Tag: گاڑی کو حادثہ

  • اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب الم ناک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب الم ناک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

    راولپنڈی: اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 8 افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب ایک کار کو الم ناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں بارہ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا ہائی ایس وین کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، گاڑی ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرا کر الٹی اور اس میں آگ لگ گئی جس سے دس افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر ملک نے بتایا کہ حادثے کی شکار گاڑی سرگودھا سے راولپنڈی جا رہی تھی، وہ تیز رفتاری سے آ کر ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرائی، اور اس میں فوراً ہی آگ بھڑک اٹھی، گاڑی میں موجود افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دادو میں خطرناک ٹریفک حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 20 زخمی

    نمائندے کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں کی حالت بھی جلنے کی وجہ سے تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    ڈی آئی جی موٹر وے اشفاق احمد نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ وین جس تیز رفتاری سے آ کر دیوار سے ٹکرائی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ شاید ڈرائیور سو گیا تھا۔

  • سابق کرکٹر محمد آصف کی گاڑی کو حادثہ، آصف اور اہلیہ  سمیت دو بیٹیاں زخمی

    سابق کرکٹر محمد آصف کی گاڑی کو حادثہ، آصف اور اہلیہ سمیت دو بیٹیاں زخمی

    لاہور : ڈیفنس میں سابق کرکٹر محمد آصف کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی . جس کے باعث محمد آصف ، اہلیہ اور دو بیٹیاں زخمی ہوئی ، زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیزون میں رات گئے کرکٹر محمد آصف کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، حادثے میں محمد آصف،اہلیہ اور دو بیٹیاں زخمی ہوئی۔

    ریسکیو نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں سٹی سکین کی مشین کا اسٹاف نہ ہونے پرانہیں سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کے سٹی سکین کئے گئے۔

    کرکٹر محمد آصف کے مطابق تیزرفتارگاڑی سے بچنے کی کوشش میں ان کی کار فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    ڈاکٹروں کے مطابق چاروں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

    خیال رہے  2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل  پاکستان کے تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمدعامر ملوث پائے گئے تھے جس پر انہیں 5 سال کے لیے ہر طرز کی کرکٹ سے دور کردیا گیا تھا، صرف اتنا ہی نہیں دھوکہ دہی کیس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو برطانیہ میں جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔

    کرکٹر محمد آصف سزا پوری کرنے کے بعد وہ اب واپڈا کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    یاد رہے سلمان بٹ اور محمد آصف نے بھی باضابطہ طور اپنے جرم کا اعتراف کیا اور قوم سے معافی مانگی تھی، آئی سی سی کو درخواست دینے کے بعد سلمان بٹ کی پانچ سال معطلی اور محمد آصف کی دو سال معطلی کی سزا ختم کردی گئی اور  19جون 2015  کو آئی سی سی نے اعلان کیا کہ تینوں کرکٹرز 5سال کی پابندی ختم ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے آزاد ہوں گے۔

  • ڈی آئی خان، کار کھائی میں جا گری، چھ افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان، کار کھائی میں جا گری، چھ افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان: ڈی آئی خان بلوچستان روڈ پر نیم قبائلی علاقہ سے ملحقہ دانا سر کے مقام پر کار گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث دو خواتین اور ایک بچے سمیت 6افراد جاں بحق جب کہ ایک بچہ زخمی ہو گیا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان سے اے ۤآر وائی نیوز کے رپورٹر محمد عرفان مغل کے مطابق بدقسمت خاندان صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان آرہا تھا کہ گاڑی دانا سر کے علاقے میں واقع ایک کھائی میں جا گری جس کے باعث گاڑی میں سوار سراج الدین خروٹی’خدائے داد خروٹی’خیر محمد اور انکے خاندان کی دو خواتین سمیت ایک بچہ جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرامدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمی بچے کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، زخمی بچے کو طبی امداد دے دی گئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

  • نوری آباد پرڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شدید چوٹیں آئیں

    نوری آباد پرڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شدید چوٹیں آئیں

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے حادثے میں فاروق ستار کی کمر اور کندھے میں شدید چوٹیں آئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد کے تنظیمی دورے کے بعد سے کراچی واپس آرہے تھے کہ راستے میں نوری آباد کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ان کی گاڑی الٹ گئی۔

    sattar-post

    ڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی نے چار سے پانچ  قلابازیاں کھائیں جس کے نتیجے میں ان کی بلٹ پروف گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، اور ان کے ساتھ موجود چار گارڈ بھی شدید زخمی ہیں۔

    متحدہ رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی حالت خطرے سے باہر ہے البتہ ان کے گارڈز اور ان کے پرسنل سیکیریٹری سبطین کو شدید چوٹیں آئیں ہیں۔


    حادثے کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے گارڈز کو نوری آباد کے مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے زخمی گارڈز کو خواجہ اظہار الحسن کی گاڑی میں کراچی کے اسپتال اے او کلینک منتقل کر دیا گیا ہے۔

    متحدہ کے رہنما عامر خان نے بتایا ہے کہ میری گاڑی ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کے پیچھے تھی، عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔

    حادثے کی خبر سنتے ہی متحدہ کے دیگر رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں اے او کلینک پہنچنا شروع ہوگئے، ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ بھی اسپتال پہنچ گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے گارڈز کو عباسی شہید اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی کے نمائندے رافع حسین نے بتایا ہے کہ ان کی ڈاکٹر فاروق ستار سے فون پر مختصر بات ہوئی ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اندرونی چوٹیں آئی ہیں، کندھے میں شدید درد محسوس کر رہا ہوں اور یہ کہ میں مزید بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

    بعد ازاں ڈاکٹر فاروق ستار کو اے او کلینک منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹر فاروق ستار کو معمولی چوٹیں آئیں ہیں۔