Tag: گائے

  • گائے مذبح خانے سے بھاگ کر واٹر پارک پہنچ گئی

    گائے مذبح خانے سے بھاگ کر واٹر پارک پہنچ گئی

    برازیل میں ایک گائے مذبح خانے سے بھاگ کر واٹر پارک میں چلی گئی اور وہاں واٹر سلائیڈز کے مزے لینے لگی، گائے کی سلائیڈز لیتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یہ واقعہ برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو سے قریب ایک چھوٹے سے ٹاؤن میں پیش آیا، مذکورہ گائے ذبح ہونے سے بچنے کے لیے مذبح خانے سے فرار ہوئی اور کسی طرح قریب موجود ایک واٹر پارک میں پہنچ گئی۔

    واٹر پارک میں اس وقت بہت کم لوگ موجود تھے جس کی وجہ گائے آرام سے گھومتی پھرتی رہی۔

    اس دوران وہ ایک سوئمنگ پل کے قریب پہنچی، اور اس کی سیڑھیاں چڑھ کر اس کی سلائیڈ پر بھی پہنچ گئی۔ بعد ازاں وہ مزے سے سلائیڈ لیتی ہوئی نیچے گئی۔

    واٹر پارک انتظامیہ کے مطابق مذکورہ سلائیڈ صرف 200 کلو گرام کا وزن برداشت کرسکتی ہے، لیکن خوش قسمتی سے گائے 317 کلو گرام وزن کے ساتھ آرام سے سلائیڈ لیتی رہی اور سلائیڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    گائے کی سلائیڈ لیتی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    واٹر پارک کے مالک نے اب اس گائے کو پارک میں ہی رکھ لیا ہے، اس کا کہنا ہے کہ یہ سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بن گئی ہے اور انہیں اس کے یہاں ہونے سے کوئی پریشانی نہیں۔

  • برطانیہ: گائیوں میں خطرناک وائرس، حکام نے علاقہ سیل کردیا

    برطانیہ: گائیوں میں خطرناک وائرس، حکام نے علاقہ سیل کردیا

    لندن: برطانیہ میں پاگل پن کا شکار گائے سامنے آنے کے بعد سرکاری حکام نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے علاقے کو سیل کر دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ میں میڈ کاؤ ڈیزیز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کر دیا گیا۔

    برطانیہ کے جنوب مغربی علاقے سمرسٹ کے ایک فارم پر میڈ کاؤ کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد سرکاری حکام نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے علاقے کو سیل کر دیا۔

    حکام کے مطابق بیماری کا شکار جانور مر گیا اور اسے تلف بھی کر دیا گیا ہے تاہم علاقے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور بیماری کی تفصیلات بھی جاننے کی کوشش ہو رہی ہے۔

    میڈ کاؤ ڈیزیز کا نام بوائین اسپونگ فورم انسیفالوپیتی (بی ایس ای) ہے اور اس سے قبل اس قسم کا کیس سال 2018 میں سامنے آیا تھا جب اسکاٹ لینڈ کے ایک فارم پر یہ بیماری سامنے آئی تھی۔

    ابر ڈین شائر کے ایک فارم میں پاگل پن کے مرض میں مبتلا گائے مرض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ سے قبل ہی ہلاک ہو گئی تھی جبکہ احتیاطی تدابیر کے طورپر مزید 3 سے 4 گائے ذبح کی گئی تھیں۔

  • دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    ڈھاکا: دنیا کی سب سے بونی گائے بیماری سے چل بسی، ہزاروں شائقین اس کی موت پر افسردہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے، جسے رانی کا نام دیا گیا تھا، جمعرات کو دوران علاج مر گئی۔

    رانی، جو صرف 51 سینٹی میٹر (20 انچ) لمبی اور اس کا وزن 26 کلو گرام (57 پونڈز) تھا، دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے اعزاز کے حصول کے لیے مقابلے میں شامل تھی۔

    مقامی لائیواسٹاک افسر ساجد الاسلام نے میڈیا کو بتایا کہ رانی کے معدے میں بہت زیادہ سوجن ہو گئی تھی، جس پر اسے علاج کے لیے جمعرات کو لے جایا گیا، تاہم جانوروں کے ڈاکٹرز اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ چند ہی گھنٹوں بعد مر گئی۔

    انھوں نے بتایا کہ رانی کے معدے میں ہونے والی سوجن بہت زیادہ خوراک کھانے اور گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ رانی بنگلا دیش میں مقامی سیلیبریٹی کی حیثیت رکھتی تھی، ڈھاکا کے قریب ایک علاقے ساور کے ایک فارم میں مقیم اس گائے کو لوگ بڑی تعداد میں اسے دیکھنے آتے تھے، تقریباً 2 سال عمر کی یہ گائے اپنی معصومیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

    رانی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود اسے دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ فارم ہاؤس پہنچتے رہے۔

    ایک بنگلادیشی افسر نے فیس بک پر لکھا کہ حکام نے گنیز بک آف ریکارڈز کو بھی رانی کی موت سے مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا اعزاز اس وقت بھارت کی ایک بونی گائے کو حاصل ہے جس کا قد 24 انچ ہے۔

  • آدھی رات کو بھاگنے والی گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

    آدھی رات کو بھاگنے والی گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

    امریکا میں رات کے وقت مذبح خانے سے بھاگ جانے والی ایک گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، پولیس نے 2 گھنٹے کی محنت کے بعد گائے کو ڈھونڈ کر قابو کیا۔

    امریکی ریاست نیو جرسی کی سرحد کے قریب اس گائے کی سڑک پر گھومنے کی اطلاع پولیس کو رات ڈھائی بجے موصول ہوئی۔

    یہ گائے ٹرانسپورٹ کی جانے والی گاڑی سے بھاگی تھی اور رات میں جاگتے کچھ افراد نے اسے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی، ایک شخص نے گائے کی ویڈیو بھی بنائی اور اسے فیس بک پر پوسٹ کردیا۔

    پولیس اور اینیمل کنٹرول افسران نے اسے ڈھونڈنے کا عمل شروع کیا اور 2 گھنٹے بعد انہیں کامیابی ملی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی جانوروں کو مذبح خانے لے کر جارہی تھی۔

  • کیٹ واک کرتی گائے کی ویڈیو وائرل

    کیٹ واک کرتی گائے کی ویڈیو وائرل

    اکثر اوقات جانوروں کی مختلف مزاحیہ حرکتوں کی ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں جنہیں دیکھ کر بے اختیار ہنسی آجاتی ہے، اب حال ہی میں ایک گائے کی ایسی ہی ویڈیو نے سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں ایک گائے کیٹ واک کے انداز میں چلتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

    یہ ویڈیو سنہ 2018 کی ہے لیکن اب اچانک دوبارہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہے، ویڈیو کو اب تک 80 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

    بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ گائے کسی انجری یا بیماری کا شکار بھی ہوسکتی ہے اس وجہ سے اس کے چلنے کا انداز ایسا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ دسمبر میں بھی ایک گائے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک ٹرالی رکشہ کے پیچھے دیوانہ وار بھاگ رہی تھی۔

    بھارتی ریاست اڑیسہ میں پیش آنے والے اس واقعے میں رکشے میں موجود شخص گائے کے زخمی بچھڑے کو جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے کر جارہا تھا اور اس کی بے چین ماں رکشے کے پیچھے بھاگ رہی تھی۔

    ماں نے اس طرح 3 کلو میٹر کا سفر طے کیا تھا جہاں اس کے بچھڑے کو جانوروں کے ڈاکٹر تک پہنچایا گیا۔

  • بھارت: کرونا سے بچاؤ کی ‘انوکھی’ پارٹی دینے والے بی جے پی رہنما گرفتار!

    بھارت: کرونا سے بچاؤ کی ‘انوکھی’ پارٹی دینے والے بی جے پی رہنما گرفتار!

    کلکتہ: بھارتی شہر کلکتہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نے کرونا سے بچاؤ کے لیے گائے کے پیشاب کی پارٹی دے ڈالی، پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گائے کا پیشاب پلوانے پر بی جے پی رہنما کو گرفتار کر لیا گیا، رہنما نے کرونا سے بچاؤ کے لیے گائے کا پیشاب پینے کی تقریب سجا دی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تقریب میں ایک رضا کار نے گائے کا پیشاب پی لیا، جس پر وہ بیمار پڑ گیا، شہری کی شکایت پر بی جے پی کے مقامی رہنما نارائن چیٹر جی کو حراست میں لے لیا گیا۔ رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ گائے کا پیشاب کرونا وائرس سے بچائے گا اور جو پہلے ہی سے وائرس کا شکار ہیں انھیں صحت یاب کر دے گا۔

    کرونا کے مریضوں پر اسٹمپ لگائی جائے گی، بھارت کا بڑا اعلان

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے گائے کے پیشاب کی تقسیم کے عمل کو مغربی بنگال کی حکمران جماعت کے ساتھ ساتھ انڈیا کی اپوزیشن پارٹی کانگریس کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ادھر بھارت میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 3 ہو گئی ہے جب کہ 174 لوگ وائرس سے متاثرہ ہیں۔

  • حاملہ بھینس روتی ہوئی قصائی کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی

    حاملہ بھینس روتی ہوئی قصائی کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک دردناک ویڈیو نے لوگوں کے دل پگھلا دیے جس میں ایک حاملہ بھینس آنکھوں میں آنسو لیے قصائی کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی اور ذبح ہونے کے لیے جانے سے انکار کردیا۔

    انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو چین کے ایک مذبح خانے کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذبح خانے کا قصائی ممکنہ طور پر ذبح کرنے کے لیے بھینس کو لے جانے لگا تو وہ گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھینس کی آنکھوں میں آنسو بھی ہیں، ممکنہ طور پر بھینس حاملہ ہے۔ مذبح خانے کے ایک اور ملازم کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھینس کو ذبح کرنے کے لیے لے جایا جانے لگا۔

    تمام واقعے کی ویڈیو مذبح خانے کے ملازم نے اپنے موبائل میں عکسبند کرلی اور چینی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ وی چیٹ پر اپلوڈ کردی۔ اس نے لکھا کہ چونکہ بھینس حاملہ معلوم ہوتی ہے لہٰذا اس میں زندہ رہنے کی امنگ بہت زیادہ ہے۔

    ویڈیو کے وائرل ہوجانے کے بعد لوگوں نے مذبح خانے کے لیے 27 سو پاؤنڈز عطیہ کردیے کہ اسے بھینس کی قیمت سمجھ کر اسے آزاد کردیا جائے۔

    ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ لوگوں کے پرزور اصرار پر جب مذبح خانے کے مالک نے بھینس کو چھوڑنے پر رضا مندی کا اظہار کیا تو کچھ لوگ ایک ٹرک لے کر بھینس کو آزاد کروانے پہنچ گئے۔

    بھینس کو گولڈن لائن نامی عبادت گاہ کے قریب چھوڑا گیا تو اس موقع پر بھینس نے ایک بار پھر اپنے محسنوں کے سامنے ویسے ہی گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    لوگوں نے عبادت گاہ کی انتظامیہ کو 4 ہزار یو آن بھی دیے تاکہ بھینس کے اخراجات پورے کیے جاسکیں۔

  • ہرا چشمہ

    ہرا چشمہ

    مصنف: شرن مکڑ
    گؤ دان کی اپیل سن کر ایک سیٹھ نے گائے خیرات کی۔ جس شخص کو خیرات کی گائے ملی، وہ شہر کی گندی سی بستی میں رہنے والا ایک غریب مزدور تھا۔ اس کی کون سی زمین تھی جہاں ہری ہری گھاس اگتی۔ بستی کے آس پاس ہریالی کا نام و نشان نہ تھا۔

    خیرات میں اُسے گائے ملی تھی، گھاس نہیں۔ اس نے گائے کو کھلانے کے لیے سوکھی گھاس ڈالی۔ امیر کی گائے نے سوکھی گھاس دیکھ کر منہ پھیر لیا، وہ کسی حالت میں سوکھی گھاس کھانے کے لیے تیار نہیں تھی۔ آدمی نے اس کی پیٹھ پر پیار سے ہاتھ پھیر کے منت کی گائے ٹس سے مس نہ ہوئی۔

    وہ دو دن سے بھوک ہڑتال پر ڈٹی ہوئی تھی۔ مزدور ڈر رہا تھا کہ گائے کو کچھ ہوگیا تو گائے کی موت کا گناہ اس کے سر ہوگا۔ وہ دل ہی دل میں خوف زدہ ہو رہا تھا۔

    اسے اس طرح پریشان اور گائے کی منت سماجت کرتے دیکھ کر کسی نے اسے گائے کی آنکھوں پر ہرا چشمہ باندھنے کا مشورہ دیا۔ مزدور نے ایسا ہی کیا۔ ہری پٹی کی عینک بناکر اس نے گائے کی آنکھوں پر لگا دی۔ اب گائے کے سامنے سوکھی گھاس کی جگہ ہری گھاس تھی۔ وہ خوش ہوگئی۔

    مزدور اب خوش تھا لیکن اس کا پڑھا لکھا بے روزگار بیٹا اداس تھا۔ مزدور نے اس سے اداسی کا سبب پوچھا، وہ روہانسا سا ہوکر بولا۔ ”بابو! مجھے تو ایسا لگتا ہے جیسے ہم عوام بھی گائے ہیں۔ لوگ ہماری آنکھوں پر امیدوں کا ہرا چشمہ لگا کر ہم سے ووٹ لے جاتے ہیں اور ہم سوکھے کو ہریالی سمجھ لیتے ہیں۔“

  • ناک سے محروم ایک آنکھ والے گائے کے بچے کی پیدائش

    ناک سے محروم ایک آنکھ والے گائے کے بچے کی پیدائش

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں انوکھی شکل کے گائے کے بچے کی پیدائش ہوئی جو ناک اور ایک آنکھ سے محروم ہے، مقامی افراد نے بچھڑے کو خدا معجزہ سمجھ کر پوجا پاٹ شروع کردی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے علاقے رانا گھاٹ میں ایک روز قبل گائے نے ایک بچہ دیا جو دکھنے میں غیر معمولی تھا کیونکہ اس کی ایک آنکھ سر کے درمیان تھی اور ناک سے محروم تھا اور سر بھی دیگر کے مقابلے میں بہت عجیب تھا۔

    مقامی لوگوں نے جب بچھڑے کو دیکھا تو اسے اپنا مذہبی پیشوا و خدا کا معجزہ تسلیم کرکے عبادت شروع کردی، گائے کے مالک کا کہنا تھا کہ اُس کے گھر لوگوں کا تانتا بند وہا ہے جو زیارت اور پوجا کے لیے آرہے ہیں اور بھاری نذرانے دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عجیب الخلقت بچھڑے کی ماں اپنے بچے سے محبت کا اظہار کررہی ہے جبکہ مقامی افراد اس کی پوجا کررہے ہیں۔

    مغربی بنگال کے ایک باسی کا کہنا تھا کہ گردن پر سب کچھ درست ہے لیکن سر بے ہنگم یا کریہہ النظر ہے، گاؤں کی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ’میں نے ایسا عجیب الخلقت جانور پہلی بار دیکھا ہے‘۔

    گائے کے مالک کا کہنا تھا کہ ’پڑوسی گاؤں کے رہائشی بھی بچھڑے سے متعلق سن کر میرے گھر آرہے ہیں اور مجھ سے گائے کے بچے کی پوجا کی اجازت مانگ رہے ہیں‘۔

    مالک کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کا خیال ہے کہ یہ خدا کا معجزہ ہے اور ہمارا خیال ہے کہ بھگوان برہما نے اس اوتار کو ہمارے گھر میں بھیجا ہے‘۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں ایک آنکھ والے عجیب الخلقت بچھڑے کی پیدائش

    یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک آنکھ والا اصول فطرت سے ہٹی ہوئی خلقت والا بچہ پیدا ہوا تھا جس کی ایک آنکھ اور ہندو برادری کے افراد نے اسے خدا کا اوتار سمجھ کر لوگوں کو پوجا کرنے کی اجازت شروع کردی تھی۔

  • گائے کا خون پینے کی انوکھی روایت

    گائے کا خون پینے کی انوکھی روایت

    دنیا بھر میں کھانے پینے کے حوالے سے ایسی انوکھی روایات پائی جاتی ہیں جو دیگر افراد کے لیے حیران کن ہوتی ہیں، لیکن بعض روایات ایسی بھی ہوتی ہیں جو دیگر افراد کو کراہیت میں مبتلا کرسکتی ہیں۔

    کینیا میں ایسی ہی ایک روایت گائے کا خون پینے کی ہے۔

    افریقی ملک کینیا میں یہ روایت صدیوں پرانی ہے، صدیوں قبل مختلف خانہ بدوش قبائل جب صحراؤں میں سفر کرتے تھے تو پانی اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے گائے کا خون پیا کرتے تھے۔

    گائے کا خون ان کی جسمانی توانائی بحال کردیتا اور وہ صحرا میں کئی کئی دن بغیر کچھ کھائے پیے صرف اس خون کے سہارے سفر کیا کرتے تھے۔

    یہ روایت آج بھی کینیا کے جنگجو ماسائی قبیلے میں موجود ہے۔ آج کے جدید دور میں جب یہاں کسی تہوار کا انعقاد ہوتا ہے تو اس موقع پر گائے کا خون پیا جاتا ہے۔

    اس کے لیے گائے کو ہلاک نہیں کیا جاتا بلکہ گائے کے جسم پر زخم لگا کر اس سے نکلتے خون کو ایک مخصوص برتن میں جمع کرلیا جاتا ہے اور پھر فوراً اسے پیا جاتا ہے۔ لوگ اس خون کو دودھ کے ساتھ ملا کر بہت شوق سے نوش کرتے ہیں۔

    اس مشروب کو نہایت طاقتور اور غذائیت بھرا خیال کیا جاتا ہے۔ قبیلے کے چھوٹے بچوں اور حاملہ خواتین کو باقاعدگی سے یہ خون پلایا جاتا ہے۔

    دوسری جانب اس خون کو بطور مشروب استعمال کرنے کا تعلق اس قبیلے کی روحانی و مذہبی عقیدت سے بھی ہے۔ قبیلے کے لوگ نہایت عقیدت و احترام سے یہ مشروب نوش کرتے ہیں۔