Tag: گاڑیاں نذر آتش

  • ہیوی گاڑیاں نذر آتش، گورنر سندھ نے امن و امان کی بگڑی صورت حال کا نوٹس لے لیا

    ہیوی گاڑیاں نذر آتش، گورنر سندھ نے امن و امان کی بگڑی صورت حال کا نوٹس لے لیا

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ہیوی گاڑیاں نذر آتش ہونے کے بعد شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال کا نوٹس لے لیا ہے۔

    گورنر کامران ٹیسوری نے آئی جی سندھ سے رابطہ کر کے واقعے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شہر کا امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، اور بھائی سے بھائی کو لڑانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    وزیر داخلہ سندھ نے بھی گاڑیوں کو آگ لگائے جانے کا نوٹس لے لیا ہے، ضیا لنجار نے کہا ڈمپرز حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو گرفتار کرنے کے واضح احکامات ہیں، کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، جو بھی شہر کا امن خراب کرنے اور دہشت پھیلانے میں ملوث ہے گرفتار کیا جائے گا۔


    نارتھ کراچی حادثہ : مشتعل افراد نے 10 ٹرک اور ڈمپروں کو جلا دیا


    واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے مشتعل افراد نے 5 ڈمپرز سمیت 10 گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور ناگن چورنگی سے مختلف گاڑیوں کو ٹکریں مارتا ہوا آ رہا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پاور ہاؤس کے قریب پانچ ڈمپروں کو آگ لگائی۔

    مدیحہ اسٹاپ پر پانی کے 3 ٹینکروں اور ٹرک کو بھی آگ لگائی گئی، سرجانی ٹاؤن بابا موڑ پر بھی ٹینکر نذر آتش کیا گیا، مشتعل افراد نے ڈمپر مافیا کے خلاف احتجاج بھی کیا، جسے پولیس نے منتشر کر دیا، دوسری طرف گاڑیاں جلائے جانے پر ڈمپر مالکان نے بھی احتجاج کیا، جسے پولیس سے مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔

  • سعودی عرب : پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں پراسرار طور پر جل کر تباہ

    سعودی عرب : پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں پراسرار طور پر جل کر تباہ

    ریاض: سعودی شہر ینبع میں نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر حملے شروع کردیے، ملزمان نے درجنوں گاڑیاں آگ لگادیں۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ امید ظاہر کی گئی ہے کہ جلد نامعلوم افراد کی گرفتاریاں عمل میں آئیں گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ینبع میں رات کے وقت پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ لگانے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ درجنوں گاڑیاں جل کر راکھ ہوگئیں۔ متعلقہ اداروں نے گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے۔

    تحقیقاتی اداروں کو شبہ ہے کہ مذکورہ حملہ تخریب کاری کا بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    فائر فائٹرز کی ٹیموں نے واقعے کے فوراً بعد ہی ریسکیو آپریشن کا عمل شروع کردیا تھا بصورت دیگر مزید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

    پولیس نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • کراچی: 24 گھنٹوں میں 6 گاڑیاں نذر آتش، آئی جی سندھ کا نوٹس

    کراچی: 24 گھنٹوں میں 6 گاڑیاں نذر آتش، آئی جی سندھ کا نوٹس

    کراچی: آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے شہر میں نامعلوم افراد کی جانب سے گزشتہ روز سے گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے شرپسند عناصر کی نشاندہی کی معلومات دینے کے لیے اپیل کردی۔

    Four buses, one truck burnt to ashes by arynews
    تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے 6 گاڑیاں نذر آتش کردی ہیں۔ گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز ایک دم شروع ہوا اور مختلف علاقوں لی مارکیٹ، بفرزون، لیبر اسکوائر اور ایف بی ایریا میں گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا تاہم کچھ دیر قبل منزل پمپ اور لانڈھی کے علاقوں میں بھی 2 گاڑیاں نذر آتش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔

    آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے شہر میں گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ ’’شرپسند عناصر کی اطلاع دینے والوں کو پولیس کی جانب سے 1 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا اور اُن کا نام صیغہ راز میں بھی رکھا جائے گا‘‘۔

    پڑھیں: کراچی میں بانی متحدہ کے حق میں اورفاروق ستارکیخلاف بینرز آویزاں

    بعد ازاں آج لانڈھی 6 نمبر پر کار میں آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم ایس پی لانڈھی نے اس حادثے کو شارٹ سرکٹ کی وجہ قرار دیا جبکہ نیشنل ہائی وے کے قریب منزل پمپ پر نامعلوم افراد کی جانب سے کوسٹر (بس) کو آگ لگا دی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں:     اہلیان کراچی کیجانب سے جو ملک کاغدارہے، وہ موت کاحقدارہے، کے بینرز آویزاں

    گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد کے علاقے بفرزون کے سیکٹر 15 اے 4 میں واقع مسافر بس کے آخری اسٹاپ پر کھڑی بس کو آگ لگا دی گئی تھی جبکہ لی مارکیٹ میں بھی مسافر بس نذر آتش کرنے اور لیبر اسکوائر میں بھی مسافر بس کو نذر آتش کرنے کے واقعات پیش آئے تھے  علاوہ ازیں فیڈرل بی ایریا یو بی ایل کمپلیکس کے قریب ترقیاتی کام کرنے والے ٹرک میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:   نامعلوم افراد بینرز لگا رہے ہیں،اللہ ان کو ہدایت دے،فاروق ستار

    یاد رہے کراچی میں گزشتہ تین روز سے نامعلوم افراد کافی سرگرم ہیں جن کی جانب سے پہلے سندھ ہائی کورٹ کے باہر دھمکی آمیز بینرز آویزاں کیے گئے تھے بعد ازاں اہلیانِ کراچی کے نام سے جوابی بینرز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں آویزاں کیے گئے تاہم شہر کی اہم ترین شاہراہ پر بھی حکومت گمشدگی کے بینرز آویزاں کیے گئے تھے جن پر رہنماء تحریک انصاف فیصل واؤڈا کی تصاویر اور نام تحریر تھا۔