Tag: گالف

  • دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ نے گالف ٹورنامنٹ جیت لیا

    کراچی: دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ نے 12 واں رشید ڈی حبیب قومی رینکنگ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے وحید بلوچ نے 11 انڈر پار کے ساتھ 12 واں رشید ڈی حبیب قومی رینکنگ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا، محمد شہزاد نے دوسری اور شبیر اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    کراچی گالف کلب میں بینک الحبیب کے تعاون سے ہونے والا 4 روزہ رشید ڈی حبیب گالف ٹورنامنٹ دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ کی جیت پر اختتام پذیر ہوا۔

    ایونٹ کے آخری روز کراچی گالف کلب کے وحید بلوچ چھائے رہے، وحید بلوچ نے 72 ہولز کے بعد 11 انڈر پار کے ساتھ مسلسل دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کیا۔

    کراچی کے محمد شہزاد 10 انڈر پار کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد کے شبیر اقبال 8 انڈر پار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

    ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ روپے رکھی گئی تھی، فاتح گالفر وحید بلوچ کو ٹرافی اور 9 لاکھ 28 ہزار روپے دیے گئے، جب کہ ہول اِن وَن کرنے پر 14 سالہ اشعث امجد کو کار کی چابی دی گئی۔

    مہمانِ خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے بینک الحبیب کے چیئرمین عباس ڈی حبیب کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔

    ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ بہت شان دار رہا، گالف کے فروغ میں بینک الحبیب کا کردار نمایاں ہے، پاکستان نیوی ایسی کاوش کو سراہتا ہے۔

    ایڈمرل امجد خان نیازی اور چیئرمین بینک الحبیب عباس ڈی حبیب نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ہفتے کے دن 14 سالہ اشعث امجد نے بلیو کورس کے 13 ویں ہول میں ’ہول اِن ون‘ کر کے بہترین کامیابی حاصل کی تھی۔ اشعث امجد جونیئر کیٹگری لیڈر بورڈ میں 9 اوور پار کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ بینک الحبیب کی جانب سے اشعث کو نئی ٹویوٹا کار انعام میں دی گئی ہے۔

  • گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل علی بنگش نے اپنے نام کرلیا

    گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل علی بنگش نے اپنے نام کرلیا

    اسلام آباد: گارڈن سٹی گالف کلب کے علی بنگش نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایمچیور گالف چمپئن شپ جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق علی بنگش نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایمچیور گالف چمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ 204 کے اسکور کے ساتھ کرنل نسیم نے نیٹ کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

    گراس کیٹیگری میں رضوان جاوید نے پہلی، امیر خواجہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، ہینڈی کیپ 6 اور کم نیٹ کیٹیگری میں افضل احمد نے پہلی پوزیشن لی، طارق محمود نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

    گراس کیٹیگری میں تیمور خان نے پہلی جبکہ ضیا علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، لیڈیز نیٹ کیٹیگری میں ایمان علی 138 کے اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن پر رہی، فرناز باجوہ نے 146 کے سکور کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

    لیڈیز گراس کیٹیگری میں تیانگ جن نے پہلی جبکہ طاہرہ نزیر نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جونیئرز نیٹ کیٹیگری میں ماسٹرز ارتضیٰ حسین نے پہلی جبکہ حمزہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جونیئرز گراس میں مصطفیٰ لال پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    میڈیا لیڈیز کیٹگری میں ابتک سے بشریٰ گل نے پہلی پوزیشن لی، سابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

  • قاسم علی خان نے گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا

    قاسم علی خان نے گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا

    لاہور: لاہور جم خانہ کے قاسم علی خان نے گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا، دفاعی چیمپئن سردار مراد خان اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور جم خانہ گالف کورس پر ہونے والے تین روزہ ٹورنامنٹ میں قاسم علی نے 213 نیٹ اسکور کے ساتھ کامیابی حاصل کی، لاہور جم خانہ کے کیپٹن گالف عمر جاوید ضیا رنرز اپ جبکہ رضوان رئیس خان تیسرے نمبر پر رہے۔

    امیچور گراس میں حسنین احمد، جونئیر نیٹ میں پی اے ایف کے احمد، سینئرز نیٹ میں میجر قاسم قریشی، ویٹرنز نیٹ میں اعجاز ملک اور لیڈیز نیٹ میں میمونہ تارڑنے کامیابی حاصل کی۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ مذہبی ٹورازم کو ترقی دے رہے ہیں جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوگی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے علاوہ پاکستان دیگر شعبوں میں بھی ترقی کررہا ہے، ملک میں بین الاقوامی سرگرمیاں بحال ہونے کی سب سے بڑی وجہ امن وامان کی صورت حال بہتر ہونا ہے جس کا کریڈٹ تمام متعلقہ اداروں کو جاتا ہے۔

  • مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    اوٹاوا/واشنگٹن : کینیڈین پبلیشنگ کمپنی نے مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش پر گولف کھیلتے ٹرمپ کی ڈرائنگ بنانے والے کارٹونسٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 جون کو امریکا اور میکسیکو کے بارڈر پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران دریائے ریو گرینڈے میں پانی کی لہروں میں چل بسنے والے ایل سلواڈور کے مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ پانی کی لہروں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایل سلواڈور کے 25 سالہ آسکر البرٹو اور ان کی 2 سالہ بیٹی کی پانی میں تیرتی لاش کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں غم کی لہر چھاگئی تھی اور لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا اور میکسیکو کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے وسطی اور شمالی امریکی ممالک کے سیکڑوں مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران یا تو گرفتار ہو جاتے ہیں یا پھر وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    ایل سلواڈور کے مہاجر والد اور ان کی بیٹی کی موت کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کینیڈا کے ایک کارٹونسٹ نے باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈرائنگ تیار کی تھی۔

    کینیڈین کارٹونسٹ مائیکل ڈی آدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ڈرائنگ 26 جون کو ہی بنائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، مائیکل ڈی آدر نے اپنی ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر پر گولف کھیلنے کے لیے تیار دکھایا گیا تھا۔

    ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں گولف ریکٹ دکھائی گئی تھی اور انہیں گولف گاڑی کے ساتھ مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش کے قریب پہنچ کر پریشان دکھایا گیا تھا،ساتھ ہی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مرنے والے باپ اور بیٹی کو تعجب سے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا اور ڈرائنگ میں امریکی صدر کی جانب سے سوالیہ جملہ لکھا گیا تھا کہ ’اگر آپ برا نہ منائیں تو میں آپ کی لاشوں پر گولف کھیل لوں‘۔

    مائیکل ڈی آدر کی یہ ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد اب انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، مائیکل ڈی آردر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی بنائی گئی ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد ان کا کام کرنے کا فری لانس معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔

  • پاکستان میں گیارہ سال بعد ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئین شپ کی واپسی

    پاکستان میں گیارہ سال بعد ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئین شپ کی واپسی

    کراچی: پاکستان میں گیارہ سال بعد ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئین شپ کا انعقاد کیا جارہا ہے، میگا ایونٹ آج سے کراچی گالف کلب میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی گالف کلب میں شروع ہونے والی ایشین ٹور اوپن گالف چیمپیئن شپ میں پاکستان سمیت اٹھارہ ممالک کے ایک سو بیس گالفرز مختلف کیٹیگری کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    میگا ایونٹ کی انعامی رقم تین لاکھ ڈالر ہے۔ بھارت کے پروفیشنل گالفروجے سنگھ، ہنی بسیوا اور چراغ کمار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

    چیمپیئن شپ کا فائنل چودہ اکتوبر کو ہوگا، جبکہ تمام کھلاڑی میگا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    نیول چیف اسٹاف ایشین ٹوراوپن گالف چیمپئن شپ، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے انعامات تقسیم کیے

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ یو ایم اے چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس کا ٹائٹل شبیر اقبال نے اپنے نام کیا تھا، ویمنز کیٹیگری میں آنیا فاروق فاتح رہی تھیں۔

    وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کامیاب گالفرز میں انعامات تقسیم کیے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کراچی گالف کلب میں نیول چیف اسٹاف ایشین ٹوراوپن گالف چیمپئن شپ چار روز پر مشتمل تھی، جس میں ملک بھر سے چھ سو سے زائد بہترین گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا تھا۔

  • گالف کےعظیم کھلاڑی ’آرنالڈ پامر‘اب ہم میں نہیں رہے

    گالف کےعظیم کھلاڑی ’آرنالڈ پامر‘اب ہم میں نہیں رہے

    پینسلوینیا: امریکی ریاست پینسلوینیامیں گالف کی دنیا کے عظیم کھلاڑی آرنالڈ پامر 87 سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کےمطابق گالف کھیل میں ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر جانےوالے پامر پینسلوینیا کے یو پی ایم سی اسپتال میں انتقال کرگئے جہاں ان کا امراض قلب کا علاج چل رہا تھا۔

    arnold-post-1

    دی یونائٹید اسٹیٹ گولف ایسوسی ایشن نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے ان کی موت کی تصدیق کی ہے اور انہیں’گولف کا عظیم ترین سفارت کار بتایا ہے۔‘

    خیال رہے کہ انہوں نے گالف کے طویل کیریئر کے دوران دنیا بھر میں 90 سے زیادہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔ arnold-post-2 معروف امریکی گولف کھلاڑی ٹائیگر وڈ نے انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’آرنالڈ آپ کی دوستی، مشورے اور خوب ہنسانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ آپ کی انسان دوستی اور عاجزی آپ کی عظیم زندگی کا حصہ ہیں۔

    یاد رہے کہ معروف امریکی گولف کھلاڑی ٹائیگر وڈ نے رواں ماہ دس ستمبر کو گالف کی دنیا کے عظیم کھلاڑی کو سالگرہ کی مبارکباد دی تھی۔

    واضح رہے کہ 1950 اور 1960 کے اوائل میں پامرگالف کے ایسے کھلاڑی تھے جن کا مکمل غلبہ ہوا کرتا تھا۔