Tag: گاڑیاں

  • شائقین کے لیے خوش خبری، ’آئرن مین‘ کی کار مارکیٹ میں متعارف

    شائقین کے لیے خوش خبری، ’آئرن مین‘ کی کار مارکیٹ میں متعارف

    جرمنی: ہالی ووڈ کی مشہور و معروف فلم Avengers Endgame میں آئرن مین نے جو کار چلائی تھی، وہ اب حقیقت میں بھی مارکیٹ میں متعارف کرا دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئرن مین کی کار ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور (Audi e-tron GT) مارکیٹ میں متعارف کرا دی گئی، معروف جرمن آٹو موبائل مینوفیکچرر آڈی کی یہ کار بھی ہائی پروفائل فلمی کرداروں میں دکھائی جانے والی مستقبل کی جدید ترین کاروں کی تیاری کا تسلسل ہے۔

    ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور نامی یہ جدید ترین الیکٹرک کار اپریل 2019 کی فلم ایونجرز اِنڈ گیم میں ٹونی سٹارک (رابرٹ ڈونی جونیئر) نے چلائی تھی، اور تقریباً دو سال بعد ہی آڈی نے یہ کار ڈیلر شورومز پہنچا دی ہے۔

    آڈی نے ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور الیکٹرک کار کے اس نئے ورژن کی قیمت 1 لاکھ 33 ہزار 105 برطانوی پاؤنڈ مقرر کی ہے جو کہ گزشتہ ورژن سے تقریباً دوگنی ہے۔

    دنیا کی تیز ترین الیکٹرک کار تیار

    اس گاڑی کی خصوصیات میں صرف 3.3 سیکنڈ کے سپر کار پرفارمنس وقت میں 62 میل فی گھنٹہ رفتار سے آغاز کرنا اور 296 میل تک کی حد سے لطف اندوز ہونا شامل ہے۔

    ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور کا گیس یا زہریلے مادوں کا اخراج صفر ہے اس لیے اس کار کے استعمال سے آلودگی میں کمی آئے گی، ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈونی جونیئر نے بیٹری سے چلنے والی جی ٹی کا ابتدائی پروٹو ٹائپ چلایا۔

  • کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت سٹی: کویت میں گاڑیوں سے سائلنسر تبدیل کرنے کے جرم میں گیراج مالکان قانون کی گرفت میں آگئے، سینکڑوں گیراج مالکان کو چالان جاری کردیے گئے۔

    کویتی ویب سائٹ کے مطابق گیراجوں اور گاڑیوں کے آلات بیچنے والی دکانوں پر آواز تبدیل کرنے والے سائلنسر فروخت کرنے کے جرم میں مالکان کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔

    سیکریٹری برائے داخلہ لیفٹننٹ جنرل عسام النہم کی ہدایت پر دکانوں اور گیراجوں کے مالکان کو صوتی آلات نصب کرنے کے جرم میں 57 چالان جاری کیے گئے۔ یہ چالان وزارت داخلہ نے وزارت تجارت و صنعت کے تعاون سے جاری کیے ہیں۔

    ان صوتی آلات کی تنصیب کے نتیجے میں گاڑیوں سے دوران ڈرائیونگ تیز آواز نکلتی ہے جو دوسروں کو اذیت پہنچاتی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے جنرل محکمہ نے کہا ہے کہ محکمہ اس غیر معمولی رجحان کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور لاپرواہ ڈرائیورز کے خلاف قانونی اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

    جی ڈی ٹی کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے ہوں گے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔

  • گاڑیوں کی جعلی نیلامی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب

    گاڑیوں کی جعلی نیلامی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب

    لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور جعلی نیلامی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب کردی، ملزمان نے ویسپا موٹر سائیکلوں کے نمبر پر لوڈر ٹرک رجسٹر کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور جعلی نیلامی کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہوگئی۔ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ ای ٹی او اور ایکسائز انسپکٹر سمیت 3 افسران کے خلاف پرچہ درج کرلیا گیا۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ مفاد کنندگان کی ملی بھگت کر کے جعلی نیلامی پر گاڑیاں رجسٹر کی گئیں، نیلامی کے لیے سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا، ملزمان نے جعلی اور بوگس واؤچر پر 465 گاڑیاں رجسٹر کیں۔

    ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق 30 ہزار جعلی لوڈر بسیں اور ٹرک مارکیٹ میں موجود ہیں، ویسپا اسکوٹر کے نمبر پر مارکیٹ میں ٹرک چل رہے ہیں۔ ایکسائز ریکارڈ میں واسا کی موٹر سائیکل کے نمبر پر لوڈر ٹرک چل رہا ہے۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے پروگرامر سے مل کر سیریز منتقل کی، مقدمے میں نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

  • لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی گاڑیاں ساڑھے 4 کروڑ کا پیٹرول پی گئیں

    لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی گاڑیاں ساڑھے 4 کروڑ کا پیٹرول پی گئیں

    لاہور: لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی 19 گاڑیوں میں 2 سال میں ساڑھے 4 کروڑ کا پیٹرول لگا، گاڑیوں کی مرمت پر 70 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز کے مطالبے پر پنجاب اسمبلی میں ایک رپورٹ جمع کروائی ہے جس کے مطابق لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی 19 گاڑیوں میں 2 سال میں ساڑھے 4 کروڑ کا پیٹرول لگا۔

    رپورٹ کے مطابق لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے پاس کل 19 گاڑیاں ہیں 19 گاڑیاں ہیں جن کی ری پیئرنگ پر 70 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 18-2017 کے دوران گاڑیوں کے پیٹرول کی مد میں 3 کروڑ روپے خرچ ہوئے، 19-2018 میں پیٹرول کی مد میں 1 کروڑ 50 لاکھ خرچ ہوئے۔

    اسی طرح مالی سال 18-2017 میں گاڑیوں کی مرمت پر 40 لاکھ اور 19-2018 میں 30 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

  • کرونا وائرس: گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی

    کرونا وائرس: گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی

    کراچی: کرونا وائرس نے جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے وہیں آٹو سیکٹر پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں، رواں برس گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، ٹریکٹر، ٹرک اور بسوں کی فروخت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا کے لاک ڈاؤن کے باعث مارچ میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 22 ہزار 783 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ رواں برس مارچ میں صرف 6 ہزار 830 مقامی گاڑیاں ہی فروخت ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 47 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

    گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ میں 1 لاکھ 85 ہزار 23 یونٹس فروخت کیے گئے جبکہ رواں مالی سال یہ تعداد صرف 97 ہزار 664 یونٹ رہی۔

    رپورٹ کے مطابق رواں برس مارچ میں موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 1 لاکھ 38 ہزار 10 موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں جبکہ رواں برس مارچ میں یہ تعداد صرف 89 ہزار 131 رہی۔

    گزشتہ ماہ ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 5 ہزار 729 جبکہ مارچ 2020 میں صرف 2 ہزار 918 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔

    اسی طرح مارچ 2020 میں ٹرک اور بس کی فروخت میں بھی 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 492 جبکہ مارچ 2020 میں صرف 342 یونٹس فروخت ہوئے۔

  • پاکستان میں بننے والی گاڑیوں کو اسٹینڈرڈز کے نظام میں شامل کیا جائے گا

    پاکستان میں بننے والی گاڑیوں کو اسٹینڈرڈز کے نظام میں شامل کیا جائے گا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بننے والی گاڑیوں کو اسٹینڈرڈز کے نظام میں شامل کیا جائے گا۔

    یہ بات انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی، انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان میں معیار پر بڑی اصلاحات لانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، فوڈ اور الیکٹرونکس کے بعد اب پاکستان میں بننے والی گاڑیوں کو بھی اسٹنڈرڈز کے نظام میں شامل کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر نے کے مطابق اسٹینڈرڈز کے سلسلے میں 26 فروری کو آل پاکستان آٹو موبائلز ایسوسی ایشن اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ مالی سال 20-2019 کی پہلی ششماہی گاڑیوں کے شعبے کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی ہے، جس میں گاڑیوں کی فروخت 43.2 فی صد کمی کے ساتھ 59 ہزار یونٹس ہو گئی، جب کہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران گاڑیوں کی فروخت ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد یونٹس تھی۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی فروخت میں کمی کا سبب روپے کی قدر میں کمی ہے، جس کی وجہ سے مقامی کاریں مہنگی ہوئیں۔ ادھر آٹو انڈسٹری کی سیلز میں نمایاں کمی ہونے کی وجہ سے اس شعبے میں ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ دوسری طرف صارفین بھی یہ شکوہ کر رہے ہیں کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں غیر معیاری گاڑیوں کے دام مہنگے وصول کر رہی ہیں اور گاڑیوں میں سیفٹی فیچرز بھی خاطر خواہ نہیں ہوتے۔

  • گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کی بجائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری

    گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کی بجائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری

    کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس کی بہ جائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں موٹر وہیکل رجسٹریشن بکس کی جگہ خصوصی سیکورٹی فیچرز کے حامل اسمارٹ MVR کارڈز متعارف کرانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سندھ موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم پر بحث کی گئی، بعد ازاں کابینہ نے اس اہم منصوبے کی منظوری دے دی۔

    مذکورہ اہم ترمیم کا مقصد گاڑیوں کے لیے رجسٹریشن بُک جاری کرنے کی بہ جائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کیا جانا ہے جس میں خصوصی سیکورٹی فیچرز ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 10 ہزار روپے ٹوکن ٹیکس کی تجویز منظور

    اسمارٹ کارڈ کی فیس 750 روپے ہوگی جب کہ کارڈ گم ہونے کی صورت میں ڈپلیکیٹ کارڈ کی فیس 800 روپے ہوگی، واضح رہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن بُک کی فیس 1000 روپے تھی۔

    کابینہ اجلاس میں شہر کے 253 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی منظوری دی گئی، اس سلسلے میں عبادت گاہوں کو خصوصی طور پر مدِ نظر رکھا گیا، اور کہا گیا کہ مندر، چرچ، گوردواروں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

    اس سلسلے میں اجلاس میں این آر ٹی سی کو کنٹریکٹ دینے کے لیے سیپرا رولز میں رعایت کی بھی منظوری دی گئی۔

    کابینہ میں گرین لائن کو سرجانی ٹاؤن اور نمایش کے بی آرٹی ایس پروجیکٹ کے لیے مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے لیے اب محکمہ بلدیات کے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • پنجاب حکومت کا 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کے لیے 77 نئی گاڑیاں خریدنے کی ابتدائی منظوری دے دی جس کے بعد سمری محکمہ خزانہ کو بھجوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سمری کی ابتدائی منظوری دے دی۔

    گاڑیوں کی خریداری کی سمری 29 مارچ کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے محکمہ خزانہ کو بھجوائی تھی۔ محکمے نے وزیر اعلیٰ کی منظوری کے تناظر میں سپلیمنٹری گرانٹ مانگ لی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے فنڈز کے لیے محکمہ کو آسٹریٹی کمیٹی میں جانے کا کہا، محکمے نے فنڈز کے اجرا کے لیے سمری محکمہ خزانہ پنجاب کو بھجوائی۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے گاڑیاں خریدنے کو صرف محکمانہ تجویز قرار دیا تھا، شہباز گل کا مؤقف تھا کہ کئی محکموں نے درخواست کی جسے مسترد کیا گیا تھا۔

    وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نئی گاڑیوں کے فیصلے کو تجویز کہا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ گاڑیاں خریدنے کی تجویز آئی تھی جسے مسترد کیا گیا تھا تاہم اب منظر عام پر آنے والی دستاویزات نے پنجاب اور وفاق کے ترجمانوں کی نفی کردی۔

    سمری میں کہا گیا ہے کہ گاڑیاں پارلیمانی سیکریٹریز اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو دینی ہیں، وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد سمری محکمہ خزانہ کو بھجوائی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل بھی منظور کیا گیا تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سمری روکنے کا حکم دیا تھا۔

  • امریکا نے یورپی کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپ بھی جواب دے گا، یورپی ہائی کمشنر

    امریکا نے یورپی کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپ بھی جواب دے گا، یورپی ہائی کمشنر

    برسلز : یورپی یونین کے ہائی کمشنر جین کلاؤڈ جنکر نے کہا ہے کہ امریکا جولائی میں برسلز اور واشنگٹن کے ہونے والی ملاقات کے بعد یورپی ساختہ گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک کی مصنوعات خصوصاً گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کیے جانے پر امریکا کو بھرپور جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔

    یورپی یونین کے ہائی کمشنر جین کلاؤڈ جنکر نے جمعہ کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ ایک ماہ قبل امریکا اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ٹرمپ انتظامیہ یورپی ساختہ گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    یورپی یونین کے ہائی کمشنر نے جرمن نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں پر محصولات عائد کرے گا تو یورپ بھی اس کا جواب دے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل یورپی یونین کے سربراہ برائے تجارت سیسیلیا ملسٹروم نے اعلان کیا تھا کہ یورپ امریکی ساختہ گاڑیوں پر لگائے جانے والے محصولات ختم کرنے کو تیار ہے۔

    یورپی ہائی کمشنر برائے تجارت نے یورپی یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو ترک کرکے یورپی ساختہ گاڑیوں پر عائد حصولات ختم کرتا ہے تو یورپ بھی امریکا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر عائد ٹیکس ختم کردے گا۔

    یاد رہے کہ 25 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی اشیاء پر نئے محصولات عائد کیے جانے کے حوالے سے یورپی کمیشن کے چیف جین کلاؤڈ جنکر کے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں سربراہوں نے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    امریکا کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے یورپ اور امریکا کے درمیان نئے تعلقات، بغیر ٹیکس کے تجارت کرنے کے ساتھ ساتھ سروس سیکٹر اور زراعت کے شعبے میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے جس میں امریکا کی سویا بھی شامل ہے۔