Tag: گائے کا گوشت

  • گائے کا گوشت کھاتے ہیں یا نہیں؟ سلمان خان کے والد نے بتادیا

    گائے کا گوشت کھاتے ہیں یا نہیں؟ سلمان خان کے والد نے بتادیا

    بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان نے کبھی گائے کا گوشت نہیں کھایا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ گفتگو میں ماضی کے مشہور اداکار، فلم پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر سلیم خان کا کہنا تھا کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

    سلیم خان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں ہمیشہ سے یہ روایت ہے کوئی بھی گائے کا گوشت نہیں کھاتا اور ہندو تہوار بھی جوش و جذبے کیساتھ منائے جاتے ہیں جبکہ مسلم تہوار بھی منائے جاتے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ جب وہ اندور میں پیدا ہوئے اس زمانے سے آج تک پورے خاندان نے مسلمان ہونے کے باوجود کبھی بھی گائے کا گوشت نہیں کھایا، کیونکہ وہ اور ان کا خاندان ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں۔

    دوسری جانب فلم سکندر کے فلمساز اے آر مروگادوس کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو ہدایت کرنا آسان نہیں ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں سے ایک ہونے کے باوجود سلمان خان کی میگا ایکشن فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔

    اے آر مروگاداس بالی ووڈ میں تامل بلاک بسٹر فلموں کے ریمیک کے لیے مشہور ہیں جن میں گجنی، ہالیڈے اور اکیرا شامل ہیں۔

    ہدایت کار کا بیان فلم کی ناکامی میں سلمان کے اسٹارڈم کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک اسٹار کے ساتھ شوٹنگ کرنا آسان نہیں یہاں تک کہ دن کے مناظر بھی ہمیں رات کو شوٹ کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ صرف 8 بجے تک سیٹ پر آتا ہے۔

    جھانوی کپور سری دیوی کی کس فلم کے ریمیک میں جلوہ گر ہوں گی؟

    اے آر مروگاداس نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو صبح سویرے ہی شوٹنگ کے عادی ہیں لیکن وہاں چیزیں اس طرح نہیں چلتی ہیں اگر ایک سین میں چار بچے ہوتے ہیں تو ہمیں ان کے ساتھ 2 بجے شوٹ کرنا ہوتا ہے چاہے یہ ان کے اسکول سے واپس آنے کا ہی کیوں نہ ہو، وہ اس وقت تک تھک جائیں گے اور عام طور پر اونگھ جائیں گے۔

    واضح رہے کہ سکندر میں رشمیکا مندانا، کاجل اگروال، انجینی دھون، پرتیک ببر، شرمن جوشی اور ستیہ راج شامل تھے۔

  • بھارت میں شدت پسندوں نے ایک اور مسلمان کی جان لے لی

    بھارت میں شدت پسندوں نے ایک اور مسلمان کی جان لے لی

    بھارت میں شدت پسندوں کے جتھے نے ایک اور مسلمان کی جان لے لی۔

     بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 27 اگست کو چرخی دادری ضلع میں پیش آیا، بھارتی ریاست ہریانہ میں شدت پسند ہندو ٹولے نے مسلمان نوجوان کو گائے ذبح کرنے کے شک میں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

     بھارتی میڈیا کے مطابق تشدد سے جاں بحق 22 سالہ کے لڑکے کی شناخت صابر ملک کے نام سے ہوئی، وہ بھارت کے مغربی بنگال میں کچرا چنتا تھا۔

    سوشل میڈیا پر مسلمان لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس نے کارروائی کی اور پانچ افراد کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں ابھیشیک، موہت، رویندر، کملجیت، اور ساحل شامل ہیں۔

    ملزمان نے گائے کا گوشت کھانے کے شک میں صابر کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں بیچنے کے بہانے ایک دکان پر بلایا جہاں پانچوں نے مل کر متاثرہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، جب کچھ لوگوں نے تشدد کرنے سے روکا تو شدت پسند گروہ نے دوسری جگہ لے جاکر اسے دوبارہ مارا پیٹا، جس کے نتیجے میں صابر کی موت ہو گئی۔

    بھارتی پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کے علاوہ دو نابالغوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • اداکارہ کو شو میں گائے کا گوشت پکانے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول

    اداکارہ کو شو میں گائے کا گوشت پکانے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول

    بنگالی ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ و میزبان کو شو کے دوران گائے کا گوشت پکانے پر قتل کی دھمکیاں موصول ہونے لگیں۔

    کلکتہ میں مقیم بنگالی ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ سدیپا چٹرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بنگلہ دیشی کھانے کے پروگرام کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ بنگلادیشی شو کے دوران پروگرام میں شریک ایک شخص نے گائے کے گوشت کی ڈش تیار کی تھی، شو کے دوران میں نے اس سے گفتگو کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انہوں نے بتایا کہ ایڈٹ شدہ ویڈیو  وائرل ہونے کی وجہ سے مجھے قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں، انیوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ زیادہ تر لوگ جو مجھے ٹرول کر رہے ہیں انہوں نے مکمل ویڈیو نہیں دیکھی ہو گی۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی گائے کا گوشت نہیں کھایا، اسے پکانا تو دور، اسے ہاتھ تک نہیں لگایا، دوسری بات، کریم جہاں (شو کی ایک شریک) نے ایسا کیا تھا، ویڈیوز ایڈیٹ نہیں ہیں، اسے دیکھئے اور بتائیں کہ میں نے کب گوشت کو ہاتھ لگایا ہے؟

    انہوں نے بتایا کہ عید الضحیٰ کی مناسبت سے ہونے والے بنگلا دیشی پروگرام میں، میں بھارت کی نمائندگی کر رہی تھیں، لیکن میرا بنگلا دیش سے تعلق ختم نہیں ہوسکتا اور یہ ہی وجہ تھی کہ میں  نے اس شو میں شرکت کی۔

  • گائے کا گوشت کھانے والے ہوشیار ہوجائیں!

    گائے کا گوشت کھانے والے ہوشیار ہوجائیں!

    فیصل آباد: گائے کا گوشت کھانے والے ہوشیار ہوجائیں ، شہری ایک بار پھرمردہ جانوروں کا گوشت کھانے سے بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے پینسرہ میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران گاڑی سے مردہ گائے کا 15من گوشت برآمد کرلیا۔

    اتھارٹی نے 2 ملزمان نویداور وحید گرفتار کرکے گوشت اور مردہ جانور تلف کردیا۔

    حکام نے تھانہ ٹھیکری والا میں مقدمہ درج کرکے گاڑی پولیس کے حوالےکردی اور بتایا کہ مردہ جانور کا گوشت فوڈ پوائنٹ پر سپلائی کیا جانا تھا۔

    خیال رہے گوشت ہر ایک کی من پسندیدہ خوراک ہے، اسے حاصل کرنے کے اہم ماخذ گائے، بکرا، مرغی اور مچھلی ہے تاہم گائے کا گوشت اکثریت کی مرغوب غذا ہے۔

  • امریکیوں کے لیے ناشتہ کرنا مشکل ہو گیا، مگر کیوں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    امریکیوں کے لیے ناشتہ کرنا مشکل ہو گیا، مگر کیوں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    نیویارک: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ امریکا میں بیف یعنی گائے کے گوشت سے انڈے زیادہ مہنگے ہو گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ ایک درجن انڈوں کی قیمت ایک پاؤنڈ گوشت کی قیمت سے زیادہ ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے امریکیوں کے لیے ناشتہ کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

    عالمی سطح پر برڈ فلو کی وبا کے نتیجے میں 10 کروڑ مرغیاں ہلاک ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف ممالک میں انڈوں کی قیمت بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    امریکا میں 1980 میں بیورو آف لیبر ڈیٹا کے آغاز کے بعد سے یہ پہلی بار ہے کہ 12 انڈوں کی قیمت ایک پاؤنڈ گائے کے گوشت کی قیمت سے زیادہ ہو گئی ہے۔

    امریکا میں زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے جنوری میں بڑے گریڈ A انڈوں کے ایک درجن کی قیمت ریکارڈ 4.82 ڈالر (1278 پاکستانی روپے) تک پہنچ گئی ہے، جو کہ ایک سال پہلے 2 ڈالر سے بھی کم تھی۔

    دوسری طرف امریکا میں ایک پاؤنڈ بیف کی قیمت 4.64 ڈالر ہے جو گزشتہ برس 5.12 ڈالر تھی۔

    خیال رہے کہ امریکا میں ناشتے کے لیے انڈوں کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے مگر اس کی قیمت میں ریکارڈ اضافے نے لوگوں کے لیے دن کی سب سے اہم غذا کا حصول مشکل بنا دیا ہے، اورنج جوس کی قیمتوں میں بھی اضافے کی وجہ سے امریکی عوام کے ناشتے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    پچھلے ایک سال کے دوران انڈوں کی قیمت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب امریکی انھیں میکسیکو کی سرحد کے پار اسمگل کرنے کا سہارا لے رہے ہیں۔

  • چکن، مچھلی یا گائے کا گوشت آپ کو کس طرح‌ امراض میں مبتلا کرسکتا ہے، جانیے

    چکن، مچھلی یا گائے کا گوشت آپ کو کس طرح‌ امراض میں مبتلا کرسکتا ہے، جانیے

    کیا آپ چکن یا گائے کے گوشت کو مسالا لگانے کے بعد بھون کر یا روسٹ کر کے کھانا پسند کرتے ہیں؟ یقیناً لوازمات کے ساتھ ایسا گوشت بہت لذیذ ہوتا ہے، لیکن سائنسی تحقیق بتاتی ہے کہ آپ لذّتِ کام و دہن کا یہ سامان اکثر کرنے لگیں تو آپ ایک خاموش قاتل کہلانے والے مرض کا شکار بن سکتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق گوشت کو اس شکل میں غذا کا حصّہ بنانا آپ کو بلڈ پریشر کا مریض بنا سکتا ہے جس کے نتیجے میں‌ لاحق ہونے والی پیچیدگیاں فالج اور ہارٹ اٹیک سمیت خون کی شریانوں سے جڑے متعدد امراض کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔ یہ انکشاف امریکا میں ہونے والی ایک طبّی تحقیق میں کیا گیا ہے۔

    ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ گوشت کے پارچے یا بوٹیاں‌ بنا کر‌ سیخ میں بھوننے یا روسٹ کرکے کھانا پسند کرتے ہیں، ان میں بلڈ پریشر بڑھنے کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں 17 فی صد بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق مہینے میں 15 بار کسی بھی جانور کا اس طرح گوشت کھانے سے یہ خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ درجہ حرارت پر گوشت پکانے سے اس میں موجود پروٹین سے ایسے کیمیکلز خارج ہوتے ہیں‌ جو فشار خون سے متعلق خرابیوں کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

    اس تحقیق کے دوران ایک لاکھ سے زائد ایسے مرد اور عورتوں کی غذا و خوراک سے متعلق عادات کا جائزہ لیا گیا جو اکثر گائے، چکن یا مچھلی کا گوشت کھانے کے عادی تھے۔ ان کی طبّی حالت کی جانچ کے نتائج سامنے آنے کے بعد محققین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر جیسے مرض کا خطرہ کم سے کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگ غذا کو تیز آنچ پر پکانے سے گریز کریں اور خاص طور پر باربی کیو یا گرلنگ کے عادی اس حوالے سے احتیاط کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر ہے کہ گوشت کو اس شکل میں‌ بہت کم استعمال کریں۔

    اس تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔

  • بھارت، گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں 4 افراد پر تشدد

    نئی دہلی : بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں 4افراد پر شدید تشدد کیا، بدترین تشدد کا واقعہ میں ایک ٹرین میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے انسانیت سوزی کی تمام حدیں عبور کر لیں، ہندو انتہا پسندی کا ایک اور گھناؤنا واقعہ پیش آیا ہے، ٹرین میں ہجوم نے گوشت کھانے کے شبے میں چار افراد کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    واقعے میں ایک شخص ہلاک اورتین زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی سے متھراجانے والی ٹرین میں عید کی شاپنگ کے بعد گھر جانے والے چارافراد پر ہجوم نے بدترین تشدد کیا۔ چاروں افراد کو گائے کا گوشت کھانے کا الزام لگا کرتشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    ہجوم میں پھنسے افراد کو بچانے کے بجائے وہاں موجود متعصب پولیس اہلکاروں نے واقعہ کو سیٹوں کی لڑائی قراردے دیا۔ اس سے قبل بھی گائے کے گوشت کے بہانے ہندو انتہاپسند متعدد مسلمانوں کی جان لے چکے ہیں۔

    قبل ازیں انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے ایک ذہنی معذور مسلمان خاتون پر انسانیت سوز تشدد کیا گیا تھا، ہندو انتہا پسند ذہنی معذور مسلمان خاتون کو بیچ راستے تشدد کا نشانہ بنا کر زبردستی جے رام، جے ہنومان کے نعرے لگواتے رہے۔

    مسلمان خاتون ہاتھ جوڑتی اور معافیاں مانگتی رہی۔ ہندو انتہا پسندوں نے ایک نہ سنی اور ذہنی معذور خاتون پر ڈنڈوں کی بارش کرتے رہے۔

  • بھارت، گائے کا گوشت کھانے کا الزام، دو خواتین سے اجتماعی زیادتی، دو قتل

    بھارت، گائے کا گوشت کھانے کا الزام، دو خواتین سے اجتماعی زیادتی، دو قتل

    ہریانہ: بھارتی ریاست ہریانہ میں‌ گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں دو خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی اور دو افراد کو قتل کردیا گیا

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع میوات کے ڈینگر ہیڑی گاؤں میں دو ہفتے قبل دو مسلم خواتین کے ساتھ اجتماعی ہوئی جس کے بعد سے علاقے میں دہشت پھیلی ہوئی ہے۔

    حملہ آوروں نے مبینہ طور پر ایک بچی اور ایک شادی شدہ خاتون کے ساتھ ریپ کیا اور ان کے دو رشتے داروں کو زدوکوب کر کے قتل کر دیا، اس حملے میں دو بچوں سمیت چار افراد بری طرح زخمی بھی ہوئے۔

    مقامی لیڈر کے مطابق اس واقعے سے پورا میوات ہل گیا ہے ہم لوگ بہت صدمے میں ہیں اور بہت ہی دہشت زدہ ہیں کیونکہ اس طرح کا خوف ناک واقعہ اس سے قبل ہمارے علاقے میں آج تک پیش نہیں آیا، واقعے کے خلاف علاقے کی مسلم آبادی میں اشتعال پھیلا ہوا ہے۔

    ایک متاثرہ خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مجھ سے پوچھا تیرا خاوند کہاں ہےِ؟ میں نے بتایا کہ وہ گڑگاؤں میں ہیں، پھر پوچھا کب آئے گا؟ میں نے بتایا وہ بقرعید پر آئیں گے تو کہا کہ تم لوگ گائے کھاتے ہو اس لیے تمہاری بے عزتی کر رہے ہیں۔‘

    متاثرہ خاتون نے بتایا انھیں بہت زد وکوب کیا گیا اور جسمانی اور جنسی طور پر انھیں ایذا دی گئی، خاتون کے ساتھ ساتھ جس بچی کے ساتھ اجتماعی ریپ ہوا وہ اس حالت میں نہیں تھی کہ بات تککرسکے۔

    ہریانہ : بقر عید پر گائے کی قربانی پر پابندی

    اس واقعے میں پولیس نے چار حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے، تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ حملہ آور چار سے زائد تھے، بعض ملزموں کے فیس بک پروفائل سے پتا چلتا ہے کہ وہ سخت گیر ہندو تنظیموں کے حمایتی ہیں۔

    کچھ دن قبل ہریانہ میں پولیس ٹیمیں‌ بھی تشکیل دی گئی ہیں‌ جن کا کام ہوٹلوں پر فروخت ہونے والی بریانی میں گائے کے گوشت کو تلاش کرنا ہے، ملنے کی صورت میں‌ ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ہریانہ بی جے پی کے اقیلتی محاذ کے صدر چوہدری اورنگزیب کہتے ہیں کہ اس واقعے پرکچھ لوگ سیاست کر رہے ہیں ’یہ ہندو مسلم کا سوال نہیں ہے جو ملزم ہے وہ ملزم ہے، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گاجب کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ منوہر لعل کھٹر نے اس واقعے کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا وعدہ کیا ہے۔

  • بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر گولڈ میڈل جیتے، بھارتی سیاستدان کا انکشاف

    بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر گولڈ میڈل جیتے، بھارتی سیاستدان کا انکشاف

    یوسین بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر نو گولڈ میڈل جیتے، بی جے پی رہنما کے ٹوئٹ نے بھارت میں وبال کھڑا کردیا۔

    دنیا کے تیزترین انسان یوسین بولٹ کی بجلی سی پھرتی کاراز پتہ چل گیا، بھارتی حکمراں جماعت کے ایم پی اور دلت لیڈر ادت راج کے مطابق یوسین بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر اولمپکس میں نو طلائی تمغے اپنے نام کیے ۔

    بھارت میں گائے کے گوشت پرپابندی ہے، ایسے میں بی جے پی رہنما کو ٹوئٹر پر اڑے ہاتھوں لیا گیا، بھارتیوں نےالزام لگایا بی جے پی رہنما یوسین بولٹ کا نام لے کر لوگوں کو گائے کا گوشت کھانے پر اکسا رہے ہے۔

    تنقید کے بعد دلت رہنماادت راج نے اپنی صفائی میں کہا کہ انھوں نے وہی کہا جو یوسین بولٹ کے ٹرینر نے بتایا، بولٹ غریب تھے اسلیے ٹرینر نے بیف کھانے کا مشورہ دیا تھا، بولٹ بھی مانتے ہیں کہ آج وہ جو ہیں، گائے کے گوشت سے ہے۔

  • بمبئی کی عدالت نے گائے کے گوشت سے پابندی ہٹا دی

    بمبئی کی عدالت نے گائے کے گوشت سے پابندی ہٹا دی

    بمبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ سال فروری میں گائے کو ذبح کرنے اور گوشت کھانے کے حوالے سے نافذ کئے گئے قانون کے کچھ حصوں کو ممبئی ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے ریاست مہاراشٹر میں گائے کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کررکھی تھی لیکن دوسری ریاستوں سے گائےکے گوشت کی درآمد کرنے، اپنے پاس رکھنے اور کھانے سے پابندی ہٹا دی ہے۔

    گزشتہ سال فروری میں بھارتی صدر نے جانوروں کے تحفظ کا قانون نافذ کیا تھا، قانون کےمطابق گائے کے ذبیحہ پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن بعد میں اس قانون میں ترمیم کر کے گائے کے ساتھ ساتھ بیل اور بچھڑے کو بھی شامل کرلیا گیا تھا۔

    قانون کےتحت مہاراشٹر میں  گائے کا گوشت کھانے اور گائےذبح کرنے پر پانچ سال قید اور10 ہزار روپے جرمانے کی سزا جبکہ گائے برآمد ہونے کی صورت میں 2 ہزار روپے جرمانہ اور ایک سال کی سزا کا اعلان کیا گیا تھا۔

    گائے کے گوشت کھانے کے سخت قانون کو ممبئی کے رہائشی عارف کپاڈیا اور وکیل ہریش جگتیانی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جبکہ  وکیل وشال سیٹھ  اور طالب علم شائنا سین نے بھی اس قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    اس موقع پر جگتیانی نےبرطانوی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کی پابندی سر ا سر غلط ہے کیونکہ مہاراشٹر میں مختلف مذاہب کے ماننے والے رہتے ہیں جن میں سے کئی لوگ گائے کا گوشت کھانا چاہتے ہیں۔

    جمعے کو ہونے والی سماعت میں ہائی کورٹ نے مہاراشٹر میں جانوروں کے تحفظ (ترمیم) کے قانون کو قائم رکھتے ہوئے اس کی کچھ دفعات کو خارج کر دیا گیا ہے۔

    کورٹ کے اس فیصلے کے بعد اب مہاراشٹر میں گائے کا گوشت رکھنا اور کھانا جرم نہیں سمجھا جائے گا بلکہ فیصلے کے مطابق دیگر ریاستوں سے بھی گائے کا گوشت یہاں لا کر فروخت کیا جاسکتا ہے۔