کراچی میں گاڑیاں چوری اور چھینے کی وارداتوں میں کباڑیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اے وی ایل سی محمد کلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ حکام کے حکم پر کباڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ گاڑیاں چوری اور چھینے کی وارداتوں میں کباڑیے ملوث ہیں۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد اے وی ایل سی نے گاڑیوں کے کباڑیوں کے گروہ کو پکڑا ہے۔ اے وی ایل سی لیاری نے موٹر سائیکل کے کباڑیوں کے گروہ کو حراست میں لیا ہے۔
گزشتہ دنوں ایک زخمی ملزم کا ریکارڈ چیک کیا گیا، ملزم کے ریکارڈ میں ایک گاڑی چوری کی واردات سامنے آئی تھی۔ ملزم کے لنک سے ایک اور ملزم راجہ کباڑیے کو گرفتار کیا گیا۔
محمد کلیم نے کہا کہ ملزم راجہ کباڑیہ چوری اور چھینی ہوئی گاڑیاں لیتا تھا۔ ملزمان گاڑیوں اور رکشے میں تبدیلی کر کے یا پرزوں میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان سے 4 گاڑیاں، ایک ڈھانچہ اور بڑی تعداد میں اسپیئرپارٹس ملے ہیں،
ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے زیادہ گاڑیاں پنچ کر کے فروخت کردی ہیں۔ لیاری سے 3 موٹر سائیکل لفٹر گرفتار کیے، نشاندہی پر4 کباڑیوں کو پکڑا۔
انھوں نے کہا کہ ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کے طور پر کام کرتے ہیں۔ ان کاررائیوں کے بعد چوری کی وارداتوں میں کمی آئے گی، شہر میں ٹول پلازہ سمیت 31 باہر جانے کے راستے ہیں۔ 2 گروپوں کے 17 ملزمان اب تک گرفتار ہوچکے، کچھ پہلے بھی جیل جاچکے ہیں۔
محمد کلیم کا کہنا تھا کہ راجہ کباڑیے نے اعتراف کیا کہ اب تک 20 سے زائد گاڑیاں غائب کیں۔ ملزمان پرانی کار ڈیڑھ لاکھ کی خریدتے، 10 ہزار منافع پر فروخت کر دیتے تھے۔