Tag: گاڑی کو چھونے پر پابندی

  • انوکھی سزا، چور 5 سال تک کسی بھی گاڑی کو چھو نہیں سکے گا

    انوکھی سزا، چور 5 سال تک کسی بھی گاڑی کو چھو نہیں سکے گا

    لندن: برطانوی عدالت نے برسوں کے ایک عادی چور کو انوکھی سزا دیتے ہوئے اس پر 5 سال تک کسی بھی گاڑی کو چھونے کی پابندی عائد کر دی ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں گاڑیوں کے عادی چور پر عدالت نے سزا کے طور پر کسی بھی گاڑی کو چھونے کی پابندی عائد کر دی ہے۔

    کیمبرج شائر کے علاقے پیننگٹن کا رہائشی 44 سالہ پال پریسٹلے گزشتہ 29 سال سے جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، پریسٹلے کے مجرمانہ ریکارڈ میں سیکڑوں چوریاں شامل ہیں، عدالت نے اس پر کسی بھی گاڑی کو چھونے یا مالک کی اجازت کے بغیر گاڑی میں بیٹھنے کی بھی پابندی عائد کی ہے۔

    مجسٹریٹ کی عدالت نے پریسٹلے کو 9 مہینے قید کی سزا بھی سنائی ہے، جسے 2 سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، اور مجرم کو 10 دن کسی سماجی بحالی کی سرگرمی میں حصہ لینا ہوگا۔

    پرانے مجرمانہ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے عدالت نے پریسٹلے پر ایک اور پابندی بھی لگا دی ہے، اب وہ مارچ 2027 تک رات 11 سے صبح 6 تک گھر سے باہر نہیں نکل سکے گا۔

    پریسٹلے کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا، 25 اور 26 مارچ کے درمیان تین علاقوں میں اس نے گاڑیوں کے دروازے توڑے تھے۔