس مذکورہ مقام پر پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ کھیت میں گھاس چرتی گائیوں کا رویہ غیر معمولی تھا۔

    پولیس کے مطابق گائیوں کے انداز میں بے چینی تھی اور وہ بار بار اس جگہ دیکھ رہی تھیں جہاں مشکوک شخص چھپا ہوا تھا، پولیس نے پیش قدمی کی تو وہ نہایت دوستانہ انداز میں پولیس کو باقاعدہ اس جگہ تک ساتھ لے گئیں۔

    پولیس نے 34 سالہ مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے اپنی فیس بک پوسٹ میں مزاحیہ انداز میں ان گائیوں کو بھی پولیس ڈپارٹمنٹ میں بھرتی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

  • گائے چھت پر کیسے پہنچی؟ حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    گائے چھت پر کیسے پہنچی؟ حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    بے ضرر جانوروں کے شرارتی پن سے تو سب ہی واقف ہیں، یہ اپنی معصومیت میں اکثر غیر معمولی جگہوں اور صورتحال میں پھنس جاتے ہیں۔

    تاہم اس قسم کی شرارتیں عموماً بلیاں زیادہ کرتی ہیں جو کبھی کسی اونچی جگہ چڑھ جاتی ہیں، کہیں پھنس جاتی ہیں یا پھر ادھر سے ادھر چھلانگ لگاتے ہوئے گر جاتی ہیں۔

    لیکن کیا آپ نے کبھی کسی گائے کو کسی غیر معمولی جگہ پر دیکھا ہے؟

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک گائے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو ایک گودام کی چھت پر موجود ہے۔

    گائے نہ صرف وہاں موجود ہے بلکہ آرام سے چہل قدمی بھی کر رہی ہے۔

    آس پاس کوئی شخص بھی موجود نہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گائے نے تنہائی پا کر کھیل ہی کھیل میں خود کو مشکل صورتحال میں پھنسا لیا ہے۔

    گائے وہاں کیسے چڑھی، یا بعد ازاں اسے کیسے اتارا گیا، یہ واضح نہیں ہوسکا۔

    ٹویٹر پر لوگ اس ویڈیو کو دیکھ کر بے حد محظوظ ہوئے اور اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔

  • گائے نے بی جے پی رہنما کو لات مار دی، ویڈیو وائرل

    گائے نے بی جے پی رہنما کو لات مار دی، ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست آندھرا پردیشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما کو گائے نے لات مار دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بی جے پی کے ایک رکن پارلیمان کو دو بار گائے کی لات پڑتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ ویڈیو ریاست آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور کی ہے۔

    راجیہ سبھا کے رکن ایل نرسمہا راؤ مرچی مارکیٹ میں ایکسپورٹرز کی نئی بلڈنگ کے افتتاح کے لیے پہنچے، تو انھوں نے ایک گائے کی پوجا کی غرض سے قریب جا کر اس پر ہاتھ پھیرنا اور اس کے سامنے جھکنا چاہا۔

    تاہم، جیسے ہی بی جے پی رکن پارلیمنٹ گائے کے پس آئے، گائے نے ایک لات مار دی انھیں، جو ان کی ران پر لگی۔

    ان کے ساتھ کھڑے افراد نے انھیں فوراً سنبھالنا چاہ لیکن نرسمہا راؤ نے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں، کوئی بات نہیں، یہ کہہ کر وہ دوبارہ گائے کے قریب آنے لگے تو ایک بار پھر گائے نے ان کی طرف لات اچھال دی، حالاں کہ اس بار گائے کی دیکھ بھال کرنے والے نے گائے کی گردن کی رسی بھی پکڑ لی تھی۔

    ویڈیو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے گائے کو صرف بی جے پی رکن ہی پسند نہ آئے ہوں۔ گائے پر سیاست کرنے والی پارٹی کے سینئر لیڈر کے ساتھ گائے کے اس سلوک پر سوشل میڈیا میں تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

  • مالک کی موت پر دل گرفتہ گائے لاش کے قریب رونے لگی

    مالک کی موت پر دل گرفتہ گائے لاش کے قریب رونے لگی

    اکثر جانوروں کو اپنے مالک سے بے انتہا انسیت ہوجاتی ہے اور وہ اس سے بچھڑنا برداشت نہیں کرسکتے، ایسی ہی ایک گائے کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جو اپنے مالک کی موت پر اس کی لاش کے قریب رو رہی ہے۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ایک گاؤں میں پیش آیا، ایک کسان کی موت کے بعد اسے آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ لے جایا گیا جہاں عجیب واقعہ پیش آیا۔

    میت کے اہل خانہ اور رشتے دار اس کی آخری رسومات کی تیاری کر رہے تھے جب اچانک اس کی گائے بھی وہاں آن پہنچی، وہ ادھر ادھر سر گھما کر مالک کو ڈھونڈنے لگی، لوگوں نے راستہ بنا کر اسے آگے جانے دیا جہاں بیچوں بیچ میت رکھی تھی۔

    گائے وہاں جا کر کھڑی ہوگئی اور رونے لگی جس پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے، ایک روتا ہوا شخص گائے کو روتا دیکھ مزید افسردہ ہوگیا۔

    لوگوں نے گائے کو تسلی سے اس کے مالک کے قریب سوگ منانے دیا اور بعد ازاں میت کی آخری رسومات ادا کیں۔

  • کراچی: گائے باندھنے پر گولیاں چل گئیں، مسلح افراد کی شدید فائرنگ

    کراچی: گائے باندھنے پر گولیاں چل گئیں، مسلح افراد کی شدید فائرنگ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پارکنگ ایریا میں گائے باندھنے پر گولیاں چل گئیں، عمران گھانچی نامی شخص مسلح افراد کو لے آیا اور شدید فائرنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پارکنگ ایریا میں گائے باندھنے پر گولیاں چل گئیں، 2 افراد عمران گھانچی اور کاشف کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔

    3 روز قبل عمران گھانچی نے کاشف کو جانوروں کا ٹینٹ لگانے سے منع کیا تھا، تاہم ٹینٹ لگائے جانے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد عمران گھانچی مسلح افراد کو لے آیا اور علاقے میں شدید فائرنگ کی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موقع پر پولیس پہنچی تو مسلح افراد نے پولیس کو دھکے دیے اور اسلحہ دکھایا، مسلح ملزمان کی فائرنگ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو مل گئی۔

    پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی روشنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • بھارت کے گاؤں میں عجیب الخلقت بچھڑے کی پیدائش، حیرت انگیز تصاویر

    بھارت کے گاؤں میں عجیب الخلقت بچھڑے کی پیدائش، حیرت انگیز تصاویر

    نئی دہلی: بھارت میں ایک کسان کی گائے نے 3 آنکھوں والے بچھڑے کو جنم دیا ہے جس کے بعد لوگ اس کی پوجا کرنے کے لیے پہنچ گئے، بچھڑے کے نتھنوں میں بھی 4 سوراخ موجود ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اس عجیب الخلقت بچھڑے کی پیدائش ریاست چھتیس گڑھ کے گاؤں راج نند میں ہوئی ہے جہاں ایک گائے نے 3 آنکھوں اور نتھنے میں 4 سوراخوں والے بچھڑے کو جنم دیا ہے۔

    اس عجیب الخلقت بچھڑے کی پیدائش نے پورے گاؤں میں ایک ہلچل پیدا کردی ہے، لوگ جوق در جوق اسے دیکھنے آرہے ہیں۔

    کچھ اس کی پیدائش کو مذہبی معجزہ سمجھ کر اس کی پوجا کر رہے ہیں اور پیسوں کے چڑھاوے بھی چڑھا رہے ہیں۔

    گائے کا مالک ہیمنت چندیل نام کا شخص ہے جو کھیتی باڑی کے علاوہ مویشی بھی پالتا ہے۔

    اس کا کہنا ہے کہ گاؤں کے افراد قطاریں لگا کر اسے دیکھنے کے لیے کھڑے ہیں، فی الحال یہ بچھڑا صحت مند ہے اور اس کی جان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔